Tag: MQM

  • کسی کو زبردستی بے گھر کیا گیا، تو میئر کراچی مستعفی ہوجائیں‌ گے: ایم کیو ایم

    کسی کو زبردستی بے گھر کیا گیا، تو میئر کراچی مستعفی ہوجائیں‌ گے: ایم کیو ایم

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ کچھ سیاسی افراد تجاوزات مہم پر اپنی سیاست چمکا رہے ہیں.

    ان خیالات کا اظہار میئر کراچی وسیم اختر ، ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی اور دیگر  رہنماؤں نے اپنی پریس کانفرنس میں کیا۔

     وسیم اختر نے کہا کہ نالوں، پارکس، فٹ پاتھ سے تجاوزات ختم کرانے کا مینڈیٹ ہمیں ملا تھا، تجاوزات کے نام پرہم نے آج تک ایک گھر نہیں توڑا، کسی کا گھرٹوٹ رہا ہے یا نوٹس مل رہے ہیں، تو کے ایم سی کا کوئی تعلق نہیں.

    وسیم اختر نے کہا کہ یہ سب کام ایس بی سی اے اورکے ڈی اے کر رہے ہیں،1470 دکانیں پہلے فیز میں بیلٹ کے ذریعے متاثرہ افراد کو دیں گے، وعدہ ہے کہ تجاوزات آپریشن سے متاثر ہونے والے شہریوں کو متبادل جگہ ضروردیں گے.

    میئرکراچی کا کہنا تھا کہ تاجربرادری چاہتی ہے کہ کراچی کی اصل شکل سامنے آئے، کسی گھر کو بنانے میں خلاف ورزی ہوئی ہے، تو قانون کے مطابق حل کیا جائے، ایس بی سی اے گھر توڑنے اور نوٹس بھیجنے کا کام کر رہا ہے، لوگوں کو بے گھر کیا گیا تو فوری مستعفیٰ ہوجاؤں گا.


    مزید پڑھیں: تجاوزات کیخلاف آپریشن : سندھ حکومت کی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر

    انھوں‌ نے کہا کہ ہم گھر توڑنے اور نوٹسز ملنے کے خلاف عدالتوں میں جائیں گے، ماضی میں شہریوں کو بےوقوف بنا کر غیرقانونی زمینیں فروخت کی گئیں، عدلیہ سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ انسانی بنیاد پراس معاملے کو دیکھیں.

    چیف جسٹس میئر کے اختیارات کے معاملے کو بھی دیکھیں: خالد مقبول صدیقی

    اس موقع پر وفاقی وزیر اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کراچی میں تجاوزات سے متعلق فیصلہ دیا تھا، میئرکراچی وسیم اختر نے اس حوالے سےاپنی ذمہ داری نبھائی،مگر  میئر کے اقدامات پر ایسے ادارے نے کام شروع کردیا، جو ان کے ماتحت نہیں.

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وسیم اختر نے اب تک ایک گھر تو کیا کسی جھگی کو بھی ہاتھ نہیں لگایا، کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گے، جس میں کسی کو بے گھرکیا جائے، زبردستی بے گھر کرانے کی کوشش کی گئی تو میئر کراچی استعفی دے دیں گے.

    انھوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ میئر کے اختیارات کے معاملے کو بھی دیکھیں، ماسٹر پلان کے ڈی اے اور میئرکراچی کے پاس ہونا چاہیے، شہر چلانے کے انتظامات منتخب نمائندوں کے پاس ہونا چاہیے، کراچی کی اصل آبادی کو مردم شماری میں نہیں دکھایا گیا.

  • کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، دکانداروں کو متبادل جگہ دی جائے گی، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کسی کا گھر نہیں ٹوٹنے دیں گے، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے، وزیراعلیٰ اور وزیر بلدیات سمیت سب ساتھ ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا حکم ہے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، وزیراعلیٰ اور وزیربلدیات سمیت سب ساتھ ہیں، گھرنہیں ٹوٹنے چاہییں، سعید غنی اور میں عدالت جائیں گے۔

    تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے میئر کے استعفے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نئے سیاسی لیڈر بننے والوں سے متعلق بات نہیں کرنا چاہتا۔

    یہ باتیں وہ لوگ باتیں کر رہے ہیں جنہوں نے ابھی نئی نئی سیاست کرناشروع کی ہے، جو لوگ کسی پارٹی میں نہیں وہ بھی اچھل رہے ہیں، پی ٹی آئی میں نئے آنے والوں کو سوچنا چاہیے۔

    وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ کے ایم سی کے کرائے دار تھے انہیں متبادل جگہ فراہم کی جائے گی،50سال کا بگاڑ ہے جس میں ادارے بھی ملوث ہیں، ان افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین بنائے جائیں کہ آئندہ کوئی تجاوزات یا غیر قانونی تعمیرات نہ بناسکے اور ایس بی سی اے بھی این او سی جاری نہ کرے۔

  • تجاوزات کے خلاف آپریشن،  تحریک  انصاف کا میئر کراچی کو ہٹانے کا مطالبہ

    تجاوزات کے خلاف آپریشن، تحریک انصاف کا میئر کراچی کو ہٹانے کا مطالبہ

    کراچی : تحریک انصاف نے میئرکراچی کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا ، خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم تجاوزات کےخلاف آپریشن پرموقف واضح کرے اور فوری طور پراپنا میئر تبدیل کرے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میئرکراچی وسیم اختر کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ایم کیوایم فوری طور پر اپنا میئر تبدیل کرے اور تجاوزات کے خلاف آپریشن پر مؤفف واضح کرے، وزیرا عظم سےبھی معاملے پر بات چیت کی جائے گی۔

    غریبی مٹانے نکلے ہیں، غریب مٹانے کے لئے نہیں، فردوس شمیم


    دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کا کہنا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کے طریقہ کار پر تحفظات ہیں، پہلے موقع دیا جاتا ہے لوگ تجاوزات ہٹا دیں، غریبی مٹانے نکلے ہیں، غریب مٹانے کے لئے نہیں۔

    فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے نے بے چینی پیدا کی ہوئی ہے، تجاوزات میں معاونت کرنیوالے افسران کو سزا ہونی چاہیے، میئر کراچی اپنے محکموں کے لوگوں کی نشاندہی کریں، شہرمیں ٹریفک جام کے باعث لاکھوں کا پیٹرول ضائع ہوتا ہے۔

    تجاوزات آپریشن، کاروباری افراد کے نقصانات اور تحفظات پر قرارداد جمع


    اس سے قبل پی ٹی آئی نے سندھ اسمبلی میں تجاوزات آپریشن، کاروباری افراد کے نقصانات اور تحفظات پر قرارداد جمع کرائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ عدالتی احکامات کی آڑ میں کاروباری حضرات کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

    خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں تجاوزات کے خلاف ہمارے مؤقف کی حمایت کررہی ہیں، چیف جسٹس کے حکم کی آڑمیں لوگوں کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، جن لوگوں کو نقصان پہنچایا گیا، ان کا ازالہ کیا جائے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا چیف جسٹس دیکھیں شہر کو کتنا نقصان پہنچایا جارہا ہے، عدالت کے ناظر کے ذریعے آپریشن کی مانٹیرنگ کی جائے، ایم کیو ایم لوگوں سے بدلہ لے رہی ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے بھی چیف جسٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات سے متعلق آپریشن پر ایک کمیٹی تشکیل دیں جو عدالت کو کارروائیوں سے متعلق آگاہ کرتی رہے۔

    واضح رہے کراچی میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن زور و شور سے جاری ہے جبکہ انتظامیہ عدالتی احکامات کی مزید وضاحت کی ضرورت بھی محسوس کر رہی ہے۔

  • حکومت بنانے کا پروگرام تو بنالیا مگر اسے چلانے کا نہیں بنایا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار

    حکومت بنانے کا پروگرام تو بنالیا مگر اسے چلانے کا نہیں بنایا گیا، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت بنانے کا پروگرام بنایا گیا مگر چلانے کا پروگرام نہیں بنایا گیا، ملک میں سیاسی اور معاشی انصاف ہونا چاہئے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے تحت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، فاروق ستار نے کہا کہ حکومت میں تو تبدیلی آگئی ہے لیکن ملک میں آنا باقی ہے۔

    حکومت بنانے کا پروگرام تو بنا لیا گیا مگر اسے کامیابی سے چلانے کا پروگرام نہیں بنایا گیا، حکومت ڈی ریل کرنے والے اب ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح کام کر رہے ہیں۔

    اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان زندہ باد کانعرہ لگایا، ہمارے ملک کے تمام ادارے قابل احترام ہیں، پاکستان بنانے والوں کی اولادوں سے ناانصافی نہیں ہونی چاہیے، ملک میں سیاسی اور معاشی انصاف ہونا چاہئے۔

  • صدراور دو گورنرز کی نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا، تمام تیاریاں مکمل

    صدراور دو گورنرز کی نشستوں پر ضمنی الیکشن آج ہوگا، تمام تیاریاں مکمل

    کراچی/ پشاور : صدرمملکت، گورنر سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنر کی چھوڑی نشستوں پر ضمنی الیکشن کا میدان آج سجے گا۔ این اے247اور پی ایس111کراچی میں پی ٹی آئی کا مقابلہ ایک کیو ایم سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد کی دو نشستوں پر ضمنی انتخاب کا معرکہ آج ہوگا ، دونوں حلقوں میں تحریک انصاف، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، انتخابی سامان کی ترسیل کا کام مکمل کرلیا گیا۔

     قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی پلان فائنل کرلیا، حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے چار ہزار پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دیں گے۔

    اس کے علاوہ پشاور کے حلقہ پی کے71میں بھی ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، کراچی میں صدرمملکت عارف علوی اورگورنرعمران اسماعیل کی چھوڑی نشستوں پرضمنی الیکشن کا دنگل آج ہوگا، این اے247 اور سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس111میں پولنگ ہوگی۔

    قومی اسمبلی کی نشست این اے247 پر آفتاب حسین صدیقی کپتان کے کھلاڑی ہیں، پیپلزپارٹی نے معروف اداکار قیصر نظامانی کو میدان میں اتارا ہے جبکہ صادق افتخارایم کیوایم کے امیدوار ہیں۔ پی ایس پی بھی قسمت آزمائے گی، ڈپٹی مئیر کراچی ارشد وہرہ مصطفی کمال کے امیدوار ہیں۔

    پی ایس ایک سوگیارہ میں پندرہ امیدوارآمنے سامنے ہیں، پی ٹی آئی کے شہزاد قریشی، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اورایم کیوایم کے جہانزیب مغل میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے، دونوں حلقوں میں سات لاکھ بائیس ہزار سے زائد ووٹرز کے لئے تین سوبیس پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے21اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے لیے سہولت سینٹر قائم کردیا ہے، سہولت سینٹر21اکتوبر کو صبح آٹھ  سے شام 6بجے تک کام کرے گا اور متعلقہ حلقوں کے شہری تفصیلات حاصل کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں: ضمنی الیکشن این اے 247: صدر پاکستان کی چھوڑی ہوئی نشست کی دل چسپ تاریخ

    خیال رہے کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات سے قبل ہی این اے247تحریک انصاف کا مضبوط حلقہ بن چکا ہے، ڈاکٹر عارف علوی اس حلقے سے دوبار کامیاب قرار پائے ہیں صدر مملکت بننے کے بعد انہوں نے یہ نشست خالی کی۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل صوبائی نشست پی ایس ایک سو گیارہ سےمنتخب ہوئے تھے تاہم گورنر سندھ بننے کے بعد انہوں یہ نشست خالی کی تھی۔

  • ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نہیں، ایم کیوایم سے سیٹیں چھینی گئی، خواجہ اظہار الحسن

    ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نہیں، ایم کیوایم سے سیٹیں چھینی گئی، خواجہ اظہار الحسن

    کراچی : ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن میں آثار اچھے نظر نہیں آرہے، 25جولائی کو ایم کیوایم سے الیکشن چھینے گئےتھے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کی خصوصی ٹرانسمیشن میں بات کرتے ہوئے کہی۔ خصوصی ٹرانمیشن میں پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی اور رہنما پاکستان پیپلزپارٹی شہلا رضا بھی موجود تھیں۔

    خواجہ اظہارالحسن نے کہا کہ ضمنی الیکشن کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائی ہے، اگر ہمیں ضمنی الیکشن میں فارم پینتالیس وقت پر مل گئے تو سو فیصد جیت ہماری ہوگی۔ این اے243میں250سے زیادہ میٹنگز کیں، عوام چاہتے تھے کہ وزیراعظم کراچی سے ہو، ایم کیوایم سے الیکشن چھینے گئے تھے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن سے دو دن پہلے فاروق ستار کی پریس کانفرنس سمجھ نہیں آئی، انہوں نے کس کے مشورے پر پریس کانفرنس کی یہ سوال ان سے ہی کرنا چاہئے، فاروق ستار الیکشن کے بعد بھی پریس کانفرنس کرسکتے تھے، دیکھنا ہوگا ان کی پریس کانفرنس سے کیا فائدہ اور کیا نقصان ہوا۔

    جو حلقہ کھلوانا چاہیں کھلوالیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، فردوس شمیم نقوی

    پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کراچی کے شفاف ترین انتخاب تھے جو حلقہ کھلوانا چاہیں کھلوالیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، کراچی میں الیکشن انتہائی پرامن ہوئے تھے، ہرجماعت کا ایک نمائندہ دفتر میں موجود تھا۔

    اب تک ایم کیوایم ہماری اتحادی ہے، کراچی کے عوام اب پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں دیں گے، شہر میں سیوریج کا نظام آج تک ٹھیک نہیں ہوسکا، کراچی میں ایک پارٹی نے ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی،35سال تک عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا لیکن آج پی ٹی آئی کراچی کی سب سےبڑی جماعت بن چکی ہے، ہم کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔

    بڑے اچھے بھتہ خور ہیں، جنہیں دو وزارتیں دی ہوئی ہیں، شہلا رضا

    پی پی رہنما شہلا رضا کا کہنا تھا کہ این اے دو سو تینتالیس میں پی ٹی آئی امیدوار نے کہا کہ ہماری لڑائی بھتہ خووروں سے ہے، بڑے اچھے بھتہ خور ہیں، جنہیں دو وزارتیں دی ہوئی ہیں اور تیسری کی تیاری ہے۔

    پیپلز پارٹی کے دور میں بلدیاتی حکومت کو پیسے دیئے، کام کیوں نہیں کیا گیا؟ کراچی کے انفرا اسٹرکچر پر جتنا کام ہم نے کیا مصطفیٰ کمال نے بھی نہیں کیا۔

    موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار ہے، بیرونی سرمایہ کارنکل گئے، کراچی والےآنکھیں کھولیں، کے پی کاقرضہ37ارب سے358ارب ہوگیا، کراچی میں ہماری سیٹیں بڑھی ہیں۔

  • ہم 100 دن تک حکومت کی کارکردگی دیکھ رہے ہیں: عامرخان

    ہم 100 دن تک حکومت کی کارکردگی دیکھ رہے ہیں: عامرخان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ ہم 100 دن تک حکومت کی کارکردگی کو دیکھیں گے، سو دن میں وعدے پورے نہ ہوئے تو اختلاف کا حق رکھتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عامر خان کا کہنا تھا کہ 14 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہے، اگر ہم گھروں میں بیٹھے رہے تو دشمن کامیاب ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو ہماری سیٹیں چھینی گئیں، 7 سیٹوں پر بھی پی ٹی آئی کو ہمارے دروازے پر آنا پڑا، جمہوری نظام کو چلانے کے لیے ہم نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی

    رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سے اتحاد کیا ہے ان میں ضم نہیں ہوئے ہیں، سو دن تک ریکھتے ہیں حکومت کیا کرتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام گھروں سے نکلیں اور ایم کیو ایم کو ضمنی انتخابات میں کامیاب کرائیں۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے پانچ حلقوں کے نتائج چیلنج کیے تھے، این اے 241، 245، پی ایس 97، 126 اور 130 کے انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ امید ہے الیکشن ٹریبونل انصاف پر مبنی فیصلہ کرے گا، تحریک انصاف سے اتحاد الگ چیز ہے مگر انتخابی نتائج پر اعتراضات تھے جو سامنے لائے ہیں۔

  • 25جولائی کو جو ہوا اب نہیں ہوگا، ضمنی انتخابات میں فتح ایم کیو ایم کی ہوگی، فیصل سبز واری

    25جولائی کو جو ہوا اب نہیں ہوگا، ضمنی انتخابات میں فتح ایم کیو ایم کی ہوگی، فیصل سبز واری

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما سید فیصل سبز واری نے کہا ہے کہ25جولائی کو جو کچھ ہوا وہ اب نہیں ہونے دیں گے، ضمنی انتخابات میں ایم کیو ایم واضح برتری حاصل کرے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے حلقے این اے243 میں ایم کیو ایم کے امیدوار عامر چشتی کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں شہر کراچی کے نتائج تبدیل کیے گئے ، ہماری جیتی ہوئی نشستوں سے ہرایا گیا۔25جولائی کو جو کچھ ہوا وہ اب نہیں ہونے دیں گے۔

    فیصل سبزواری کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے ناراض ووٹرز کو منانے کی کوشش کررہے ہیں، ضمنی الیکشن میں ووٹرز نکل آئے تو ہم جیت جائیں گے کیونکہ ہمارے مقابلے میں دیگرجماعتوں کے امیدوار کمزور ہیں، دعوے سے کہہ رہا ہوں کہ ایم کیو ایم اس بار واضح برتری حاصل کرے گی۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ عالمگیر خان محسود کو تحریک انصاف کی جانب سے ٹکٹ دیا جانا بلی تھیلے سے باہر آگئی عالمگیر خان کا سیاسی ایجنڈا تھا جس پر کام کر ر ہے تھے۔

    انہوں نے کہا کہ19اکتوبر کو این اے247 میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کریں گے، مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے پہلے ہی ہمارے ساتھ دھاندلی ہوچکی ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ 25جولائی کو جو ہوا وہ اب نہیں ہونے دیں گے، جب تک فارم45نہیں ملے گا، ہمارے ایجنٹ پولنگ اسٹیشن سے نہیں ہٹیں گے، دھاندلی کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کے ضمنی الیکشن پراعتراضات دور کیے جائیں۔

  • لڑکی کی بازیابی کے لیے احتجاج، فاروق ستار کے خلاف مقدمہ درج

    لڑکی کی بازیابی کے لیے احتجاج، فاروق ستار کے خلاف مقدمہ درج

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سابق ڈپٹی کنونیئر اور رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے خلاف پی آئی بی تھانے میں ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایس پی گلشن کے مطابق فاروق ستار نے گزشتہ روز لڑکی کے اغوا کا معاملہ اٹھا کر لوگوں کو اکسایا جس کے بعد نامعلوم افراد نے سینٹرل جیل اور اطراف کی سڑکوں کو زبردستی بند کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے لاٹھیوں کا استعمال کیا اور سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے شیشے توڑے اس کے علاوہ مشتعل افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف نعرے بھی لگائے۔

    [bs-quote quote=”عوامی نمائندے کی حیثیت سے مظاہرے میں شریک ہوا، شوق سے مقدمات درج کریں” style=”default” align=”left” author_name=”فاروق ستار”][/bs-quote]

    دوسری جانب ڈاکٹر فاروق ستار نے مقدمہ درج ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ‘لڑکی کے اہل خانہ کا دکھ دیکھ کر مظاہرے میں شامل ہوا، ایس پی گلشن چاہیں تو شوق سے میرے میرے خلاف اور بھی مقدمات درج کرلیں‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دعا کی گمشدگی کے بعد ہونے والا مظاہرے میں عوامی نمائندے کی حیثیت سے کل کے مظاہرے میں شامل ہوا وہ مظاہرہ کسی طور پر سیاسی نہیں تھا، میں خود مظاہرہ ختم کرانے کے لیے پی آئی بی تھانے گیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی: پی آئی بی کالونی سے لاپتہ ہونے والی لڑکی اور لڑکا بازیاب

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی بی کی رہائشی 15 سالہ دعا نامی لڑکی لاپتہ ہوگئی تھی، والد کا کہنا تھا کہ اُن کی بیٹی اسکول دیر سے پہنچی تو ٹیچر نے اُسے واپس بھیج دیا پر وہ واپس گھر نہ آسکی۔

    شہر قائد میں بچوں کے مبینہ اغوا کی وارداتوں سے خوفزدہ پی آئی بی کے علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور دعاکو بازیاب کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

    طالبہ کی گمشدگی کے لیے ہونے والے مظاہرے میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار بھی پہنچے اور انہوں نے 24 گھنٹے کے اندر بازیاب کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی: 15 سال کی میٹرک طالبہ دعا لاپتا، 24 گھنٹے میں بازیاب کرایا جائے، فاروق ستار

    بعد ازاں پولیس کی ایک ٹیم نے کراچی کے علاقے تیسر ٹاؤن سے طالبہ کو بازیاب کروایا، دعا کا کہنا تھا کہ وہ اپنی مرضی سے وقار کے ساتھ گھر چھوڑ کر گئی کیونکہ وہ اپنے ساتھی طالب علم سے پیار کرتی ہے اور دونوں شادی کے خواہش مند ہیں۔