Tag: MQM

  • ایم کیو ایم کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    ایم کیو ایم کا وفد آج اسلام آباد میں وزیر اعظم سے ملاقات کرے گا

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) کا وفد آج وزیر اعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کرے گا، کراچی سمیت اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کا وفد عمران خان سے ملنے اسلام آباد آئے گا، ملاقات دو پہر میں ہوگی جبکہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ایم کیو ایم کی قیادت کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی وفد کی قیادت کریں گے جبکہ ایم کیو ایم وفد میں وسیم اختر، نسرین جلیل، امین الحق اور دیگر اہم رہنما شامل ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں سیاسی صورت حال، کراچی پیکیج، صدارتی الیکشن اور دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی میں ورکنگ ریلیشن شپ پر بھی مشاورت ہوگی، جبکہ تحریری معاہدے پر عملدر آمد اور بلدیاتی اختیارات پر بات چیت بھی متوقع ہے۔

    ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھ دیے

    وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں متحدہ قومی موومنٹ(پاکستان) نے تحریک انصاف کے ساتھ چلنے کے وعدے پر کئی شرائط رکھے تھے، ایم کیو ایم نے کراچی کے بارہ حلقے کھولنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کارکنوں کی بازیابی، ٹارگٹڈآپریشن بند کرنے پر زور، کراچی کے بارہ حلقے کھولنے جبکہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام اور کوٹہ سسٹم کے خاتمے کے مطالبے پر زور دیا تھا۔

  • صدراتی انتخاب: مولانا فضل الرحمان آج کراچی پہنچیں گے

    صدراتی انتخاب: مولانا فضل الرحمان آج کراچی پہنچیں گے

    کراچی : سربراہ جے یوآئی (ف) مولانا فضل الرحمان آج کراچی پہنچیں گے جہاں وہ ایم کیو ایم اور جے ڈی اے قیادت سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے ن لیگ اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان آج کراچی پہنچیں گے۔

    جے یوآئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ایم کیوایم اورفنکشنل لیگ کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، دونوں جماعتوں سے صدارتی انتخاب میں حمایت کی درخواست کی جائے گی۔

    مولانا فضل الرحمان گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے صدر پیرصاحب پگاڑا سے شام 5 بجے کنگری ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

    سربراہ جے یوآئی (ف) شام سات بجے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد بھی جائیں گے جہاں ان کی ملاقات خالد مقبول صدیقی اور دیگرپارٹی رہنماؤں سے ہوگی۔

    خیال رہے کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد امیدوار اعتراز احسن، تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی جبکہ ن لیگ اور دیگراپوزیشن جماعتوں کے نامزد امیدوار جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ہیں۔

    واضح رہے کہ ملک کے 13 ویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبرکو ہوگی اور سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پرمشتمل الیکٹورل کالج صدرمملکت کا انتخاب کرے گا۔

    صدراتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

  • عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی کی امید ہے، خالد مقبول

    عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی کی امید ہے، خالد مقبول

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ عمران اسماعیل کے گورنر بننے کے بعد امید ہے کہ سندھ میں شہری علاقوں سے ناروا سلوک میں تبدیلی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے امید ظاہر کی ہے کہ تحریکِ انصاف کی گورنر شپ میں سندھ کے شہری علاقوں سے جاری ناروا میں بہتری آئے گی۔

    دریں اثنا خالد مقبول صدیقی نے عمران اسماعیل کو گورنر سندھ بننے پر مبارک باد دی، انھوں نے کہا ’تو قع کرتے ہیں عمران اسماعیل بہ حیثیتِ گورنر کلیدی کردار ادا کریں گے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے اختیارات کا معاملہ ابھی تک حل نہیں ہو سکا ہے، امید ہے کہ اس معاملے سمیت دیگر امور میں بھی اب پیش رفت ہوگی۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد ملک کی ترقی ہے اور وہ میرٹ پر پاکستان کی تقدیر بدلنا چاہتے ہیں۔

    عامر لیاقت کا شکوہ


    دریں اثنا گورنر سندھ عمران اسماعیل سے تحریکِ انصاف کے اراکین نے ملاقات کی، عشائیے میں پی ٹی آئی اراکین نے شرکت کی تاہم پی ٹی آئی کے رہنما عامر لیاقت کی عدم شرکت کو دیگر اراکین نے بھی محسوس کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کو اس بات کا شکوہ ہے کہ انھیں پی ٹی آئی کی طرف سے سوشل میڈیا پر نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان تحریکِ انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ عشائیے کے سلسلے میں عامر لیاقت سے را بطہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی مگر ان کا نمبر بند جا رہا تھا۔

  • نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سندھ میں نیا صوبہ بنانے کے لیے کراچی میں 50 لاکھ لوگوں کے دستخط کرائیں گے، ملک میں نئے انتظامی یونٹس بننے چاہئیں۔

    وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس ہمارا مستقل نعرہ ہے، عوامی اور سیاسی تحریکیں ہی آئین میں ترامیم کا سبب بنتی ہیں، نئے صوبے کا مطالبہ جرم یا خواہش نہیں یہ وقت کی ضرورت ہے۔

    فاروق ستار نے ٹی وی انٹرویو میں کہا ’ایم کیو ایم کی نشستیں کم کرانے کے لیے سازش کی گئی، صرف کراچی نہیں پورے پاکستان میں الیکشن میں دھاندلی ہوئی، لیکن پروپیگنڈے کے باوجود ایم کیو ایم نے نشستیں حاصل کیں۔‘

    انھوں نے تسلیم کیا کہ ایم کیو ایم خود بھی اندر سے مسائل کا شکار رہی ہے، 2018 کے الیکشن میں ایم کیو ایم میں پرانا نظم وضبط نہیں تھا، بانی ایم کیو ایم کے بغیر الیکشن لڑنے کا سیاسی طور پر نقصان ہوا، پی ایس پی کی وجہ سے بھی ہمارا ووٹ خراب ہوا، اسے ایک پلان کا حصہ سمجھا جا سکتا ہے، پی ایس پی کو لاکر ووٹر کو مایوس کیا گیا کہ وہ کسی اور کو ووٹ دے۔

    انتخابات 2018: بہت باریک کام ہوا ہے، فاروق ستار

    نیوز اینکر وسیم بادامی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں مردم شماری، حلقہ بندیوں اور بلدیاتی اختیارات سے محروم کیا گیا، پریذائیڈنگ افسران جس دن بولیں گے سب سامنے آ جائے گا، ہمیں پریذائیڈنگ افسروں نے بہت سی باتیں بتائی ہیں، پولنگ اسٹیشنز پر شام 7 بجے کے بعد کیمرے بند ہونے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

    یوم آزادی سے متعلق مولانا فضل الرحمان والا بیان ہم دیتے تو را کا ایجنٹ بنا دیا جاتا ،فاروق ستار

    انھوں نے کہا ’الیکشن نتائج میں تاخیر کے دوران انجینئرنگ کی گئی، الیکشن کے نتائج سے متعلق فارم 45 کہیں بھی فراہم نہیں کیا گیا، ہم بیلٹ پیپرز کا آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کر چکے ہیں، الیکشن نتائج میں تاخیر کے معاملے پر بھی کمیشن بنا کر تحقیقات کی جانی چاہیئں، جہاں سے ایم کیو ایم جیتی وہاں سے پولنگ ایجنٹس کو نہیں نکالا گیا، 10،10 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ایک ہی رائٹنگ میں درج ہے، یہ کیسے ممکن ہے؟‘

    فاروق ستار نے مزید کہا کہ وفاق میں ہم پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں، عمران خان نے کہا حلقے کھولنے کو تیار ہیں تو کمیشن بنا دیا جائے، 2013 الیکشن میں صرف 4 حلقے کھلوانے کے لیے کمیشن بنا، اکثریتی جماعت کو ایم کیو ایم پورا موقع دیتی ہے، وفاق میں ابھی تک اپوزیشن صحیح معنوں میں متحد نظر نہیں آتی، نواز شریف اور مریم نواز کے آنے سے ن لیگ کا گرتا مینڈیٹ تھوڑا اٹھا تھا۔

  • ایم کیو ایم کا تحریکِ انصاف سے مطالبہ آخر کار سامنے آ گیا

    ایم کیو ایم کا تحریکِ انصاف سے مطالبہ آخر کار سامنے آ گیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کا تحریکِ انصاف سے مطالبہ آخر کار سامنے آ ہی گیا، ایم کیو ایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ اسے وفاق میں دو وزارتیں دی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ کا حصہ بننا چاہتی ہے، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے وفاقی کابینہ میں 2 وزارتیں دی جائیں۔

    یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں عمران خان کی جانب سے نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی کو عشائیے کی دعوت دی گئی اور اس میں ایم کیو ایم کے وفد نے بھی شرکت کی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے شعبۂ تعلیم، صحت یا انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی وزارتوں میں سے کوئی دو وزارتیں مانگی ہیں۔

    پارلیمنٹ مضبوط کریں گے، میں خود ایوان میں بیٹھوں گا، عمران خان

    ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت غور کر رہی ہے، تاہم ایم کیو ایم کو کابینہ میں کتنا حصہ ملے گا، اس کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے شرکت کرنے والے وفد میں خالد مقبول صدیقی، اقبال محمد علی، کشور زہرہ، امین الحق اور اسامہ قادری شامل تھے۔

  • پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر آمد

    پی ٹی آئی وفد کی ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر آمد

    کراچی: پاکستان تحریکِ انصاف کے وفد نے سندھ میں اپوزیشن الائنس بنانے کے سلسلے میں ایم کیو ایم بہادر آباد دفتر کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق حلیم عادل شیخ اور جمال صدیقی پر مشتمل پی ٹی آئی وفد نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں کنور نوید، خواجہ اظہار الحسن اور محمد حسین سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں سندھ میں مشترکہ اپوزیشن بنانے کے سلسلے میں بات چیت کی گئی، سندھ میں وزیرِ اعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے بھی امیدوار لانے پر بات کی گئی۔

    دوسری طرف تحریکِ انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پی ٹی آئی کا ہوگا۔

    پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    عمران اسماعیل نے کہا کہ سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، خیال رہے کہ عمران اسماعیل کو گورنر سندھ کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی ترقی اور خوش حالی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے، سب کے ساتھ مل کر چلیں گے۔

  • پی ٹی آئی سے وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    پی ٹی آئی سے وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے، خواجہ اظہار الحسن

    لاہور: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ وفاق کی سطح پرمشروط مفاہمت ہوئی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں کر رہے تھے، خواجہ اظہار نے کہا ’پی ٹی آئی سے کراچی کی ترقی کے سوا کوئی بات نہیں ہوئی۔‘

    ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ میں مضبوط اپوزیشن کے لیے ایم کیو ایم کی رائے اہم ہے، اپوزیشن لیڈر تنیوں جماعتوں کے لیے قابل قبول ہونا چاہیے۔

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا ’پی ٹی آئی کے فردوس شمیم نقوی کو شاید ہم تسلیم نہ کر پائیں، تاہم ایم کیو ایم نے بھی تلواریں نیام میں رکھ کرمفاہمت کی ہے۔

    خواجہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس ایم کیو ایم کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے، ہم عوامی ایشوز پر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    پی ٹی آئی کراچی میں‌ ڈبل ڈیکر بس چلائے گی

    رہنما ایم کیو ایم نے اپوزیشن لیڈر کے اپنے تجربے کے بارے میں کہا کہ ’مجھے اپوزیشن لیڈر ہونے کا اچھا تجربہ ہے، میں پہلے ہی دن پبلسٹی دے دوں گا۔‘

    خواجہ اظہار نے کہا کہ ماضی میں بھی اپوزیشن کے لیے پی ٹی آئی سے ہمارا اچھا معاملہ رہا، جس پارٹی کے نمبرز پورے ہیں وہ اپنا اپوزیشن لیڈر لاسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ فردوس شمیم نقوی کے ایم کیو ایم کے ساتھ اختلافات کے سلسلے میں گزشتہ روز انھیں عمران خان کی طرف سے ہدایت ملی تھی کہ وہ اپنی تلوار نیام میں رکھیں۔

  • ایم کیوایم الیکشن جیت کر آئی ہے ہمیں ان کی ضرورت ہے ،فواد چوہدری

    ایم کیوایم الیکشن جیت کر آئی ہے ہمیں ان کی ضرورت ہے ،فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ حکومت سازی کا عمل بہت مشکل کام ہے ، ایم کیوایم الیکشن جیت کر آئی ہے ہمیں ان کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سازی کا عمل بہت مشکل کام ہے، عمران خان کی حلف برداری سب سے اہم مرحلہ ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان آج اپنے خیالات پارلیمانی پارٹی کےسامنے رکھیں گے اور پارلیمانی پارٹی آج عمران خان کو وزیراعظم نامزد کرے گی جبکہ پنجاب ،کے پی پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس بھی طلب کرلئے گئے ہیں۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ایم کیوایم الیکشن جیت کر آئی ہے ہمیں ان کی ضرورت ہے، ایم کیو ایم سے مقامی اختلافات بھی مقامی سطح پر حل ہوجائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کی پالیسی مختلف ہے ، حکومت سازی کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔

    ایم کیوایم پاکستان حکومت کا حصہ ہوگی، عمران اسماعیل

    پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد بنی گالہ میں بھی اجلاس ہوگا، ایم کیوایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ایم کیوایم کو اسٹیک ہولڈرز کی طرح ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم پاکستان حکومت کا حصہ ہوگی، متحدہ کو وزارتیں ملیں گی، لیکن حتمی فیصلہ نہیں ہوا، دونوں جماعتوں کی طرف سے بیان بازی پر افسوس ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے بھی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مستقبل کے لائحہ عمل پربات ہوگی ، عمران خان سے آج ایم این ایز کی رسمی ملاقات ہے۔

    خیال رہے گذشتہ روز کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم اپنے میئر کراچی کی وجہ سے الیکشن میں ہاری، پی ٹی آئی مجبوری میں ایم کیوایم کے پاس گئی کیونکہ تحریک انصاف کو وفاق میں اپنے نمبرز پورے کرنے تھے، وہ متحدہ پر لگائے گئے اپنے الزامات پر تاحال قائم ہیں۔

    جس کے بعد شہر قائد کے مئیر وسیم اختر اور فیصل سبز واری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اپنی قیادت سے پوچھیں کہ ایم کیو ایم کی کیا اہمیت ہے، عمران خان ہماری حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیں بن سکتے۔

  • پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا

    پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم میں حکومت سازی کا معاہدہ طے پا گیا

    اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم سے معاہدہ ہوگیا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم کیو ایم وفد کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا.

    جہانگیر ترین نے کہا کہ 9 آزاد ایم این ایز پی ٹی آئی میں شامل ہوگئے ہیں، فاٹا اراکین سے بات چل رہی ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ 28 میں سے 25 آزادایم پی ایزپی ٹی آئی میں آگئے ہیں، اب ایم کیوایم سے معاہدہ طے پا گیا.

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھی ایم کیوایم سےمثبت مذاکرات ہوئے تھے، ایم کیوایم نےرابطہ کمیٹی اورپی ٹی آئی نےکورکمیٹی سے مشاورت کی.

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم وفد کی خان صاحب سے ملاقات بہت مثبت رہی. کراچی کے لئے اسپیشل فنانشل پیکج دیں گے.زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیاں بنائیں گے.


    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات


     تمام شک وشبہات کوسامنےرکھتے ہوئےبات کی ہے: خالد مقبول صدیقی

    اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ  پی ٹی آئی اورایم کیوایم میں جومعاہدہ طے ہوا، وہ آئینی تقاضاہے۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کوآگےلی کر چلنےکاکہا تھا، یہ اس کی کڑی ہے، آج بھی کراچی پاکستان کےریونیوکا65سے70فیصدحصہ دیتاہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی نظام کےحل کے لئے مل کر جدوجہد کریں گے، کراچی میں دوبارہ مردم شماری کاجائزہ لیاجائےگا۔ مضبوط مالیاتی، سیاسی خودمختاری، بلدیاتی نظام کے لئےجدوجہدکریں گے۔ 

    ایم کیو ایم کے کنوینر کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کابھی جائزہ لیاجائےگا، کراچی آپریشن کوبھی منطقی انجام تک پہنچایاجائےگا، کچھ چیزیں باقی ہیں ان پربھی بات چیت جاری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کےمینڈیٹ کااحترام ہے،ہمارابھی احترام کیاجائے، تمام شک وشبہات کوسامنےرکھتے ہوئےبات کی ہے۔

    معاہدے کی تفصیلات

    ایم کیوایم اور پی ٹی آئی میں 9نکاتی سمجھوتہ طے پاگیا، جس کے تحت کراچی میں مردم شماری پرقومی اسمبلی کی قرارداد پر عمل کیا جائے۔

    سمجھوتے کے مطابق کراچی مردم شماری پرسی سی آئی کے فیصلے پرفوری عمل کیا جائے گا، پی ٹی آئی سندھ، پنجاب بلدیاتی نظام پر ایم کیوایم پٹیشن کی حمایت کرے گی۔

    دونوں جاعتوں میں طے پایا ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرزکے ساتھ بیٹھ کر کراچی آپریشن کا جائزہ لیا جائے گا، حکومت کی تمام تعیناتیاں خود مختارقابلیت نظام کےتحت کی جائیں گی۔ 

    ساتھ ہی آکٹرائے کی مد میں وعدے کے مطابق زرتلافی یقینی بنائی جائے گی، کراچی سمیت شہری سندھ کے لئے فوری طورپرمالی پیکج کا اعلان کیاجائے گا، کے پی طرزپر سندھ میں پولیس اصلاحات کے لئے مشترکہ کوششیں ہوں گی۔

    سمجھوتے کے تحت سندھ پولیس کوغیرسیاسی بنانے کی قانونی جدوجہد کی جائے گی، حیدرآباد میں عالمی طرز پر یونیورسٹی قائم کی جائےگی، ایم کیوایم کی نشاندہی پرکسی بھی حلقےکاالیکشن آڈٹ کرایا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات

    ایم کیو ایم کے وفد کی عمران خان سے ملاقات

    اسلام آباد: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔

    ایم کیو ایم کے وفد اور عمران خان کے درمیان ملاقات ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہو رہی ہے۔

    اس سے قبل ایم کیو ایم رہنماؤں نے تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں عارف علوی اور عمران اسمعٰیل بھی شریک تھے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، عامر خان، کنور نوید جمیل، وسیم اختر اور فیصل سبزواری شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کا عمران خان کی حمایت کا اعلان

    ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ کا وفد اپنے مطالبات ان کے سامنے رکھے گا اور انہیں اپنی حمایت کی یقین دہانی بھی کروائے گا۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان نے وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے وزارت عظمیٰ کے لیے ایم کیو ایم عمران خان کی حمایت کرے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔