Tag: MQM

  • الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں، دھرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، فیصل سبزواری

    الیکشن کے نتائج پر تحفظات ہیں، دھرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، فیصل سبزواری

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں انتخابات کے نتائج پر تحفظات ہیں۔

    فیصل سبز واری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کی بہ جائے سادہ کاغذ پر نتیجہ لکھ کر دیا جا رہا ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ چار پانچ حلقوں کے ہمارے پولنگ ایجنٹس نے ووٹوں کی گنتی کے عمل میں بھی بے قاعدگی کی شکایات کی ہیں۔

    فیصل سبزواری نے کہا ’ہمیں کہا جا رہا ہے کہ تصدیق شدہ نتائج نہیں دے سکتے.‘ ہمارا مطالبہ ہے کہ نتائج سادہ کاغذ پر نہیں بلکہ فارم 45 پر دیے جائیں۔

    انھوں نے کہا کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر انتخابی عملہ ہمیں آفیشل نتائج فارم 45 پر نہیں دے گا وہاں ہم دھرنا دینے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ انھیں این اے 243 اور این اے 249 سے اطلاعات ملی ہیں کہ ان کے پولنگ ایجنٹوں کو متعدد پولنگ اسٹیشنز سے انتخابی عملے نے باہر نکالا۔

    الیکشن 2018: غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کا سلسلہ جاری


    رہنما ایم کیو ایم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان واقعات کا نوٹس لیں، کیا یہی وہ شفاف انتخابات ہیں، انھوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں بھی پری پول دھاندلی کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اور پریزائڈنگ افسران الیکشن کمیشن آف پاکستان کے قواعد کے مطابق این اے 253، 256، 226، 227 اور 239 کے نتائج فارم 45 پر دیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • انتخابی موسم، پی پی جیالے کا متحدہ کے ترانے پر والہانہ رقص

    انتخابی موسم، پی پی جیالے کا متحدہ کے ترانے پر والہانہ رقص

    کراچی: شہر قائد کے علاقے قائد آباد میں پیپلزپارٹی کے انتخابی کیمپ میں ایم کیو ایم کے پارٹی ترانے پر جیالے نے رقص کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    یہ مثال تو آپ نے سُنی ہوگی بے گانی شادی میں عبداللہ دیوانہ، اس کا عمل نمونہ کراچی میں جاری الیکشن مہم میں اُس وقت نظر آیا کہ جب قائد آباد میں پی پی کے انتخابی دفتر کے باہر جیالا متحدہ کے گانے پر والہانہ رقص کرتا دکھائی دیا۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکن چند سال قبل ’بولو ایم کیو ایم جیتے‘ گانے پر رقص کررہے تھے کہ اسی دوران کسی شہری نے جیالے کی ویڈیو بنا لی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواران مقابلے کے لیے میدان میں اترے ہیں۔

    الیکشن کمیشن قوانین کے تحت امیدوار کو انتخابی دن سے 48 گھنٹے قبل اپنی مہم ہر صورت ختم کرنا ہوگی، آج یعنی 23 جولائی کو رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں انتخابی سرگرمیاں ختم ہوجائیں گی۔

    نگراں حکومت نے عام انتخابات کے موقع پر حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے عوام کو 25 جولائی کو سرکاری تعطیل دی جبکہ وہ ملازمین جن کی الیکشن کے روز ڈیوٹیاں لگائیں گئیں وہ اپنے امور متعلقہ پولنگ اسٹیشنز میں انجام دیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    ایم کیو ایم کے امیدوار کی رہائی کھٹائی میں پڑ گئی

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار اور کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے سابق چیئرمین جاوید حنیف کی الیکشن سے قبل  رہائی کھٹائی میں پڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جاوید حنیف کی فوری رہائی سے متعلق  دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کو  یقینی طور پر جواب داخل کرانے کا حکم جاری کیا۔

    نیب وکیل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ’جاوید حنیف پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے، ملزم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ میں وزیرپورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کی مدد سے 940 غیر قانونی بھرتیاں کیں جس کے باعث قومی خزانے کو 2 ارب سے زائد کے نقصان ہوا‘۔

    معزز جج نے سماعت 27 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نیب کو آئندہ سماعت پر ہر صورت جواب داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ قومی احتساب بیورو کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی کارروائی آگے بڑھائی جاسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی پورٹ ٹرسٹ کے سابق چیئرمین جاوید حنیف نیب کے ہاتھوں گرفتار

    واضح رہے کہ جاوید حنیف صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 95 سے متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

    قومی احتساب بیورو نے سابق چیئرمین کو 3 جولائی کو حراست میں لیا تھا،  نیب نے گرفتار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ ملزم جاوید حنیف نے اپنے چیئرمین شپ کے دوران بابر غوری کے کہنے پر نو سو چالیس افراد کو غیر قانونی طور پر بھرتی کیا۔

    نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ جاوید حنیف کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران کے خلاف تحقیقات کے سلسلے میں مطلوب تھے، متعدد بار انہیں طلب کیا گیا مگر  وہ حاضر نہ ہوئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے سابق چیئرمین کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے امیدوار کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعتوں سے زیادہ اہمیت ہوگی، اس دن دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے پی آئی بی کالونی میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا سر اٹھا کر چلنا ہے یا سر جھکا کر، عزت سے جینا ہے یا ذلت کے ساتھ؟ یہ فیصلہ25جولائی کے دن آپ کو کرنا ہے۔

    ایم کیوایم پاکستان کی25جولائی کو دیگرجماعت سے زیادہ اہمیت ہوگی، کل بھی سب کچھ ایم کیو ایم کا تھا آج بھی ایم کیو ایم کا ہے، مخالفین کے اندازوں کا خاتمہ ہماری ریلیوں نے کردیا ہے،25جولائی کو دل والے دلہنیا لے جائیں گے۔

    فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کو حکومت ملی تو کراچی کو خود مختار بنائیں گے اورعوام کو روزگار ملےگا، کراچی کی ترقی کیلئے شہر کو صوبے سے کم ازکم 50ارب روپے ملنے چاہئیں، سینٹرل جیل میں لگے جیمرز کی وجہ سے اطراف کی آبادیوں کے مکینوں کو موبائل فون استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے، لگتا ہے مردم شماری میں صرف مردوں کو ہی گنا گیا ہے، ایم کیوایم پاکستان کا مطالبہ ہے کہ مردم شماری دوبارہ کی جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • عوام کا جوش دیکھ کر یقین ہوگیا کہ 25 جولائی کو صرف پتنگ کی جیت ہوگی: فاروق ستار

    عوام کا جوش دیکھ کر یقین ہوگیا کہ 25 جولائی کو صرف پتنگ کی جیت ہوگی: فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ عوام کا جوش دیکھ کر یقین ہوگیا 25 جولائی کو صرف پتنگ کی جیت ہوگی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے انتخابی حلقے کے دورے کے موقع پر کیا. اس دورے پر ڈاکٹر فاروق ستار نے لائنزایریا میں انتخابی دفترکا افتتاح بھی کیا.

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا ووٹ بینک کبھی تقسیم نہیں ہوسکتا، الیکشن والے دن پتنگ کو ووٹ پڑیں گے.

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنائیں گے اور اورکچرے کو صاف کریں گے، یہ اہم مسائل ہیں.

    فارو ق ستار کا کہنا تھا کہ بجلی اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنائیں گے، عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے.

    اس موقع پر انھوں نے خودکش حملے میں شہید ہونے والے اے این پی کے رہنما ہارون بلورکی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا. ان کا کہنا تھا یہ پور ے پاکستان کا نقصان ہے.

    واضح رہے کہ فاروق ستار کی جانب سے یہ الزام عاید کیا جاتا رہا ہے کہ ان کے ساتھ حلقہ بندیوں میں ناانصافی کی گئی اور کراچی کی سیٹیں دو جماعتوں کو دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔


    ہمارے ساتھ حلقہ بندیوں میں نا انصافی کی گئی ‘ فاروق ستار


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ’پی آئی بی بہادرآباد تنازع نے ایم کیو ایم کو عوامی سطح  پر شدید نقصان پہنچایا‘

    ’پی آئی بی بہادرآباد تنازع نے ایم کیو ایم کو عوامی سطح پر شدید نقصان پہنچایا‘

    کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما اور امیدوار علی رضا عابدی نے کہا ہے کہ پی آئی بی اور بہادرآباد تنازع کی وجہ سے پارٹی نے عوام کا اعتماد کھویا، کارکنان یا عوام کی حمایت کیوجہ عمران خان کا مدمقابل ہونا ہے ، آج بھی 60 فیصد کارکنان کی جذباتی وابستگی بانی ایم کیو ایم سے ہی ہے۔

    ایم کیو ایم کے رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 کے امیدوار علی رضا عابدی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

    متحدہ امیدواروں کی انتخابی مہم کارکنان اور عوام کی عدم دلچسپی، کیا لندن کے بائیکاٹ کا اعلان اثر انداز ہورہا ہے؟

    علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کے 60 فیصد کارکنان کی ابھی بھی لندن یا بانی ایم کیو ایم سے وابستگی ہے اور ساتھ میں بائیکاٹ کے اعلان کا اثر بھی ہے جس کی وجہ سے بالخصوص کارکنان اور عوام کوئی دلچسپی نہیں لے رہے البتہ حلقہ این اے 243 میں کئی لوگ ایسے بھی ہیں جنہوں نے ووٹ نہ دینے کا بولا مگر وہ عمران خان کے مدمقابل ہونے کی وجہ سے مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

    ’امیدواروں کی انتخابی مہم شروع ہوئے ابھی تین روز ہوئے آئندہ دنوں میں صورتحال تبدیل ہوگی، ایک روز قبل گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں ریلی نکلی جس کے بعد عوام کا تھوڑا بہت جذبہ بیدار ہوتا نظر آیا‘۔

    ’بائیکاٹ کا اعلان ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی مہم پر اثر انداز ہوسکتا ہے  اور اگر ایسا ہوگیا تو ہم پانچ سال کے لیے باہر ہوجائیں گے، یہ صرف جماعت ہی نہیں بلکہ کراچی کے لیے بھی نقصان دہ ہے، لندن کو بھی سوچنا چاہیے کہ وہ اعلان واپس لے اگر 40 فیصد ٹرن آؤٹ آگیا تو واپسی کے راستے ہمیشہ کے لیے بند ہوسکتے ہیں‘۔

    پی آئی بی اور بہادر آباد تنازع کی وجہ کیا بنی او ر اس سے کیا اثرات مرتب ہوئے؟

    علی رضا عابدی کا کہنا تھا کہ ’ہمارے درمیان تنازع کی وجہ کامران ٹیسوری بنے اور لڑائی ساس بہو والی تھی، یہ بالکل ایسی بات ہے کہ وہ فاروق ستار کے قریب ہوگئے پھر رابطہ کمیٹی کو اُن پر اعتراض ہونے لگا، اگر وہ دیگر اراکین کے ساتھ رہتے تب یہ معاملہ  پیش نہیں آتا‘۔

    ’ہمارے درمیان تنازع سے ایک بات سامنے آئی کہ ہم علیحدہ دھڑوں کی صورت میں تو چل سکتے ہیں مگر عوام ہمیں کبھی تسلیم نہیں کریں گے، کیونکہ یہ جتنے دنوں یہ معاملہ چلا کارکنان اور عوام نے ہمیں بہت سخت پیغامات بھجوائے،  دونوں طرف کے رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب کسی بھی صورت جھگڑا نہیں کیا جائے گا یا پھر یہ نوبت نہیں آئے گی کہ علیحدگی ہو وگرنہ کارکن اور ہمدرد ہمیں پھر تسلیم نہیں کریں گے۔

    ‘کافی ووٹر بھی اسی تنازع کی وجہ سے  بدظن ہوئے، اسی وجہ سے گراؤنڈ پر  جن لوگوں کی نظریں تھیں وہ آگئے البتہ ووٹر آج بھی خواہش رکھتا ہے کہ ایم کیو ایم ہی دوبارہ کامیاب ہو، لوگوں کو ہم سے شکایتیں ہیں جنہیں دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘۔

    ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ ’متحدہ سے جڑے کئی لوگ معجزے کے منتظر ہیں جو ماضی میں بھی ہوئے، ممکن ہے آئندہ کوئی ایسا معجزہ سامنے آئے جس کے بعد ساری صورتحال تبدیل ہوجائے‘۔

    ’ایم کیو ایم انتخابات کے بعد پانچ فروری والی پوزیشن پر واپس آجائے گی، کامران ٹیسوری اگر اتنے ہی نظریاتی تھے تو اُن کو پانچ حلقوں سے بطور آزاد امیدوار ایم کیو ایم کے مخالف امیدوار نہیں بننا تھا، پی آئی بی کے رہنماؤں میں سے اکثر بہادرآباد واپس آگئے بقیہ شاہد پاشا کے ساتھ کچھ لوگوں کو تکلیف ہے جن سے اب کوئی رابطہ نہیں‘۔

     پیپلزپارٹی اور پاک سرزمین پارٹی کا مستقبل کیا ہے؟

    ’پی ایس پی رہنماء تو 26 کے بعد واپسی کا ٹکٹ کٹوائیں گے ، پاک سرزمین پارٹی کے کئی کارکنان ہمارے رابطے میں آگئے اور وہ دوبارہ شمولیت کررہے ہیں، کورنگی سمیت کئی علاقوں سے لڑکے دوبارہ ایم کیو ایم میں آئے‘۔

    ’پیپلزپارٹی کا بھی کراچی میں خاطر خواہ مستقبل نہیں، شہلا رضا اس حلقے سے میری مخالف امیدوار ہیں، وہ کس منہ سے کراچی والوں سے ووٹ مانگ رہی ہیں کہ انہوں نے تو سندھ اسمبلی کے فلور پر شہر کے مسائل کو اجاگر تک نہیں کرنے دیا اور اگر ایم کیو ایم نے کوئی قرار داد پیش کرنے کی کوشش کی تو بطور اسپیکر انہوں نے آواز دبائی اس کے برعکس آغا سراج درانی نے متعدد بار ہمارے مسائل سنے، قرار داد پر بات کی‘۔

    علی رضا عابدی نے الزام دعویٰ کیا کہ ’ایم کیو ایم سے پیپلزپارٹی میں جانے والے کارکنان رابطے میں ہیں، اُن کے معاشی مسائل ہیں جس کی وجہ سے وہ دوسری طرف جاکر بیٹھے، پی پی قیادت انہیں ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ ادا کررہی ہے‘۔

    الیکشن جیتنے کے بعد ایم کیو ایم کی حکمت عملی کیا ہوگی؟

    ’ہم صوبے میں مخلوط حکومت بنائیں گے اور ساتھ شامل ہونے والی جماعتوں کے ساتھ مردم شماری کا پانچ آڈٹ ، صوبے یا انتظامی یونٹ کے قیام سمیت دیگر شہر کے حق میں قوانین بنائیں گے‘۔

    ’مردم شماری کے حوالے سے الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم نے درخواست دائر کی ہوئی ہے، ہم نے مردم شماری یا حلقہ بندیوں کو تسلیم نہیں کیا بلکہ قانون کے تحت اعتراضات جمع کرائے‘۔

    عمران خان کے مد مقابل ہونے کی وجہ سے کارکنان اور ہمدردوں کی زیادہ حمایت مل رہی ہے؟

    ’گلشن اقبال اور حلقہ این اے 243 ایم کیو ایم کے لیے بہت اہم نشست ہے کیونکہ یہاں سے عمران خان بھی کھڑے ہوئے، کارکنان یا عوام کا رجحان دیگر امیدواروں کے مقابلے میں میری طرف اس لیے ہے اور اُن کی خواہش ہے کہ کم از کم یہ نشست متحدہ جیت جائے‘۔

    حلقہ این اے 243 میں گلشن ٹاؤن کی کارکردگی بہت بہتر رہی، عوام کے تحفظات اور شکایات سامنے آئے اور اُن کی ناراضی بھی دور ہوئی، دراصل 25 جولائی پی پی اور تحریک انصاف کا مقابلہ دوسری اور تیسری پوزیشن کے لیے ہے‘۔

    واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں کُل ووٹر کی تعداد 4 لاکھ ایک ہزار ہے جبکہ یہاں 9 یونین کونسلز اور 36 وارڈز  ہیں جو گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ہمارے لوگ اپنی جیب سے پیسے لگا کر مہم چلا رہے ہیں: مصطفیٰ کمال

    ہمارے لوگ اپنی جیب سے پیسے لگا کر مہم چلا رہے ہیں: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمارے لوگ اپنی جیب سے پیسے لگا کر مہم چلا رہے ہیں، عوام ڈولفن پر مہر لگائیں، پانی نہ دینے والوں کو شکست دینا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ بلاول نے جلسہ کیا تو نام نہاد مہاجروں کے ٹھیکیداروں کا خون کھولنے لگا، مہاجروں کو اپنی نااہلی چھپانے کے لیے جاگ مہاجر جاگ کا نعرہ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں نے 25 ہزار لوگ قربان کر دیے اور تین نسلوں کو تباہ کر دیا، تفریق اور تقسیم کی سیاست اب ختم ہونی چاہیے، ہم لوگوں کوجوڑنے آئے ہیں، ہم نے ہمیشہ نفرتوں کے بجائے محبت کی بات کی ہے۔


    سندھ میں پی ایس پی کا وزیراعلیٰ ہوگا یا حمایت سے آئے گا، مصطفیٰ کمال


    سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں، انتخابات میں واضح برتری حاصل کریں گے، جو لوگ کراچی کے ٹھیکیدار بنتے تھے ان کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ جو لوگ میرا کردار جانتے ہیں وہ ڈولفن کو ووٹ دیں گے، حکومت میں مزے لے کر جاگ مہاجر کا نعرہ لگانے والے ناکام ہوں گے۔


    کراچی میں زبان کی بنیاد پرحلقہ بندی نہ کی جائے، مصطفیٰ کمال


    ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں نفرت کی آگ لگانے کی کوشش ہورہی ہے، ایک دوسرے کو قاتل کہنا بند کرو ،ماؤں سے بچے مت چھینو، نفرتوں کے بجائے سب کو گلے لگاؤ اسی سے ملک مضبوط ہوتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے ساتھ مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر پری پول ریگنگ ہوئی ہے: فیصل سبزواری

    ایم کیو ایم کے ساتھ مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر پری پول ریگنگ ہوئی ہے: فیصل سبزواری

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کراچی کے لئے الگ اور ملک کے لئے الگ قانون ہے۔

    [bs-quote quote=”نگراں حکومت کوپیپلز پارٹی پارٹ ٹو نہیں بنانا چاہیے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”فیصل سبزواری”][/bs-quote]

    انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن سے قبل کراچی میں ہمارے بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جا رہے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ ہمارے امیدوار جاوید حنیف کو نیب نے گرفتارکر لیا، حالاں کہ نیب کا کہنا ہے کہ الیکشن تک کسی کوگرفتارنہیں کیا جائے گا، چیئرمین نیب صاحب حکم دیں کہ جاوید حنیف کورہا کیا جائے۔

    انھوں نے کہا کہ نگراں حکومت کوپیپلز پارٹی پارٹ ٹو نہیں بنانا چاہیے، مردم شماری، حلقہ بندیوں پر ہمارے ساتھ پری پول ریگنگ ہوچکی۔

    فیصل سبزواری نے کہا کہ کچھ جماعتیں ایم کیو ایم کومری ہوئی گائے سمجھ رہی ہے، پیپلزپارٹی نےڈیڑھ ہزار ارب ہڑپ کیے اس کے مقدمات ختم کردیے، قانون کا فرق واضح ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے دعویٰ کیا تھا کہ کچھ لوگ ایم کیوایم میں دراڑ ڈالنے کا سوچ رہے ہیں، آج بھی ہمارے خلاف پروپیگنڈے کیے جا رہے ہیں، اس سلسلے کو روکا جائے، ہم نے سب سے زیادہ قربانی دی۔


    آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • متحدہ رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما شاہد پاشا کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    متحدہ رابطہ کمیٹی کے سابق رہنما شاہد پاشا کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سابق ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا نے کہا ہے کہ فاروق ستار کو جعلی دوتہائی اکثریت سے ہٹایا گیا، انہوں نے متحدہ ورکرز ایکشن کمیٹی کے نام سے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کردیا۔

    یہ بات انہوں نے کراچی پریس کلب کے باہر مظاہرے اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، شاہد پاشا نے کہا کہ آج کارکنان کی ایم کیوایم الگ ہے اور رابطہ کمیٹی کی الگ، ایم کیو ایم کے8شہری وڈیرے ارب پتی ہیں، جوان8کے ٹولے سے سوالات کرتا ہے تو بغیر نوٹس دیئے اسے پارٹی سے نکال دیا جاتا ہے۔

    شاہد پاشا نے بتایا کہ کامران ٹیسوری نے ان شہری وڈیروں سے سوالات کیے تھے، ٹوٹی ہوئی چپلوں اور موٹرسائیکل پر آنے والے رہنما آج ارب پتی بن گئے ہیں۔

    سابق ڈپٹی کنوینئر نے کہا کہ خواجہ اظہارالحسن، عامر خان اور امین الحق بتائیں وہ مالدار کیسے ہوئے؟ عادل صدیقی اور بابرغوری لوٹ مار کرکے بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں، یہاں لوگ کرپشن کرتے اورملبہ لندن پر ڈالتے تھے.

    میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق ایم کیوایم رہنما شاہد پاشا کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ32سال سے ایم کیو ایم کا کارکن رہا، مجھے5مرتبہ گرفتار بھی کیا گیا اور اس دوران میں نے اپنی کوئی جائیداد نہیں بنائی۔

    مجھے بغیر کسی قصور کے معطل کیا گیا، اس ساری سازش کے پیچھے ایم کیوایم پاکستان کے رہنما عامر خان کا ہاتھ ہے، ہم رابطہ کمیٹی کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ موجودہ رابطہ کمیٹی کو فوری تحلیل کیا جائے۔

    شاہد پاشا کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو جعلی ٹو تھرڈ مجورٹی سے ہٹایا گیا، خالد مقبول صدیقی کنونیئر ہیں تو پارٹی کو آئین کے تحت چلائیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ہم یکجا ہوکر الیکشن لڑیں گے، میں تقسیم کے خلاف ہوں: فاروق ستار

    ہم یکجا ہوکر الیکشن لڑیں گے، میں تقسیم کے خلاف ہوں: فاروق ستار

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم یکجا ہوکر الیکشن لڑیں گے، میں تقسیم کے سخت خلاف ہوں، ہمارا مقصد ہر حال میں تقسیم کو روکنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم بہادر آباد مرکز کے باہر خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان میں کوئی تقسیم نہیں، مہاجر اور مظلوم کی یکجہتی کو ہر حال میں قائم رکھنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام نے ایم کیوایم کو ہر الیکشن میں نمایاں کامیابی دی، ہمیں ایک ہی پلیٹ فارم پر کھڑے رہنا ہے، صرف الیکشن ہی نہیں ہمیں اس یکجہتی کو آگے بھی قائم رکھنا ہے، لوگوں کے لیے ہمارے یکجا ہونے سے بڑی کوئی عیدی نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کل بھی ایک تھی، آج بھی ایک ہے اور آگے بھی ایک ہی رہے گی، ہمارا مقصد یکجہتی اور اتحاد کو قائم رکھنا ہے، لوگوں کو موقع دینا ہے کہ وہ سراٹھا کر زندگی گزار سکیں، لوگ اتنے ماہ ہماری وجہ سے ذہنی اذیت کا شکار رہے، ہم قوم اور کارکنان سے معافی مانگتے ہیں۔

    اس موقع پر ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج اکھٹا ہونے سے چاند رات کو چار چاند لگ گئے، عید کا مزا دوبالا ہوگیا، ایم کیو ایم ایک جماعت ہے اور ٹکٹوں کی تقسیم کا کوئی فارمولا نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خلوص، معیار اور قابلیت کو اپنی جگہ ملے گی، ان چند دنوں میں ایم کیو ایم کی طاقت کا اندازہ ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں