Tag: mufti

  • یہودی آبادکاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، مفتی اعظم مصر کی شدید مذمت

    یہودی آبادکاروں کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا، مفتی اعظم مصر کی شدید مذمت

    قاہرہ: مفتی اعظم مصر علامہ شوقی علام نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آبادکاروں کے دھاوؤں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمہوریہ مصر مفتی اعظم علامہ شوقی علام نے ایک بیان میں مسجد اقصیٰ پریہودی آبادکاروں کے دھاوﺅں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبلہ اول پردھاوے اور القدس کو یہودیانے کی سازشوں کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مصری دارالافتاء کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مفتی اعظم مصر نے قبلہ اول پر یہودی آباد کاروں کے دھاوﺅں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر اشتعال انگیز دھاوے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔

    مصر کے مفتی اعظم نے خبردار کیا کہ القدس کو یہودیانے اور قبلہ اول پر صہیونی یلغار کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

    علامہ شوقی علام نے کہا کہ القدس کے مقدس مقامات کو یہودیانا شہر کے حقیقی تشخص کو پامال کرنے کی مجرمانہ کوشش ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

    مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی پر اردن کا اسرائیل سے شدید احتجاج

    انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ القدس اور قبلہ اول کے تحفظ کو نقصان پہنچانے کی صہیونی ریشہ دوانیوں کا سختی سے نوٹس لیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں سینکڑوں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ پر دھڑلے سے گھس آئے تھے، جبکہ مسلمانوں نے مزاحمت کرتے ہوئے تکبیر کے نعرے بلند کیے تھے۔

  • قصور واقعے کے ملزمان کو سزائے موت دینے کا فتوٰی جاری

    قصور واقعے کے ملزمان کو سزائے موت دینے کا فتوٰی جاری

    لاہور : تنظیم اتحاد امت کی اپیل پر پچاس سے زائد جید شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے قصور ویڈیو اسکینڈل کے ملزمان کو سزائے موت دینے کا فتوٰی جاری کر دیا۔

    تنظیم اتحاد امت کے چیئرمین ضیاء الحق نقشبندی کی اپیل پر ملک کے پچاس سے زائد جید شیوخ الحدیث اور مفتیان کرام نے فتوٰی دیا ہے کہ قصور ویڈیو اسکینڈل کے ملزمان کو سزائے موت دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے گناہ کی اسلام میں کوئی معافی نہیں، گناہ کبیرہ میں مبتلا درندہ صفت افراد کے ناپاک جسم سے جلد از جلد سوسائٹی کو پاک کرنا چاہیئے۔

    فتوے میں یہ بھی کہا گیا کہ اس کیس میں غفلت اور لاپرواہی برتنے والے بھی کسی رعایت کے مستحق نہیں، متاثرہ بچوں اور ان کے والدین کو دلاسہ دینا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔

    فتوی دینے والوں میں عمران قادری، محمد راغب نعیمی اور دیگر جید مفتیان شامل ہیں۔