Tag: Muhammad Amir

  • بابر اعظم نے شاہین پر دباؤ ڈالنے کیلئے عامر کو ٹیم میں شامل کیا، باسط علی

    بابر اعظم نے شاہین پر دباؤ ڈالنے کیلئے عامر کو ٹیم میں شامل کیا، باسط علی

    کراچی : سابق کرکٹر باسط علی نے بتایا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پر دباؤ ڈالنے کیلئے محمد عامر کو قومی ٹیم میں شامل کیا گیا اور یہ کام بابر اعظم نے کیا۔

    امریکا اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث بےنتیجہ ختم ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم نے بھی اس میگا ایونٹ سے واپسی کیلیے اپنا رخت سفر باندھ لیا ہے, قومی ٹیم شیڈول کا آخری میچ کھیل کر وطن واپسی کا ٹکٹ کٹوا لے گی۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے باہر ہونے پر شائقین کرکٹ میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام ہر لمحہ پرجوش میں تجزیہ نگار اور سابق کرکٹر باسط علی بھی کافی برہم دکھائی دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ محمد عامر کی پرفارمنس کیا تھی؟ یہ ٹیم پاکستان کی ٹیم نہیں بلکہ بابر الیون اور وہاب ریاض الیون ہے۔ صرف پسند اور ناپسند کا کھیل کھیلا جارہا ہے۔

    باسط علی نے کہا کہ حسن علی ٹیم میں واپس کیسے آگیا عرفان نیازی نے 30 اور 30آؤٹ کیے اس کا بھی نام نہیں آیا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کا ورلڈ کپ میں سفر پہلے راؤنڈ میں ختم

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ پی سی بی میں موجود اسٹیبلشمنٹ نے چیئرمین کو الٹے سیدھے مشورے دیئے جس کا نتیجہ آج ہمارے سامنے آیا۔

  • بابر اعظم سے متعلق بیان پر محمد عامر کی وضاحت

    بابر اعظم سے متعلق بیان پر محمد عامر کی وضاحت

    سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے بابر اعظم سے متعلق اپنے حوالے سے جاری بیانات پر وضاحت دے دی۔

    ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے دوران بابر اعظم اور ٹیل اینڈر کو بولنگ کروانے سے متعلق میرے بیان کو سوشل میڈیا ویوز اور اپنا چورن بیچنے کیلئے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا۔

    یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں کہی، جس کی ویڈیو محمد عامر کی جانب سے اپنے یوٹیوب چینل پر بھی شیئر کی گئی مذکورہ ویڈیو میں انہیں اپنے بیان سے متعلق وضاحت پیش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
    محمد عامر نے پی ایس ایل کے دوران بابر کو ٹیل اینڈر کہنے سے متعلق بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ میرا ان لوگوں سے سوال ہے جنہوں نے اس بیان کو غلط طریقے سے پیش کیا، ایسے لوگ مجھے میرا کوئی ایک انٹرویو بھی ایسا نکال کر دکھا دیں جس دوران میں نے کہا ہو کہ بابر میرے لیے ایک ایوریج پلیئر ہے یا فارغ ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ میں نے اپنے ہر انٹرویو میں بابر کو پاکستان کا بہترین پلیئر تسلیم کیا ہے میں یہ کہہ چکا ہوں کہ بابر کی تکنیک کی وجہ سے بابر کو ون ڈے اور ٹیسٹ میچز میں بولنگ کرنا مشکل ہے، پھر میں یہ کیوں کہوں گا وہ میرے لیے ٹیل اینڈر جیسا کھلاڑی ہے۔

    محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ اس روز میرے کہنا کا مقصد یہ تھا کہ بولنگ کے دوران میرے سامنے بابر اعظم ہو یا کوئی ٹیل اینڈر کھلاڑی میرے لیے وکٹ لینا زیادہ اہم ہے، کیوں کہ اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر سے متعلق میرے بیان کو کچھ لوگوں نے جنہیں ویور شپ چاہیے ہوتی انہوں نے غلط انداز میں پیش کیا، رہی بات میری اور بابر کی تو ہم جب بھی ملتے ہیں بابر میری عزت کرتا ہے اور میں بابر کو آج بھی پاکستان کا بہترین پلیئر مانتا ہوں، ہماری کوئی ذاتی لڑائی نہیں۔

    ایشیا کپ اور ورلڈکپ میں قومی ٹیم کے کپتان کی تقرری کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ کے اعلان کے بعد اب پی سی بی کو پاکستان ٹیم کیلئے کپتان کا اعلان بھی کردینا چاہیے کیوں کہ اب ورلڈکپ میں زیادہ وقت نہیں، اب کپتان کی تبدیلی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    انہوں نے کہا کہ اب پی سی بی کو بابر اعظم کو بھی واضح کردینا چاہیے کہ وہی کپتان ہوں گے تاکہ انہیں بھی واضح ہوجائے اور وہ پی سی بی کی مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ٹیم کیلئے منصوبہ بندی کرسکے۔

    انہوں نے کہا کہ بابر ورلڈ کپ کے حوالے سے پاکستان ٹیم کیلئے بہترین ہے، بابر دو ورلڈ کپ اور ایشیا کپ کیلئے پاکستان ٹیم کی قیادت کرچکا ہے، اب پاکستان ٹیم کے پاس بابر کے علاوہ کوئی بہتر آپشن بھی نہیں کیوں کہ ورلڈ کپ کیلئے کسی بھی ٹیم کو ایک تجربہ کار کپتان چاہیے ہوتا ہے اور بابر کے پاس اب تجربہ بھی ہے، لہٰذا پی سی بی کو بھی اب بابر اعظم کے لیے بطور کپتان اعلان کردینا چاہیے ۔

  • پی سی بی محمد عامر کو منانے میں کامیاب

    پی سی بی محمد عامر کو منانے میں کامیاب

    کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ فاسٹ بولر محمد عامر کو منانے میں کامیاب ہوگیا ،جس کے بعد عامر نے قومی سلیکشن کے لئے دستیابی ظاہر کردی ہے۔

    کراچی کنگز کے مایہ ناز فاسٹ بولر محمد عامر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وسیم خان میرے گھر آئے میرے تمام تحفظات سنے، یہ ملاقات پی ایس ایل سیکنڈ لیگ سے پہلے لاہور میں میرے گھر پر ہوئی تھی۔

    محمد عامر نے بتایا کہ وسیم خان نے تمام خدشات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، پہلی بار ہوا کہ بورڈ نے کھلاڑی کے مسائل سننےمیں سنجیدگی دکھائی، برف دونوں طرف سے پگھل رہی ہے، گھر آئے مہمان کی عزت کرنا میرا فرض ہے، خود سے زیادہ ہمیشہ پاکستان کا سوچتا ہوں۔

    گذشتہ سال دسمبر میں اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے مایہ ناز بولر محمد عامر نے انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کے لئے وائٹ بال کھیلنا چاہتا تھا، مگر مجھے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی بات پر ٹارچر کیا گیا۔

    بعد ازاں فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ جذباتی نہیں سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔

    فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے لوگوں کے دماغ میں ڈالا میں ملک سے کھیلنا نہیں چاہتا، موجودہ مینجمنٹ پیچھے ہی پڑ گئی ، بار بار الزام لگایا کہ لیگ کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے، سابق کرکٹرز 2010 کی غلطی کو جواز بنا پر مجھ پر تنقید کرتے ہیں۔

    محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں نے سزا کاٹی اور معافی بھی مانگی اس کے بعد ٹیم میں کم بیک کیا لیکن میرا ماضی مجھے یاد دلایا جاتا ہے۔

    فاسٹ بولر نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کوچ اور بولنگ کوچ نے تنقید کرنا شروع کی اور پھر یہ کہا جانے لگا کہ لیگز کے اور پیسے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑی ہے، کچھ لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر کہتے ہیں‌ عامر نے کوئی احسان نہیں‌ کیا، میں‌ مانتا ہوں‌ کوئی احسان نہیں‌ کیا احسان اللہ کا ہوتا ہے۔

    انہوں‌ نے کہا کہ یہ سب چیزیں‌ مجھے پریشان کررہی تھیں‌، میں‌ کمزور نہیں‌ ہوں‌ اگر کمزور ہوتا تو 2010 کے بعد کرکٹ میں‌ نہیں ‌آتا، میں‌ واپس آیا اور ایشیا کپ ، چیمپئنز ٹرافی 2017 اور ورلڈ کپ میں‌ اچھی کارکردگی دکھائی تھی۔

    فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور وقار یونس ایک پیج پر نہیں، ہیڈ کوچ کچھ اور بولنگ کوچ کچھ اور کہتے ہیں، دونوں نے مجھے سائیڈ لائن کرنے کی کوشش کی۔

    مصباح، وقار مجھے پسند نہیں کرتے، اس لیے میرے ساتھ ایسا رویہ تھا، سینٹرل کنٹریکٹ سے نکال دیا گیا میں خاموش رہا، ذہنی اذیت دی جاتی تھی اور پھر بات تک نہیں کرتے تھے۔

  • آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ،  بابر اعظم پہلے نمبر پر براجمان

    آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ، بابر اعظم پہلے نمبر پر براجمان

    دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ کپتان بابر اعظم بدستور پہلے نمبر پر موجود جبکہ فاسٹ بالر محمد عامر ٹاپ ٹین کی فہرست سے باہر ہوگئے۔

    آئی سی سی کی رینکنگ کے مطابق بیٹسمین رینکنگ میں پاکستان کے بابر اعظم کا پہلا نمبر اور فخر زمان ساتویں نمبر پرموجود ہیں، بنگلہ دیشی اسپنر مہدی حسن کیرئیر بیسٹ دوسرے نمبر پر آگئے، مہدی حسن نے تین درجے ترقی کی۔

    نئی رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، محمد عامر ایک درجے تنزلی کے بعد گیارہویں پوزیشن پر چلے گئے۔ ون ڈے کے ٹاپ ٹین بولرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور محمد عامر کا کریبین پریمیئر لیگ سی پی ایل سے معاہدہ ہو گیا ہے۔ محمد عامر بارباڈوس ٹرائیڈ ینٹس جبکہ شعیب ملک کی گیانی ایمزون واریئرز میں واپسی ہوئی ہے۔

    کریبین پریمیئر لیگ کے میچز رواں سال اگست میں شروع ہوں گے ،سی پی ایل میں دیگر کھلاڑیوں کی شمولیت کیلئے پلیئرز ڈرافٹ اٹھائیس کو ہوں گے۔

  • پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، حسن علی اور وہاب جگہ بنانے میں ناکام

    پی سی بی سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان، حسن علی اور وہاب جگہ بنانے میں ناکام

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا، 18 کھلاڑیوں پر مشتمل سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں اظہرعلی، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق اے کیٹگری میں صرف تین ہی کھلاڑی جگہ بنا پائے ہیں جن میں کپتان بابراعظم ، ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور باولر شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے نافذالعمل ہو گا۔

    سینٹرل کنٹریکٹ کے مطابق عابد علی، محمد رضوان اور شان مسعود کو بی کیٹیگری میں ترقی دے دی گئی ہے۔ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے جب کہ فہرست میں شامل امام الحق، سرفراز احمداور یاسر شاہ کی ایک ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے۔

    جبکہ سی کیٹگری میں فخر زمان، افتخار احمد ، عماد وسیم ،امام الحق ،نسیم شاہ ، عثمان شنواری شامل ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایمرجنگ پلیئرز کیٹگری میں حیدر علی ، حارث روف اور محمد حسین کو شامل کیا گیا ہے ۔

    یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ نسیم شاہ پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر سینٹرل کنٹریکٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے تاہم تینوں کھلاڑی بدستور قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

  • آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    آئی سی سی کی نئی ون ڈے رینکنگ جاری، بابر اعظم کی تیسری پوزیشن

    دبئی : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق عمدہ پرفارمنس کے بعد پاکستان کے بابر اعظم تیسرے نمبر پر جبکہ محمد عامر ایک درجہ ترقی کرکے ساتویں نمبر پر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ںے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کردی۔ ون ڈے کی نئی بیٹسمین رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی بدستور پہلے نمبر پر موجود جبکہ پاکستان کے بابراعظم چار درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

    آئی سی سی کی بولر رینکنگ میں بھارتی ٹیم کے جسپریت بمراہ کا پہلا نمبر ہے جبکہ پاکستان کے محمد عامر ایک درجہ ترقی کرکے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔

  • فاسٹ بولر محمد عامر نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    فاسٹ بولر محمد عامر نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے اہلیہ نرجیس عامر کے ہمراہ عمرے کی سعادت حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے عمرہ ادا کرلیا ہے۔

    تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ محمد عامر خانہ کعبہ کے قریب کھڑے ہیں اور انہوں نے احرام باندھا ہوا ہے، فاسٹ بولر نے لکھا کہ ’بہت اچھی جگہ ہے، الحمد للہ۔‘

    مداحوں کی جانب سے عامر اور ان کی اہلیہ نرجیس عامر کو مبارک باد دینے کا سلسلہ جاری ہے، اداکار فیصل قریشی نے بھی عامر کی پوسٹ کی جواب میں الحمد للہ لکھا۔

    سابق بولنگ کوچ اظہر محمود نے لکھا کہ ’اللہ آپ کا عمرہ اور دعائیں قبول فرمائے، مبارک ہو۔‘

    سہیل تنویر نے لکھا کہ ’اللہ قبول کرے آپ لوگوں کی دعاؤں کو۔‘

  • اس بار پی ایس ایل کی ٹرافی کراچی کنگز اپنے نام کرے گی: محمد عامر

    اس بار پی ایس ایل کی ٹرافی کراچی کنگز اپنے نام کرے گی: محمد عامر

    کراچی: پاکستان سپر لیگ کی مقبول ترین ٹیم کراچی کنگز کے اسٹار بولر محمد عامر نے کہا ہے کہ ٹیم کا کومبینیشن بہت اچھا ہے، ایک ٹیم میں جو کچھ ہونا چاہیے، کراچی کنگز میں وہ سب موجود ہے۔

    ان خیالات کے اظہار انہوں نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں بہترین نتائج دینے کی کوشش کریں گے، کراچی کنگز فائنل تک جائے گی اور ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

    فاسٹ بالر محمد عامر کو پاکستان سپر لیگ میں پہلی ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں یہ اعزاز پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن میں لاہور قلندر کے خلاف بالنگ کرتے ہوئے حاصل کیا تھا۔

    کراچی کنگز اس سیزن میں نئے روپ میں‌ نظر آئے گی، آخرتک لڑیں گے: کپتان عماد وسیم

    خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی کراچی کنگز کے محمد عامر بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ جیت ہار اللہ کے ہاتھ میں ہے، لیکن اس سیزن میں لڑکے جان مارتے نظر آئیں گے، ٹیم بالکل نئے روپ میں‌ سامنے آئے گی۔

    اس مضبوط ٹیم میں‌ بوم بوم شاہد آفریدی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، جب کہ ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون بیٹسمین بابر اعظم بھی کراچی کنگز کا حصہ ہیں۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بار کراچی کنگز کا اسکوڈ انتہائی متوازن ہے، امید ہے، ٹیم پی ایس ایل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئر کریں۔

  • زینب کے قتل نے پاکستانی کرکٹرز کے دل بھی دہلا دیئے

    زینب کے قتل نے پاکستانی کرکٹرز کے دل بھی دہلا دیئے

    کراچی : قصور میں پیش آنے والے اندوہناک واقعے پر پاکستانی کھلاڑی بھی اپنے غم کو نہ چھپا سکے، قومی کرکٹرز محمدعامر، وہاب ریاض، محمدحفیظ، وسیم اکرم اور شاہد آفریدی  نے بھی قصور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعےمیں ملوث افراد کوسخت سزا دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق قصور واقعے نے انسانیت کو جھنجھوڑ دیا، سب کی آنکھیں نم اور افسوسناک واقعے نے دل ہلادئیے، پاکستانی کرکٹرز محمدعامر، وہاب ریاض، محمد حفیظ، وسیم اکرم اور شاہد خان آفریدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر قصور واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پرمیرادل ٹوٹ گیا، واقعےمیں ملوث افراد کوسخت سزاملنی چاہیے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوواقعےمیں ملوث افرادکوسخت سزادینی چاہیے، ایک باپ ہوں سوچ کرتکلیف ہورہی ہے۔

    پاکستانی بالر وہاب ریاض نے قصور میں بچی کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ پاک بچی کےوالدین کوصبردے، ایسے واقعات سےبچنے کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔

    کرکٹراظہرعلی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قصورواقعے پر بہت دکھ ہوا، متاثرین کوانصاف دلایا جائے۔

    وقار یونس نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کا سر قصورواقعے کا سن کرشرم سے سرجھک گیاہے ، انہوں نے کہا کہ قصورواقعے میں ملوث افراد کو پھانسی دی جائے۔

    پاکستانی آل راؤنڈر کھلاڑی شاداب خان نے اپنی ٹوئیٹ میں کہا کہ ’بچے اللہ کی رحمت ہوتے ہیں، زینب کا حادثہ انسانیت پر حملہ ہے، ہمیں لازمی آواز اٹھانی ہوگی۔

    علاوہ ازیں قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میرےپاس الفاظ نہیں، ہم سب بہت غمزدہ اوردل شکستہ ہیں،7سال کی معصوم زینب سے ہم سب معذرت خواہ اور شرمسار ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ قاتلوں کو پکڑکر پھانسی دینی چاہیے۔

    معصوم بچی زینب کے قتل کے واقعے پرشاہد آفریدی نے ٹوئٹ کیا کہ آج ہم سب کیلئے ایک شرمناک دن ہے
    قاتلوں کو نہ صرف پھانسی بلکہ مثالی سزا دی جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کےحکمرانوں! ہم ایکشن کے منتظرہیں۔

    یاد رہے کہ قصور میں کمسن زینب کو چار روز قبل اغوا کیا گیا تھا، جس کے بعد سفاک درندوں نے بچی کو زیادتی  نشانہ بنا کر قتل کردیا ، واقعہ کیخلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

    اس دوران پولیس کی اسٹیٹ فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے، شہرمیں شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاج کا سلسلہ دن بھر جاری رہا، دکانیں، مارکیٹس ودیگرتجارتی مراکزبھی بند رہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

     

  • سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز،  فاسٹ باولر محمد عامر دبئی کے لئے روانہ

    سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، فاسٹ باولر محمد عامر دبئی کے لئے روانہ

    لاہور : سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے فاسٹ باولر محمد عامر لاہور سے دبئی کے لئے روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد عامر سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لئے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے چھ دو پانچ کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی کے لئے روانہ ہوئے۔

    محمد عامر کو قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے دیگر تین کھلاڑیوں عامر یامین، عمر امین اور محمد نواز کے ساتھ گذشتہ رات روانہ ہونا تھا تاہم وہ ویزہ مسائل کے سبب کل روانہ نہیں ہو سکے تھے۔

    محمد عامر سری لنکا کیخلاف کل چھبیس اکتوبر سے شروع ہونے والی تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

    یاد رہے کہ محمد عامر سری لنکا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ان فٹ ہونے کی وجہ سے ون ڈے سیریز نہیں کھیل سکے تھے اور اب فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے پر انہیں ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں دوبارہ شامل کر لیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم نے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔

    کپتان سرفراز ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں کامیابی کے لئے بھی پرعزم ہیں، انکا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی بہترین پرفارم کررہےہیں جبکہ سری لنکن کپتان تھیسارا پریرا کا کہنا ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں پر بھروسا ہے ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت کر ون ڈے کا بدلہ لیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔