Tag: Muhammad Amir

  • فاسٹ بولرمحمد عامر رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے

    فاسٹ بولرمحمد عامر رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے

    لاہور : قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے، فاسٹ بولر دھوم دھام کے ساتھ اپنی دلہن نرجس کو بیاہ کرلے آئے۔ ولیمے کی تقریب آج ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بلےبازوں کی اننگز کا خاتمہ کرنے والے محمد عامر نے اپنی زندگی کی نئی اننگزشروع کردی۔ قومی کرکٹر محمد عامر شادی کے خوبصورت بندھن میں بندھ گئے، ان کی سہرا بندی ان کے والد نے کی۔

    دولہا نے سنہرے رنگ کی شیروانی زیب تن کی ہوئی تھی،جس میں وہ بہت خوبصورت دکھائی دے رہے تھے۔ دو سال بعد دل والا بالآخر دلہنیا بیاہ کر لے آیا۔ دل پر راج کرنے والی نرجس اب عامر کے گھر پر بھی راج کریں گی ٹیولپ اور گلاب کے پھولوں سے عامر کی مرسیڈیز کو دلہن کی طرح سجایا گیا۔


    Cricketer Muhammad Amir's weddings exclusive… by arynews

    شادی کا حسن بڑھانے بینڈ باجے والے عامر کے گھر کے باہر موجود تھے۔ سنہرے رنگ کے سوٹ پر میرون کلا زیب تن کیے عامر دلہنیا لانے روانہ ہوئے تو تیس سے چالیس گاڑیوں پرمشتمل بارات شادی ہال پہنچی۔

    اس موقع پر عامر پر نوٹ نچھاور کیے گئے۔ شادی میں عامر کے دوستوں، عزیزوں اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی، ساتھی کرکٹرز سمیت کئی معروف شخصیات نے بھی تقریب کی رونق بڑھائی۔

    فاسٹ بولر محمد عامر دلہن بیاہ کر تو لے گئے ، لیکن ان کی سالیوں نے انہیں لوٹنے میں کوئی کثر نہیں چھوڑی اور دودھ پلائی کی رسم کے عوض 50 ہزار روپے جھاڑ لیے۔

    دھوم دھام کے ساتھ دلہےمیاں دلہن کو بیاہ کر لے آئے۔ آج لاہورمیں ہی ولیمےکی تقریب ہوگی۔ جس کے بعد عامراپنی لائف پارٹنر کے ساتھ یواےای روانہ ہوجائیں گے۔

     

  • کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان ہونا چاہئیے، عمران خان

    کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان ہونا چاہئیے، عمران خان

    اسلام آباد : قومی ٹیم کے سابق کپتان اورچیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں ایک ہی کپتان ہونا چاہیے تاکہ اچھی ٹیم ابھر کر سامنے آئے۔

    آے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں منصور علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی تنزلی کی وجہ یہ ہے کہ ہر فارمیٹ میں الگ الگ کپتان ہیں، اگر میں سلیکشن کمیٹی میں ہوتا تو مصباح الحق کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی کپتان بناتا۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ ’’ کرکٹ میں سب سے مشکل فارمیٹ ٹیسٹ کرکٹ ہے اور جو کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں نامزد کیا جائے اسی کو بقیہ فارمیت کی کپتانی دینی چاہیے‘‘۔

    فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر عمران خان نے کہا کہ وہ ایک باصلاحیت بولر ہیں اور دورہ انگلینڈ میں وہ توجہ کا مرکز ہونگے۔

    پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کو قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔

    پروگرام سوال یہ ہے میں کرکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ محمد عامر دورہ انگلینڈ میں اپنی بھرپور پرفارمنس دکھائیں، انگلش میڈیا تنقید کا نشانہ نہیں بنائے گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ محمد عامر اچھی پرفارمنس سے ناقدین کے منہ بند کر سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کا ایک ہی کپتان ہونا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک اچھا کپتان کمزور ٹیم کو بھی اٹھا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ سال 2010 میں قومی ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان سلمان بٹ، فاسٹ باؤلر محمد آصف اور محمد عامر کو 5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جو گزشتہ سال مکمل ہوئی۔

    بعد ازاں محمد عامر کو پی سی بی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں حصہ لینے کی اجازت دی تھی تاہم سلمان بٹ اور آصف کو فوری طوری پر روک دیا گیا تھا۔

     

  • دورہ انگلینڈ میں دنیا نیا عامر دیکھے گی، فاسٹ بولر پر عزم

    دورہ انگلینڈ میں دنیا نیا عامر دیکھے گی، فاسٹ بولر پر عزم

    لاہور: فاسٹ بولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ دورہ انگلینڈ میں دنیا نیا عامر دیکھے گی۔

    لاہور علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ پر انگلینڈ روانگی سے قبل محمد عامر نے کہا کہ کچھ نہیں بھولا سب یاد ہے، دنیا انگلینڈ میں بطور انسان اور کھلاڑی نیا عامر دیکھے گی۔۔

    انکا کہنا تھا کہ وہ ٹیسٹ سیریز کے لئے بہت پرجوش ہیں کیونکہ ٹیسٹ سے کیرئیر متاثر ہوا تھا اور اب انہیں یقین نہیں آرہا کہ ایسا بھی ہوا تھا، میں نے کبھی واپسی کا نہیں سوچا تھا اور اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد انگلینڈ جانا خوش قسمتی ہے۔

    عامر نے کہا کوئی کچھ بھی بولے وہ جواب نہیں دیں گے، ان کا فوکس کرکٹ پر ہوگا، وکٹیں اڑانا ٹارگٹ اور ٹیم کی کامیابی میرا مشن ہے۔

    دوسری جانب ٹیم مینجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ محمد عامر کو دورہ انگلینڈ میں محتاط رہنا پڑے گا، عامر کارکردگی دکھا کر سب کو خاموش کرسکتے ہیں۔

  • محمد عامر ماضی کی غلطیوں کا جواب پرفارمنس سے دیں، مصباح الحق

    محمد عامر ماضی کی غلطیوں کا جواب پرفارمنس سے دیں، مصباح الحق

    لاہور : پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے پاس بہترین موقع ہے کہ وہ ماضی میں ہونی والی غلطیوں کا ازالہ اچھی کارکردگی سے کرسکیں۔

    پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں محمد عامر کی شمولیت پر کپتان مصباح الحق دباؤ کا شکار دکھائی نہیں دیتے، کپتان کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر کو ماضی کی غلطیوں کے باعث انگلینڈ میں تنقید کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے، جسکا جواب وہ اچھی پرفارمنس سے دیں ۔

    مصباح الحق کے مطابق انگلینڈ کی کنڈیشنز میں کھیلنا ایک بڑا چیلنج ہے، اب بیٹسمینوں کو کڑے امتحان کیلئے تیار ہوجانا چاہیئے ۔ انگلش وکٹیں پاکستان کے پیس اٹیک کو سپورٹ کرینگی۔

    قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پہلی مرتبہ انگلینڈ کیخلاف انکے ہوم گراؤنڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے اور انھیں یقین ہے کہ یہ سیریز کھلاڑیوں کیلئے اچھی ثابت ہوگی۔

  • عامر اپنی سزا کاٹ چکے، انھیں کھیلنے کا پوراحق ہے،ایلسٹرکک

    عامر اپنی سزا کاٹ چکے، انھیں کھیلنے کا پوراحق ہے،ایلسٹرکک

    انگلش کپتان ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ میچ فکسرز پر تاحیات پابندی لگانی چاہیے، محمد عامر اپنی سزا کاٹ چکے، اس لئے ان کیخلاف کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔

    انگلینڈ کے ٹیسٹ کپتان ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ میچ فکسنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو تاحیات پابندی لگا کرعبرت کا نشان بنانا چاہیے، تاکہ کوئی دوسرا کرکٹر ایسا کرنے سے پہلے سوچے۔

    انھوں نے کہا کہ محمد عامراپنی سزا کاٹ چکے، اب انھیں کرکٹ کھیلنے کا پورا حق ہے، عامر کے خلاف کھیلنے میں کوئی ایشیو نہیں

    دوسری جانب فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ بھی ایک بیان میں عامر کے دورہ انگلینڈ کی حمایت کرچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینٖڈ کے لیے قومی کرکٹر کے ویزہ کے لیے درخواست جمع کرائی ہوئی ہے ۔

    یاد رہے کہ محمد عامر پر 2010میں لارڈز میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے دوران دیگر دو ساتھی کھلاڑیوں کے ہمراہ اسپاٹ فکسنگ کے الزامات ثابت ہوئے تھے جس کے بعد انہوں نے 3 ماہ برطانیہ کی جیل میں سزا بھی کاٹی تھی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے 2011 میں ان پر 5سال تک کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی۔

  • محمد عامر پراناؤنسرکا طنز ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈکی معذرت

    محمد عامر پراناؤنسرکا طنز ، نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈکی معذرت

    ولینگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے عامر کی آمد پر اناونسر کی جانب سے کیش مشین کی آواز چلانے پر پاکستان سےمعافی مانگ لی۔

    ولینگٹن میں تیسرے ٹی ٹوئنٹی کےدوران جب عامرگراونڈ میں داخل ہوئے تو اناونسرنے کیش مشین کی آواز چلائی جس سے بدمزگی پیداہوئی۔ نیوزی لینڈکرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائیٹ نے اناونسر کو تنبیہ کی، اناونسر نے اس معاملے پر پاکستان ٹیم منجیمنٹ سے معافی مانگ لی۔

    ڈیوڈ وائیٹ کا کہنا تھا کہ اناونسرکارویہ درست نہیں تھا اسے سخت وارننگ جاری کردی گئی ہے مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

  • نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف نےمحمد عامر کی حمایت کردی

    نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف نےمحمد عامر کی حمایت کردی

    ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے بھی محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کردی۔

    پاکستان نہیں بیرون ملک سے بھی محمد عامر کے حق میں آواز بلند ہونا شروع ہوگئیں، محمد عامر کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے درمیان اب ایک ہی رکاوٹ حائل ہے وہ نیوزی لینڈ کا ویزہ ہے جو اب نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ کے بیان کے بعد اور بھی آسان ہوگیا، ڈیوڈ وائٹ نے فاسٹ بولر عامر کی ٹیم میں شمولیت کی حمایت کردی ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے محمد عامر کو کلئیر کیا، پی سی بی نے عامر کو ٹیم میں شامل کیا، نیوزی لینڈ بورڈ کو اس پر کوئی اعتراض نہیں، عامر نے چھوٹی سی عمر میں مشکل حالات کا سامنا کیا، اپنی غلطی مانی اور سزا بھی مکمل کی، اب عامر کے نیوزی لینڈ میں نہ کھیلنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

    نیوزی لینڈ کے بالنگ کوچ دمتری میسکریناس بھی عامر کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے، کہتے ہیں عامر بے مثال بولر ہے، لیف آرم پیسر کے خلاف کھیلنے کا انتظار ہے۔

  • نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی محمد عامر کو کلین چٹ دے دی

    نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی محمد عامر کو کلین چٹ دے دی

    لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی فاسٹ بولر محمد عامر کو کلین چٹ دے دی، انکا کہنا ہے کہ عامر کی نیوزی لینڈ آنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں۔

    پانچ سال کی پابندی کے بعد محمد عامر تیزی سے قومی ٹیم میں شامل ہونے کے قریب ہیں، پاکستان میں تو سب ہی عامر کو دوبارہ کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں بھی فینز ان کا بے صبری سے انتظار کر رہےہیں۔

    نیوزی لینڈ کرکٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ محمد عامر کے نیوزی لینڈ آنے پر کوئی اعتراض نہیں، محمد عامر آئی سی سی سے کلیئر ہیں اس لئے انہیں کرکٹ سے نہیں روکا جاسکتا۔

    نیوزی لینڈ میڈیا بھی فاسٹ بولر محمد عامر کے حوالے سے خاصہ اشتیاق رکھتا ہے۔

  • محمد عامر کی پی ایس ایل میں شمولیت، رمیز راجہ ناخوش

    محمد عامر کی پی ایس ایل میں شمولیت، رمیز راجہ ناخوش

    لاہور: پاکستان سپر لیگ کیلئے محمد عامر کا نام بھی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے لیکن پی ایس ایل کے سفیر رمیز راجہ شمولیت پر خوش نہیں۔

    پی ایس ایل کے سفیر رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ محمد عامر انٹرنیشل کرکٹ میں واپسی کے اہل نہیں، اگر وہ پاور میں ہوتے تو ملک کا نام بدنام کرنے والوں پر تاحیات پابندی عائد کردیتے۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ سسٹم اور ماحول کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں تاکہ نوجوان کھلاڑی پیسہ کی چمک دھمک میں کھو نہ جائیں۔

    پی ایس ایل کے سفیر کا کہنا تھا کہ دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

  • اسپاٹ فکسنگ کیس، بٹ،آصف اورعامر کی پابندی ختم، انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے

    اسپاٹ فکسنگ کیس، بٹ،آصف اورعامر کی پابندی ختم، انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے

    لاہور: اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں پابندی کا شکار ہونے والے تینوں پاکستانی کرکٹرز پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔

    انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کے تین کرکٹرز سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر پر اسپاٹ فکسنگ کا الزام لگا، تینوں کرکٹرز پہلے معطل ہوئے اور پھر تحقیقات کے بعد پابندی عائد کردی گئی۔

    یاد رہے کہ اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل 2010 نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ میں ایک تہلکہ مچا دیا اور آئی سی سی نے 2ستمبر کو تینوں کھلاڑیوں کو معطل کیا، کیس کی باقاعدہ سماعت کے بعد سلمان بٹ کو 5سال معطل سمیت 10سال پابندی کی سزا سنائی، محمد آصف کو 2سال معطل سمیت 7 برس کی سزا ہوئی، محمد عامر کو 5سال کی سزا ہوئی، صرف اتنا ہی نہیں دھوکہ دہی کیس میں پاکستانی کھلاڑیوں کو برطانیہ میں جیل بھی کاٹنا پڑی۔

    لندن میں ساؤتھ ورک کراؤن کورٹ میں سماعت کے بعد سلمان بٹ کو 30ماہ اور محمد آصف کو ایک سال جیل کی سزا کھانا پڑی، محمد عامر کو 6ماہ کم عمر مجرموں کے بحالی مرکز میں گزارنے کے بعد رہائی ملی، محمد عامر نے اپنے گناہ کا اعتراف کرلیا اور پی سی بی کی کوششوں سے محمد عامر سے نرمی برتی گئی، آئی سی سی نے انھیں رواں سال 18جون کو ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی اجازت دیدی۔

    جس کے بعد سلمان بٹ اور محمد آصف نے بھی باضابطہ طور اپنے جرم کا اعتراف کیا اور قوم سے معافی مانگی، آئی سی سی کو درخواست دینے کے بعد سلمان بٹ کی پانچ سال معطلی اور محمد آصف کی دو سال معطلی کی سزا ختم کردی گئی، 19 جون کو آئی سی سی نے اعلان کیا کہ تینوں کرکٹرز 5سال کی پابندی ختم ہونے پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلیے آزاد ہونگے۔

     تینوں کرکٹرز کی سزائیں گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئیں اب تینوں کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوگئے ہیں۔