Tag: Muhammad Aurangzeb

  • آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے، وزیر خزانہ کا روئٹرز کو انٹرویو

    آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے، وزیر خزانہ کا روئٹرز کو انٹرویو

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو بیل آؤٹ معاہدے کے تحت آج آئی ایم ایف سے ایک ارب ڈالر ملنے کی امید ہے۔

    برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز سے گفتگو میں وزیر خزانہ پاکستان محمد اورنگزیب نے کہا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کا پاکستان پر کوئی بڑا مالی اثر نہیں پڑے گا، کشیدگی کے باعث کسی نئے معاشی جائزے کی ضرورت نہیں ہے۔

    وزیر خزانہ نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ پر بات چیت 23 مئی تک جاری رہے گی، ہمارا ہدف امریکا سے کپاس، سویا بین اور ہائیڈرو کاربن کی درآمدات میں اضافہ ہے۔

    پیر کے روز، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد امریکا بھارت اور پاکستان کی مدد کرنے کے لیے تیار ہے، انھوں نے دعویٰ کیا کہ تجارت ایک بڑی وجہ تھی کہ پاکستان اور بھارت نے لڑائی بند کر دی۔


    تنخواہ دارطبقے کو انکم ٹیکس میں ریلیف، آئی ایم ایف کو منانے کیلئے خصوصی تیاریاں


    واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے تیاریاں جاری ہیں، جس کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بات چیت کا آغاز کل سے ہوگا، ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات 14 سے 22 مئی تک ہوں گے۔

    آئی ایم ایف سے مذاکرات میں آئندہ بجٹ میں آمدن اور اخراجات پر بات چیت ہوگی، آئندہ بجٹ میں ٹیکس آمدنی اور نان ٹیکس آمدنی پر بریفنگ دی جائے گی، بجٹ میں 400 ارب روپے کے ٹیکس اقدامات پر غور ہوگا، ٹیکس ریلیف اقدامات پر بھی خصوصی سیشنز ہوں گے۔

    تنخواہ دار طبقے پر انکم ٹیکس میں ریلیف پر آئی ایم ایف کو منانے کے لیے خصوصی تیاریاں کی گئی ہیں، صنعتوں اور تعمیراتی شعبے کے لیے بھی آئی ایم ایف کو راضی کرنے کی کوشش کی جائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ ترقیاتی بجٹ اور اس کی ترجیحات پر مذاکرات ہوں گے۔

  • چین سے 1.4 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے، محمد اورنگزیب

    چین سے 1.4 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے، محمد اورنگزیب

    واشنگٹن : وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان نے چین سے مزید 10 ارب یوان کی درخواست کر دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے چین سے1.4ارب ڈالر یعنی 10 ارب یوان کی درخواست کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پاکستان اس سال کے آخر تک پانڈا بونڈ شروع کر دے گا، چین کی ڈومیسٹک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بونڈ جاری کرنے پر بھی پیش رفت کی ہے، پانڈا بانڈز پر اے آئی آئی بی اور اے ڈی بی صدور کے ساتھ بات چیت مثبت رہی۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم اپنا قرضہ لینے کی بنیاد کو مستحکم بنانا چاہتے ہیں، پاکستان نے آئی ایف کے ساتھ کلائمیٹ فنانسنگ کے تحت نیا پروگرام شروع کیا ہے، امید ہے آئی ایم ایف بورڈ مئی کے شروع میں1.3ارب ڈالر پروگرام کی منظوری دے گا۔

    محمد اورنگزیب نے کہا کہ امید ہے7ارب ڈالر پروگرام کے پہلے جائزے پر بھی دستخط ہوں گے، پہلے جائزے کی منظوری کی صورت میں پاکستان کو 1 ارب ڈالر ملیں گے، قرض پروگرام نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ تناؤ کے اقتصادی اثرات نہیں ہوں گے، دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط پہلے ہی کم ہوچکے ہیں، گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کی تجارت صرف 1.2ارب ڈالر تھی۔

    معاشی ترقی رواں مالی سال میں تقریباً 3 فیصد سے زائد ہوگی، اگلے مالی سال معاشی ترقی 4 سے 5ا ور بعد میں 6 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

  • یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، مہنگائی 3 فیصد ہو گئی، وزیر خزانہ کا غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں دعوے

    یہ آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا، مہنگائی 3 فیصد ہو گئی، وزیر خزانہ کا غیر ملکی اخبار کو انٹرویو میں دعوے

    ہانگ کانگ: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے جاپان کے اخبار نکی ایشیا کو انٹرویو میں دعوے کیے ہیں کہ آئی ایم ایف کا پروگرام پاکستان کے لیے آخری ہوگا، اور ملک میں مہنگائی 3 فیصد ہو گئی ہے۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہانگ کانگ میں نکی ایشیا کو انٹرویو میں کہا کہ آئی ایم ایف کے 25 ویں پروگرام کے بعد پاکستان کے ترقی کے ماڈل پر توجہ مرکوز ہے، پاکستان اپنے برآمدی نمو کے ماڈل کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، اور غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے، عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپس جانے کے لیے کوشاں ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان چین کی مالیاتی منڈیوں تک رسائی، یوان بانڈ مارکیٹ تک رسائی، اور ہانگ کانگ میں کارپوریٹ اسٹاک لسٹنگز کی حوصلہ افزائی کے لیے تیار ہے، رواں مالی سال کے آخر تک پانڈا بانڈ کا ابتدائی اجرا بھی متوقع ہے۔

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ کے بعد پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے، عالمی ایجنسیوں سے ’بی‘ کیٹیگری کی درجہ بندی کی توقع ہے، اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بہتری آئی ہے۔

    وزیر خزانہ نے ہانگ کانگ میں پاکستانی چینی مشترکہ منصوبے کی لسٹنگ کی توقع کا اظہار کیا، اور کہا مشترکہ منصوبے سروس لانگ مارچ کی ہانگ کانگ میں لسٹنگ متوقع ہے، وزیر خزانہ نے پاکستانی کمپنیوں کے لیے مزید لسٹنگز کے امکانات، اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت پر زور دیا۔

    انھوں نے کہا پاک چین تعلقات مزید مستحکم کرنے کے لیے اقتصادی راہداری اہم قدم ہے، پاکستان میں چینی شہریوں کے لیے سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں، حکومت چینی شہریوں سمیت تمام غیر ملکیوں کی سیکیورٹی کو اہمیت دیتی ہے، زمینی صورت حال میڈیا سے کہیں بہتر ہے۔

    انھوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں اقتصادی اصلاحات سے مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، جو مہنگائی مئی 2023 میں 38 فی صد تھی اس ماہ 3 فی صد تک آ گئی۔

  • پاکستان 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز چینی مارکیٹ میں فروخت کرے گا: وزیر خزانہ

    پاکستان 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز چینی مارکیٹ میں فروخت کرے گا: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز چینی مارکیٹ میں فروخت کرے گا۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 300 ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز چینی مارکیٹ میں فروخت کرے گا، پانڈا بانڈز کی فروخت سے پاکستان کو چین کے سرمایہ داروں سے فائدہ ہوگا۔

    وزیر خزانہ نے کہا کہ اس کے ذریعے پاکستان کو چین میں ایک بڑی مارکیٹ تک پہنچنے کا موقع مل سکے گا، چین کے پاس دنیا کی دوسری بڑی بانڈز مارکیٹ ہے۔

    بلومبرگ کے مطابق پانڈا بانڈز پہلے بھی کئی غیر ملکی کمپنیز، حکومتیں چین میں فروخت کرچکی ہیں جبکہ  پاکستان پہلے ہی ڈالر اور یورو میں  اپنے بانڈز کی فروخت کر چکا ہے۔

    وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ مالی سال میں 24 ارب ڈالر کی قرض ادائیگیاں کرنی ہیں، پاکستان آئی ایم ایف سے کم سے کم 3 سال کیلئے قرض لے گا، حکومت کے پاس قرض ادائیگیوں کیلئے کافی رزمبادلہ ذخائر ہیں اس لیے پاکستان کی کرنسی پر کوئی دباؤ نہیں ہے اور پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے میں مستحکم رہے گا۔