اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے حج کی کامیاب تکمیل پر سعودی ولی عہد کو مبارکباد دی، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئےنیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستانی حجاج کرام کی شاندارمیزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا، بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب کی مستقل حمایت پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات پر بھارت سے بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے، جموں و کشمیر، پانی، تجارت، دہشت گردی پر بھارت سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔
رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے ایران، اسرائیل تنازع کے سفارت کاری کےذریعے پرامن حل کی بھرپور حمایت کی۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا
وزیراعظم نے ولی عہد محمد بن سلمان کی خطے میں امن کی بحالی کیلئے قابل ستائش کوششوں کو سراہا۔
ولی عہد کا کردار عالمی سطح پر امن کے داعی ملک کے طور پر پہچان کو اجاگر کرتا ہے، سعودی ولی عہد کا کردار امت مسلمہ کی قیادت کا بھی مظہر ہے۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ٹیلی فون کال پروزیراعظم کا شکریہ ادا کیا
سعودی ولی عہد نے سعودی عرب سے یکجہتی و حمایت کے اظہار پر پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
سعودی ولی عہد نے مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن واستحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا
سعودی عرب خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔