Tag: muhammad irfan

  • فٹنس مسائل سے دوچار نہیں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا، محمد عرفان

    فٹنس مسائل سے دوچار نہیں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا، محمد عرفان

    لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عرفان نے کہا ہے کہ لمبے قد کی وجہ سے فٹنس کا کوئی مسئلہ نہیں، کوشش یہی ہے کہ جو خامیاں ہیں انہیں دور کروں، ٹیم میں جلد کم بیک کروں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، دنیائے کرکٹ کے طویل و القامت فاسٹ بولر محمد عرفان کا کہنا تھا کہ وہ خراب پرفارمنس کی وجہ سے پاکستان ٹیم سے ڈراپ نہیں ہوئے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کے علاوہ پی ایس ایل اور سی پی ایل کی پرفارمنس گرین ٹیم کا حصہ بننے میں فائدہ مند ثابت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں محمد عرفان نے کہا کہ اگر طویل القامت ہونے کی وجہ سے میرے گرنے یا جھکنے سے فٹ یا ان فٹ کا فیصلہ کوئی کرتا ہے تو درست نہیں ہوگا۔

    میرا مقابلہ کسی سے نہیں دنیا میں واحد بولر ہوں جس کا قد سات فٹ دو انچ ہے، کوشش یہی ہے کہ جو خامیاں ہیں انہیں دور کروں، میں اپنے قد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے باؤنسر مار سکتا ہوں۔

    واضح رہے کہ فاسٹ بولر محمد عرفان کو اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے لیکن دکھ اس بات کا ہے کہ وہ سری لنکا کیخلاف ون ڈے یا ٹی ٹوئنٹی سیریز نہیں کھیل سکے، وہ دعاگو ہیں کہ مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ بھی پاکستان میں شروع ہوجائے۔

    دریں اثناء فٹنس کے حوالے سے کیے جانے والے سوال پر محمد عرفان نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں وہ فٹنس مسائل سے دوچار رہ چکے ہیں لیکن امریکا کے باسکٹ بال کھلاڑی سے ملنے والی ٹریننگ اب تک فائدہ پہنچا رہی ہے جس کی وجہ سے وہ خود کو کافی بہتر محسوس کرتے ہیں۔

    ڈائٹ پلان کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ دوسروں کے برعکس میں زیادہ کھانا کھاتا ہوں کیونکہ بلند قامت ہونے کی وجہ سے بھوک زیادہ لگتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں فاسٹ بالر نے بتایا کہ پروٹین اور کیلشیئم کا لیول برقرار رکھنے کیلئے دن بھر میں چار  کلو دودھ پیتا ہوں، ہر دو گھنٹے بعد پھل بھی کھاتاہوں۔

  • عدالت کی کرکٹر عرفان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت

    عدالت کی کرکٹر عرفان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت

    لاہور: عدالت نے کرکٹر محمد عرفان کا نام مشروط طور پرایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدایت کر دی‘ محمد عرفان کا کہنا تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں آج بروز جمعرات جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی ‘ جس میں کرکٹر محمد عرفان نے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی نے انہیں سپاٹ فکسنگ کے تمام الزامات سے بری کر دیا ہے لہذا ان کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ سپاٹ فکسنگ کیس میں چھ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا تھا ‘تاہم اب الزامات سے بری ہونے کے باوجود ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں رکھنا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔

    انہوں نے عدالت کو بتایا کہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب جانا چاہتے ہیں لہذا عدالت ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے خارج کرنے کا حکم دے۔

    دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بورڈ نے درخواست گزار کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نہیں ڈلوایا۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب داخل کرنے کے لئے مہلت کی استدعا کی اور کہا کہ اگر عدالت کرکٹر عرفان کو ایک مرتبہ بیرون ملک جانے کی اجازت دیتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ‘ جس پر عدالت نے کرکٹر محمد عرفان کا نام مشروط طور پرایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی ہدائت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

    ای سی ایل سےنام نکالا جائے‘ محمد عرفان کی درخواست* 

    یاد رہے کہ محمد عرفان کی جانب سے گزشتہ ماہ دائر کردہ درخواست میں وفاقی حکومت‘ پاکستان کرکٹ بورڈ‘ ایف آئی اے سمیت دیگرکو فریق بنایا گیا تھا۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی سی بی نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ان کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کیا، حالانکہ انہوں نے کبھی ملکی مفاد اور نیک نامی کے خلاف کوئی کام کیا نہ ہی کبھی اسپاٹ فکسنگ میں ملوث رہے۔اس کے باوجود انہیں چھ ماہ تک معطل رکھا گیا۔

    محمد عرفان کا کہنا ہے کہ اب معطلی ختم ہو چکی ہے اور وہ قائداعظم ٹرافی بھی کھیل رہے ہیں، الزامات سے بری ہونے کے باوجود ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا ۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشتہ ازدواج میں منسلک

    ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رشتہ ازدواج میں منسلک

    لندن: سیف گیمز دوہزارسولہ میں پاکستان کا سر فخر سے گزرنے والے گولڈ میڈلسٹ ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عرفان رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ہاکی لیگ کھیلنے کے لیے موجود اولمپیئن محمد عرفان نے برمنگھم میں نکاح کیا ہے، دلہن کا نام عائشہ شفیق ہے جو چارٹرڈ اکاؤنٹ کی تعلیم مکمل کررہی ہیں۔

    نکاح کی رسم کے موقع پر دلہا نے تھری پیس سوٹ پہنا ہوا ہے جبکہ گلابی رنگ کے لباس میں ملبوس دلہنانتہائی خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں ۔

    محمد عرفان کا کہنا ہے وہ شادی کی دیگر رسومات رواں سال کے آخر میں پاکستان آکر ادا کرنے کے خواشمند ہیں‘ تاکہ دوست احباب اور رشتہ دار بھرپور طریقے سے شرکت کرسکیں۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگریہ خبر آپ کو پسند آئی ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پرشیئرکریں۔

  • سٹے باز نے 40 لاکھ روپے کی پیشکش کی، خالد لطیف، بیانات ریکارڈ

    سٹے باز نے 40 لاکھ روپے کی پیشکش کی، خالد لطیف، بیانات ریکارڈ

    اسلام آباد: پاکستانی کرکٹرز خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کے سامنے جرم تسلیم کرنے سے انکار کردیا اور کہا ہے کہ بکیز نے رابطہ ضرور کیا لیکن ہم نے ان کی پیشکش ٹھکرا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے بابر خان نے بتایا کہ پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کھلاڑیوں خالد لطیف اور محمد عرفان نے ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم کے روبرو پیش ہوکر اپنا بیان قلم بند کرادیا۔

    بیان میں دونوں کھلاڑیوں نے صحت جرم سے انکار کیا اور کہا کہ بکیز سے رابطے ضرور ہوئے تاہم بکیز کی آفرز انہوں نے اسی وقت مسترد کردیں، دونوں کھلاڑیوں نے ایک ہی جیسا بیان دیا اور وہی بیان دہرایا جو انہوں نے پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے دیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ خالد لطیف نے ایف آئی اے کے سامنے پیش ہوکر بیکز سے رابطوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ بکی نے 40 لاکھ روپے کی پیشکش کی لیکن آفر کو ٹھکرا دیا۔

    اسی طرح محمد عرفان نے بھی رابطوں کا اعتراف کیا اور کہا کہ والدہ بیمار تھیں جس کی وجہ سے بورڈ کو آگاہ نہ کرسکا۔

    مزید پڑھیں:اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں پرتاحیات پابندی لگائی جائے‘ مصباح الحق

    ایف آئی اے نے دو مزید کرکٹرز شرجیل خان اور شاہ زیب حسن کو بیان کے لیے کل طلب کیا گیا ہے جب کہ  ناصر جمشید کو بھی نوٹس دیا ہے لیکن و ہ بیرون ملک ہونے کے سبب پیش نہ ہوسکے۔

    کل مزید دو کرکٹرز کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد ان کے موبائل فون اور لیپ ٹاپ کا ریکارڈ دیکھا جائے گا اور تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جائےگا۔

    دریں اثنا آج ہی وزیر داخلہ کے حکم پر پانچ کھلاڑیوں کے نام ای سی ایل میں ڈال دیے گئے ہیں تاکہ وہ بیرون ملک فرار نہ ہوسکیں۔

    اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹرز کے نام ای سی ایل میں شامل

  • اسپاٹ فکسنگ کیس: محمد عرفان نے بکیز سے رابطوں کا اعتراف کرلیا

    اسپاٹ فکسنگ کیس: محمد عرفان نے بکیز سے رابطوں کا اعتراف کرلیا

    لاہور : پی ایس ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کے ایک اہم کردار محمد عرفان نے پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔ انہوں نے بکیز کی جانب سے پیشکش کا اعتراف کیا اور یہ بھی مانا کہ رپورٹ نہ کرنے کی غلطی ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق لمبے قد کی وجہ سے نمایاں بولر محمد عرفان لمبے پھنس گئے،اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عرفان نے اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنا بیان ریکارڈ کرادیا.

    اپنے بیان میں انہوں نے اعتراف کیا کہ پانچ مرتبہ اسپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی، لیکن اسے قبول نہیں کیا، انہوں نے بتایا کہ بکیز نے جب مجھ سے رابطہ کیا تو تب میرے والدین کی طبیعت ناساز تھی، والدین کے انتقال کی پریشانی کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ نہ کرسکا۔

    مزید پڑھیں : جس نے کرپشن کی وہ کیریئر ختم سمجھے، شہریار خان

    وجہ بتاتے ہوئے عرفان جذباتی ہو گئے اور کہا کہ ستمبر میں والد فوت ہوئے اس کے بعد والدہ بیمار ہوگئیں پھر وہ بھی جنوری میں اللہ کو پیاری ہو گئیں، خبر سن کرآسٹریلیا کے دورے سے واپس آنا پڑا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ذہنی دباؤ تھا اس لئے رپورٹ نہ کرسکا، اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ میں نے جرم کیا ہے جس کا اعتراف کرتا ہوں پرغلط کام نہیں کیا۔

    فکسنگ کی پیشکش قبول نہیں کی۔ نہ ہی کبھی فکسنگ کی۔ معافی مل گئی تو سبق سیکھوں گا۔ یونٹ نے محمد عرفان کے بیان کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ کرلی ہے جو ٹریبیونل کے سامنے پیش کی جائیگی۔

  • کراچی میں نوجوان نے ’درخت ‘کی زندگی بچالی

    کراچی میں نوجوان نے ’درخت ‘کی زندگی بچالی

    کراچی: شہر ِ قائد میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے سرگرم ایک نوجوان نے ایک سرسبز و شاداب درخت کو کٹنے سے بچالیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے محمود آباد میں محمد عرفان نامی ایک نوجوان نے موبائل شاپ کے باہر اگےتناور درخت کو کٹنے سے بچالیا۔

    محد عرفان کے مطابق جب اس نے درخت کو کاٹنے کی وجہ پوچھی تو دوکاندار نے بتایا کہ اس درخت کے سبب ہماری دوکان کا سائن بورڈ درست طریقے سے نظر نہیں آرہا جس کی وجہ سے وہ اس درخت کو کاٹ رہا ہے۔

    irfan-post-1
    تصویر بشکریہ محمد عرفان

    دوکاندار کے جواب پر نوجوان نے کہا کہ یہ کوئی معقول وجہ نہیں اور احتجاج کرنا شروع کردیا‘ جس میں محلے کےدیگر افراد بھی شریک ہوگئے اور مجبوراً دوکاندار کو اپنا ارادہ ملتوی کرنا پڑا ۔

    خیال رہےکہ دنیا بھر میں درخت شدید خطرات کا شکار ہیں اوران کے تحفظ کے لیے اقوام متحدہ نے عالمی مقاصد بھی طےکیے ہیں اور پاکستان اس عالمی معاہدے میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ کسی بھی ملک کے قدرتی آب و ہوا کو برقرار رکھنے کے لیے کل رقبے کا25فیصد جنگلا ت پر مشتمل ہونا چاہیے بصورت دیگر اس ملک کو سنگین ماحولیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

    irfan-post-2
    تصویر بشکریہ محمد عرفان

    بد قسمتی سے پاکستان جو کہ ایک انتہائی زرخیز ملک ہے ‘ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق محض پانچ فیصدر قبہ جنگلات سے ڈھکا ہوا ہے اور شہری آبادی میں بھی شجر کاری کو لے کرخاص رغبت نہیں پائی جاتی جس کے سبب بالخصوص شہروں کا موسم تیزی سے تبدیل ہورہا ہے اور درجہ حرارت میں اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔

    واضح رہے کہ اسلام جو کہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے چودہ سو سال قبل بلاضرورت درخت کاٹنے سے منع کرچکا ہے اور نا صرف یہ کہ اپنے بلکہ دشمن کے علاقے کے درخت کی حفاظت کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

  • محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا جاسکتا ہے، وقاریونس

    محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا جاسکتا ہے، وقاریونس

    ایڈیلیڈ : آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کوارٹرفائنل کیلئے ٹیم میں لیگ اسپنر یاسر شاہ کو شامل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ کینگروز سے مقابلے کے لئے بہترین ٹیم میدان میں اتاریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے خلاف بڑا میچ اور بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔ یاسر شاہ کی سوئی ہوئی قسمت کوارٹرفائنل میں جاگ سکتی ہے۔ کوچ وقار یونس نے لیگ اسپنر کے نام پر غورشروع کردیا۔

    محمد عرفان کی جگہ یاسر شاہ کو موقع مل سکتا ہے۔ ایڈیلیڈ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا مضبوط حریف ہے۔

    مقابلہ سخت ہوگا۔ کینگروز کو پہلے بھی ہراچکے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے میچ کی طرح کھیلے تو جیتا جاسکتا ہے۔ وقار یونس نے کہا کہ محمد عرفان کی انجری نقصان بڑا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ہیڈ کوچ وقار یونس  کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کیلئے ایک دن اچھا آنا ہے اور ہوسکتا ہے وہ دن جمعے کا ہی ہو۔

  • فاسٹ بولر محمدعرفان انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر

    فاسٹ بولر محمدعرفان انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر

    ایڈیلیڈ: پاکستان بولنگ لائن کے اہم ستون محمد عرفان انجری کی وجہ سے کرکٹ ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کیخلاف کوارٹر فائنل سے قبل پاکستان ٹیم کیلئے یہ خبر بڑا دھچکا ثابت ہوئی ہے۔

    پاکستانی فاسٹ بولر محمد عرفان انجری کے باعث اب ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے اور اس کی تصدیق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی کردیا،  ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ محمد عرفان ورلڈکپ میں مزید نہیں کھیل سکیں گے اور وطن واپس بھیجا جارہا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان کچھ دیر میں پی سی بی کردے گا اور اسے قومی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔

    ایڈیلیڈ میں محمد عرفان کا مسلسل دوسرا ایم آر آئی ٹیسٹ ہوا جسکی رپورٹ اطمینان بخش ثابت نہیں ہوئی،عرفان کو کولہے کی شدید انجری ہوئی ہے جس سے صحت یاب ہونے میں وقت لگے گا، جہاں تک پاکستان ٹیم کا سفر جاری رہیگا، فاسٹ بولر کی کمی شدت سے محسوس ہوگی۔

    یو اے ای کیخلاف میچ کے دوران محمد عرفان کولہے کی انجری کا شکار ہوئے، جنوبی افریقہ کیخلاف میچ کھیلا لیکن آئرلینڈ کیخلاف انھیں آرام کرایا گیا تھا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر کو وطن واپس بلالیا ہے، متبادل کھلاڑی کا فیصلہ کوارٹر فائنل کے بعد کیا جائیگا۔

    نوید اکرم چیمہ نے بتایاکہ تاحال محمد عرفان کے متبادل کا فیصلہ نہیں ہوسکالیکن یہ واضح ہوگیاکہ محمدعرفان مزید سکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے ، ذرائع نے بتایاکہ محمد عرفان کی جگہ احسان عادل کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

    اب آسٹریلوی ٹیم پر کم دباؤ ہوگا کینگروز بھی شاید بلا خوف و خطر کوارٹر فائنل کھیلیں گے، کیونکہ محمد عرفان میدان میں قدم نہیں رکھیں گے۔

  • محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    محمد عرفان کی آسٹریلیا کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    ایڈیلیڈ: آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل سے قبل پاکستان کو دھچکا لگ گیا، طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان کی میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ڈو اینڈ ڈائی میچ سے قبل شاہینوں کو بڑا دھچکالگ گیا، سات فٹ ایک انچ قد کے مالک محمد عرفان کولہے کی انجری سے تاحال صحت یاب نہ ہوسکے۔

    فاسٹ بالر کی آسٹریلیا کیخلاف ناک آؤٹ میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ ایڈیلیڈ میں محمد عرفان کاایم آر آئی ٹیسٹ کرا لیاگیا ہے،تاہم ابھی تک اس کی رپورٹ سامنے نہیں آئی ۔

    ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی انجری شدید نوعیت کی ہے انہیں مکمل طور پر ٹھیک ہونے میں دو ہفتے لگ سکتے ہیں۔انجری کے باعث محمد عرفان آج ہونے والے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

    ایم آر آئی ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ محمد عرفان آسٹریلیا کیخلاف کوارٹرفائنل کھیلیں سکے گے یا نہیں۔

    محمد عرفان عالمی کپ کے پانچ میچز میں آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں،واضح رہے  کہ فاسٹ بالر محمد عرفان یو اے ای کیخلاف میچ مں کولہے کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔

  • یو اے ای کے خلاف عرفان انجرڈ، صرف 3 اوورز کراسکے

    یو اے ای کے خلاف عرفان انجرڈ، صرف 3 اوورز کراسکے

    نیپئر : یو اے ای کے خلاف میچ میں پاکستان کو بڑا جھٹکا لگ گیا، فاسٹ بولر محمد عرفان انجری کا شکار ہوگئے۔

    محمد عرفان دو اوورز کرانے کے بعد پھسل گئے جس کے بعدمیچ میں وہ صرف مزید ایک اوور ہی کراسکے۔

     عرفان نے تین اوورز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کی، جنوببی افریقہ کے خلاف اہم میچ سے پہلے عرفان کی انجری نے ٹیم کو بڑا جھٹکا دے دیا ہے۔

     اس سے قبل بھی عرفان انجری مسائل کا شکار رہ چکے ہیں۔ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ کا کہنا ہے کہ عرفان کی انجری معمولی ہے۔ امید ہے وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔