Tag: muharram-processions

  • محرم الحرام کا آغاز، پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذ

    محرم الحرام کا آغاز، پنجاب بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، دفعہ 144 نافذ

    محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی پنجاب بھر میں سخت سیکیورٹی انتظامات کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ لاہورسمیت صوبہ بھر میں 25 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی پر مامور کئے جائیں گے، جبکہ لاہور میں یکم محرم کو 2600 سے زائد پولیس افسران و اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔

    ترجمان پولیس کے مطابق پنجاب میں آج 96 جلوس، 3253 مجالس منعقد ہو رہی ہیں جبکہ لاہورمیں 10 جلوس اور 402 مجالس کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے باعث پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ 32 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار پولیس کو سیکیورٹی میں معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

    آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے مطابق محرم کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، دفعہ 144 کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے گا، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور اشتعال انگیز مواد پر مکمل پابندی عائد ہے۔

    اُنہوں نے کہا کہ جلوس و مجالس صرف طے شدہ روٹس اورمقامات پر منعقد کرنے کی اجازت ہوگی، سیف سٹیز کیمروں اور ضلعی کنٹرول رومز سے نگرانی کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ڈولفن، ٹریفک پولیس سمیت تمام فورسز کو تعینات کیا گیا ہے، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا۔

    کراچی میں مذہبی جماعت کی ریلی، ٹریفک پلان جاری:

    کراچی میں آج یکم محرم الحرام کو مذہبی جماعت لسبیلہ چوک سے ریگل چوک تک ریلی نکالے گی، اس حوالے سے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

    مذہبی جماعت کی ریلی اور اس سلسلے میں ٹریفک پلان سے آگاہ کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک کو لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ اور تین ہٹی کی جانب موڑا جائیگا، یونیورسٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو پیپلز چورنگی جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ترجمان ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ٹریفک کو جیل چورنگی پل سے کشمیر روڈ جانے کی اجازت ہوگی، سوسائٹی سگنل سے آنے والا ٹریفک کشمیر روڈ بھیجا جائیگا۔

    ٹریفک پولیس نے بتایا کہ فریسکو سے ریگل چوک کی جانب ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، فریسکو چوک سے ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ کی جانب بھیجا جائے گا۔

    محرم الحرام میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند ہوگی یا نہیں ؟ بڑی خبر آگئی

    ترجمان نے بتایا کہ تبت سینٹر سے ریگل چوک کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، تبت سینٹر سے ایم اے جناح روڈ استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

  • بربریت کی انتہا  ، بھارتی فوج  کا  مقبوضہ وادی میں عزاداران پر بدترین تشدد، نوجوان کو گاڑی تلے روند ڈالا

    بربریت کی انتہا ، بھارتی فوج کا مقبوضہ وادی میں عزاداران پر بدترین تشدد، نوجوان کو گاڑی تلے روند ڈالا

    سری نگر : بھارتی فوج نےمقبوضہ کشمیر میں بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محرم الحرام کا جلوس نہ نکلنے دیا اور عزاداران کو بدترین تشدد بنایا جبکہ نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، بھارتی فوج نے محرم الحرام کے جلوس میں عزاداران پر تشدد کیا اور پیلٹ گن سےکئی نوجوان کو زخمی کردیا جبکہ درجنوں کشمیری نوجوانوں کو بھی گرفتار کرلیا۔

    اس دوران بھارتی فورسز نے ایک نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا، اس موقع پر موجود میڈیا  نمائندگان نے کوریج کرنے کی کوشش کی تو بھارتی فورسز کی جانب سے صحافیوں پر لاٹھی چارج کیا گیا اورکیمرے توڑدیئے گئے۔

    بھارت کی قابض فورسز کی جانب سے ریاستی دہشت گردی پر حریت رہنماعبدالحمیدلون نے درعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیرمیں مذہبی تہوارمنانےکی بھی اجازت نہیں، وادی میں جلوس پربھارتی فوج کاتشدد قابل مذمت ہے۔

    عبدالحمیدلون کا کہنا تھا کہ سری نگرمیں بھارتی قابض فوج نےبربریت کی انتہا کردی ہے، نوجوان کوبھارتی فوج نےگاڑی سےکچلنے کی بھی کوشش کی، پیلٹ گن سےکئی نوجوان بری طرح سےشدیدزخمی ہوئے جبکہ بھارتی فوج نےدرجنوں کشمیری نوجوانوں کوگرفتارکیاہے۔

    دوسری جانب حریت رہنما کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد ہے، بھارتی فوج نےلوگوں کو گھروں تک محدود کر رکھا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں مذہبی اجتماعات پر پابندی لگا رکھی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں مذہبی رسومات پر پاپندی عائد نہیں ہوتی، بھارتی فوج نے ایک نوجوان کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا، کشمیریوں کو اپنی مرضی سے سانس لینے کا حق بھی نہیں۔