دبئی : سابق صدر پرویز مشرف نے دبئی میں سیاسی ملاقاتیں شروع کردیں، مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری شجاعت حسین اور مونس الہٰی نے سابق صدر پرویز مشرف سے ملاقات کی، انہوں نے دبئی میں موجود پیر پگارا سے بھی رابطہ کیا.
تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کے سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ہے۔ پرویز مشرف سے ان کی رہائش گاہ پر چودھری شجاعت حسین اور پرویزالہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی نے ملاقات کی.
ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرغور خوص کیا گیا، ذرائع کے مطابق اپوزیشن کومتحد کرنے اورپاناما لیکس پر حکومت پردباؤ بڑھانے پر بھی بات چیت ہو ئی۔
ذرائع کا کہنا ہے سابق صدر پرویزمشرف نے مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا جو ان دنوں دبئی میں ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات بھی متوقع ہے۔
راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جنرل قمر باجوہ نے باکسر محمد وسیم کی بھی حوصلہ افزائی کی۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون کواہم قرار دے دیا۔ جنرل قمر باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر پر واضح کردیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی تعاون اہمیت کا حامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ نے برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
برطانوی ہائی کمشنر نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیا۔
علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ورلڈ باکسنگ سلورفلائی ویٹ چیمپئن محمد وسیم نے بھی ملاقات کی۔ جنرل باجوہ نے بہترین کارکردگی پر باکسر محمد وسیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ توقع ہے کہ وطن کے دیگر نوجوان بھی محمد وسیم کی طرح ملک کانام روشن کریں گے۔
کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے نواز لیگ سندھ کے دفتر کا دورہ کیا، میئرکراچی کا سینٹرنہال ہاشمی اورامان اللہ آفریدی نے پر تپاک استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق میئرکراچی وسیم اختر کراچی کی تعمیر اور ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے کا عزم لے کر نواز لیگ سندھ کے دفتر پہنچ گئے، جہاں ان کا لیگی رہنماؤں نے پھولوں کے ہار پہنا کراستقبال کیا، وسیم اختر کے ساتھ اظہاراحمد خان،اسلم آفریدی اور ضلع شرقی کے چیئرمین معید انوراوردیگربھی موجود تھے۔
ملاقات میں میئرکراچی اور نواز لیگ کے رہنماؤں نے کراچی کی ترقی کیلئے مل جل کرکام کرنے کا عزم کیا۔ اس موقع پروسیم اختر کا کہنا تھا کہ مسائل زیادہ ہیں اور وسائل کم لیکن ہمت نہیں ہاروں گا، وزیراعظم کو چاہئے وہ کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے امید ہے وہ اختیارات دلانے میں کردار ادا کریں گے، سینیٹر نہال ہاشمی نے میئر کراچی وسیم اخترکو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کی شروع کی جانے والی 100روزہ صفائی مہم کابھی خیرمقدم کرتےہیں، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل اور بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات کے حصول کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے ہر جماعت سے رابطہ کریں گے۔
خوشی ہے کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کے مسئلے پر نواز لیگ سمیت دیگر جماعتیں ایک صفحے پر ہیں۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی نے سابق گورنر سندھ کو ان کی رخصتی کے بعد ان کی پارٹی پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دہشت کی علامت قرار دیا تھا۔ لیکن آج سینیٹر نہال ہاشمی نے اسی پارٹی کے میئر کا استقبال پھولوں سے کیا۔
کراچی : شہر قائد کے میئر وسیم اختر اے این پی کے مرکزی رہنما شاہی سید کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔ اے این پی کے رہنماؤں نے میئر کراچی کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی حریف کراچی کے مسائل کے حل کے لئے مل بیٹھے۔ میئر کراچی وسیم اختر اختلاقات کو بالائے طاق رکھ کر عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما شاہی سید کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔
اس موقع پر اے این پی کے یونس بلوری، امیر نواب، رانا گل آفریدی اور عبدالمالک نے میئر کراچی کا استقبال کیا۔ میئر کراچی وسیم اختر اور اے این پی رہنماؤں کے درمیان بلدیاتی مسائل پر تبادلہ خیال اور شہری مسائل مل کر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
دونوں پارٹیوں نے باہمی رابطوں کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ ساڑھے آٹھ سال ہوگئے، کراچی کی حالت جوں کی توں ہے، ہم ان پر کیسے اعتبار کرلیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کراچی کا میئر ہوں, میرا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں، تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کرسب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میری وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ سے مؤدبانہ گذارش ہے کہ کراچی کے مسائل ہم سب کے سامنے ہیں ہم یہاں سے منتخب ہوکر آئے ہیں، میرے ساتھ اے این پی کے چیئرمین وائس چیئرمین اورکونسلرز بھی ہیں ہم مل کر اس شہر کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں لہٰذا کراچی والوں کو ان کا حق ملنا چاہیئے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ساتھ چلنے سے شہر کے مسائل سو فیصد نہ سہی 70 فیصد تو حل ہوں گے ہی انہوں نے کہا کہ کاش کراچی کے کچرے کے مسئلے پر ہی ہم سے مشورہ کرلیا ہوتا ہمارے پاس ٹیم اور وسائل ہیں ہم خود شہر سے کچرا صاف کر سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں وسیم اختر نے پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما عمران اسماعیل کو بھی ٹیلی فون کیا اور ان سے کراچی کے مسائل کے حل کیلیے تعاون کی درخواست کی۔
کابل : افغان مونا لیزا شربت گلہ لئی اپنے وطن افغانستان پہنچ گئی، افغانستان کے صدر اشرف غنی نے شربت گلہ اور اس کے بچوں سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق سبز آنکھوں سے عالمی شہرت پانے والی افغان مونا لیزا شربت گلہ لئی پاکستانی جیل میں پندرہ دن کی سزا کاٹ کر افغانستان پہنچ گئی۔ اسے گزشتہ شب انتہائی سخت سیکیورٹی میں طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔
بعد ازاں افغان صدر اشرف غنی نے ایوان صدرمیں شربت گلہ سے ملاقات کی۔ پاکستان سے جعلی شناختی کارڈ کے الزام میں ڈی پورٹ کی جانے والی شربت گلہ اپنے بچوں کے ہمراہ ایوان صدر پہنچی تو افغان صدراشرف غنی اور ان کے اہل خانہ نے استقبال کیا۔
افغان صدر اشرف غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شربت گلہ افغانستان کی پہچان بنی۔ اس موقع پر ان کی جانب سے شربت گلہ اور اس کے بچوں کورہائش کے لیے فرنشڈ اپارٹمنٹ کی چابی دی گئی۔
افغان مونا لیزا کو جعلی پاکستانی شناختی کارڈ بنانے کے جرم میں ایف آئی اے حکام نے گرفتار کیا تھا۔ عدالت نے شربت گلہ کو 15 روزہ قید اور ایک لاکھ روپے کے جرمانے اور ملک بدری کی سزا سنائی تھی۔
لاہور : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پنجاب میں پلان پر عمل درست طریقے سے آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کا کہنا ہے کہ صوبے میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی اداروں کے خلاف ڈان اخبار کی من گھرٹ خبر کی تحقیقات کے معاملے پرحکومتی ایونوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے درمیان اٹھارہ گھنٹے کے دوران دوسری ملا قات ہوئی ہے، جس میں ڈان لیکس سمیت پاناما کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اورسکیورٹی صورتحال پربھی گفتگوکی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے رات کی تاریکی کے بعد صبح کے اجالے میں بھی مشاورت کی، ذرائع کے مطابق اہم ملاقات میں ڈان لیکس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے اس معاملے پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت کا بغور جائزہ لیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
دونوں رہنماء اس پر متفق تھے کہ دھرنوں سے ملک کی معشیت کو نقصان ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی بھی صورت افراتفری اور انتشار کی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ بعض سیاسی عناصر کی جانب سے ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش بری طرح ناکام ہوئی ہے اور عوام نے ثابت کیا ہے کہ وہ کسی کو بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ نہیں روکنے دیں گے۔
چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اطمینان بخش ہے۔ متنازع خبر کے معاملے پر دونوں رہنما چند روز پہلے آرمی چیف کے ساتھ بھی نشست لگا چکے ہیں۔
وزارت داخلہ کےحکام نے بیٹھک کو گزشتہ روز کی ملاقات کا تسلسل قرار دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشر یف اورچوہدری نثارعلی خان نے پاناما کیس پربھی تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی اورسکیورٹی صورتحال پربھی گفتگوکی گئی۔
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کا دھرنا ناکام بنانے کیلئے حکومت نے پیپلزپارٹی سے مدد مانگ لی، اسحاق ڈار کی قیادت میں تین رکنی وفد نے خورشید شاہ کی رہائش گاہ پرآمد ملاقات کی، پاناما لیکس اور پی ٹی آئی کے دھرنے پرتبادلہ خیال کیا گیا، پیپلزپارٹی کے وفد نے حکومت کی حمایت کو بلاول بھٹو کے چار مطالبات کی منظوری سے مشروط کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر سنیٹر حاصل بزنجو پر مشتمل وفد نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی، اس موقع پرسنیٹر چوہدری اعتزاز احسن اور قمر زمان کائرہ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں پانامہ لیکس کی تحقیقات، پی ٹی ائی کا دو نومبرکو اسلام آباد میں ہونے والا دھرنا اور اپوزیشن کے ٹی او ارز اور دیگر اہم ملکی اورسیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے حکومتی وفد کو دو ٹوک الفاظ میں بتایا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جو چار نکات حکومت کے سامنے رکھے ہیں اور یہی ہمارا روڈ میپ ہے اور اسی روڈ میپ کے ذریعے اگے بڑھا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد : دو نومبر کو اسلام آباد جام کرنے کیلئے تحریک انصاف کے اراکین ہم خیال جماعتوں کو ہمنوا بنانے کیلئےسرگرم ہیں، اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے پرویزالہٰی سے ملاقات کی، ق لیگ نے پی ٹی آئی کےمؤقف کی تائید کردی۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ق لیگ کے رہنما پرویزالہٰی سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے، انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی صحت ٹھیک نہیں علاج کیلئے جرمنی میں ہیں۔ان کی تیمارداری کیلئے بھی آئے ہیں۔
ملاقات میں پاناما لیکس کی تحقیقات اور ملک کی سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الہیٰ سے 4 نکات پر بات چیت ہوئی ہے، ق لیگ نے پی ٹی آئی کے مؤقف کی تائید کی ہے، شاہ محمود قریشی نے دھرنے کی حمایت کرنے پر چوہدر ی برادران کا شکریہ ادا کیا اور دھرنے میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے پی ٹی آئی اور ق لیگ کا مؤقف ایک ہے، جبکہ موجودہ حکمران اور نریندر مودی ایک پیج پر ہیں، اداروں کی حفاظت اور پاکستان کی سلامتی کی بات ہو تو پی ٹی آئی کا ساتھ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت اور پی ٹی آئی ایک پیج ہے۔ ٹی او آرز کے معاملے پر ق لیگ اور تحریک انصاف کا موقف یکساں تھا تحریک انصاف کا موقف ہر مسلم لیگی کے دل کی آواز ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جماعتوں کوبھی ایک پیج پر ہونا چاہیئے۔جو کام اداروں اور پاکستان کی حفاظت کے لئے عمران خان کررہے ہیں۔اس میں ہم سب کو ساتھ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے مسلم لیگ ق کے انتخابات میں چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی جس میں کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں قومی سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور ملکی صورتحال سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے وزیر اعظم کو معروف انگریزی اخبار ڈان نیوز میں شائع والی متنازعہ خبر پر کورکمانڈرز اور فوج کی تشویش سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں ملک کےخلاف کسی بھی جارحیت کامنہ توڑجواب دینے پربھی اتفاق کیا گیا جب کہ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں سے آگاہ کیا۔
سیاسی اور عسکری ملاقات سے پہلے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی اور انہیں متنازعہ خبر کی تحقیقات سے آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ڈان نیوز میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول ملٹری تعلقات میں تلخی کے حوالے سے متنازع خبر شائع کی گئی تھی جس پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلاول ہاوٴس میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور انہیں حالیہ دورہ اسلام آباد اور وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں سندھ کے مسائل کی طرف توجہ دلانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چیئرمین کو مون سون کے موسم کے دوارن اور امکانی سیلاب سے بچنے کے لیے تا حال اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں جاری بارشوں کے دوران کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے انہوں نے اپنی ٹیم تیارکررکھی ہے۔
بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ وہ خود میڈیا، پارٹی رہنماوٴں اور کارکنان کے ذریعے صورتحال کو مانیٹرکررہے ہیں، انہوں نے حکومت سندھ پر زور دیا کہ وہ الرٹ رہے کیونکہ حکومت سندھ کو بارش کے بعد سیلابی صورتحال سے بھی نمٹنا ہے اور پھر اس پانی کی سمندر میں نکاسی کو بھی یقینی بنانا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ وہ وفاقی حکومت سے رابطہ کرکے بارش کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے پر زور دیں تا کہ عوام کی تکالیف کم ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہاتوں سے بارش کے پانی کی وقت پر نکاسی کی جائے تاکہ معمولات زندگی متاثر نہ ہوں۔