Tag: Multan

  • ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    ادویات کے تاجروں نے کل بروزپیرہڑتال کا اعلان کردیا

    کراچی / ملتان : ہومیو اور ہربل ادویات کا کاروبار کرنے والے تاجروں نے کل ہڑتال اعلان کردیا، ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رہیں گی، ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نےترامیم واپس نہ لیں توغیرمعینہ مدت تک ہڑتال ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم ڈرگ ایکٹ کے خلاف پیر کو ملتان کے بعد کراچی میں بھی تمام میڈیسن مارکیٹیں بند رکھی جانے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں پی سی اے،پی پی ایم اے، پی پی اے،پی ڈی اے، سی پی اے سمیت ہول سیل کیمسٹ کونسل بھی شریک ہوگی، غیرمعینہ مدت کے ہڑتالی بینر میڈیسن مارکیٹوں میں آویزاں کر دیئے گئے۔

    اس حوالے سے ہول سیل کیمسٹ کونسل آف پاکستان کے صدر عاطف بلو نے اعلان کیا ہے کہ میڈیسن مارکیٹ ایم اے جناح روڈ پراحتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ حکومت نے ترامیم واپس نہ لیں تو کراچی تا خیبر ادویات کے لاکھوں تاجر غیر معینہ مدت کے لئے کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔

    وفاقی اور صوبائی حکومتیں ڈرگ ایکٹ میں کسی بھی ترامیم سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو مکمل اعتماد میں لیں، عاطف بلو کا کہنا تھا کہ پنجا ب حکو مت تا جر دشمنی کر رہی ہے۔

    دوسری جانب ملتان ہول سیل کیمسٹ کونسل کے صدر محمد اختربٹ نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈرگ رولز میں من مانی ترامیم کے خالف پیر کے روز شہر میں تمام میڈیسن مارکیٹیں احتجاجاً بند کر دی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ ڈرگ ایکٹ 2017 جیسے کالے قانون کے تحت حکومت ہزاروں افراد کا معاشی قتل کرکے میڈیسن کے کاروبار پر قبضہ کرنا چاہیتی ہے جو کہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    محمد اختر بٹ نے کہا کہ میڈیسن مارکیٹ ہڑتال کو ناکام بنانے کے لیے میڈیکل اسٹورز بند رکھنے کی صورت میں اسٹور مالکان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اگر کسی قسم کی روز زبردستی کی گئی تو حالات کی ذمہ دار انتظامیہ ہوگی۔

  • پیپلزپارٹی کو پنجاب میں پذیرائی نہیں ملے گی، شاہ محمود قریشی

    پیپلزپارٹی کو پنجاب میں پذیرائی نہیں ملے گی، شاہ محمود قریشی

    ملتان : تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت عدلیہ اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، کرپٹ لوگ بلاول زرداری کے ساتھ ہوں گے تو پنجاب میں انہیں زیادہ پزیرائی نہیں ملے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپشن معاشرے کو چاٹ رہی ہے اس کا تدارک کرنا ہوگا۔

    پی ایس ایل میں دو بڑے نامور کھلاڑیوں پر سنگین الزامات لگے ہیں، کرکٹ میں کرپشن ہوتی رہی تو ملک دشمن قوتیں فائدہ اٹھائیں گی، ان کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس میں حکومت کے وکیل کو نقطہ نظر پیش کرنے میں دقت پیش آرہی ہے۔

    حکومت عدلیہ اور عوام کو مطمئن کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ملٹری کورٹس اپنی جگہ لیکن حکومت اپنا کام بہترانداز میں نہیں کرپائی۔

    ایک سوال کے جواب میں رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ امرکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اپنے اقدامات سے اپنی عدالتوں کو بھی مطمئن نہیں کر پائے، ٹرمپ نے عوام اور اسلامی ریاستوں کی دل آزاری کی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کرپٹ لوگ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہوں گے تو پنجاب میں پیپلز پارٹی کو زیادہ پزیرائی نہیں مل سکے گی،بلاول بھٹو کا پورا حق ہے کہ وہ اپنی پارٹی کو منظم کریں۔

  • ملتان : حضرت شاہ رکن عالمؒ کا سالانہ عرس جاری

    ملتان : حضرت شاہ رکن عالمؒ کا سالانہ عرس جاری

    ملتان : اولیاء کرام کی سرزمین ملتان میں حضرت شاہ رکن عالمؒ کے سات سو تین ویں سالانہ عرس کی تقریبات جاری ہیں, ۔سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دیا۔

    تفصیلات کے مطابق برصغیر کے روحانی پیشوا۔حضرت شاہ رکن عالم کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ مزار کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی مزار کو غسل دے کر عرس کی تین روزہ تقریبات کاآغاز کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے مزار پر چادر چڑھائی اور دعا کی، اس موقع پر مذہبی سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ عرس میں ملک بھر سے زائرین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ بھارت سے اٹھارہ رکنی وفد بھی ملتان پہنچ گیا۔

    عرس کے موقع پر سیکیورٹی کےسخت انتظامات کئے گئے ہیں، مزار کے اطراف میں بائیس سو پولیس اہلکارمتعین کئے گئے ہیں۔

    پندرہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیےگئے ہیں جبکہ واک تھرو گیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لئے انتظامات کئے ہیں۔ ایمبولنس اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے ساتھ میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں۔

  • وزیراعظم کی ملتان آمد، ٹریفک جام کے باعث شہری پریشان

    وزیراعظم کی ملتان آمد، ٹریفک جام کے باعث شہری پریشان

    ملتان : وزیراعظم نواز شریف کے پروٹوکول کے باعث ملتان کے عوام رل گئے، صرف میٹرو بس چلی، باقی گاڑیاں روک دی گئیں، ٹریفک جام میں دل کے مریض کی ایمبولینس بھی پھنس گئی، گلیوں سے بھی راستہ نہ ملا، عوام کوپیدل بھی جانے نہیں دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں عوامی منصوبے کاافتتاح عوام کے لیے ہی درد سر بن گیا۔ وزیر اعظم نواز شریف ملتان میں میٹرو بس سروس کا افتتاح کرنے پہنچے تو ان کے طویل پروٹوکول کے باعث شہر کی اہم شاہراہیں بلاک ہوگئیں۔

    سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ٹریفک جام میں پھنسے لوگوں کا سوال تھا کہ وزیراعظم یہاں سہولت دینے کیلیے آئے ہیں یا چھیننے کیلیے؟

    وزیراعظم کی آمد نے ملتان والوں کی زندگی کا پہیہ جام کردیا، ٹریفک جام میں ایمبولینسوں کو اسپتال جانے کا بھی راستہ نہ ملا دل کا مریض ٹریفک میں پھنسا رہا۔ ایمبولنس ڈٖرائیور فریاد کرتا رہا، ایمبولینس کو بھیجنے کیلئے لوگ گلیوں میں بھی گئے لیکن وہاں بھی راستہ نہ تھا۔

    مزید پڑھیں : ترقی کاراستہ روکنے یادھرنے کے لئے نہیں آئے،ملتان کے عوام کو حق دینے آئے ہیں، وزیراعظم

     بہاء الدین ذکریا یونیورسٹی تک سڑک بند تھی، انتظٓامیہ کی جانب سے گاڑیوں کے ساتھ ساتھ عوام کو پیدل جانے کی بھی اجازت نہ تھی، اہلکاروں نے ایک طالبہ کو بھی جانے سے روک دیا۔
  • حکومت خوفزدہ ہے‘ 2017 میں عام انتخابات ہوسکتے ہیں: شاہ محمود قریشی

    حکومت خوفزدہ ہے‘ 2017 میں عام انتخابات ہوسکتے ہیں: شاہ محمود قریشی

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاناما کیس جس سمت میں جارہا ہے‘ 2017 عام انتخابات کا سال ثابت ہوسکتا ہے۔

    اے آروائی نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم سبزپاسپورٹ کی قدروقیمت چاہتے ہیں اوراس کے لیے تحریک انصاف سڑکوں پرعوامی عدالت میں آتی رہے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت پانامہ کیس کے نتائج سے خوفزدہ ہے اوراسی لیے وہ آئے دن جلسے کررہے ہیں۔


     شاہ محمود قریشی جون 1956 کو پیداہوئے‘ ان کا تعلق ملتان کے ایک بااثر، جاگیردار اورروحانی خاندان سے ہے۔انہوں نے ایچی سن اورفورمین کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور اس کے بعد برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری  بھی حاصل کی۔

    مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنی سیاست کا آغازسن 1985 میں مسلم لیگ ن کے ساتھ کیا۔ وہ  موجودہ وزیراعظم نوازشریف کے  قریبی ساتھی تھے۔1990 ممیں انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکی اورپیپلز پارٹی اوران کا ساتھ 2011 تک قائم رہاجس کے بعد شاہ محمود قریشی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔

    مذکورہ بالا دونوں جماعتوں سے وابستگی کے دوران وہ اہم عہدوں پر فائز رہے۔

    shah-mehmood-post-1

    شاہ  محمود قریشی تین بار1985، 1988 اور1990 میں پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔ وہ صوبائی وزیرِ خزانہ کے عہدے پر بھی فائز رہے۔

    بعد میں انہوں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی اور سن1993 میں رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد، بینظیر بھٹو کے دوسرے دورِ وزارت عظمی میں بطور وزیرِ مملکت برائے پارلیمانی امورکی حیثیت سے کابینہ کا حصہ بنے۔

    سن1997 کے انتخابات میں انہیں اُس وقت کے مسلم لیگ ن کے امیدوار اور روایتی حریف جاوید ہاشمی نے شکست دی۔ سن دو ہزار دو کے عام انتخابات میں قریشی اُسی نشست پر ایک مرتبہ پھر رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

    شاہ محمود قریشی ملتان کے ضلع ناظم بھی رہے لیکن سن دو ہزارسات کے عام انتخابات میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر قومی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کے لیے انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔


    اے آروائی نیوز : پانامه کیس  پرتحر یک انصاف اپنی جیت کے لئے کس حد تک پرامید ہے ؟

    شاہ محمود قریشی: ہم تو روز اول سے اپنی جیت کے لئے پرامید ہیں۔ اب تو برطانوی خبر رساں ادارے (بی بی سی)  کی رپورٹ بھی آ گئی ہے۔ میں سمجھتا ہوں که وہ دن بہت قریب ہے کہ جب ہم عوام کو جیت کی نوید سنا ئیں گے۔

    اے آروائی نیوز:  سپریم کورٹ تو اخباری تراشوں کو بطور ثبوت تسلیم نہیں کررہی ہے؟۔

    شاہ محمود قریشی : نہیں‘ نہیں! ایسا نہیں ہے۔ معززعدالت کا کہنا ہے کہ بے سروپا باتوں‘ من گھڑت خبراوربنا تحقیق کے کوئی بات ‘خبریا دلیل قابل قبول نہیں ہوگی۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے وکیل کے دلا ئل اتنے ٹھوس ہیں کہ ہمیں یقین ہے کہ انشاء اللّه عوام کی جیت دورنہیں ہے۔

    shah-mehmood-post-3

    اےآروائی نیوز : آج کل میا ں صاحب جلسوں سے بہت خطاب کر رہے ہیں کیا یہ عام انتخابات کی تیاری ہے جبکہ وہ 2018 میں ہیں. جنرل الیکشن کے سلسلے میں تحریک انصاف کی کیا تیاریاں ہیں؟۔

    شاہ محمود قریشی : یہ ہی تو نا! میاں صاحب کو پانامہ کیس میں اپنی شکست کا خوف ہے۔ وہ اس لئے اپنی سی کوشش کررہے ہیں۔ جس تیزی سے تبدیلیاں رونما ہونے والی ہیں‘ میں سمجھتا ہو ں کہ 2017 بھی جنرل الیکشن کا سال ہوسکتا ہے۔ پاکستان تحر یک انصاف ملک کو لوٹنے والوں کو جکڑ کے رکھے گی۔ ہم پاکستان کو کرپشن فری کرنے کے لیے  کمربستہ ہیں۔ عوام ہم پرا عتما د کرتے ہیں لہذاانصاف کی انشاء اللہ جیت ہوگی۔

    اے آر وائی نیوز :شاہ صاحب! آ پ پانامہ کیس پراپنی جیت کے لئے پرامید ہیں، مگر سر براہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید صاحب کا کہنا ہے که میں عمران خان کے ساتھ ایک اور دهرنا دینے کو تیار ہوں.  آپ جیت کے لیے پرامید اورشیخ صاحب دهرنے کی تیاری میں  ہیں، یہ کیا بات ہوئی؟۔

    شاہ محمود قریشی : دیکھیں! دھرنا یا عوامی احتجاج کا سلسلہ تو تحر یک انصاف پہلے دن سے کررہی ہے. ہم تو پہلے دن سے سٹرک پر ہیں. پہلے عام انتخا بات میں دھاندلی پرسراپا احتجاج تھے۔ ہم نے الیکشن کمیشن میں ریفارم اورشفاف انتخابات کے لئے عوامی تعاون سے 126 دن کا دھرنا دیا. پھرپانامہ انکشافات پرہم سٹرکوں پرآئے‘ پھرسپریم کورٹ نے اس حوالے سے سوموٹو ایکشن لیا. ہم عدالت میں چلے گے اور وہاں عوام کا مقد مہ ل رہے ہیں. مگر اس کے ساتھ ہم عوام کی عدالت میں بھی حاضر ہونا چا ہتے ہیں. کیونکہ ہم کرپشن فری پاکستان چاہتے. یہ ہمارے منشور میں شامل ہے. ہم سبز پاسپورٹ کی قدر و قیمت چا ہتے ہیں. ہماری خواہش ہے کہ بیرون ملک سرمایہ دار پاکستان آئیں۔ پاکستان کو کرپشن فری اورعوام کو اس کا حق دلانے کے لئے پاکستان تحریک انصاف سٹرکوں پرآ تی رہے گی۔

    اے آر وائی نیوز: الیکشن کیمشن کے حوالے سے بھی تو تحر یک انصاف نے پر یکٹس کی تھی. اس میں آپ کو کتنی کامیابی نصیب ہوئی؟۔

    شاہ محمود قریشی : ہمارے تین انتہائی زیرک سینئر ارکان نے یہ اہم کام سرانجام دیا ہے. شیر ی مزاری صاحبہ‘ عا رف علوی اور شفقت قریشی صاحب نے الیکشن کیمشن میں ریفارم کے حو الے سے اہم پوائنٹس متعلقہ ادارے میں بھیج دیئے ہیں. ہم سمجھتے ہیں کہ ں آئندہ انتخابات میں الیکشن کیمشن ہماری تجاویزپرعمل کرے گا۔

    اے آر وائی نیوز : شاہ جی ، آپ وزیر خا ر جہ ره چکے ہیں،  جب ملک کا فل وقتی وزیرخا رجہ نہ ہو اور اس کی جگہ مشیر سے کام چلایا جائے تو خارجہ امورپرکیا اثرات پڑتے ہیں؟۔

    شاہ محمود قریشی: وزیرخارجہ اپنے ملک کا مقدمہ بہترطریقے سے انٹرنیشنل فارم پرلڑسکتا ہے۔ ڈپلومیسی کا ایک پروٹوکول ہوتا ہے۔ مشیر کا رتبہ وزیرکے برابر نہیں ہوتااس سے ملک کو disadvantages ۔کا سامنا کرنا پڑتا ہے

    shah-mehmood-post-2

    اے آروائی نیوز : 39 مسلم اتحاد میں شمولیت اختیار کرنے سے پاکستان کی خا رجہ پا لیسی پر کیا اثرات مرتب ہوں گے ؟۔

    شاہ محمود قریشی: دیکھیں پہلی بات تو یہ ہے کہ اس سارے معا ملے کو کس نے متناز عہ بنایا ! خواجہ آصف صاحب جو اتنے سمجھدارانسان ہیں ، کیا ان کو یہ بیان زیب دیتا تھا جو انہوں نے ٹی وی چینل پربیان دیا اورپھرسینٹ میں جا کربالکل برعکس تقریرکی مشیرخارجہ سرتاج عزیزکے مطا بق فی الحال سعودی حکومت سے اس قسم کی آفرآئی ہی نہیں ہے۔ وزیر دفاع نے ایک سنی سنائی بات پراتنی حسا س نوعیت کا بیان دیدیا جو یقیناًغیرذمہ دارانہ اقدام ہے۔

    اب جہاں تک بات ہے ، اس اتحاد سے پاکستان کی خا رجہ پا لیسی پرکیا اثرات مرتب ہو گے تو اس کے لئے سب سے پہلے حکومت نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس اتحاد کا حصہ بنے گی بھی یا نہیں۔ ابھی حکومت پاکستان کی پالیسی اس سلسلے میں واضح نہیں ہے کہ آ یا وہ اس میں شا مل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔ یہ تو ہوگئی ایک بات‘ دوسری نکتہ یہ ہے کہ اس اتحاد کے کیا مقا صد ہیں؟ اس کا تفصیلی جا ئزہ لینا ضروری ہے۔ پھرپارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا بہت ضروری ہے۔ پاکستان کی نیشنل لیڈرشپ کو آ ن بورڈ لینا چا ہیے تاکہ ہم مسلم امہ کو یکجا کرسکیں.۔ کچھ قوتیں مسلم امہ کی تقسیم چا ہتی ہیں. کچھ قو تیں پاکستان میں فرقہ وا رانہ فسا د کرانا چا ہتی ہیں۔ سعودی عرب اورایران سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک سے بہترتعلقات رکھنا پاکستان کے حق میں ہے۔ ہمیں کوئی بھی فیصلہ بہت سوچ سمجھ کرکرنا ہے۔ اس میں ہمیں ہرگزیہ تا ثرنہیں دینا چا ہیے کہ اقوامِ عا لم کو یہ پیغام جائے کہ پاکستان کے دفاعی اورسو ل ادارے ایک پیج پرنہیں ہیں۔ ہمیں جلد بازی میں بیا نات دینے کے بجا ئے ، سوچ بچار سے کام لینا ہو گا۔

    اے آر وائی نیوز:  آپ پیپلزپارٹی سے طویل عرصے تک وابستہ رہے ہیں ، اپنے تجربے کی روشنی میں زرداری صاحب کی آمد اور خاموشی پر کیا کہیں گے ؟۔

    شاہ محمود قریشی : معنی خیزخا موشی ہے!  دیکھیں اس وقت پیپلز پارٹی دو حصوں میں تقسیم ہے۔ پیپلزپارٹی میں دو سوچیں پنپ رہی ہیں۔ ایک کی نمائندگی کررہے ہیں بلاول صاحب ، ا عتزاز احسن صاحب ، قمر زمان کائره اورندیم افضل چن سمیت دیگرلوگ جبکہ دوسری سوچ ہے یوسف گیلانی اور راجہ پرویز اشرف جیسے لوگوں پر مشتمل افراد کی جو مصلحت پسندی کی سوچ رکھتے ہیں. ایسے لوگوں کی کرپشن اورغلط حکمت علمی کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے پہلے بھی نقصان ا ٹھایا ، وہ اب بھی اس قسم کی سیاست کرنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ سوچ بلاول کے ہاتھ باندھناچاہتی ہے جبکہ بلاول عوام میں آ نا چا ہتے ہیں۔ لیکن مک مکا کی سیاست کی سوچ ایسا نہیں چا ہتی ہے اب فیصلہ بلاول نے کرنا ہے وہ کس طرح سے عوام تک آئے۔

    اے  آر وائی نیوز: آ ئندہ عا م انتخابات میں تحریک انصاف کی کراچی کے حوالے سے کیا حکمت عملی ہوگی ؟ آپ کو 2013 میں کراچی سے بہت پذ یرائی ملی لیکن آپ کی جماعت کراچی والوں کی امیدوں پرپوری نہیں اتری؟۔

    شاہ محمود قر یشی: ہم نے اس حوالے سے کراچی مشاورتی کو نسل بنائی ہے. اسد عمر صاحب اس کو دیکھ رہے ہیں . آپ انشاء اللّه بہت جلد کراچی میں جگہ جگہ تحر یک انصاف کی موجودگی  دیکھیں گی۔ ہم کراچی کی سو ل سوسائٹی سے رابطہ کریں گے اوربھرپورعوامی مہم کراچی میں بھی چلائیں گے۔

  • پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی

    پی آئی اے کے ایک اور اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی

    ملتان : پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک اور مسافر اے ٹی آر طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے، اے ٹی آر طیارہ ایک بار پھر بڑے حادثے سے بچ گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام اے ٹی آر طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی کی پرواز پی کے 581 ملتان سے لاہور جانے کیلیے روانہ ہونے ہی والی تھی کہ اے ٹی آر طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی۔

    طیارہ ملتان سے کراچی جا رہا تھا، واقعے کے بعد فائربریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا، اور ریسکیو کی امدادی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ذرائع کے مطابق خوش قسمتی سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام 48 مسافر محفوظ رہے۔ مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے کراچی روانہ کیا جائے گا۔ مسافروں کے مطابق انجن میں آگ لگنے کی اطلاع ہمیں فوری طور پر نہیں دی گئی۔

    پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے جہاز کا ٹائر پھٹنے کی اطلاع دی گئی تھی، جب فائر بریگیڈ کی گاڑیقاں آگئیں اس کے بعد مسافرون کو نکالا گیا۔

    مزید پڑھیں : سول ایوی ایشن کا عملہ اب جہازوں پر چھاپے مارے گا

    واقعے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فوری طور پر تمام اے ٹی آر دس طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا حکم دے دیا ہے، سول ایوی ایشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ اب کوئی اے ٹی آر طیارہ تا حکم ثانی اڑان نہیں بھر سکے گا۔

    اس حوالے سے یہ بات قابل ذکر ہے سانحہ حویلیاں کے اے ٹی آر طیارے میں بھی اڑتالیس مسافر سوا تھے۔

  • قندیل بلوچ قتل کیس : 3 ملزمان پرفرد جرم عائد، ڈرائیورضمانت پررہا

    قندیل بلوچ قتل کیس : 3 ملزمان پرفرد جرم عائد، ڈرائیورضمانت پررہا

    ملتان : عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان میں مقتولہ کے بھائی سمیت تین ملزمان شامل ہیں۔ ایک ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی ایڈیشنل سیشن عدالت نے دوران سماعت قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم وسیم سمیت 3 افراد پر فرد جرم عائد کردی ہے جبکہ ڈرائیور عبدالباسط کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔

    مقدمے میں جن 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں ملزم کا بھائی وسم، کزن حق نواز اور ٹیکسی ڈرائیور عبدالباسط شامل ہیں جب کہ عدالت نے کیس کے ایک اور ملزم ظفر کو اشتہاری قرار دے دیا۔

    قندیل بلوچ قتل کیس کے عبوری چالان میں 5 ملزمان کا تذکرہ کیا گیا ہے، کیس کی مزید سماعت 28 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    مزید پڑھیں : ماڈل قندیل بلوچ کو قتل کر دیا گیا

    واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر متنازعہ ویڈیوز سے شہرت پانے والی ماڈل گرل قندیل بلوچ کو رواں سال 15 جولائی کو اس کے بھائی وسیم نے اپنے ایک کزن حق نواز کے ہمراہ غیرت کے نام پر قتل کردیا تھا۔

  • ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیاراورفٹ ہوں، سعید اجمل

    ملتان : قومی ٹیم کے اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے لیے تیار اور فٹ ہوں، چانس ملنے پر اچھا پرفارم کروں گا۔ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ایک نجی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعید اجمل نے کہا کہ آخری ڈومیسٹک ایونٹ کھیلا ہے اور اس میں ٹاپ بھی کیا ہے، سلیکٹر صاحبان کی اپنی مرضی ہے کہ وہ مجھے سلیکٹ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جو مجھے کہا گیا تھا میں نے پورا کیا اپ ان کی باری ہے کہ مجھے کھلائیں گے تو ویسا ہی پرفارم کروں گا جیسا کہ ماضی میں کرتا آیا ہوں۔

    ایک سوال کے جواب میں سعید اجمل نے کہا کہ لاسٹ ٹیسٹ میں پاکستانی ٹیم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا اگر تھوڑے سے رنز بنالیں تو مجھے امید ہے کہ پاکستانی باؤلر اس میچ کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

    یاسر شاہ کو مشورہ دیتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ وہ اپنی لائن اینڈ لینتھ پر کنٹرول رکھیں اوراسکور روکیں، ان کا کہنا تھا کہ گرین ٹریکس ان کے لیے مدد گار ثابت نہیں ہوں گے، سعید اجمل نے کہا کہ یاسر شاہ پاکستان کا ٹاپ کلاس باؤلر ہے امید ہے کہ جیسے ہی موقع ملا وہ اچھا پرفارم کرے گا۔

  • عمران خان پسپا ہوگئے، یوم تشکر نہیں یوم تضحیک منائیں، جاوید ہاشمی

    عمران خان پسپا ہوگئے، یوم تشکر نہیں یوم تضحیک منائیں، جاوید ہاشمی

    ملتان: تحریک انصاف سے منحرف اور ن لیگ کے سابق رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اگر پہلے دھرنے میں عمران خان میری بات سن لیتے تو آج یہ دن دیکھنا نہ پڑتا، کیا سپریم کورٹ ایک رات میں کیس کا فیصلہ سنادے گی؟ عمران خان نے پسپائی اختیار کی وہ یوم تشکر نہیں یوم تضحیک منائیں۔


    یہ پڑھیں: تحریک انصاف کل یوم تشکر منائے گی


    ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلند بانگ دعوے کیے جاتے ہیں اور پھر یوم فتح اور مخالف کے یوم شکست کا اعلان کردیا جاتا ہے حالاں کہ عمران خان نے پسپائی اختیار کی۔

    جاوید ہاشمی نے کہاکہ یہ کرکٹ نہیں سیاست ہے، کرکٹ کے اصول اور ہوتے ہیں اور جب کہ سیاست کے اصول اور، سپریم کورٹ نواز شریف کو کیسے ہٹاسکتی ہے کیا اس کے پاس اختیارات ہیں؟ کیا سپریم کورٹ ایک رات میں کیس کا فیصلہ کردے گی ؟ یہاں تو پانچ پانچ سال تک کمیشن کا فیصلہ نہیں آتا، اصل میں کہیں اور سے رہنمائی نہ ملنے پر عمران نے ایسا فیصلہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے بیان دیا ہے کہ مجھے عمران خان کے لال حویلی نہ آنے کا گلہ ہے، عمران خان نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں کپتان ہوں فیصلے خود کرتا ہوں اور بےچارے شیخ رشیدکو جھاڑ پلادی،عمران خود کو عقل کل سمجھتے ہیں، ڈنڈ اور بیٹھکیں لگا لگا کر قوم کودکھاتے تھے۔

    جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران نے تو اب پاناما لیکس پر جواب مانگنا چھوڑ دیا ہے، یوم تشکر منارہے ہیں، سیاست دان وہ بن جاتے ہیں جنہیں سیاست کی الف ب نہیں پتا ، انہیں کچھ بتائیں تو ناراض ہوتے ہیں۔

    عمران خان کے یوم تشکر کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی یہ وکٹری اسٹینڈ پر نہیں پہنچے اور یوم تشکر منارہے ہیں، یہ یوم تشکر نہیں یوم تضحیک ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ثابت کردیا کہ وہ نیوٹرل ہے،آرمی چیف کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے، متنازع خبر کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ نیوز لیکس پر صرف کور کمانڈرز کے نہیں بلکہ پوری قوم کے تحفظات ہیں۔

    جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ عمران خان کی سیاست ان لوگوں کو سپورٹ کررہی ہے جو سی پیک کی تکمیل نہیں چاہتے، عمران جانتے ہوئے یا نہ جانتے ہوئے سی پیک کے خلاف سیاست کررہے ہیں۔

  • عمران خان چوردروزاے سے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، حمزہ شہباز

    عمران خان چوردروزاے سے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، حمزہ شہباز

    ملتان : مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنما اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے خمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان چوردروزاے سے وزیراعظم بننے کاخواب دیکھنا چھوڑ دیں۔

    پختونخوا والے بھی دھرنا سیاست سے پریشان ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں این اے 162 کی انتخابی مہم کے دوران پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسروں پرالزامات کی سیاست کررہے ہیں جن کا ثبوت وہ سپریم کورٹ میں پیش نہیں کر پاتے۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ پاکستان میں انتشار اور احتساب کے نام پر سیاست کو لوگوں نے مسترد کر دیا ہے، طاہر القادری تو ملک چھوڑ کر ہی چلے گئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات مین پتا چل جائے گا کہ کس نے دھرنوں کی سیاست کی اور کس نے ملکی ترقی کیلئے کام کیا۔

    وزیراعظم نواز شریف کے بھتیجے نے اپنے تایا جان کے تین مرتبہ وزیراعظم بننے کا فارمولا بتاتے ہوئے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین پہلےجیل جائیں، پھر جلا وطنی کاٹیں اس کے بعد عوام کی خدمت کریں۔

    حمزہ شہباز نے کہا کہ دھرنا سیاست کرنے والوں کو پختونخوا والے ڈھونڈ رہے ہیں، دوہزار اٹھارہ میں عوام ان کا احتساب کردیں گے۔

    حمزہ شہباز نے کپتان پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان خود سے بھی مایوس ہو چکےہیں۔ وہ یہ سوچیں کہ ہربارتنہا کیوں رہ جاتے ہیں۔ انہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو ضد چھوڑنے کا مشورہ بھی دیا۔