Tag: Multan

  • ملتان: نجی آئل مل کے کنوئیں میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    ملتان: نجی آئل مل کے کنوئیں میں زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق

    ملتان: بہاولپور روڈ پر آئل مل کے کنوئیں میں زہریلی گیس کے باعث 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں بہاولپور روڈ پر قائم نجی آئل مل کے کنوئیں کی صفائی کے دوران زہریلی گیس سے 4 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    ریسکیوحکام کے مطابق کنوئیں کی صفائی کے لیے اترنے والا شخص بے ہوش ہوا تو دیگر اسے نکالنے کے لیے نیچے اترے لیکن زہریلی گیس کی وجہ سے چاروں کی موت واقع ہو گئی۔

    چاروں مزدوروں کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دی گئیں، جب کہ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کنوئیں میں صابن اور تیل کی باقیات کی وجہ سے بنی زہریلی گیس موجود ہے۔

  • زیر علاج پولیس ہیڈ کانسٹیبل کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

    زیر علاج پولیس ہیڈ کانسٹیبل کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

    ملتان: نشتر اسپتال میں زیر علاج پولیس ہیڈ کانسٹیبل کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے نشتر اسپتال میں زیر علاج پولیس ہیڈ کانسٹیبل کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا، پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عمار یاسر وارڈ سے منتقلی کے دوران مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈینگی میں مبتلا عمار یاسر نامی اہل کار وارڈ نمبر 27 میں زیر علاج تھا۔

    کراچی: کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کو تاحال نکالا نہ جاسکا

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں بھی گزشتہ روز کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے کو تاحال تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔

  • ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، شاہین آفریدی

    ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، شاہین آفریدی

    ملتان : لاہور قلندر کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے، کسی بھی ٹیم کو معمولی نہیں کہہ سکتے۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا نیا سیزن ہے، لوگوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا ہے۔

    امید ہے ملتان کے لوگ دونوں ٹیموں کو سپورٹ کریں گے، میرا مقصد اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، کوشش ہے کہ اپنی ٹیم کو اچھی پرفارمنس دوں۔

    شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ انجری تو کھیل کا حصہ ہے، جب بھی کھیلوں فخر کے ساتھ کھیلوں گا، ملتان کی پچ ابھی دیکھی نہیں ہے،2دن تک تو پچ کا پتہ نہیں چلتا۔

    شاہین شاہ آفریدیان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ پچ اچھی ہی ہوگی، ملتان کے ٹاپ آرڈرز کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں لاہور قلندر کے کپتان نے کہا کہ پی ایس ایل کی ساری ٹیمیں اچھی ہیں، آپ کسی بھی ٹیم کو معمولی نہیں کہہ سکتے۔ لاہور قلندر کے کافی جگہوں پر سپورٹرز ہیں۔

  • ملتان : پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سیکڑوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

    ملتان : پی ٹی آئی اور ن لیگ کے سیکڑوں کارکنان کیخلاف مقدمہ درج

    ملتان : الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کوتوالی پولیس نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر الیکشن کمیشن آفس میں پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنان کے درمیان تصادم ہوا، اس دوران دونوں جانب سے کارکنان نے پتھراؤ کیا۔

    جھگڑا پی ٹی آئی امیدوار ملک عامر ڈوگر اور لیگی امیدوار طارق رشید کے حامیوں میں ہوا۔دونوں پارٹیوں کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ جھگڑے کے کچھ دیر بعد تحریک انصاف کے کارکن الیکشن کمیشن آفس سے چلے گئے تھے۔

    ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر، ندیم قریشی، جاوید اختر انصاری، ن لیگی امیدوار شیخ طارق رشید اور حاجی احسان الدین قریشی سمیت 250 سے 300کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دہشت گردی سمیت8دفعات شامل کی گئی ہیں

  • ملتان اور لاہور میں شدید دھند، فضائی آپریشن شدید متاثر

    لاہور / ملتان: صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور لاہور کے ایئرپورٹس پر شدید دھند ہے جس کی وجہ سے فضائی آپریشن شدید متاثر ہورہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہروں ملتان اور لاہور کے ایئرپورٹس پر شدید دھند ہے، ملتان ایئر پورٹ پر حد نگاہ 150 میٹر رہ گئی جبکہ لاہور ایئر پورٹ پر حد نگاہ 600 میٹر رہ گئی۔

    دھند کی وجہ سے اندرون و بیرون ملک پروازیں تاخیر کا شکار ہیں، لاہور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 6305 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی، لاہور سے مدینہ کی پرواز پی کے 715 ساڑھے 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔

    لاہور سے جدہ جانے والی پرواز پی کے 735 بھی ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر کا شکار رہی۔

    دوسری جانب پی آئی اے کی جدہ سے آنے والی پرواز پی کے 860 کو اسلام آباد میں اتار لیا گیا، کراچی سے لاہور پہنچنے والی پروازوں کو بھی تاخیر کا سامنا ہے۔

  • پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    پنجاب پولیس کی فرعونیت، مرغی کی دکان کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ملتان: پنجاب پولیس کی فرعونیت کم نہ ہو سکی، ملتان میں مرغی کی ایک دکان پر ملازم پر تشدد کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے پرانا شجاع آباد روڈ پر ایک پولیس اہل کار نے مرغی کی دکان کے ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا، اہل کار شہری کو لاتوں اور تھپڑوں سے پیٹتا ہوا باہر لے گیا۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہل کار ملازم پر تھپڑ برسا رہا ہے اور لاتیں بھی ماریں۔

    مرغی کی دکان کے ملازم کو دکان بند نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، یہ واقعہ 12 اگست کو پیش آیا تھا، تاہم ذرائع کے مطابق تشدد کرنے والے پولیس اہل کار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔

  • ملتان ٹیسٹ ففٹی ففٹی نظر آرہا ہے، محمد یوسف

    ملتان ٹیسٹ ففٹی ففٹی نظر آرہا ہے، محمد یوسف

    ملتان : قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملتان ٹیسٹ ففٹی ففٹی نظرآرہا ہے، انگلینڈ کی ٹیم پریشرمیں آگئی تھی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سعود اور امام کی پاٹنر شپ سے انگلینڈ ٹیم پر پریشر آگیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ ہر سیشن میں میچ کی صورتحال بدل رہا ہے یہ ہی ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے، امام آؤٹ نہیں ہوتا تو معاملہ ففٹی ففٹی نہیں ہوتا۔

    محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پچ ایسی ہی ہونی چاہیے جس میں ٹیسٹ کا کوئی نتیجہ آئے، رضوان اور بابر کے آگے پیچھے آؤٹ ہونے سےمیچ ہاتھ سے نکل گیا تھا۔ امام اور سعود کی پاٹنر شپ ہمیں دوبارہ میچ میں واپس لے کر آئی۔

    صحافی کی جانب سے محمد رضوان کی مسلسل خراب پرفارمنس کے سوال پر محمد یوسف کچھ دیر خاموش رہے پھر کہا کہ محمد رضوان میری ڈومین میں نہیں آتے میں اس پر کچھ نہیں بول سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ میچ میں وائٹ بال زیادہ ہورہی ہے شاید اس وجہ سے لمبی اننگز نہیں کھیلی جارہی، وائٹ بال کی طرح ریڈبال میں بھی تیز کھیلنا چاہتے ہیں۔

  • ملتان کی پوزیشن ہولڈر باہمت طالبہ نے مثال قائم کر دی

    ملتان کی پوزیشن ہولڈر باہمت طالبہ نے مثال قائم کر دی

    ملتان: ملتان کی پوزیشن ہولڈر باہمت طالبہ نے مثال قائم کر دی، گھر کے اخراجات پورا کرنے کے لیے نوکری نہ ملی تو گول گپے کا اسٹال لگا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کی پوزیشن ہولڈر حبیبہ نوکری نہ ملنے پر سڑک کنارے گول گپے بیچنے پر مجبور ہو گئی ہیں، طالبہ کے مطابق اچھی ملازمت نہ ملنے کی باعث یہ قدم اٹھانا پڑا کیوں کہ گھریلو اخراجات پورے کرنے کے لیے یہ ضروری تھا۔

    پوزیشن ہولڈر حبیبہ کے مطابق انھوں نے اپنی پڑھائی کے ساتھ اپنے خاندان کے مالی حالات کو بہتر  کرنے کے لیے گول گپے کا اسٹال لگایا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بہت سی نوکریوں کے لیے درخواستیں دیں تاہم جہاں بھی ملازمت کا موقع ملا، وہاں تنخواہ انتہائی قلیل تھی، جس سے گھریلو اخراجات پورے نہیں ہو پا رہے تھے جس کے باعث یہ قدم اٹھایا۔

    حبیبہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حبیبہ نے سڑک کنارے گول گپے کا اسٹال لگایا ہے جہاں لوگوں کا رش بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    حبیبہ خان نے بتایا شروع میں والدین کچھ ہچکچائے تاہم مالی حالت کے پیش نظر مجھے انہوں نے اجازت دی، گھر والوں کی حمایت سے میرا چھوٹا کاروبار صرف چند روز میں بہت مشہور ہو گیا ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹال پر لگے اشتہار میں لکھا گیا ہے کہ پاکستان کی پہلی تعلیم یافتہ لڑکی جو بہاؤالدین یونیورسٹی کی پوزیشن ہولڈر طالبہ ہے، گول گپے بیچ رہی ہیں جس کے باعث لوگوں کا رجحان ان کی طرف جانے لگا اور ان کا کاروبار چل نکلا ہے۔

  • ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    ملتان ایئرپورٹ پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے ایئرپورٹ پر رقم لے کر بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان ایئرپورٹ پر مبینہ طور پر رقم لے کر بوگس بھرتیاں کروانے کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ الیکٹریکل مکینکل شعبے کے انچارج مجاہد پرویز نے ڈیڑھ لاکھ روپے لے کر محمد علی نامی شخص کو عارضی ملازمت دلائی، ملزم مجاہد پرویز اپنے اور دوست کے گھر کا بجلی کا کام مفت بھی کرواتا رہا۔

    ملزم نے سی اے اے میں مستقل ملازمت کے نام پر دھوکا دہی بھی کی۔

    مقدمے میں ملتان ایئرپورٹ کے مینیجر مبارک شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ہیومن ریسورسز) ایچ آر ہیڈ کوارٹرز خرم عدنان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے مقدمہ نمبر 186/2022 درج کر کے تحقیقات شروع کردی۔

  • فیکٹری مالک نے ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کرلیے، ن لیگ کو ووٹ ڈالنے کا دباؤ

    فیکٹری مالک نے ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کرلیے، ن لیگ کو ووٹ ڈالنے کا دباؤ

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں ایک فیکٹری مالک نے اپنے ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کرلیے ہیں اور انہیں مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈالنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو ووٹ دینے کے لیے فیکٹری مالک چوہدری ذوالفقار نے تمام ورکرز کے شناختی کارڈ ضبط کر لیے۔

    فیکٹری انتظامیہ نے ورکرز کو کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو ووٹ ڈال کر آئیں اور شناختی کارڈ لے جائیں۔

    فیکٹری ملازمین کو ن لیگ کی پرچی دی جارہی ہے، فیکٹری کے اندر ملازمین کو ووٹ کے عوض اضافی پیسوں کا لالچ بھی دیا جارہا ہے جبکہ ملازمین کو زبردستی رکشوں میں بھر کر ووٹ ڈالنے لے جایا جا رہا ہے۔