Tag: Multan

  • خوشحالی کے لئے دولت نہیں انصاف کی ضرورت ہے، سراج الحق

    خوشحالی کے لئے دولت نہیں انصاف کی ضرورت ہے، سراج الحق

    ملتان : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری جیلوں میں بھی وی آئی پی کلچر موجود ہے جبکہ مہذب معاشروں میں قانون سب کے لئے برابر ہوتا ہے۔

    ملتان ڈسٹرکٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے بھی دو نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگایا تھا، غربت اور دولت کی تقسیم پر ہمارا معاشرہ تقسیم ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کیا پی آئی اے جہازوں اور اسپتالوں میں دوپاکستان نظر نہیں آتے؟ ملک میں خوشحالی کے لئےدولت نہیں انصاف کی ضرورت ہے، ہمارے ملک میں احتساب کے لئےالگ الگ نظام موجود ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دو بار صوبائی وزیر خزانہ رہا ہوں، میں نے خیبرپختونخواہ کوقرض فری صوبہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس میں سیاستدانوں اور بیورو کریٹس کے نام آئے، پانامہ لیکس پر میری پٹیشن سپریم کورٹ میں موجود ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ پانامہ لیکس میں شامل افرادکےخلاف کارروائی نہیں کی گئی، حرام کا پیسہ چھپانے کے لیے آف شور کمپنیاں بنائی جاتی ہیں، پانامہ لیکس، پنڈورا پیپرز میں شامل افراد کیخلاف تحقیقات کی جائیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے جبکہ سرمایہ داروں کے سرمائے میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم کو تحقیقاتی کمیشن بنا کر پنڈورا اسکینڈل کی تحقیقات کرنی چاہیے تھی۔

  • سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا

    سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا

    ملتان: سرکاری تحقیقاتی ادارے نے ملتان کے پانی کو مضر صحت قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے تحقیقات کے بعد واٹر کوالٹی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

    اس رپورٹ کے مطابق ملتان کا پانی پنجاب میں سب سے زیادہ آلودہ پایا گیا ہے، تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملتان کے پانی میں آلودگی کی شرح 94 فی صد ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملتان کے پانی میں آرسینک کی مقدار 63 فی صد سے زائد ہے، جب کہ 5 سال میں ملتان کے پانی میں 10 فی صد سے زائد آلودگی میں اضافہ ہوا۔

    رپورٹ کے مطابق بہاولپور کا پانی 76 فی صد آلودہ ہے، پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز نے گوجرانوالہ شہر میں سے پینے کے پانی کے 14 نمونے لیے اور 7 نمونوں میں آلودگی پائی گئی، گوجرانوالہ کے پانی میں آلودگی کی شرح 50 فی صد ہے۔

    کونسل نے تجزیے کی بنیاد پر شہر کے کچھ علاقوں کے پانی کو ‘لو رِسک’ اور کچھ کو ‘میڈیم رسک’ قرار دیا، مجموعی طور پر گزشتہ سالوں کی نسبت گوجرانوالا کے پینے کے پانی کے معیار میں بہتری آئی ہے۔

    ملتان: 2019 کا بلدیاتی ایکٹ معطل

    ملتان میں 2019 کا بلدیاتی ایکٹ معطل کر کے 2013 کا ایکٹ بحال کر دیا گیا ہے، نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنرز، اور ڈپٹی کمشنرز کو اثاثہ جات بلدیاتی اداروں کو واپس کرنے کے احکامات دے دیے گئے ہیں۔

    ان اثاثہ جات میں گاڑیاں، دفاتر اور بقایا جات واپس کرنا شامل ہے، جب کہ میئرز کو گاڑیاں واپس ملیں گی۔

  • کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کل سے پابندیوں کا اعلان

    کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کل سے پابندیوں کا اعلان

    ملتان : کمشنرملتان نے کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کل سے پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کورونا ویکسی نیشن ٹارگٹ پورا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں کورونا ویکسین نہ لگانے والوں کے خلاف کل سے پابندیوں کا اعلان کردیا ، کمشنر ملتان نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانےوالوں پر متعدد سہولیات کی بندش کر دی جائےگی۔

    کمشنر ملتان ڈاکٹر ارشاد نے کورونا ویکسی نیشن ٹارگٹ پورا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا اسکولوں میں ویکسی نیشن کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔

    یاد رہے این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیڑھ سال سے پاکستان دنیا کی طرح کورونا کا مقابلہ کررہاہے، بندشوں کا فیصلہ وبا کا پھیلاؤ دیکھ کر کیا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب تک ویکسینیشن کا ہدف پورا نہیں ہوگا بندشوں کا سامنارہےگا، ہماری کوشش ہے کہ پاکستان معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکے، اندرونی اجتماعات میں 200سے بڑھا کر300لوگوں کی شرکت کی اجازت دی جارہی ہے۔

    این سی او سی کے سربراہ نے کہا تھا کہ دنیا سمجھ چکی ہے کہ اس وبا سے نکلنے کا طریقہ کار ویکسینیشن ہے،بندشوں کافیصلہ شہروں میں ویکسینیشن لگانےکی بنیاد پرکیاجارہاہے، 8شہروں میں پہلی اکتوبر سے بندشوں میں کمی کرنے جارہے ہیں، ان 8شہروں میں ہدف کے مطابق ویکسینیشن ہوئی ہے، ان شہروں میں اسکردو،گلگت ،کوئٹہ پشاور،اسلام آبادراولپنڈی شامل ہیں۔

  • ملتان : شہری نے گھر میں دس خطرناک ٹائیگرز پال لیے

    ملتان : شہری نے گھر میں دس خطرناک ٹائیگرز پال لیے

    ملتان کا ایک شہری جس نے اپنے گھر میں 15 شیروں کو پالا ہوا ہے جس میں شیروں کے 5 بچے بھی شامل ہیں۔ شیروں کو گرمیوں میں گرمی سے بچانے کے لیے مالک نے اے سی بھی لگوایا ہوا ہے اور سردیوں میں شیروں کے لیے ہیٹر بھی لگایا جاتا ہے۔

    شیخ طاہر نامی شہری نے دس سائبرین ٹائیگرز پال رکھے ہیں ان پالتو شیروں کیلئے خاص قسم کا پنجرہ بھی بنایا ہوا ہے، اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں شیخ طاہر نے اپنے اس شوق کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

    شیخ طاہر کا کہنا ہے کہ اپنے ایک دوست کو دیکھ کر مجھے بھی شیر پالنے کا شوق ہوا، جس کے بعد میں نے بھی شیروں کو باہر سے منگوایا ان کو امپورٹ کرنے پر بہت زیادہ خرچہ آیا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس شیروں کیلئے جو پنجرہ بنایا گیا ہے لوگ اسے دیکھنے دور دور سے آتے ہیں، دراصل یہ پنجرہ نہیں بلکہ ان کیلئے ایسا ماحول بنایا گیا ہے جہاں وہ آسانی اپنی افزائش کرسکیں۔

    شیخ طاہر کے مطابق ان شیروں کو یومیہ فی کس 7کلو بیف کھلایا جاتا ہے اس کے علاوہ بھی دیگر جانوروں کا گوشت بھی کھلایا جاتا ہے اور ان کی دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹر اور ملازم تعینات کیے گئے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں سے لوگ ان شیروں کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں اور پھر ان کے ساتھ تصاویر بھی بناتے ہیں۔

    ملتان کے شہری شیخ طاہر نے ان خطرناک شیروں کو گھر میں پال کر یہ ثابت کر دیا کہ اگر خونخوار جانور سے بھی پیار کیا جائے تو انہیں بھی اپنا بنایا جاسکتا ہے۔

  • ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت

    ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت

    ملتان: صوبہ پنجاب کے شہر ملتان کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، سول ایوی ایشن نے احکامات جاری کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کرتے ہوئے ملتان ایئرپورٹ پر بڑے جہازوں کی لینڈنگ کی اجازت دے دی۔

    نوتم میں کہا گیا ہے کہ بوئنگ 777، ایئر بس 330، ایئر بس 340، اور ایئر بس 350 لینڈ کر سکیں گے، ملتان ایئرپورٹ کا رن وے بھی بڑےجہازوں کے لیے پہلے سے ہی قابل استعمال ہے۔

    نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ ملتان ایئر پورٹ کو بڑے جہازوں کے لیے یکم اگست سے 31 جولائی 2024 تک اجازت دی گئی ہے۔

  • ملتان میں بھی کرونا ویکسین کی قلت

    ملتان میں بھی کرونا ویکسین کی قلت

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے بعد ملتان میں بھی کرونا ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسین کی قلت پیدا ہوگئی، بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں کرونا ویکسی نیشن سینٹر پر ویکسی نیشن کی پہلی خوراک ختم ہوگئی۔ چینی ویکسین سائنو فارم کی پہلی خوراک 4 روز سے موجود نہیں۔

    سینٹر کے انچارج کا کہنا ہے کہ سائنو فارم کی دوسری خوراک اسٹاک میں موجود ہے۔

    دوسری جانب بیرون ملک جانے والے شہریوں کو ویکسین کے لیے سخت مشکلات کا سامنا ہے، قائد اعظم ویکسی نیشن سینٹر پر بیرون ملک جانے والوں کا رش ہے۔

    اس سے قبل صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی ویکسین کی قلت دیکھنے میں آئی تھی۔

    چند روز قبل جاری ایک رپورٹ میں پنجاب میں کرونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

    اس سلسلے میں محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈر ہیلتھ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 3 دن میں مقررہ ٹارگٹ کا 40 فیصد ہدف مکمل ہوا، گوجرانوالہ میں ویکسین لگانے کی کارکردگی مایوس کن رہی۔

  • جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودنے والا گرفتار

    جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودنے والا گرفتار

    ملتان : پولیس نے جنات اور چڑیلیں پکڑنے والے جعلی عامل کو کو پکڑ کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا، ملزم سرکاری کوارٹر میں بہت گہری سرنگ کھود رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے واپڈا کالونی میں پولیس نے اہم کارروائی کی، اس دوران غیر مرئی قوتیں حاصل کرنے کیلئے سرکاری کوارٹرز میں سرنگ کھودنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔،

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جنوں اور چڑیلوں کو پکڑنے کیلئے سرنگ کھودنے والے جعلی عامل کو پکڑ لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سرنگ کی گہرائی دس سے پندرہ فٹ تک تھی۔

    گرفتار ملزم آصف کا کہنا ہے کہ اس نے جنات اور چڑیلیں پکڑنے کیلیے سرنگ کھودی ہے، پولیس نے گرفتاری کے بعد ملزم کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم آصف سرکاری ملازم ہے، مذکورہ معاملہ واقعی جنات پر قبضے کا ہے یا کچھ اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔ اہم انکشافات متوقع ہیں۔

  • آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت، آپریشن تھیٹر سر بمہر

    آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت، آپریشن تھیٹر سر بمہر

    ملتان: پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے آنکھوں کے آپریشنز میں مبینہ غفلت پر کارروائی کرتے ہوئے لئیق رفیق اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کا کہنا ہے کہ ملتان میں نجی اسپتال کا آپریشن تھیٹر سر بمہر کر دیاگیا ہے، کمیشن کی 4 رکنی ٹیم نے اسپتال کا دورہ کر کے ریکارڈ بھی قبضے میں لے لیا ہے۔

    پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق نجی اسپتال کے ڈاکٹر اور عملے کے بیانات بھی قلم بند کر لیے گئے، ترجمان نے کہا انکوائری مکمل ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ڈاکٹر نے 16 افراد کی زندگی اجاڑ دی

    یاد رہے ملتان کے علاقے لاڑ میں واقع نجی شعبے کے اسپتال لئیق رفیق میں گزشتہ دنوں 20 افراد نے حکومت کی جانب سے فراہم کردہ صحت کارڈ کی سہولت کا استعمال کرتے ہوئے موتیا کے لیے آنکھوں کی سرجری کروائی تھی، تاہم آپریشن کے اگلے ہی روز 20 میں 16 مریضوں کی آنکھوں میں شدید نوعیت کا انفیکشن ہوگیا اور یکے بعد دیگرے متاثرہ مریضوں کی بینائی چلی گئی۔

    آج وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آنکھوں کی غلط سرجری کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کو واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کاحکم دیا تھا۔

    غلط سرجری سے 16مریض بینائی سے محروم ، وزیراعلی پنجاب کا نوٹس، رپورٹ طلب

    آنکھوں کی روشنی چھن جانے پر مریضوں اور لواحقین نے نجی ٹرسٹ اسپتال کے باہر احتجاج بھی کیا تھا، اور محکمہ صحت سے آئی سرجن ڈاکٹر حسنین مشتاق کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا، رپورٹ کے مطابق جن مریضوں کی آنکھوں کی بینائی گئی، ان میں 7 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • ماہر نفسیات کی بیٹی کے قتل کے بعد خودکشی: واقعے کا مقدمہ بیوہ کی مدعیت میں درج

    ماہر نفسیات کی بیٹی کے قتل کے بعد خودکشی: واقعے کا مقدمہ بیوہ کی مدعیت میں درج

    ملتان: ماہر نفسیات کی بیٹی کے قتل کے بعد خودکشی کے واقعے کا مقدمہ بیوہ بشریٰ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، ڈاکٹراظہر نے فائرنگ کر کے بیٹی علیزہ حیدر کو قتل کرکے خودکشی کرلی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس حمیدکالونی میں بیٹی کے قتل کے بعد ڈاکٹراظہر کی خودکشی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، چہلیک پولیس نےواقعےکا مقدمہ بیوہ بشریٰ کی مدعیت میں درج کیا، مقدمہ قتل اوراقدام خودکشی کی دفعات کےتحت درج کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرزباپ بیٹی کاپوسٹ مارٹم نشتراسپتال میں کیاجارہاہے، ڈاکٹراظہرحسین کا4ماہ سےنفسیاتی علاج بھی چل رہاتھا۔

    مزید پڑھیں : ماہر نفسیات باپ نے اکلوتی بیٹی قتل کرکے خود کشی کرلی

    یاد رہےگھریلو جھگڑے پر ماہر نفسیات ڈاکٹر اظہر حسین نے اپنی بیٹی ڈاکٹر علیزہ حیدر کو گولی مار کر قتل کردیا اس کے بعد انہوں نے گولی مار کر اپنے ہی ہاتھوں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا تھا ،مقتولہ ڈاکٹر علیزہ حیدر تین بچوں کی ماں تھی۔

    دوسروں کو خود کشی سے روکنے کی ترغیب دینے والا ماہر نفسیات اتنا بڑا قدم اٹھانے پر مجبور کیوں ہوا؟ پولیس اس حوالے سے مزید تحقیقات کررہی ہے۔

  • کچھ قوتیں ملک کو کمزور کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں، شاہ محمود قریشی

    کچھ قوتیں ملک کو کمزور کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں، شاہ محمود قریشی

    ملتان : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں، برطانوی اراکین بھی پاکستان کے نقطہ نظر کی تائید کررہے ہیں، ملک کو کمزور کرنے کے لیے کچھ قوتیں کام کر رہی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں 11 ارکان نے کشمیر پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا،انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے نقطہ نظر کی بھرپور تائید کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں جبکہ بھارت دنیا کو یہ تاثر دیتا رہا ہے کہ وہاں حالات معمول پر ہیں لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں، آج بھی ہزاروں کی تعداد میں کشمیری بھارتی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو بلاوجہ گرفتارکیا جا رہا ہے بعد میں ان نوجوانوں کو دہشت گرد قرار دے کر شہید کردیا جاتا ہے، برطانیہ کے علاوہ یورپی یونین میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر آواز اٹھ رہی ہے، جوبائیڈن انتظامیہ بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بات کر رہی ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کو کمزور کرنے کے لیے کچھ قوتیں کام کر رہی ہیں، بھارت ہمارے ملک میں فرقہ وارانہ فساد کراناچاہتا ہے، اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا تحفظ کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے، بھارت بھی مسجدوں کو تحفظ فراہم کرے۔

    ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف متحرک ہے، احتجاج کی آڑ میں قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کو فنڈنگ کی مکمل تفصیلات فراہم کیں، ہم سالانہ بنیادوں پر اکاؤنٹس کا آڈٹ بھی کراتے ہیں۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ سانحہ مچھ کے ذمہ داروں کو بے نقاب کریں گے، کچھ لوگ سانحہ مچھ کو بھی سیاست کے لئے استعمال کرنا چاہتے تھے، وزیر اعظم اور آرمی چیف سانحہ مچھ کے شہدا کے لواحقین سے ملے۔