Tag: multavi

  • سارک سربراہ کانفرنس ملتوی، دفتر خارجہ کا باضابطہ اعلان جاری

    سارک سربراہ کانفرنس ملتوی، دفتر خارجہ کا باضابطہ اعلان جاری

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ نے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارک کانفرنس میں عدم شرکت مودی کےغربت کے خلاف اعلان کی نفی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نومبر میں اسلام آباد میں ہونی والے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا پاکستان نےباضابطہ طور پراعلان کردیا ہے.

    سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہونے کا باضابطہ اعلان ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کی جانب سے کیا گیا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سارک سربراہ کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

    وزیراعظم نوازشریف نے بھی نیپالی ہم منصب کو کانفرنس کے التوا سے آگاہ کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان نئی تاریخ پر سارک رکن ممالک کی شرکت چاہتا ہے۔

    وزیر اعظم نوازشریف کا مؤ قف ہے کہ سارک کانفرنس میں عدم شرکت مودی کے غربت کے خلاف اعلان کی نفی ہے۔ بھارت اڑی واقعے کے بے بنیاد مفروضے پرکانفرنس سے الگ ہوا جس کا مقصد کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سارک تنظیم کو بڑی اہمیت دیتا ہے لیکن بھارت کے شرکت نہ کرنے کے فیصلے سے سارک کا عمل رکا اور کانفرنس سے متعلق بھارتی رویہ افسوسناک ہے جب کہ کسی بھی ملک کی جانب سے دو طرفہ معاملات کو سارک فورم پر لانا چارٹر کی خلاف ورزی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔

     

  • چار ممالک کا شرکت سے انکار،سارک کانفرنس ملتوی

    چار ممالک کا شرکت سے انکار،سارک کانفرنس ملتوی

    اسلام آباد : بھارت کی پاکستان دشمنی سارک سربراہ کانفرنس پر بھی اثر نداز ہوگئی۔ پاکستان میں ہونے والی کانفرنس میں بھارت سمیت چار ممالک کے شرکت سے انکار کے بعد کانفرنس ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت سفارتی سطح پر بھی جارحیت سے باز نہ آیا۔ پاکستان میں ہونے والی سارک سربراہ کانفرنس پر بھی وار کرگیا سارک کانفرنس نو اور دس نومبر کو اسلام آباد میں ہونا تھی۔

    بھارت نے پہلے خود شرکت سے انکار کیا اور پھر چھوٹے ممالک افغانستان ،بھوٹان اور بنگلہ دیش سے بھی انکار کروا دیا۔ چار ممالک کی شرکت سے انکار کے بعد سارک کے صدر ملک نیپال نے پاکستان کو کانفرنس ملتوی کرنے کا پیٖغام بھجوادیا۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں کانفرنس ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے، مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکار کی سفارتی دہشت گردی سے خطے میں قائم ہوتے امن و استحکام کو نقصان پہنچےگا۔

    مودی نے اُڑی حملے کو جواز بنا کر راہ فرار اختیار کی، ملتوی ہونیوالی انیس ویں سارک کانفرنس کی کوئی نئی تاریخ نہیں دی گئی لیکن یہ کانفرنس جب بھی ہوگی پاکستان میں ہی ہوگی۔

    مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ سارک تنظیم کا اگر ایک رکن بھی کانفرنس میں شرکت سے انکار کردے تو کانفرنس نہیں ہوتی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے بھی چار مرتبہ سارک کانفرنس منسوخ کرواچکا ہے، علاوہ ازیں بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سارک سربراہ کانفرنس منسوخی کے بعد پاکستان نے سارک وزارتی کانفرنس شیڈول کے مطابق کرانے پرغورشروع کردیا ہے۔

    اس سے قبل بھارت نے اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ سرحد پار دہشت گردی کے سبب سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کرسکتے، ممکن ہے کچھ اور ممالک بھی کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔ جس کے بعد بھارتی نواز بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد شاہ نے بھی بھارت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا۔

    بنگلادیش کے وزیرخارجہ نے کھٹمنڈو میں سارک سیکرٹریٹ کو بھی فیصلے سے تحریری طور پر آگاہ کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھوٹان اور افغانستان بھی اسلام آباد میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ جس کے باعث سارک سربراہ کانفرنس کا انعقاد نا ممکن ہوگیا۔

    واضح رہے کہ سارک سربراہ کانفرنس کی منسوخی کی خبر ایک ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔

     

  • الیکشن کمیشن نے سانگھڑمیں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے

    الیکشن کمیشن نے سانگھڑمیں بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے

    سانگھڑ : سندھ حکومت کی درخواست پرالیکشن کمیشن نے سانگھڑمیں بلدیاتی الیکشن ملتوی کردیئے۔فنکشنل لیگ رہنماء نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کوضلع میں واضح شکست نظرآرہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست پرسانگھڑ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کردیئے۔

    آئی جی سندھ کا الیکشن کمیشن کےاجلاس میں کہناتھا کہ ضلع کےپولنگ اسٹیشن حساس ہیں۔اس لئے فوج تعینات کی جائے۔

    اس حوالے سے فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحر عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کوشکست نظرآرہی تھی اس لئے الیکشن ملتوی کرائے۔

    حکومت سندھ نے بدین میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست کی لیکن وہ مسترد کردی گئی، الیکشن کمیشن نےامن و امان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج،رینجرز اور پولیس تعیناتی کاحکم دے دیاہے۔

    الیکشن کمیشن نے ڈی آراوز کوسیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والےآراوز،پریزائیڈنگ افسران اورعملےکوتبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • پنجاب اسمبلی کا اجلاس کارروائی سے قبل ہی ملتوی

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس کارروائی سے قبل ہی ملتوی

    لاہور : پنجاب اسمبلی کا اجلاس حکومتی ارکان کی عدم توجہ کے باعث کارروائی مکمل ہونے سے پہلے ہی ختم ہو گیا، دواہم سرکاری بلز اور سانحہ شادباغ میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی یاد میں تعزیتی قرارداد بھی پیش نہ ہوسکی۔

    پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ، وقفہ سوالات کے بعد حکومتی ارکان کی دلچسپی کے باعث پنجاب اسمبلی اپنا کورم برقرار نہ رکھ سکی اوراسپیکر نے اجلاس بیس منٹ کے لیے ملتوی کرکے ارکان کے انتظار کے لیے گھنٹیاں بجانے کا حکم دیا۔

    تاہم گھنٹیاں بجتے بجتے خاموش ہوگئیں ارکان ایوان میں واپس نہ آئے جس کے بعد کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کل صبح تک لئے ملتوی کردیاگیا۔

    حکومتی ارکان کی عدم دلچسپی کے باعث جہاں پنجاب کے عوام کے کروڑو ں روپے ضائع ہوگئے وہیں دو ضروری سرکاری بل اور سانحہ شادباغ میں جاں بحق ہونےو الے بچوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی قرارداد بھی ایوان میں پیش نہ ہوسکی۔

    ن لیگ کے ارکان نے اعتراف کیا ہے کہ حکومتی ارکان کی عدم توجہ اسمبلی کی اہمیت کو کم کررہی ہے، شہبازشریف اس ایوان سے ووٹ لیکر وزیراعلی پنجاب بنے ہیں انہیں اسمبلی کی جانب توجہ دینی چاہیے تاکہ پنجاب کے عوام کی حالت زاربہت ہوسکے۔

  • صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کیلئے مؤخر،جیل حکام کو احکامات موصول

    صولت مرزا کی پھانسی ایک ماہ کیلئے مؤخر،جیل حکام کو احکامات موصول

    مچھ : بلوچستان کی مچھ جیل میں قید قتل کے مجرم صولت مرزا کی سزائے موت پر عملدرآمد ایک ماہ تک کیلئے موخرکئے جانے کے صدارتی احکامات جیل انتظامیہ کو موصول ہوگئے۔

    مچھ جیل حکام کے مطابق تہرے قتل کے مجرم صولت مرزا کو یکم اپریل کی صبح پھانسی دی جانی تھی جو ایک ماہ کے لئے مؤخر کردی گئی ہے۔

    مچھ جیل حکام کو صدارتی احکامات پیر کی سہ پہر موصول ہوئے جس پر صدارتی احکامات کے تحت پھانسی پرعملدرآمد ایک ماہ کے لئے روک دیا گیا ہے ۔

    واضح رہے کہ صولت مرزا کی پھانسی دوسری بار موخر کی گئی ہے، جیل ذرائع کے مطابق نئے احکامات موصول ہونے سے قبل  پھانسی سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی تھیں۔

    صولت مرزا سے آخری ملاقات کے لئے کسی نے بھی درخواست نہیں دی ہے، جیل کے احاطے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جیل کے داخلی اور خارجی راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔

  • این اے 128اور پی پی 160: ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

    این اے 128اور پی پی 160: ووٹوں کی تصدیق کیلئے درخواست کی سماعت ملتوی

    اسلام آباد : الیکشن ٹربیونل نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو اٹھائیس اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی ایک سو ساٹھ کے ووٹوں کی نادرا سے تصدیق کرانے کے لئے دائر درخواست کی سماعت اکتیس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو دلائل کے لئے طلب کر لیا۔

    الیکشن ٹربیونل کے روبرو تحریک انصاف کے کرامت علی کھوکھر نے مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ظہیر عباس کھوکھر نے رکن پنجاب اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی اہلیت کو الیکشن ٹربیونل کے روبرو چیلنج کر رکھا ہے۔

    دونوں درخواست گزاروں کے وکلاءنے ٹربیونل سے استدعا کی ہے کہ دونوں حلقوں کے ووٹوں اور ریکارڈ کی نادرا سے تصدیق کرانے کا حکم دیا جائے۔

    الیکشن ٹربیونل کی ہدایت پر متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسروں نے فارم چودہ اور پندرہ کومعائنہ کے لئے پیش کیا تو ٹربیونل نے فارم چودہ اور پندرہ کے معائنہ کو مؤخر کرتے ہوئے نادرا سے تصدیق کرانے کے لئے دائر درخواستوں پرفریقین کے وکلاءکو بحث سمیٹنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت اکتیس مارچ تک ملتوی کردی۔

  • این اے 246: پی ٹی آئی کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ

    این اے 246: پی ٹی آئی کا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ

    کراچی : این اے دو سو چھیالس پر کاغذات کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے ۔ضمنی انتخابات تئیس اپریل کو ہو نگے ۔پی ٹی آئی کے رہنماء علی زیدی نے این اے دوسوچھیالیس میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رہنما سردار نبیل گبول کےقومی اسمبلی کی نشست این اے دو سو چھیالس سے مستعفی ہونے کے بعد ضمنی انتخاب تئیس اپریل کو ہوگا۔

    نشست پر کاغذات کی جانچ پڑتال کا آج آخری دن ہے۔ریٹرننگ افسر ندیم حیدر کے مطابق کاغذات نامزدگی کے دوسرے روز آٹھ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کئے گئے۔

    جماعت اسلامی کے راشد نسیم، معنم ظفر اور حافظ نعیم الرحمان ،پاسبان کے شکیل شیخ سمیت آزاد امیدواروں محفوظ یار خان ، پرویز علی اور عتیق قریشی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔

    پاکستان پیپلزپارٹی کے ظفر صدیقی ایڈوکیٹ اور حسن پرویز ماما بھی نشست پر ضمنی انتخابات لڑیں گے۔پی ٹی آئی کےکراچی کےصدرعلی زیدی نے این اے دوسوچھیالیس میں انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • صولت مرزاکی پھانسی نوےروزکیلئے مؤخر کردی گئی

    صولت مرزاکی پھانسی نوےروزکیلئے مؤخر کردی گئی

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نےصولت مرزاکی پھانسی نوےروزکیلئے مؤخر کردی۔ جبکہ شفقت حسین کے سزاپر بھی تیس روزکیلئے عملدرآمد روک دیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ایم ڈی کے ای ایس سی کے قتل میں مجرم اورسزائے موت کے منتظر قیدی صولت مرزاکےاعترافی بیان نےایم کیوایم کے گرد گھیرا مزید تنگ کردیا۔

    سنگین الزامات کے بعد حکومتی مشینری کی حرکت میں آگئی۔ بیان کے چندگھنٹوں بعد پھانسی ابتدئی طورپر باہتر گھنٹے کیلئے موخرکی گئی۔

    صولت مرزا کے الزامات کی سچائی جاننے کیلئے وزارت داخلہ نے پھانسی کی سزا پر عملدرآمدنوے روزکےلئےروک دیا۔صولت مرزا کے اعترافی بیان پر مزید تحقیقات کیلئے نئی ٹیم تشکیل دےدی گئی ہے۔

    دوسری جانب پھانسی کے دوسرے مجرم شفقت حسین کی موت کی سزابھی تیس روزکیلئے موخرکردی گئی ہے۔

  • اسلام آباد میں دھرنے،ایکسپوپاکستان ملتوی کردی گئی

    اسلام آباد میں دھرنے،ایکسپوپاکستان ملتوی کردی گئی

    اسلام آباد: سیاسی دھرنوں کے باعث اسلام آباد میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی نمائش ایکسپو پاکستان ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں جاری دھرنوں نے جہاں شہریوں کے طرزِزندگی کوبری طرح متاثرکیا وہیں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی نمائش بھی دھرنوں اورسیاسی عدم استحکام کی نذر ہوگئی، دھرنوں کے باعث غیرملکی خریدار اورکمپنیاں پاکستان آنے سے کترا رہی ہیں۔

    اسلام آباد میں ایکسپو پاکستان تئیس تا چھبیس اکتوبرکو ہونا تھی، ذرائع کا کہناہے کہ حکومت اس سال ایکسپو پاکستان کا انعقاد نہیں کرسکے گی جس کے باعث پاکستان رواں سال اربوں روپےکی سرمایہ کاری اورمعاہدوں سے محروم رہے گا اورملکی معیشت کواربوں کا دھچکا لگ سکتا ہے۔

    گزشتہ سال ایکسپوپاکستان میں پاکستانی کمپنیوں سمیت تیس سے زیادہ ممالک کی کمپنیوں نے بھرپورشرکت کی تھی، ایکسپو پاکستان کی منتظم ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان آئندہ چند روز میں نمائش کے انعقاد کی آئندہ تاریخ کا باضابطہ اعلان کرے گی۔

  • عمران خان آزادی مارچ ملتوی کردیں، عابد شیرعلی

    عمران خان آزادی مارچ ملتوی کردیں، عابد شیرعلی

    اسلام آباد: ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی نےعمران خان سےایک بارپھرآزادی مارچ ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنما عابد شیرعلی نےعمران خان سےایک بارپھرآزادی مارچ ملتوی کرنے کا کا مطالبہ کیاہے۔ عابد شیرعلی کاکہناہے کہ یہ وقت تخت وتاج گرانے کا نہیں ۔

    عابد شیر علی نےکہا آزادی مارچ والے دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ جائیں ۔ لیگی رہنما نے کہا عمران خان قومی ایجنڈا لیکر آئیں ، عابد شیر علی نے کہا کہ مذاکرات کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ،ن لیگ کےرہنما نے کہا کہ جمہوری نظام کو کسی صورت ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔