Tag: mulzaman arrest

  • وزیر اعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملے کی  ناکام کوشش

    وزیر اعظم نواز شریف کی گاڑی پر حملے کی ناکام کوشش

    اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف کے قافلے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، مبینہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے اہلخانہ کے ہمراہ مری سے اسلام آباد جا رہے تھے کہ اسلام آباد کے قریب اچانک ایک نامعلوم گاڑی قافلے کی دیگر گاڑیوں  کے درمیان سے گزرتی ہوئی وزیراعظم کی گاڑی کے نزدیک پہنچ گئی اور گاڑی کو ٹکرانے کی کوشش کی۔

    مذکورہ گاڑی وزیراعظم نواز شریف کی گاڑی سے صرف چند قدم کے فاصلے پر تھی، تاہم سیکیورٹی اداروں نے اسے ناکام بنا دیا۔

    گاڑی کے اچانک قافلے میں داخل ہونے  سے پروٹوکول میں شامل دیگر گاڑیاں بھی آپس میں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں۔

    سیکیورٹی اداروں نے گاڑی میں سوار شخص کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے،ابتدائی تحقیقات میں قافلے میں گھسنے والی گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی نکلی۔

    وزیراعظم کے ہمراہ گاڑی میں خاتون اول بیگم کلثوم نواز اور ان کی بیٹی بھی موجود تھیں۔

  • مغوی ڈاکٹر امداد سومرو کا قتل، ملزمان گرفتار

    مغوی ڈاکٹر امداد سومرو کا قتل، ملزمان گرفتار

    جعفر آباد: مغوی ڈاکٹر امداد سومرو کے قتل میں ملوث دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد گرفتار کر لئے گئے ہیں، ملزمان کو جعفر آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    تئیس روز قبل اغواء کئے گئے مغوی ڈاکٹر امداد سومرو کے قتل میں ملوث ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، ملزمان میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد شامل ہیں، جن کی گرفتاری بلوچستان کے علاقے جعفر آباد سے عمل میں آئی۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

    معروف ماہر نفسیات ڈاکٹر امداد سومرو کی تشدد زدہ لاش گزشتہ روز تھرمل پاور جامشورو سے برآمد ہوئی تھی، ملزمان نے ڈاکٹر کی رہائی کے لئے بھاری تاوان طلب کیا تھا۔

    ڈاکٹر امداد سومرو مینٹل اسپتال حیدرآباد میں ڈپٹی ایم ایس کے عہدے پر فائز تھے۔