Tag: Mumbai

  • سیلفی کا جنون 20 سالہ نوجوان کی جان لے گیا

    سیلفی کا جنون 20 سالہ نوجوان کی جان لے گیا

    سیلفی کے شوق نے اب تک دنیا بھر میں ہزاروں افراد کی جان لے لی ہے، کچھ لوگ سیلفی لینے کے دوران خطرناک حد تک لاپروائی کا مظاہرہ کرکے اپنی جان گنوا دیتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک افسوسناک واقعہ بھارت کے شہر ممبئی کے نوجوان کے ساتھ پیش آیا ہے جہاں وہ دوستوں سے ساتھ سیلفی لینے کے دوران سمندر میں گر کر ہلاک ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے جوہو جیٹی کا رہائشی 20 سالہ نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ سمندر کنارے سیر کے لیے آیا تھا کہ اس دوران دوستوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے سمندر میں گر کر ہلاک ہو گیا۔

    بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے نوجوان کی شناخت انیل ارجن کے نام سے ہوئی ہے، وہ ہفتے کی شام اپنے دوستوں کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے اچانک توازن کھو بیٹھا اور سمندر میں جا گرا تھا۔

    جس کے بعد موقع پر موجود لائف گارڈز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نوجوان کو پانی سے باہر نکالا اور اسے فوری طور پر قریشی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔

    پولیس نے بتایا کہ نوجوان کی فیملی نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی کرنے سے انکار کیا ہے۔

    اس سے قبل کیریبین میں پیش آئے افسوسناک واقعے میں 55 سالہ کینیڈین خاتون شارک کے ساتھ سیلفی لینے کی کوشش میں اپنے دونوں ہاتھ گنوا بیٹھیں، واقعہ اُس وقت پیش آیا جب وہ ترک اور کیکوس جزائر کے درمیان تھامسن کوو بیچ کے پانی میں موجود تھیں۔

    https://urdu.arynews.tv/egypt-incident-four-drown-nile-river/

  • بھارت میں تباہ کن بارشیں : ممبئی میں 107 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    بھارت میں تباہ کن بارشیں : ممبئی میں 107 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

    ممبئی میں مون سون کے طوفانی اسپیل نے تباہی مچا دی، 107 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، قبل از وقت بارشوں سے ممبئی میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 135ملی میٹر کی برسات نے میٹرو لائن کا حشرنشر کردیا، بارش کا پانی میٹرو اسٹیشن میں بھی داخل ہوگیا جس کے باعث ٹرین سروس روک دی گئی، وزیراعظم مودی نے اس کا17 دن پہلے ہی افتتاح کیا تھا۔

    شدید بارشوں سے دیگر ریلوے ٹریک بھی تالاب بن گئے، سڑکوں پر سیلاب آگیا، شہریوں کی جان پر بن آئی، نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے

    بھارت کے محکمہ موسمیات نے ممبئی کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری کیا ہے، جس میں بادل چھائے رہنے، گرج چمک، بجلی گرنے اور 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ آئندہ 4 گھنٹوں میں ممبئی، تھانے، رائے گڑھ، سندھو درگ، رتناگری، ستارا، کولہا پور اور ناسک میں شدید بارش متوقع ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ روز بھارت میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل نے بنگلورو میں نظام زندگی درہم برہم کردیا، متعدد علاقے زیر آب آگئے، سڑکوں پر کشتیاں چل گئیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی شمالی ریاستیں سخت ترین گرمی کی زد میں ہے جبکہ جنوبی اور شمال مشرقی حصوں میں بارش، آندھی اور تیز ہوا نے تباہی مچا دی ہے۔

    اتر پریدش کے شہر نوئیڈا میں تیز ہوا کے جھکڑ سائن بورڈ اڑا لے گئے، سائن بورڈ بجلی کے تاروں پر لٹک گیا۔

    بھارت: مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل، نظام زندگی درہم برہم

    محکمہ موسمیات نے دلی کے لیے یلو وراننگ جاری کردی ساتھ یہ بھی بتا دیا کہ ملک کے چوبیس مختلف حصوں میں چو بیس مئی تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • تندور استعمال کرنے والے کو اہم ہدایت جاری

    تندور استعمال کرنے والے کو اہم ہدایت جاری

    بھارت میں تندور استعمال کرنے والے ریسٹورنٹ، ہوٹلوں اور ڈھابوں کو بھی نوٹس کرکے کوئلہ اور لکڑیوں کا استعمال بند کرکے گیس یا الیکٹرک چولہے استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بی ایم سی نے جو نوٹس جاری کئے ہیں، ان کے مطابق ریسٹورنٹ میں 8 جولائی تک تندور، کوئلہ اور لکڑی وغیرہ پر کھانا بنانا بند کرکے ایل پی جی، سی این جی، پی این جی یا پھر الیکٹرک چولہوں پر کھانا بنانا شروع کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مذکورہ تاریخ تک اس حکم پر عمل نہ کرنے کی صورت میں جرمانہ، قانونی کارروائی اور لائسنس کی منسوخی جیسے نتائج کا سامنا کرنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ بمبئی ہائی کورٹ نے فضائی آلودگی کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مفاد عامہ کی عرضداشت پر سماعت شروع کی ہے جس پر سماعت کے دوران 9 جنوری کو چیف جسٹس کی سربراہی والی بنچ نے حکم جاری کیا تھا۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ بی ایم سی کی حدود میں جو بھی لوگ کوئلہ، لکڑی یا فضائی آلودگی پیدا کرنے والے دیگر کسی ایندھن کا استعمال کرتے ہیں، انہیں ان کا استعمال ترک کرکے ایل پی جی، سی این جی، پی این جی یا الیکٹرک چولہوں کا استعمال شروع کردینا چاہئے۔

    مسجد نبوی ﷺ میں افطار سے متعلق اہم خبر

    اس حکم کی بنیاد پر ’جی ساؤتھ‘ وارڈ کے میڈیکل افسر نے اس وارڈ میں واقع تمام ریسٹورنٹ، ہوٹلوں، کھلی جگہ میں کھانا بنانے والوں، ڈھابوں، روٹی بنانے والوں اور تندور استعمال کرنے والوں کو10 فروری سے نوٹس جاری کرنا شروع کردیا ہے۔

    بی ایم سی کے مطابق بیکری، ریسٹورنٹ اور فضائی آلودگی پیدا کرنے والے سب اداروں پرہائی کورٹ کا حکم لاگو ہوتا ہے۔

  • ورون دھون نے مہنگی ترین پراپرٹی خرید لی، قیمت جان کر حیران رہ جائیں گے

    ورون دھون نے مہنگی ترین پراپرٹی خرید لی، قیمت جان کر حیران رہ جائیں گے

    بالی ووڈ شوبز انڈسٹری کے اداکار ورون دھون اور ان کی اہلیہ نتاشا دلال نے ممبئی کے علاقے میں کروڑوں روپے کی لگژری پراپرٹی خریدی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق خریدی گئی پراپرٹی کے کاغذات سے معلوم ہوتا ہے کہ ورون دھون اور نتاشا دلال کا یہ اپارٹمنٹ ایک زیر تعمیر عمارت کی ساتویں منزل پر واقع ہے۔

    رپورٹس کے مطابق اس اپارٹمنٹ کی قیمت 44 کروڑ 52 لاکھ روپے ہے، اس اپارٹمنٹ کا کل رقبہ 5112 مربع فُٹ ہے جس میں بیک وقت 4 گاڑیوں کو پارک کیا جاسکتا ہے، یہ زیر تعمیر پروجیکٹ 31 مئی 2025 تک مکمل ہو گا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by VarunDhawan (@varundvn)

    بھارتی میڈیا کے مطابق جائیداد کی رجسٹریشن 3 دسمبر کو مکمل ہوئی، ورون دھون نے اسٹامپ ڈیوٹی کی مد میں 2.67 کروڑ روپے ادا کیے، تاہم اداکار کی جانب سے باضابطہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

    جوہو اور باندرہ کے علاقے میں جہاں یہ پراپرٹی واقع ہے وہاں بالی ووڈ کی متعدد مشہور شخصیات کا گھر ہے، جن میں امیتابھ بچن، اکشے کمار، اجے دیوگن، شاہ رخ خان، کاجول، دھرمیندر اور عامر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس نئی جائیداد کے علاوہ، ورون دھون کے پاس کارٹر روڈ کے ساگر درشن میں ایک اپارٹمنٹ بھی ہے، جس کی قیمت تقریباً 60 کروڑ روپے ہے۔

  • بھارت : ٹیکسی ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو دیکھنے والے بھی کانپ گئے

    بھارت : ٹیکسی ڈرائیور پر بہیمانہ تشدد، ویڈیو دیکھنے والے بھی کانپ گئے

    ممبئی : بھارت میں ٹریفک کے معمولی حادثے پر مشتعل شخص نے ٹیکسی ڈرائیور کو اوپر اٹھا کر زور سے نیچے پھینک دیا۔ اس اندوہناک واقعے کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو بھی غم و غصے میں مبتلا کردیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی کی سڑک پر چلتے چلتے ایک ٹیکسی اور کار میں معمولی سی ٹکر ہوئی جس کے بعد ٹیکسی ڈرائیور قائم الدین معین الدین قریشی کو کار کے مالک رشبھ چکروتی نے مغلظات بکیں۔

    کار سوار کے ساتھ کچھ خواتین بھی موجود تھیں جنہوں نے ٹیکسی ڈرائیور کو برا بھلا کہا اور ٹیکسی ڈرائیور کی نیوی گیشن ڈیوائس چھین لی اور گاڑی میں بیٹھ کر چلتی بنی۔

    اپنی ڈیوائس واپس لینے کیلیے ڈرائیور قائم الدین قریشی بھی کار کے پیچھے چل پڑا اور ایک رہائشی علاقے میں کار رکنے پر ٹیکسی اس کار سے ہلکا سا ٹکرا گئی۔

    کار کے مالک نےآؤٟ دیکھا تاؤ گاڑی سے اترتے ہی ٹیکسی ڈرائیور کو اٹھا کر زور سے زمین پر پٹخ دیا جس کے بعد قائم الدین قریشی شدید زخمی ہو کر گر گیا پھر اس سے اٹھا نہ گیا۔

     Man Slaps

    بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور کے سر پر زخم آئے چوٹیں آئیں جسے قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

    بعد ازاں واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور قائم الدین معین الدین قریشی کی مدعیت میں کار سوار رشبھ چکروتی اور اس کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • بدبخت بیٹے نے 78 سالہ ماں کو موت کی نیند سُلادیا

    بدبخت بیٹے نے 78 سالہ ماں کو موت کی نیند سُلادیا

    ممبئی : نہ زمین پھٹی نہ آسمان گرا، بدبخت بیٹے نے ذرا سی بات پر اپنی ضعیف ماں کو چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا۔

    قتل کا یہ دلخراش واقعہ بھارتی شہر ممبئی کے ایک علاقہ میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنی ماں کا محض اس لیے قتل کردیا کہ اس کی نیند پوری نہیں ہوئی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقامی پولیس نے 78 سالہ ماں رمابائی ناتھو پسل کے قتل میں ملوث ملزم اس کے 64 سالہ بیٹے سبھاش واگھ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سبھاش اپنی ماں کے ساتھ ایک فلیٹ کی تیسری منزل پر رہائش پذیر ہے، گزشتہ کافی عرصے سے وہ بے روزگاری کی زندگی گزار رہا ہے جس کی وجہ سے اس کی بیوی اور بچے بھی اس سے الگ رہتے ہیں۔

    نیند میں خلل

    کوئی کام کاج نہ کرنے کی وجہ سے وہ دن بھر سوتا رہتا تھا، ملزم سبھاش کی مقتولہ والدہ رما بائی نے دو شادیاں کررکھی تھیں سبھاش پہلے شوہر کی اولاد ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزم کے تمام اخراجات اس کی ماں اٹھاتی تھی، زائد العمری کے باعث مقتولہ رما بائی کو نیند کی کمی کا عارضہ لاحق تھا جس کی وجہ سے وہ رات کو جاگ کر گھر کے کام کیا کرتی تھی۔

    اس دوران کوئی بھی آواز پیدا ہونے کی وجہ سے سبھاش کی نیند میں خلل پڑتا تھا جو اسے ناگوار گزرتا تھا اور اسی بات پر دونوں مان بیٹے میں کئی بار جھگڑا بھی ہوا تھا۔

    پولیس کے مطابق گزشتہ روز ملزم سبھاش نے صبح غصے میں آکر تیز دھار آلے سے اپنی ماں کو قتل کیا اور اپنے کمرے میں جاکر سوگیا، بعد ازاں اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔

  • ویڈیو: حاملہ ہونے کی خبروں کے بعد کترینہ کیف پہلی بار منظر عام پر آگئیں

    ویڈیو: حاملہ ہونے کی خبروں کے بعد کترینہ کیف پہلی بار منظر عام پر آگئیں

    ممبئی: بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کی حاملہ ہونے کی خبروں کے بعد پہلی بار منظر عام پر آگئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 40 سالہ کترینہ کیف گزشتہ کئی روز سے اپنے شوہر وکی کوشل کے ساتھ لندن میں موجود تھیں جہاں سے یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ حاملہ ہوگئی ہیں۔

    تاہم گزشتہ رات ممبئی ائرپورٹ پر دیکھا گیا ہے، بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف لندن میں کئی روز قیام کے بعد واپس ممبئی پہنچ گئیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    اداکارہ کو ہفتے کی رات کو ممبئی ایئر پورٹ پر دیکھا گیا، اس دوران انہوں نے ایک ڈھیلا ڈھالا سیاہ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا اور وہ خوشگوار موڈ میں تھیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق وکی کوشل نے 16 مئی کو اپنی 36 ویں سالگرہ  بھی لندن میں ہی منائی تھی،  تاہم دونوں کے اتنے زیادہ وقت کے لیے لندن میں رہنے کی فی الحال کوئی خاص وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔

    واضح رہے کہ اداکارہ کی نئی فلم ’میری کرسمس‘ رواں برس کے آغاز میں ریلیز ہوئی تھی جبکہ وہ اپنی اگلی فلم ’جی لے زرا‘ میں نظر آئیں گی۔

  • دو مسافر طیاروں میں دوران پرواز بم کی اطلاع، کھلبلی مچ گئی

    دو مسافر طیاروں میں دوران پرواز بم کی اطلاع، کھلبلی مچ گئی

    ممبئی : پیرس سے ممبئی اور چنائی سے ممبئی آنے والے دو مسافر طیاروں میں بم کی اطلاعات پر ہلچل مچ گئی، ایک پرواز انٹر نیشنل جبکہ دوسری ڈومیسٹک تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی دو ایئر لائن کمپنیاں وستارا اور انڈیگو کے مسافر طیاروں کو دوران پرواز بم سے اڑانے کی دھمکیاں ملیں جس کے بعد دونوں طیاروں میں سوار مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس سے ممبئی آنے والے وستارا ائیر لائن کے مسافر طیارے میں بم کی اطلاع ایک پرچی کے ذریعے ملی، طیارے میں عملے سمیت 306مسافر سوار تھے۔

    رپورٹ کے مطابق وستارا کی فلائٹ پر بم کی دھمکی موصول ہوئی تھی، اس دھمکی کے فوراً بعد طیارے کی آمد سے قبل ممبئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

    وستارا انتظامیہ نے بتایا کہ مذکورہ طیارہ اتوار کی صبح 10:19 بجے ممبئی ایئرپورٹ پر اترا، اطلاع تھی کہ پیرس کے چارلس ڈی گال ہوائی اڈے سے ممبئی جانے والی پرواز یوکے 024 کے ایئر اسکنیس بیگ پر ایک نوٹ ملا جس میں بم کی دھمکی درج تھی۔

    دوسری جانب بھارتی ایئر لائن انڈیگو کی پرواز کو بھی بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی، طیارہ اس وقت چنئی سے ممبئی جانے کیلئے تیار کھڑا تھا کہ اس دوران فلائٹ کریو ممبر کو ایک خط ملا جس میں طیارے کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

    بم کی دھمکی ملنے کے فوری بعد سیکیورٹی ادارے الرٹ ہوگئے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی۔ سب سے پہلے طیارے میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت اتارا گیا اور جہاز کی تلاشی لی گئی، طیارے کو ایئرپورٹ پر الگ تھلگ کر دیا گیا تاہم بعد میں یہ اطلاع جھوٹی ثابت ہوئی۔

    یاد رہے کہ انڈیگو کی پرواز پر یہ ایک ہفتے میں دی جانے والی بم کی دوسری دھمکی ہے۔ اس سے قبل 28 مئی کو دہلی سے وارانسی جانے والی پرواز میں بھی بم نصب کئے جانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

  • فلسطین کے حق میں پوسٹ لائک کرنے پر ممبئی اسکول پرنسپل پروین شیخ برطرف

    فلسطین کے حق میں پوسٹ لائک کرنے پر ممبئی اسکول پرنسپل پروین شیخ برطرف

    ممبئی: بھارت میں ہندوتوا نظریے کا اثر و رسوخ بڑھتا جا رہا ہے، ایک اور افسوس ناک واقعے میں فلسطین کے حق میں پوسٹ لائک کرنے پر ممبئی میں اسکول پرنسپل پروین شیخ کو برطرف کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی کے علاقے گھاٹ کوپر میں واقع سومیا اسکول کی پرنسپل پروین شیخ کو فلسطین کے حق میں ایک پوسٹ کو لائیک کرنے پر برطرف کر دیا گیا۔

    پروین شیخ سومیا اسکول کے ساتھ 12 سال سے وابستہ تھیں، اور گزشتہ 7 سال سے بہ طور پرنسپل خدمات انجام دے رہی تھیں، وہ تعلیم کے شعبے میں 30 سال سے زیادہ کا تجربہ رکھتی ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق پروین شیخ نے خود کچھ نہیں لکھا تھا، بس 2 مئی کو اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کو لائیک کیا تھا جو فلسطینیوں کے حق میں تھی، ایک ہفتے قبل ہندوتوا ویب سائٹ اوپ انڈیا نے ان کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر مبنی ان کے سیاسی خیالات پر سوال اٹھاتے ہوئے ایک مضمون شائع کیا۔

    ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے الزام میں گرفتار بھارتی ملزمان کینیڈین عدالت میں پیش

    مضمون میں الزام لگایا گیا تھا کہ پرنسپل پروین شیخ نے کئی ایسے ٹوئٹ ’لائک‘ کیے جو حماس کی حمایت، ہندو مخالفت، بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی تنقید پر مبنی تھے۔

    مضمون شائع ہونے کے دو دن بعد 26 اپریل کو اسکول انتظامیہ نے پروین شیخ کو پرنسپل کے عہدے سے مستعفی ہونے کو کہا، تاہم پروین شیخ نے استعفا دینے سے انکار کیا تو گزشتہ روز انھیں ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ اسکول انتظامیہ نے اس سلسلے میں ایک ٹویٹ کیا اور لکھا کہ پروین شیخ کی سوشل میڈیا سرگرمیاں تعلیمی ادارے کی قدروں سے ہم آہنگی نہیں رکھتیں۔

    پروین شیخ کا رد عمل

    ممبئی کے ٹاپ کے اسکول کی پرنسپل پروین شیخ نے اس فیصلے کا مقابلہ کرتے ہوئے اسے ’’غلط اور غیر منصفانہ‘‘ قرار دے دیا ہے، این ڈی ٹی وی کے مطابق انھوں نے کہا انتظامیہ کی جانب سے برطرفی کا نوٹس ملنے سے بھی قبل انھیں سوشل میڈیا پر اپنی برطرفی کی خبر ملی۔

    برطرف پرنسپل نے کہا سوشل میڈیا پر اپنی برطرفی کی خبر پڑھ کر میں حیران ہوئی، برطرفی کا یہ نوٹس مکمل طور پر غیر قانونی ہے اور میرے خلاف ہتک آمیز جھوٹ پر مبنی ہے، اسکول پرنسپل کے طور پر میرا کام غیر معمولی رہا ہے، مجھے اس فیصلے سے سخت مایوسی ہوئی۔

    انھوں نے کہا ’’اسکول کی ترقی میں میری محنت اور لگن کو نظر انداز کرتے ہوئے انتظامیہ نے میرے خلاف جاری وحشیانہ سوشل میڈیا مہم میں میرے ساتھ کھڑے ہونے کی بجائے اس کا شکار ہو کر یہ غیر ضروری قدم اٹھایا۔‘‘

    پروین شیخ نے مزید کہا کہ اس کارروائی کے پیچے محرک سیاسی ہے، اور وہ اس کے خلاف قانونی راستہ اختیار کریں گی۔

  • یوٹیوب ویڈیوز لائک کرنے کی نوکری ملنے کے بعد شہری کے ساتھ کیا ہوا؟

    یوٹیوب ویڈیوز لائک کرنے کی نوکری ملنے کے بعد شہری کے ساتھ کیا ہوا؟

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں سائبر فراڈ کا ایک عجیب کیس سامنے آیا ہے، جس میں ایک خاتون نے ساتھی کے ساتھ مل کر ایک شہری سے 55 لاکھ روپے لوٹ لیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے رہائشی 47 سالہ ہیمانگی جھنجھن والا کو آریہ نامی لڑکی نے واٹس ایپ میسجز کے ذریعے یوٹیوب پر ویڈیوز لائک کرنے کے لیے پارٹ ٹائم نوکری کی پیشکش کی، ابتدا میں جھجھن والا کو لائکس پر پیسے دیے گئے تاہم پھر انھیں عجیب ہدف دیا گیا۔

    ممبئی کے ساؤتھ سائبر سیل میں جھجھن والا کی شکایت کے مطابق انھیں سائبر فراڈ کرنے والوں نے یہ ٹاسک دیا کہ وہ مختلف بینک کھاتوں میں کل 55.35 لاکھ روپے جمع کرے، جس کی انھوں ںے تعمیل کر دی۔

    ڈپٹی کمشنر آف پولیس راج تلک روشن کے مطابق سائبر سیل کی تحقیقات میں پتا چلا کہ 55.35 لاکھ روپے میں سے 14.50 لاکھ روپے ناگپور کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے گئے تھے جو کسی ’کنچن جنرل اسٹور اینڈ ہول سیلر‘ کے نام پر تھا، ناگپور میں پولیس نے جا کر بینک کی کھاتہ دار کنچن میشرم سے پوچھ تاچھ کی، تو انکشاف ہوا کہ کنچن میشرم کی دوست سلمیٰ علی نے دھوکا دہی کے ساتھ ان کی دستاویزات کا غلط استعمال کرتے ہوئے یہ بینک اکاؤنٹ کھولا تھا۔

    اس بینک اکاؤنٹ میں 3 کروڑ جمع ہو گئے تھے، یہ ساری رقم سلمیٰ علی نے اپنے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر لوگوں کو دھوکا دے کر حاصل کی تھی۔ کنچن میشرم نے 15 اکتوبر کو 38 سالہ سلمیٰ شجاعت علی اور 39 سالہ گجیندر ایکونکر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔

    سائبر سیل نے بینک اکاؤنٹ منجمد کر دیا، جب کہ ملزمہ سلمیٰ علی اور اس کے ساتھی گجیندر ایکونکر کو پولیس نے گرفتار کیا اور انھیں ناگپور سے ممبئی لایا گیا، عدالت نے انھیں پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔