Tag: mumbai attack case

  • ممبئی حملہ کیس: سیکریٹری خارجہ اور ترجمان دفتر خارجہ عدالت میں پیش

    ممبئی حملہ کیس: سیکریٹری خارجہ اور ترجمان دفتر خارجہ عدالت میں پیش

    اسلام آباد: سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل ممبئی حملہ کیس میں عدالتی حکم پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ممبئی حملہ کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔ سماعت نسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔

    سماعت میں عدالتی حکم پر سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے وزارت خارجہ سے بھارتی گواہوں سے متعلق رپورٹ طلب کر رکھی تھی۔

    سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے عدالت کو آگاہ کیا۔

    یاد رہے کہ بھارتی شہر ممبئی میں سنہ 2008 میں حملے کیے گئے تھے جس میں حملہ آوروں سمیت 166 افراد مارے گئے تھے۔ ممبئی حملوں میں ذکی الرحمٰن لکھوی پر ماسٹر مائنڈ ہونے کا الزام ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی سزا میں کمی،27فروری کو رہا ہونگے

    بالی ووڈ اداکار سنجے دت کی سزا میں کمی،27فروری کو رہا ہونگے

    ممبئی : بالی وڈ اداکار سنجے دت کی ممبئی دھماکوں کے کیس میں 27 فروری کو رہا کر دیا جائے گا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سنجے دت کوسزا میں کمی کے بعد 27 فروری کو رہا کر دیا جائے گا، ان کی سزا میں کمی جیل میں بہتر رویے پر کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سنجے دت ممبئی حملوں کے کیس میں پیرول پر ضمانت پر رہائی پاچکے ہیں۔ سنجے دت پر الزام تھاکہ انہوں نے 1993 میں ممبئی میں ہونے والے بم دھماکوں میں ملوث ملزمان سے مراسم رکھے تھے جبکہ سنجے دت کو سزا ناجائز اسلحہ رکھنے پر ہوئی تھی۔

    یاد رہے کہ بھارت کی سپریم کورٹ نے سنجے دت کو ممبئی میں 1993 میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزام میں 6 سال قید کی سزا ایک سال کم کر کے 5 سال کر دی تھی۔

    سنجے دت کی سزا اکتوبردو ہزار سولہ میں پوری ہونا تھی لیکن ان کے اچھے برتاؤ کے باعث سزا میں کمی کرکے انہیں ستائیس فروری کو رہا کیا جائے گا۔

  • ممبئی بم حملوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی پھانسی پر ججز میں اختلاف

    ممبئی بم حملوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی پھانسی پر ججز میں اختلاف

    نئی دلی: بھارت کی سپریم کورٹ نے انیس سو ترانوے کے ممبئی بم حملوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی سزائے موت پر عمل درآمد کے خلاف اپیل مسترد کردی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے انیس سو ترانوے کے ممبئی حملوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کی جانب سے سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے ان کی سزا کو برقرار رکھا ہے۔

    بھارتی سپریم کورٹ کے مطابق عدالت نے ٹاڈا قوانین کے مطابق یعقوب میمن کو بالکل ٹھیک سزا سنائی ہے اور اب یعقوب میمن اپنی سزا کے خلاف اپیل نہیں کر سکتے، لہذا ان کی سزائے موت پر تیئس جولائی کو عمل درآمد کر دیا جائے گا۔

    ٹائیگر میمن کے بھائی یعقوب میمن کو 1993ء میں ممبئی میں ہونے والے حملے کے لیے پھانسی کی سزا دی گئی تھی جسے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ دونوں نے بحال رکھا۔

    سزائے موت کے خلاف درخواست کی سماعت کرنے والے ایک جج کا کہنا ہے کہ درخواست کی نئے سرے سے سماعت کی جانے کی ضرورت ہے کیونکہ ان کی اپیل کو بغیر درست ضابطے پر عمل کیے مسترد کر دیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ سزائے موت روکنے کی درخواست کی کل سماعت کرے گا۔

    دوسری جانب یعقوب میمن نے اپنی سزا کے خلاف صدر سے رحم کی اپیل کردی ہے۔

    یعقوب میمن کی سزائے موت کے خلاف بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان نے بھی اپنے ٹویٹر پیغام میں یعقوب میمن کی سزا پر اپنے ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے جس پر بھارت میں بڑے پیمانے پر ان کے اس بیان کی مخالفت کی گئی۔

  • ممبئی بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کو 30 جولائی کو پھانسی دی جائیگی

    ممبئی بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار یعقوب میمن کو 30 جولائی کو پھانسی دی جائیگی

    نئی دلی: بھارتی سپریم کورٹ نے یعقوب میمن کی سزائے موت کے خلاف آخری اپیل بھی خارج کرتے ہوئے سزائے موت کی سزا برقرار رکھی۔

    تفصیلا ت کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ  نے انیس سو تیرانوے کے ممبئی بم دھماکوں کے الزام میں گرفتار ملزم یعقوب میمن کی جانب سے دائر کی گئی رحم کی آخری اپیل بھی خارج کردی، چیف جسٹس سمیت 3ججوں پرمشتمل بنچ نے اپیل کی سماعت کی جس میں ملزم کی سزائے موت کو برقرار رکھا گیا

    واضح رہے  کہ یعقوب میمن ممبئی بم دھماکوں کے مرکزی ملزم داؤدابراہیم کا قریبی ساتھی بتایا جاتا ہے جبکہ یعقوب میمن ممبئی بم دھماکوں کے ایک اہم ملزم ٹائیگرمیمن کا بھائی ہے، اس نے 1993 میں ممبئی میں متعدد بم دھماکے کئے تھے، جس کے نتیجے میں 250 افراد ہلاک اور713زخمی ہوئے تھے۔

    اس سے قبل بھارتی صدر  نے بھی یعقوب میمن کی رحم کی اپیل مستردکردی تھی اب سپریم کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد ملزم یعقوب کو 30 جولائی کو ناگپورسینٹرل جیل میں پھانسی دی جائیگی۔

    یاد رہے کہ یعقوب میمن ممبئی بم دھماکوں کے ایک اہم ملزم ٹائیگرمیمن کا بھائی ہے۔

  • اسلام آباد: ذکی الرحمان لکھوی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد: ذکی الرحمان لکھوی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

    اسلام آباد: ممبئی حملہ سازش کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، ذکی الرحمان لکھوی کو لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر رہا کیا گیا۔

    گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کے احکامات معطل کرتے ہوئے انھیں دس دس لاکھ کے دو ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے دو روز قبل ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران حکومت سے نظر بندی سے متعلق حساس معلومات اور تمام ریکارڈ طلب کیا تھا۔

    پنجاب حکومت نے 14 مارچ کو ذکی الرحمان لکھوی کی چوتھی بار نظربندی کے احکامات جاری کیے تھے۔ اس پیش رفت سے ایک دن پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا تھا کہ اگر ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں ہے تو ذکی الرحمان کو رہا کیا جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس حکم پر بھارت میں سخت ردعمل ظاہر کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ ممبئی حملوں میں 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں ،امریکا

    لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں ،امریکا

    واشنگٹن : امریکا نے کہا ہے کہ ممبئی حملے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت پررہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    واشنگٹن میں ہفتہ وارمیڈیا بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ممبئی حملے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کے حکم کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    انکا کہنا تھا کہ پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ممبئی حملے کے ملزمان، ان کومالی مدد فراہم کرنے والوں اورضمانت دینے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لانے میں تعاون کرے۔

    جین ساکی نے کہا کہ ذکی الرحمن کیخلاف جاری قانونی کارروائی کے نتائج کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

  • ممبئی حملہ کیس، لکھوی کی دوبارہ نظر بندی کے احکامات جاری

    ممبئی حملہ کیس، لکھوی کی دوبارہ نظر بندی کے احکامات جاری

    اسلام آباد: ممبئی حملہ کیس میں ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی دوبارہ نظر بندی کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں ۔

    ممبئی حملہ کیس میں ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی ایک ماہ کیلئے نظر بندی کے احکامات محکمہ داخلہ پنجاب نے جاری کئے۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ذکی الرحمان لکھوی کو رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے جو سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھجوا دیئے گئے تھے۔

    توقع کی جارہی تھی کہ احکامات موصول ہونے کے بعد ذکی الرحمان لکھوی کو رہا کر دیا جائیگا تاہم محکمہ داخلہ پنجاب نے دوبارہ نظربندی کےاحکامات جاری کر دیئے۔

    ملزم کی ممبئی حملہ کیس میں پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے، جس کی منسوخی کیلئے وفاقی حکومت نے انسدادِ دہشتگردی کی عدالت میں درخواست دائرکر رکھی ہے۔

    دوسری جانب بھارت نے ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر بہت واویلا کیا ہے اور دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے لکھوی کو رہا نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • اسلام آباد ہائیکورٹ: ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کالعدم ،رہائی کاحکم

    اسلام آباد ہائیکورٹ: ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کالعدم ،رہائی کاحکم

    اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظربندی کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا

    اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس نور الحق قریشی نے عبوری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نظربندی کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم دیدیا۔

    ذکی الرحمان لکھوی کی ممبئی حملہ کیس میں پہلے ہی ضمانت ہوچکی ہے، جس کی منسوخی کیلئے وفاقی حکومت نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے، جس پرفریقین کو نوٹس جاری کیےگئے ہیں۔

    تاہم وفاقی حکومت نے ضمانت کے بعد امن و امان کے خدشے کے سبب ذکی الرحمان لکھوی کو نظر بند کردیا تھا۔ جس کے خلاف ملزم نےاسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔

    واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے الزام لگایا گیا تھا کہ ذکی الرحمن لکھوی ممبٔی حملہ کیس کا ماسڑ مائنڈ ہیں، جس پر پاکستان نے چند سال قبل انہیں مظفر آباد سے آتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔

  • ممبئی حملہ کیس، زکی الرحمان کی نظربندی میں مزید1ماہ کی توسیع

    ممبئی حملہ کیس، زکی الرحمان کی نظربندی میں مزید1ماہ کی توسیع

    اسلام آباد: ممبئی حملہ کیس کے ملزم زکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی میں ایک مہینہ توسیع کر دی گئی ہے۔

    زکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، سماعت جسٹس نور الحق قریشی نے کی۔ سماعت کے دوران زکی الرحمن کے وکیل راجا رضوان عباسی نے بتایا کہ انتظامیہ نے ان کے مؤکل کی نظر بندی میں مزید ایک مہینہ کی توسیع کر دی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نظر بندی کے نئے حکم نامے کو ایک اور درخواست کے ذریعے چیلنج کریں گے۔

    راجا رضوان عباسی نے کہا کہ عدالت میں زکی الر حمان کی نظر بندی پہلے سے چیلنج کی ہوئی ہے، نظربندی ختم ہوتے ہی حکومت نے مزید ایک مہینہ کی توسیع کردی ہے۔

    زکی الرحمان لکھوی کے وکیل نے کہا کہ آئندہ سماعت سے پہلے حکومت کیجانب سے نظر بندی کے نئے حکم نامے کو چیلنج کرینگے، مقدمے کی اگلی سماعت چھبیس جنوری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

    اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔

    واضح رہے کہ مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کردیا تھا ، جس کے بعد بھارت نے زکی الرحمان لکھوی کی رہائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور دوبارہ گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، جس کے بعد ملزم زکی الرحمان لکھوی کو دوبارہ نظر بند کردیا گیا تھا۔

  • امریکا، برطانیہ کا ذکی الرحمان لکھوی کی حوالگی کا مطالبہ

    امریکا، برطانیہ کا ذکی الرحمان لکھوی کی حوالگی کا مطالبہ

    اسلام آباد :امریکہ اور برطانیہ نے پاکستان سے ممبئی حملے کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کی حوالگی کی درخواست کر دی ہے۔

    حکومتی ذرائع کے مطابق ممبئی حملے میں امریکہ، کیوبا، برطانیہ سمیت کئی ممالک کے شہری بھی ہلاک ہوئے تھے، ان دونوں ممالک کے ساتھ پاکستان کا مجرموں کی حوالگی کا معاہدہ ہے۔

    دونوں ممالک کا مؤقف ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے قتل کا مقدمہ اپنے ملک میں چلانا چاہتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ذکی الرحمان لکھوی کی حوالگی کی درخواست وزارتِ داخلہ کو موصول ہوئی ہیں تاہم حکومت نے ذکی الرحمان لکھوی کو کسی ملک کے حوالے کر نے کی بجائے اپنے ملک میں مقدمات چلانے اور انہیں رہا نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل مرکزی ملزم زکی الرحمان لکھوی کو ضمانت پر رہا کردیا تھا ، بھارت نے زکی الرحمان لکھوی کی رہائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی اور دوبارہ گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، جس کے بعد ملزم زکی الرحمان لکھوی کو دوبارہ نظر بند کردیا گیا تھا۔