Tag: Mumbai

  • میری بلی کا پیچھا کیوں‌ کیا؟ خاتون نے کتے پر تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    میری بلی کا پیچھا کیوں‌ کیا؟ خاتون نے کتے پر تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    ممبئی: انسانوں کے بعد اب کتے بھی تیزاب گردی کا شکار ہونے لگے ہیں، بھارتی شہر ممبئی میں ایک خاتون نے پڑوسی کے کتے پر اس لیے تیزاب پھینک دیا کیوں کہ اس نے خاتون کی بلی کا پیچھا کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق بلی کا پیچھا کرنے پر بے چارا کتا تیزاب گردی کا شکار ہو گیا، پولیس نے ممبئی کی ایک خاتون کو پڑوسی کے پالتو کتے پر تیزاب پھینکنے اور جانوروں پر ظلم کرنے پر گرفتار کر لیا۔

    پولیس حکام کے مطابق 35 سالہ شبستہ سہیل انصاری کو اپنی بلی کا پیچھا کرنے پر براؤنی نامی کتے پر سخت غصہ تھا، بدھ کے روز خاتون نے اس وقت براؤنی پر تیزاب پھینک دیا جب وہ گلی میں سو رہا تھا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ انھوں نے بلی کا پیچھا کرنے پر کئی بار کتے کے مالکان کو خبردار کیا تاہم انھوں نے کوئی توجہ نہیں دی، تیزاب گردی کا یہ گھناؤنا واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا، اور فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون گھر سے نکلی اور سوئے ہوئے کتے پر تیزاب پھینک دیا، جس کے بعد کتا تکلیف کے مارے ادھر ادھر بھاگتا رہا، رپورٹس کے مطابق حملے کے بعد عمارت کے نگران نے شام کو زخمی کتے کو تلاش کیا اور اسے قریبی ویٹرنری کلینک لے گئے، تیزاب کے حملے میں کتے کی ایک آنکھ ضائع ہو گئی تھی اور بدن بھی شدید جھلس گیا تھا۔

    عمارت کے نگراں نے جب سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو شبستہ کو کتے پر تیزاب پھینکتے ہوئے پایا، جس پر انھوں نے خاتون کے خلاف شکایت درج کرا دی، اور پولیس نے خاتون کو گرفتار کر لیا۔

  • طالبہ کو 9 سال تک زیادتی کا نشانہ بنانے والا 55 سالہ ٹیچر گرفتار

    طالبہ کو 9 سال تک زیادتی کا نشانہ بنانے والا 55 سالہ ٹیچر گرفتار

    ممبئی : بھارت میں ایک ٹیوٹر (استاد) نے تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کے سر شرم سے جھکا دیئے، اپنی 16 سالہ شاگرد طالبہ کے ساتھ 9 سال تک جنسی زیادتی کے الزام میں دھرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر ممبئی میں پولیس نے 55 سالہ پرائیویٹ ٹیوشن ٹیچر کو 16 سالہ طالبہ سے جنسی زیادتی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ہے

    ملزم کیخلاف طالبہ کے ساتھ جنسی زیادتی، نامناسب طریقوں سے چُھونے، جسمانی اور ذہنی طور پر ہراساں کرنے کا الزام ہے۔

    یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب لڑکی کے کلاس فیلوز نے اسے اپنے والد کو ٹیوٹر کی اس حرکت کی شکایت کرنے اور ملزم کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس سے رجوع کرنے کی ترغیب دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی بیوی کے ساتھ ٹیوشن سینٹر چلاتا ہے جو اپنے شوہر کے اس جرم سے لاعلم تھی، پولیس نے مزید کہا کہ اس نے لڑکی کے ساتھ اس دنوں چھیڑ چھاڑ شروع کی جب وہ چھ سال کی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ ملزم پر لڑکی کے والد کے بھروسے اور یقین کی وجہ سے لڑکی کو بھی اتنے عرصے تک یہ بات بتانے کی ہمت نہ ہوئی اور وہ اتنے لمبے عرصے تک اس سے چھیڑ چھاڑ کرتا رہا لیکن لڑکی اپنی نادانی اور خوف کی وجہ سے ہچکچاتی رہی۔

    مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والی لڑکی ممبئی میں اپنے والد اور دو بہن بھائیوں کے ساتھ رہتی ہے، اس کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوچکی ہے۔

    پولیس کے مطابق لڑکی کے باپ کو ملزم نے یہ کہہ کر کہ اسکول کا برا ماحول اس کی بیٹی کو بھی خراب کرسکتا ہے تین سال قبل اسے اسکول چھوڑ کر گھر میں ہی ٹیوشن پڑھنے پر مجبور کیا۔

    میٹرک کی 16 سالہ طالبہ نے تنگ آکر اپنی پریشانی اسکول کے دوستوں سے بیان کی تو انہوں نے لڑکی کو یہ سارا معاملہ اپنے والد اور پولیس کو بتانے کی ترغیب دی اور آمادہ کیا۔ بعد ازاں ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

  • رشبھ پنت کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کر دیا گیا

    ممبئی: بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کو سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کر دیا گیا، وکٹ کیپر کو منتقل کرنے کا فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے کیوں کہ ڈاکٹروں نے ان کے گھٹنے کی انجری پر فوری توجہ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹار بلے باز رشبھ پنت کو گھٹنے اور ٹخنے میں لگنے والی چوٹوں کے علاج کے لیے بدھ کی شام ڈیرادون کے ایک اسپتال سے ہوائی جہاز کے ذریعے ممبئی لے جایا گیا۔

    25 سالہ کرکٹر 30 دسمبر 2022 کو ماں سے ملنے کے لیے دہلی سے اپنے آبائی شہر روڑکی جاتے ہوئے، ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہو گئے تھے، بتایا جاتا ہے کہ رشبھ پنت کار میں اکیلے تھے اور وہیل پر سو گئے تھے، جس کی وجہ سے کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔

    انھیں گھٹنے کے فوری آپریشن کے لیے ممبئی پہنچنے پر مضافاتی اندھیری کے کوکیلا بین دھیرو بھائی امبانی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا معائنہ کیا، اور ان کی حالت بہتر قرار دی گئی۔

    کوہلی اور روہت کے حوالے سے سابق بھارتی کرکٹر کا اہم بیان

    بھارتی کرکٹ بورڈ نے پنت کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے ممبئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا کیوں کہ وہ کمرشل ایئر لائن کے ذریعے پرواز کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔

    بدھ کو بی سی سی آئی نے کہا کہ رشبھ کی سرجری ہوگی، اور اس کے بعد ان کے گھٹنے کے جوڑ کے پھٹنے والے ٹشو کے کئی پروسیجر کیے جائیں گے، اور اس دوران بورڈ کی میڈیکل ٹیم علاج کی نگرانی کرے گی۔

    ممبئی میں پنت معروف اسپورٹس آرتھوپیڈک سرجن دنشا پارڈی والا کی نگرانی میں ہوں گے، جو اس سے قبل سچن ٹنڈولکر، یوراج سنگھ، جسپریت بمرا اور رویندرا جدیجا کے ساتھ ساتھ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ پنت صبح سویرے ہونے والے خوف ناک کار حادثے سے زندہ بچے ہیں، حادثے کی وجہ سے ان کی کار آگ کی لپیٹ میں بھی آ گئی تھی، انھیں روڑکی کے سکشم اسپتال میں فوری علاج کے بعد ڈیرادون کے میکس اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے چہرے اور جسم کے دیگر حصوں پر آئے ہوئے گہرے کٹ اور زخموں کی پلاسٹک سرجری ہوئی۔

    اسی شام ان کے دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے ایم آر آئی اسکینز کے نتائج نارمل آئے، لیکن گھٹنے اور پاؤں کا اسکین درد اور سوجن کی وجہ سے ملتوی کیا گیا، جو تاحال نہیں ہو سکا ہے۔

  • اسپتال کی کھدائی سے کیا برآمد ہوا ؟ دیکھنے والے دنگ رہ گئے

    اسپتال کی کھدائی سے کیا برآمد ہوا ؟ دیکھنے والے دنگ رہ گئے

    ممبئی : بھارت کے ایک سرکاری اسپتال کے اندر کھدائی کے دوران ایسی قدیم دریافت ہوئی دیکھنے والے دنگ رہ گئے، محکمہ آثار قدیمہ کے افسران نے بھی حیرت کا اظہار کیا۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی شائع کردہ رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی کے ایک پرانے سرکاری اسپتال کے احاطے میں ایک قدیمی سرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔

    بھارتی حکوم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سر جے جے اسپتال کے احاطے میں برطانوی دور اقتدار میں تعمیر کی گئی 132 سال پرانی سرنگ دریافت ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اسپتال کی ڈین ڈاکٹر پلاوی ساپلے نے میڈیا کو بتایا کہ تقریباً 200 میٹر لمبی سرنگ کا سنگ بنیاد 1890 میں رکھا گیا ہوگا کیونکہ اس کی دیوار پر اس کی تاریخ بھی درج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بدھ کے روز اسپتال کے ایک رہائشی میڈیکل آفیسر ارون راٹھوڈ معمول کے مطابق گشت پر تھے کہ اس دوران ان کی نظر نرسنگ کالج کی دیوار کے قریب ایک سوراخ پر پڑی جس کو مزید کھودنے پر سرنگ دریافت ہوئی۔

    انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ جس عمارت کے نیچے اینٹوں کی دیواروں والی سرنگ دریافت ہوئی ہے وہ ماضی میں ​​سر ڈی ایم پیٹ ہسپتال برائے خواتین اور بچوں کا تھا، جسے مارچ 1892 میں بائیکلہ کے وسیع و عریض اسپتال کیمپس میں تعمیر گیا تھا۔

    ڈاکٹر پلاوی ساپلے نے مزید بتایا کہ یہ عمارت فی الوقت ایک نرسنگ کالج میں تبدیل ہوگئی ہے، نیز چند برسوں قبل بھی اس عمارت میں ایک سرنگ کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں لیکن اسے تلاش کرنے کے لیے کوئی سرکاری ریکارڈ یا نقشہ موجود نہیں ہے۔

    سرکاری ریکارڈ کے مطابق ایک پارسی مخیر شخص سر جے جے کے قطعہ اراضی اور ان کی جانب سے کیے گئے عطیہ کے سببب مذکورہ اسپتال کی بنیاد 3 جنوری 1843 کو رکھی گئی تھی، نیز اب اس سرنگ کی دریافت پر پتھر پر جس تاریخ کا اندارج ہے اس پر 1890 تحریر کیا گیا ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سرنگ کی تعمیر بعد میں عمل میں آئی۔

    اسپتال کے حکام نے مزید تحقیقات کے لیے ممبئی کے کلکٹریٹ اور آثار قدیمہ کے محکموں کو تمام تفصیلات فراہم کی ہے جس سے مزید معلومات حاصل ہونا متوقع ہے۔

  • عمارت میں خوفناک آتشزدگی : لوگ اپنی بالکونیوں سے لٹک گئے

    عمارت میں خوفناک آتشزدگی : لوگ اپنی بالکونیوں سے لٹک گئے

    ممبئی : بھارت کے شہر ممبئی میں ہفتے کے روز کثیر المنزلہ رہائشی عمارت کی بارہویں منزل پر خوفناک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے سیاہ دھوئیں نے پورے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ممبئی کے نیو تلک نگر علاقہ میں متاثرہ عمارت کے رہائشیوں کے مطابق آگ بلڈنگ کی بارہویں منزل پر لگی، انہوں نے بتایا کہ کچھ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت یا پڑوسیوں کی مدد سے عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہوئے۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد رہائشیوں کی بڑی تعداد باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہوسکی اور اپنی جان بچانے کیلئے بے بسی کے عالم میں اپنے فلیٹ کی بالکونیوں میں لٹکے ہوئے ہیں۔

    Mumbai Fire Accident: Huge fire in 12 storied building.. to save lives..

    عینی شاھدین کے مطابق رہائشی عمارت میں آگ دوپہر کو تقریبا پونے تین بجے گئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

    ممبئی فائربریگیڈ کے مطابق امدادی ٹیموں کے رضا کاروں نے عمارت میں پھنسے ہوئے لوگوں کو بہت مشکلوں سے باہر نکالا تاہم ابھی تک کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    امدادی کارکنان کے مطابق کچھ لوگوں کو آکسیجن کی ضرورت تھی کیونکہ سانس لینے کے دوران دھواں ان کے اندر چلا گیا تھا۔

  • بھارتی فلم "سمراٹ پرتھوی راج” بری طرح فلاپ

    بھارتی فلم "سمراٹ پرتھوی راج” بری طرح فلاپ

    ممبئی : بالی ووڈ اداکار اکشے کمار اور ہدایت کار چندر پرکاش دویدی کی نئی فلم "سمراٹ پرتھوی راج” نمائش کیلئے پیش ہونے کے کچھ دن بعد ہی ناکام ہوگئی۔

    تقریباً 300 کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے پہلے دن صرف 10 کروڑ روپے ہی کمائے ہیں جس سے فلم بینوں میں اس کی اہمیت کا اندازاہ لگایا جاسکتا ہے

    اس حوالے سے تنقید نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر بھارتی وزیراعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت تمام مرکزی وزراء اور بی جے پی کے تمام رہنما کشمیر فائل کی طرح اس فلم کی تشہیر کریں تو شاید کچھ لوگ اور دیکھ لیں مگر تب بھی پروڈیوسر نقصان کا پورا ہونا بہت مشکل لگ رہا ہے۔

    فلم کے مکالمے چندر پرکاش دویدی نے لکھے ہیں، اتر پردیش حکومت نے فلم کو ٹیکس فری کردیا ہے لیکن سنیما میں ٹکٹ فروخت کرنے والی لڑکی کا کہنا تھا کہ ہمیں ابھی تک ایسی کوئی ہدایت نہیں ملی ہے۔

    تنقید نگاروں کے مطابق جب فلم شروع ہوئی تو سینما ہال میں بمشکل 30 سے 35 لوگ بیٹھے تھے، صرف ایک بار ایک شخص نے انٹرویل کے بعد ایک ڈائیلاگ پر تالی بجائی۔

    فلم اپنے آغاز اور اختتام میں تھوڑااثر چھوڑتی ہے حالانکہ دونوں بار اس فلم میں آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم گلیڈی ایٹر کی جھلک نظر آتی رہی، اب نہ تو چندر پرکاش دویدی ریڈلے اسکاٹ ہیں اور اکشے کمار بھی رسل کرو نہیں ہیں۔ پھر بھی ان دونوں مواقع پر اکشے کی کارکردگی اچھی رہی کیونکہ یہ بنیادی طور پر وہ ایکشن کے مناظر ہیں۔

    پوری فلم فلیش بیک میں ہے، اس کے ڈس کلیمر میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ فلم بنیادی طور پر چند بردائی کی پرتھوی راج راسو پر مبنی ہے، فلم کے ابتدائی حصے میں پرتھوی راج کی تعریف میں ایک گانا چلایا جاتا ہے جس میں ان کا موازنہ گوکل کے موہن اور کروکشیتر کے ارجن سے کیا گیا ہے۔

    فلم دیکھتے ہوئے ایسا لگتا تھا کہ ہدایت کار چندر پرکاش دویدی فیصلہ نہیں کر پا رہے ہیں کہ پرتھوی راج- سنیو گیتا کی محبت کی کہانی پر زیادہ فوکس کریں، پرتھوی راج- جے چند کی کہانی یا پرتھوی راج- محمد غوری کی جدوجہد پر، قصہ گوئی کے اس کنفیوزن کی وجہ سے فلم کو نقصان ہوا ہے۔

  • کرن جوہر کی سالگرہ تقریب میں کورونا وائرس کی انٹری : کئی اداکار متاثر

    کرن جوہر کی سالگرہ تقریب میں کورونا وائرس کی انٹری : کئی اداکار متاثر

    ممبئی : بھارتی ریاست مہاراشٹر کے بڑے شہر ممبئی میں کورونا وائرس نے اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے، فلم ڈائریکٹر کرن جوہر کی سالگرہ تقریب میں درجنوں افراد کوویڈ سے متاثرہ پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی میں ایک بار پھر کورونا وائرس کے پھیلنے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں ۔پورے مہاراشٹر میں کورونا کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

    اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ معروف فلم ڈائریکٹر کرن جوہر کی 50 ویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرنے والے تقریباً 50 سے 55 مہمان کوویڈ-19 سے متاثر پائے گئے ہیں۔

    تقریب کا اہتمام ممبئی کے اندھیری ویسٹ میں واقع یش راج فلمز اسٹوڈیو میں کیا گیا تھا جس میں ریتھک روشن، شاہ رخ خان، کترینہ کیف، کیارا ایڈوانی، جانہوی کپور، ملائکہ اروڑہ، کرینہ کپورخان اور دیگر موجود تھیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تقریب میں موجود دیگر افراد میں بھی اس کی علامات محسوس ہوئی ہیں لیکن بہت سے لوگ اسے ظاہر نہیں کر رہے ہیں۔

    اس کے علاوہ اداکار کارتک آرین بھی کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں حالانکہ انہوں نے اس تقریب میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔

  • چاٹ فروشوں میں جھگڑا، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    چاٹ فروشوں میں جھگڑا، مضحکہ خیز ویڈیو وائرل

    ممبئی : بھارت میں دو دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جو دیکھتے ہی دیکھتے بڑے تصادم کی شکل اختیار کرگئی، دونوں جانب سے ڈنڈوں اور لاتوں کا سہارا لیا گیا۔

    بھارت کے شہر ممبئی میں ایک معروف شاہراہ کی فٹ پاتھ پر دو چاٹ فروشوں نے اپنے کیبنز تھوڑے فاصلے سے لگا رکھے تھے۔

    گزشتہ رات 11بجے دونوں چاٹ فروشوں میں کسی بات پر تلخی ہوگئی اس دوران وہاں چاٹ کھانے کیلئے آنے والے کئی لوگ بھی موجود تھے۔

    بات تلخ کلامی سے بڑھ کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور دونوں جانب سے ان کے حمایتی بھی کود پڑے، پھر کیا تھا فٹ پاتھ ایک میدان جنگ کا منظر پیش کررہا تھا۔

    جس کے ہاتھ میں جو آیا اس نے اٹھا کر مخالف کے سر پر دے مارا اور لہولہان کردیا، وہاں موجود لوگ کھڑے تماشا دیکھتے رہے اور کوئی آگے نہ بڑھا۔

    بعد ازاں علاقہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات پر قابو پایا اور لڑائی مین ملوث 8 افراد کو حراست میں لے کر تھانے پہنچا دیا، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • بپی لہری اپنی موت کے بعد سوشل میڈیا پر، مگر کیسے؟

    بپی لہری اپنی موت کے بعد سوشل میڈیا پر، مگر کیسے؟

    ممبئی : بھارت کے معروف موسیقار بپی لہری کی موت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی پوسٹ سامنے آئی ہے، پوسٹ دیکھ کر ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ انتقال کرجانے والے بھارت کے مایہ ناز گلوکار و میوزک کمپوزر بپی لہری کے انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔

    بپی لہری کی اچانک موت نے بھارتی میوزک انڈسٹری کو سوگوار کردیا تھا تاہم اب ان کی یاد میں پہلی بار ان کے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

    گلوکار کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اُن کی ایک تصویر شیئر کی گئی ہے جس میں اُن کے سونے کی گھڑی، بریسلیٹ اور انگوٹھیوں کو نمایاں کیا گیا ہے۔

    اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا کہ میراث ہمیشہ کے لیے زندہ رہتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 15 فروری کو بپی لہری نے اپنی زندگی کی آخری سانسیں لیں۔

    بپی لہری کو بالی ووڈ کا راک اسٹار کہا جاتا تھا، بپی لہری سینے میں انفیکشن کے باعث ممبئی کے کریٹی کیئر اسپتال میں داخل تھے۔

    کریٹی کیئر اسپتال میں بپی لہری کے معالج ڈاکٹر دیپک نے بپی لہری کے انتقال کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ جب بپی لہری کو اسپتال لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر کم تھا۔

    ڈاکٹر کے مطابق اسپتال لانے پر بپی لہری کی طبعیت بحال کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن بہت دیر ہو چکی تھی۔

  • ‘نام تو سنا ہوگا نا میری جان؟’ کنگ خان کی سوشل میڈیا پر دھماکے دار انٹری

    ‘نام تو سنا ہوگا نا میری جان؟’ کنگ خان کی سوشل میڈیا پر دھماکے دار انٹری

    ممبئی: بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ’ شاہ رخ خان ‘ کی طویل عرصے کے بعد اسکرین پر واپسی نے مداحوں کو خوشی سے نہال کردیا ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار نے اسکرین پر واپسی کے ساتھ ہی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی ایک طویل عرصے کے بعد ٹوئٹ کیا، ایک ٹوئٹ کرنے کی دیر تھی کہ وہ ٹاپ ٹرینڈ بن گئے۔

    اُنہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اپنے ایک نئے اشتہار کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ "نام تو سنا ہوگا نا میری جان” اداکار کو اس اشتہار میں اسی نئے انداز میں دیکھا جاسکتا ہے جوکہ اُنہوں نے اپنی نئی فلم ’پٹھان‘ کے لیے اپنایا۔

    مداح اداکار کی واپسی پر اپنے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کررہے ہیں، کچھ مداح دلچسپ میمز شیئر کررہے ہیں تو کچھ شاہ رخ خان کی واپسی کی سوشل میڈیا پر دھوم دیکھ کر انکی شہرت کا موازنہ اُن کے ساتھی بالی ووڈ اداکاروں سے کررہے ہیں۔

    جبکہ کچھ مداحوں کا کہنا ہے کہ اداکار نے اس اشتہار کے ذریعے اپنی فلم ’پٹھان‘ کی پہلی جھلک دکھا دی ہے۔

    https://twitter.com/AdityaMohan17_/status/1496385654141644800?s=20&t=baOHmYewYQfxqeRRDdxR2A

    واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں جب سے ان کے بڑے بیٹے آریان خان کو منشیات کے ایک کیس میں گرفتار کیا تھا تب سے شاہ رخ سوشل میڈیا پر بھی کم متحرک نظر آتے ہیں، آریا ن کو تقریباً تین ہفتے جیل میں گزارنے کے بعد ضمانت مل گئی تھی۔

    https://twitter.com/AdityaMohan17_/status/1496385654141644800?s=20&t=baOHmYewYQfxqeRRDdxR2A