Tag: Mumbai

  • کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    کشتی نہ ملی تو گدا ہی سہی، بھارتی نوجوانوں کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارتی شہر ممبئی میں شدید بارشوں نے شہر کا حشر نشر کردیا، ایسے حالات میں بھی شہر کے لوگ ہنسی مذاق سے باز نہ آئے اور عجیب و غریب حرکتیں کرتے پائے گئے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پانی سے بھری ہوئی ایک سڑک پر جہاں لوگ مشکل سے آ جارہے ہیں، وہیں دو نوجوان ایک گدے پر آرام سے لیٹے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ گدا پانی میں تیر رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو 4 ہزار سے زائد لائکس موصول ہوئے۔

    ٹویٹر صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے، کسی نے اسے ممبئی اسٹائل قرار دیا، تو کوئی اسے دیکھ کر فلم ٹائیٹینک کے جیک اور روز کو یاد کرنے لگا۔

    خیال رہے کہ ممبئی میں بارش کا 46 سالہ ریکارڈ ٹوٹ چکا ہے، ممبئی کے جنوبی علاقے کولابا میں 24 گھنٹوں کے دوران 331 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق بارش کے باعث ٹرین، بس سروس، دفاتر اور دیگر ضروری سروسز بند کردی گئیں، بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں 5 روز کے دوران مون سون کی 64 فیصد بارش ہوئی۔

  • بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    بھارتی اینکر ارنب گوسوامی کو نوٹس، پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم

    نئی دہلی: بھارت کے متنازعہ اینکر ارنب گوسوامی کے خلاف سو سے زائد ایف آئی آرز درج ہونے کے بعد ممبئی پولیس نے انہیں نوٹس جاری کردیا، ارنب کو پولیس کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی پولیس نے ارنب گوسوامی کو تعزیرات ہند کی دفعہ 41 اے کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔

    ارنب گوسوامی کے خلاف ایف آئی آر ناگپور میں دائر کی گئی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس معاملے کو ممبئی منتقل کرنے کا حکم دیا، کل صبح 9 بجے ارنب کو ممبئی میں پولیس کے سامنے حاضر ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ ارنب نے چند روز قبل کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کے خلاف قابل اعتراض تبصرے کیے تھے۔ ارنب کے ان تبصروں کے بعد ان کے خلاف مختلف شہروں میں سو سے زائد ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہیں۔

    کانگریس رہنماؤں نے ری پبلک ٹی وی انتظامیہ اور اس کے مدیر ارنب گوسوامی کے خلاف ممبئی ہائی کورٹ کا رخ کیا تو دوسری جانب بنگلور کے ایک آر ٹی آئی کارکن نے کرناٹک ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں ری پبلک ٹی وی کے براڈ کاسٹ اور ارنب گوسوامی کے ذریعے کچھ بھی براڈ کاسٹ کرنے پر پابندی لگانے کی استدعا کی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ میں مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ممبر بھائی جگتاپ اور مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے نائب صدر سورج ٹھاکر نے بھی درخواستیں دائر کی ہیں۔

  • ممبئی کا تاج محل ہوٹل بھی کرونا وائرس کی زد میں، متعدد ملازمین متاثر

    ممبئی کا تاج محل ہوٹل بھی کرونا وائرس کی زد میں، متعدد ملازمین متاثر

    ممبئی : دنیا بھر میں تباہی پھیلانے والا کورونا وائرس اب ممبئی کے مشہور زمانہ تاج محل ہوٹل تک بھی پہنچ گیا، ہوٹل کے متعدد ملازمین کورونا وائرس ٹیسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کووڈ19 نے ممبئی کے تاج ہوٹل میں بھی اپنی جگہ بنا لی ہے، تاج گروپ آف ہوٹلس کے متعدد ملازمین گزشتہ کچھ دنوں کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

    اس حوالے سے آئی ایچ سی ایل کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد کووڈ19 ٹیسٹ میں مثبت ہائے گئے ہیں ان میں بیماری کی کوئی علامت نظر نہیں آئی ہے لیکن انہیں علاج کے لیے اسپتال داخل کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ باقی افرد جو متاثرین سے ملے تھے انہیں عالمی ادارہ صحت اور حکومتی ہدایات کےمطابق قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    تاج محل پیلس جو کہ گیٹ وے آف انڈیا کے سامنے واقع ہے، اس میں ابھی کوئی بھی مسافر نہیں ہے۔ تاج گروپ آف ہوٹلس میں کورونا وائرس سے ملازمین تب متاثر ہوئے جب ہوٹل انتظامیہ نے تمام طبی عملہ کو ممبئی میں واقع فائیو اسٹار ہوٹلز میں رہنے کی اجازت دے دی تھی۔

    ہوٹل کے ترجمان نے کہا کہ ان غیر معمولی اوقات میں ہمارے ساتھیوں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت سب سے زیادہ اہم ہے۔ ایک ذمہ دار کمپنی ہونے کی ہماری اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے اور احتیاطی تدابیر کے طور پر ہم اپنے ملازمین کے لیے ٹیسٹنگ کے معیار کو تیز تر کر رہے ہیں۔

  • بھارت : نامور کرکٹر کا سوتے میں انتقال

    بھارت : نامور کرکٹر کا سوتے میں انتقال

    ممبئی : بھارت کے لیجنڈ کرکٹر والٹر ڈیسوزا گزشتہ روز جہان فانی سے کوچ کرگئے، ان کی عمر93سال تھی، وہ رات کو سوئے اور اسی حالت میں دنیا کو الوداع کہہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے میدان میں زندگی کے20 سال گزارنے والے بھارت کے لیجنڈ کرکٹر والٹر ڈیسوزا گزشتہ روز چل بسے، والٹر ڈیسوزا نے ممبئی کے علاقے کھار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی، ڈیسوزا کے انتقال سے پوری کھیل دنیا صدمے میں ہے۔

    خیال رہے کہ ڈیسوزا سب سے عمر دراز فرسٹ کلاس کرکٹر تھے، انہوں نے گجرات اور اے سی سی کے لئے کھیلا ہے اور اندور میں ہولکر ٹیم کے خلاف گجرات کے لئے 1950-51 میں رنجی ٹرافی کا فائنل کھیلا تھا۔

    جس میں انہوں نے 50 اور 77 رن بنائے تھے، والٹر ڈیسوزا کا فرسٹ کلاس کیریئر تقریبا 20 سال کا رہا۔ انہوں نے1947 سے 1966 تک کرکٹ کو اپنا وقت دیا۔

    اس لیجنڈ کرکٹر نے گجرات کی جانب سے 16 میچ کھیلے ہیں۔ 27 اننگز میں انہوں نے 35.69 کی اوسط سے 821 رن بنائے ہیں۔
    اس حوالے سے گجرات ٹیم کے سابق کوچ وجے پٹیل والٹر ڈیسوزا کے ساتھ گزارے ہوئے اچھے لمحات کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے،

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے2017 میں بریبان اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا، جہاں ایرانی کپ کا ایک میچ کھیلا جانا تھا۔

    وجے نے بتایا کہ اس سال گجرات کے رنجی ٹرافی جیتنے کے بعد ہم نے انہیں ایرانی کپ کے لئے مدعو کیا تھا، اس وقت وہ 90 سال کے تھے، وہ اس وقت آئے اور کھلاڑیوں سے بات چیت بھی کی، وہ کافی یادگار دوپہر تھی۔

  • تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    تاجر نماز کے بعد پھندے پر جھول گیا

    ممبئی: بھارت میں 55 سالہ مسلمان تاجر نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی، پولیس تاحال خودکشی کی وجہ تلاش کر رہی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی کے 55 سالہ بزنس مین ایم ایم حکیم کی لاش ان کے کمرے میں لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ حکیم چمڑے کے کاروبار سے وابستہ تھا۔

    حکیم نے سوگواران میں بیوی اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں، بڑی بیٹی ایک نجی فرم میں ملازمت کرتی تھی جبکہ دوسری کالج میں زیر تعلیم تھی۔

    پولیس کو حاصل کردہ اب تک کی معلومات کے مطابق وہ دن اس گھرانے کے لیے ایک معمول کا دن تھا۔ دونوں بیٹیاں صبح اپنے دفتر اور کالج روانہ ہوگئیں۔

    چھوٹی بیٹی ڈیڑھ بجے گھر واپس آئی تو اس نے باپ کو دوپہر کے کھانے میں شامل ہونے کا کہا، لیکن اس نے منع کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے نماز پڑھے گا۔ اس کے بعد وہ نماز پڑھنے کے لیے کمرے کے اندر گیا اور کمرا اندر سے بند کرلیا۔

    بیٹی کھانا کھانے کے بعد سونے چلی گئی۔ شام 4 بجے اٹھ کر وہ جم گئی اور 5 بجے وہاں سے واپس آئی تو دیکھا کہ دروازہ بدستور بند تھا۔ اس نے کسی طرح دروازہ کھولا تو اندر اپنے باپ کا لٹکتا ہوا مردہ جسم دیکھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بزنس مین کی خودکشی کی وجہ اہلخانہ کے بیانات کے بعد ہی اخذ کی جاسکے گی، فی الحال وہ صدمے میں ہیں اور کسی بھی قسم کی بات چیت کرنے کے قابل نہیں۔

  • ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    ممبئی ایئرپورٹ پر طیارے کے نزدیک گھومتے پُراسرار شخص‌ کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی:بھارت میں پراسرار حرکتوں کا حامل ایک شخص ممبئی ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگ کر ایک طیارے کے نیچے چلتا پھرتا نظر آرہا ہے، یہ طیارہ روانگی کے لیے رن وے پر آنے کی باری کا انتظار کر رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پیش آنے والے واقعے کا وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا،یہ کلپ ایک دوسرے طیارے کے کاک پٹ سے بنایا گیا تھا،بھارتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وڈیو میں نمودار ہونے والا اجنبی ایک طیارے کے نزدیک گھومتا پھرتا اور اس کا معائنہ کرتا نظر آیا۔

    داخلہ سیکورٹی فورسز کے ایک ذریعے کا کہنا تھا کہ مذکورہ شخص نے جمعرات کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر چالیس منٹ پر ایئرپورٹ کی دیوار پھلانگی اورایک بج کر 42منٹ پر اسے حراست میں لے لیا گیا۔

    ذریعے نے مزید بتایا کہ گرفتاری کے بعد اس شخص کی اچھی طرح تلاشی لی گئی مگر اس ے قبضے سے کچھ برآمد نہ ہوا، اس شخص کے پاس کوئی شناختی دستاویز بھی نہیں تھی۔

    ایئرپورٹ پر پولیس کے ایک افسر کے بیان کے مطابق دراندازی کرنے والے شخص کی عمر 24 سال ہے اور وہ سیون میں رہتا ہے، پولیس نے اس نوجوان کے اہل خانہ سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہ کسی طبی مسئلے کے تحت زیر علاج ہے۔

    اہل خانہ نے مزید بتایا کہ دوا نہ کھانے پر یہ شخص پریشان کن حرکات کا ارتکاب کرتا ہے۔ گذشتہ ہفتے وہ علاقے میں ایک بس کی چھت پر چڑھ گیا تھا۔

  • ممبئی میں بارشوں نے تباہی مچادی، 27 افراد ہلاک

    ممبئی میں بارشوں نے تباہی مچادی، 27 افراد ہلاک

    ممبئی: بھارتی شہر ممبئی میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں 27 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں طوفانی بارش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گئی ہے، کئی علاقوں میں پانی بھرا ہوا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    طوفانی بارش کے باعث مختلف حادثات میں 27 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ پانی بھرنے کے باعث ممبئی ائیرپورٹ کا رن وے بند کردیا گیا ہے۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق ممبئی میں 5 روز سے جاری بارش نے جل تھل ایک کردیا،بارش کا 10سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، 356 ملی میٹر بارش نے ہرطرف تباہی مچا دی، پونا،کرلا، کرانتی نگر سمیت مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال ہے، گھر دفاتر ڈوب گئے۔

    بھارتی اداکار امیتابھ بچن کے گھر کے آگے بھی پانی جمع ہوگیا، زمینی اور فضائی ٹریفک متاثر ہے، خراب موسم کے باعث ممبئی ایئرپورٹ بند کردیا گیا،54 پروازیں متبادل ایئرپورٹ پر اتاری گئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کوغیرمعمولی اونچی لہریں ممبئی کے ساحل سے ٹکرائیں گی۔

  • مودی سرکار نے قائداعظم کا گھر ’جناح ہاوس‘ ہتھیا لیا

    مودی سرکار نے قائداعظم کا گھر ’جناح ہاوس‘ ہتھیا لیا

    نئی دہلی : بھارت کی متعصب مودی سرکار نے ممبئی میں واقع قائداعظم محمد علی جناح کا گھر ’جناح ہاؤس‘ ہتھیا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی سرکار اپنی غنڈہ گردی جاری رکھتے ہوئے ممبئی میں واقع پاکستان کے بانی قائد اعظم کا گھر ’جناح ہاؤس‘ بھارتی وزارت خارجہ کے نام کررہی ہے۔

    بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس میں تبدیلیاں کرکے وہاں سرکاری تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ممبئی میں واقع جناح ہاؤس قائداعظم محمد علی جناح کی ملکیت تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کی بیٹی دینا واڈیا نے سنہ 2007 میں ’جناح ہاؤس‘ کے سلسلے میں بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ درج دائر کیا تھا تاہم وہ گذشتہ برس انتقال کرگئیں، جس کے بعد وہ مقدمہ غیر موثر ہوگیا تھا۔

    بھارتی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس ممبئی کوسنہ 1930 میں یورپی طرزپر2.5 ایکڑز کے وسیع رقبے پرتعمیرکیا گیا تھا، جس کی مالیت کا تخمینہ 40 کروڑ امریکی ڈالرز بتایا جارہا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاریخی جناح ہاؤس میں قائداعظم محمد علی جناح، جواہرلال نہرو، مہاتما گاندھی کی ملاقاتیں ہوتی تھیں۔

    یاد رہے کہ پاکستانی نے بارہا دہلی سرکارسے کہا تھا کہ ’جناح ہاؤس‘ پاکستانی حکومت کو فروخت کرکے لیزکردیا جائے تاکہ وہاں پاکستانی قونصل خانہ کھولا جاسکے تاہم بھارتی حکومت نے پاکستان کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔

  • بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے اپنی خاتون منیجر کیخلاف ہراسگی کا مقدمہ درج کرادیا

    بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے اپنی خاتون منیجر کیخلاف ہراسگی کا مقدمہ درج کرادیا

    ممبئی : بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ زرین خان نے اپنی سابقہ خاتون منیجر کیخلاف مقدمہ درج کرادیا، ان کا کہنا ہے کہ انجلی اتھ نے انہیں نازیبا میسیجز بھیج کر ہراساں کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 31سالہ بھارتی اداکارہ زرین خان نے ممبئی کے کھار پولیس تھانے میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں ان کی سابقہ منیجر انجلی اتھ کو نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر میں مدعی زرین خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابقہ مینیجر انجلی اتھ کی جانب سے رقم کے لین دین کے معاملے پر مجھ کو انتہائی نازیبا پیغامات بھجوائے گئے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، جس کی وجہ سے میرے خلاف انڈسٹری میں بے ہودہ اور اور نازیبا افواہیں گردش کررہی ہیں۔

    زرین خان کا مزید کہنا ہے کہ ان الزامات کی وجہ سے میری ساکھ خراب ہوئی ہے اور وہ اب بھی میرے نام پر لوگوں سے رقم بٹور رہی ہے۔

    اس حوالے سے زرین خان کے وکیل رضوان صدیقی نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی خاتون کی عزت اور ساکھ بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے اس لیے کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ کرادار کشی پر اتر آئے۔

    علاوہ ازیں ممبئی پولیس نے بھی مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے کی تفتیش کے بعد ہی حتمی نتیجے پر پہنچ کر ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

    پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ اس منیجر نے ان کو کس طرح کے پیغامات بھیجے یا دھمکیوں کی کیا نوعیت ہے۔

  • بھارت کی مسجد میں’ہندومسلم‘سب کے لیے لنگرِرسول ﷺ

    بھارت کی مسجد میں’ہندومسلم‘سب کے لیے لنگرِرسول ﷺ

    ممبئی: عشا کی اذان ہوتے ہی شہر کے کئی لوگ بلاتفریق مذہب گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کا رخ کرتے ہیں، اور اس کا سبب وہاں سے جاری سبزیوں پر مشتمل کھانے کا لنگرِ رسول ﷺ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممبئی کے علاقے گرانٹ روڈ پر واقع بلال مسجد کی انتظامیہ رواں سال مارچ سے شہر کے ضرورت مندوں کے لیے لنگرِ رسول ﷺ کا اہتمام کررہے ہیں۔

    مسجد کی انتظامیہ سے وابستہ امین ڈبا والا کاکہنا ہے کہ سبزیوں پر مشتمل کھانا فراہم کرنے کا مقصد یہ ہے کہ کسی کے بھی مذہبی عقائد اور عزتِ نفس کو ٹھیس نہ پہنچے ، ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندو مسلم سب آتے ہیں اور ہم بلاتفریق مذہب سب کو کھانا فراہم کرتے ہیں۔ کھانےمیں دو روز سبزی کا پلاؤ ہوتا ہے جبکہ باقی دن چاولوں سے بنی کھچڑی فراہم کی جاتی ہے۔

    ایک اور ٹرسٹی محمد اسلم عبد الستار کا کہنا ہے کہ ان کا یہ سلسلہ انتہائی کامیابی سے جاری ہے اور اسے لوگوں میں پذیرائی مل رہی ہے، کوئی ہمیں فنڈ دے جاتا ہے ، کوئی چاول، سبزیاں یا تیل فراہم کردیتا ہے اور یہ سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اگر ایک سال تک ہمیں مزید فنڈ نہ ملیں تب بھی ہم یہ سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں۔

    مسجد انتظامیہ کےمطابق اس لنگر سے بلاتفریق مذہب تمام لوگوں کو کھانا فراہم کیا جاتا ہے، یہ کھانا روزانہ رات ساڑھے آٹھ بجے سے نو بجے کے درمیان تقسیم ہوتا ہے اور اس مقصد کے لیے مسجد سے متصل عید گاہ میدان کا استعمال کیا جاتا ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسجد انتظامیہ نے یہ سلسلہ روزانہ سو افراد کو کھانا فراہم سے کرانے سے شروع کیا تھا اور اب وہ روزانہ دو سو افراد کو کھانا فراہم کررہے ہیں، مستقبل میں ان کا ارادہ اس سلسلے کو روزانہ چار سو افراد تک لے جانے کا ہے۔