لاڑکانہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ایک ہوگیا شہر تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔
سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ہونے والی تیز آندھی اور موسلا دھار بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں موجود ہیں، بارش کے بعد بلدیاتی مشینری حرکت میں آگئی۔
اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جمیل سومرو، میئر انور لہڑ اور ٹاؤن چیئرمین فیلڈ میں متحرک ہیں، جمیل سومرو اور انور لہڑ نے شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
رپورٹ کے مطابق بارش کے بعد شہر کی سڑکوں اور گلی محلوں سے نکاسی آب کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
بلدیاتی عملے کو پانی کی فوری نکاسی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، جمیل سومرو کا کہنا تھا کہ صبح تک بارش کے پانی کی نکاسی مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں کے سسٹمز کی موجودگی سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور کشمیر میں تیز بارشوں، آندھی اورژالہ باری کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظرمتعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔