Tag: muqabla

  • راؤ انوارپولیس مقابلہ: چاروں ہلاک شدگان بے گناہ ثابت، تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف

    راؤ انوارپولیس مقابلہ: چاروں ہلاک شدگان بے گناہ ثابت، تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف

    اسلام آباد : ان کاؤنٹراسپیشلسٹ راؤ انوار کا پولیس مقابلہ بھی جعلی نکلا، نقیب اللہ محسود سمیت جاں بحق ہونے والے چاروں نوجوانوں کی بے گناہی ثابت ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جمع کی جانے والی نقیب اللہ قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقابلے میں مارے جانے والے چاروں افراد بے گناہ تھے،ان چاروں نوجوانوں کا کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا، رپورٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ راؤ انوار نے جعلی مقابلے میں نقیب اللہ، نذر جان، محمد اسحاق اور محمد صابر کو قتل کیا۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چاروں افراد کے خلاف کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ملا، بہاولپور کے رہائشی محمد اسحاق کے خلاف کہیں کوئی مقدمہ درج نہیں۔

    اس کے علاوہ احمد پورکے محمد صابرکا بھی سندھ میں کوئی کرمنل ریکارڈ نہیں ہے، تحقیقات میں جنوبی وزیرستان کے نقیب اللہ اورنذرجان کا بھی کرمنل ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔

    رپورٹ کے مطابق چاروں افراد کے کرمنل ریکارڈ کے لیے پنجاب، کے پی کے، بلوچستان، گلگت اوراسلام آباد کے ڈی آئی جیز کو خطوط لکھے گئے، کہیں سے کسی بھی ملزم کے خلاف کوئی کرمنل ریکارڈ موصول نہیں ہوا۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ راؤ انوار نے ان نوجوانوں پر کالعدم لشکرجھنگوی، تحریک طالبان کے کمانڈرز ہونے کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا، راؤ انوار نے مارے جانے والے چاروں افراد پردہشت گرد حملوں میں ملوث ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔


    مزید پڑھیں: راؤ انوار پر ہونیوالے مبینہ خود کش حملے میں ہلاک شخص کی شناخت


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

     

  • بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز کا مقابلہ: 3 دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار زخمی

    بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز کا مقابلہ: 3 دہشتگرد ہلاک، دو اہلکار زخمی

    کراچی : بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرزاورکالعدم تنظیم کے کارندوں سے مقابلہ میں تین دہشت گرد ہلاک اور دو رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے،علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں خفیہ اطلاع پر کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کیخلاف چھاپہ مار کارروائی کی۔

    چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، رینجرز کی جوابی فائرنگ میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ مقابلے میں رینجرز کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ہلاک ہونے والے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد سنگین جرائم میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی مطلوب تھے۔

    ہلاک شدگان کے قبضے اور ان کی کمین گاہ سے بھاری تعداد میں اسلحہ اورگولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردی گئی ہیں۔ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

     

  • رینجرز اور سی ٹی ڈی سے مقابلے : پانچ دہشت گرد ہلاک

    رینجرز اور سی ٹی ڈی سے مقابلے : پانچ دہشت گرد ہلاک

    کراچی : سپر ہائی وے پر رینجرز نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے تین کارندے اور لیاری میں مقابلے میں گینگ وار کے دو کارندے مارے گئے ۔

     سی ٹی ڈی پولیس نے محمد خان کالونی میں کارروائی کرتے ہوئے دس افراد کو گرفتار کرکے گھر میں موجود بھاری مقدارمیں بارودی مواد اور تیار رکشہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق سپر ہائی وے نادرن بائی پاس کے قریب رینجرز نے مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے تین دہشت گرد مارے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا ہے، جبکہ چوتھا ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق مارے گئے ملزمان کی شناخت شمشیر خان ، عطاء اللہ عرف پٹھان اور ظہیر عرف فقیر کے نام سے ہوئی ہے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، جو ٹارگٹ کلنگ، پولیس اہلکاروں کے قتل، بھتہ خوری، گینگ ریپ، اور رینجرز پر ہونے والے بم حملوں میں مطلوب تھے ۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق رینجرز نے گل محمد لین لیاری میں کارروائی کرکے مقابلے میں دو ملزمان ہلاک کردیئے، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار کے بابا لاڈلہ گروپ سے ہے ۔

    ہلاک ملزمان کی شناخت عادل عرف رند عرف سلمان ور معید کے ناموں سے ہوئی ۔ ملزمان پولیس، رینجرز اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ، دستی بم حملوں، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری میں بھی ملوث تھے ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان کے مطابق مقابلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوا۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی پولیس نے ناردرن بائی پاس محمد خان کالونی میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    سی ٹی ڈی گارڈن کے انچارج علی رضاکے مطابق کارروائی کے دوران دس دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ بارودی مواد سے تیار رکشہ بھی برآمد ہوا ہے ۔

    سی ٹی ڈی حکام کے مطابق جس گھر سے ملزمان کو گرفتار کیا گیا وہاں سے بھاری مقدار میں بارود سے بھرے بیگ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام اس کارروائی کو کامیابی قراردے رہے ہیں۔

  • صوابی : سیکیورٹی فورسزاوردہشت گردوں کےدرمیان مقابلہ،4 ہلاک

    صوابی : سیکیورٹی فورسزاوردہشت گردوں کےدرمیان مقابلہ،4 ہلاک

    صوابی : سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کےدرمیان صوابی میں ہونے والے مقابلےمیں چار دہشت گرد مارے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں مینی میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا، سرچ آپریشن جاری تھا کہ دہشت گردوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس نےجوابی کارروائی میں چاردہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ دہشت گرد پہاڑی پر چھپے ہوئے تھے،پولیس نے پہاڑی سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کر لیاہے۔

    واقعہ کے بعد ڈی پی او صوابی جاوید اقبال بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد علاقہ بھر میں سرچ آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا۔

    پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لیکرٹوپی اسپتال منتقل کر دیں۔

  • لیاری میں رینجرز سے مقابلہ: گینگ وار کے چار کارندے ہلاک

    لیاری میں رینجرز سے مقابلہ: گینگ وار کے چار کارندے ہلاک

    کراچی : شہر قائد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ رینجرز سے مقابلے میں چار دہشت گرد مارے گئے ۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لیاقت آباد نمبر دو پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا مقتول کی شناخت اسد علی کے نام سے ہوئی ہے لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ادھرلیاری میں رینجرز کی کارروائی میں گینگ وار کے چار کارندے مارے گئے۔جن کی شناخت دانش کیکڑا،ارشد عرف گڈو،موسٰی بلوچ اور نوید بلوچ کے نام سے ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق ملزمان قتل اقدام قتل بھتہ خوری اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

    ادھر سرجانی کے علاقے میں پہلے سے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مار کر بھاری تعدادمیں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق برآمد کیا گیا اسلحہ لینڈ مافیا کے کارندوں کا ہے ،پانچ کلاشنکوف ،چار سیون نائن ایم ایم رائفل اور ایک ایل ایم جی شامل ہیں۔

    کارروائی گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی،اسلحہ زمینوں پر قبضوں کے دوران مزاحمت کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔

  • شیخوپورہ: حساس اداروں کی کارروائی، 6دہشت گردہلاک، 2فرار

    شیخوپورہ: حساس اداروں کی کارروائی، 6دہشت گردہلاک، 2فرار

    شیخوپورہ : حساس اداروں نے شیخوپورہ میں کارروائی کرکے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، مقابلے کے بعد دو دہشت گرد فرارہوگئے۔

    دہشت گردوں کے قبضے سےاسلحہ اور بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر شیخوپورہ کے نواحی علاقے لانگراں میں ایک مکان پر چھاپہ مارا تو وہاں رہائش پذیر دہشت گردوں نے سخت مزاحمت کرتے ہوئے پولیس پرفائرنگ شروع کر دی۔

    تاہم حساس اداروں کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کر کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے، جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مارے جانے والے دہشت گرد شہر میں بڑی کارروائی کرنا چاہتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے 2کلاشنکوف،4پستول، 300گولیاں اور بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

  • فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق

    فائرنگ سے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد جاں بحق

    کراچی : عوامی کالونی میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جبکہ شہر میں فائرنگ کرکے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد کو موت کی نیند سلا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر میں پولیس اہلکار دہشت گردوں کے نشانے پر آ گئے۔ عوامی کالونی میں پولیس موبائل پرفائرنگ کی گئی، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو فرار ہونے میں ہو گئے۔

    ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سےایس ایم جی برآمد کر لی گئی۔ نیپا چورنگی کے قریب اتوار بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے دو ٹریفک پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

    جس سے نظام حسین اور محمد شیر نامی اہلکار جاں بحق ہو گئے۔واردات کے بعد حملہ آور با آسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    فائرنگ کا دوسرا واقعہ ناظم آباد میں پیش آیا جہاں گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق اوردو افراد زخمی ہوگئے۔

    لیاقت آباد کے علاقے فردوس مارکیٹ میں لوٹ مار کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین مزدور زخمی ہوگئے۔تمام زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

  • پاکستانی طالبعلم نے نا سا کے تحت مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی

    پاکستانی طالبعلم نے نا سا کے تحت مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی

    کراچی : پاکستانی طالب علم نے ناسا پروگرام کے مقابلے میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے میٹرک کے طالب علم شاہ میر اعزاز نے نا سا کے تحت ہونے والے سٹلمنٹ ڈیزائن کونٹسٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کردیا۔

    اس مقابلے میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے طلباء نے نے شرکت کی، مقابلے کا انعقاد ایمز ریسرچ سینٹر کے تعاون سے کیا گیا تھا۔

    مذکورہ مقابلے میں حصہ لینے والے طلباء ایک ایسا ماڈل اسپیس سٹی بناتے ہیں کہ جس میں دس ہزار افراد کے رہنے کی گنجائش ہوتی ہے۔

      اس ماڈل اسپیس سٹی میں رہائش کے طریقے اوردوران رہائش جو مسائل پیش آتے ہیں ان کو کس طریقے سے حل کرنا ہے سے متعلق پوری معلومات فراہم کی جاتی ہیں۔

  • رینجرز سےمقابلہ، کالعدم لبریشن آرمی کےتین دہشت گرد ہلاک

    رینجرز سےمقابلہ، کالعدم لبریشن آرمی کےتین دہشت گرد ہلاک

    کراچی : رینجرز سےمقابلے میں سنگین وارداتوں میں ملوث کالعدم لبریشن آرمی کے تین دہشت گرد مارے گئے اور ایک زخمی حالت میں پکڑاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق حب میں چینی باشندوں کے قتل میں ملوث تین دہشت گرد اپنے انجام کو پہنچ گئے۔ مذکورہ دہشت گرد گذشتہ رات اسماعیل شاہ مزار کے قریب مقابلے میں مارے گئے۔ جس کی ترجمان رینجرز نے تصدیق کردی ہے۔

    اطلاعات کے مطابق کراچی میمن گوٹھ میں اسماعیل شاہ مزار کےقریب رینجرز جوانوں نےدہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرعلاقے کو گھیرے میں لیاتو ملزمان نے اپنی کمین گاہوں سےرینجرز پر فائرنگ کردی۔

    جوابی کارروائی میں تین دہشت گردہلاک ہوگئے۔دہشت گردوں کی شناخت زاہد،ناصر اورحبیب عرف فوجی کے نام سے ہوئی، مقابلے میں ایک ملزم الہیٰ بخش عرف گڈو زخمی حالت میں پکڑاگیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد چینی باشندوں کےقتل اور گھاروریلوے ٹریک دھماکے سمیت ٹارگٹ کلنگ جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

  • مہمند ایجنسی : سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ، دس دہشت گرد ہلاک

    مہمند ایجنسی : سیکیورٹی فورسز سے مقابلہ، دس دہشت گرد ہلاک

    مہمند ایجنسی : سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مہمند ایجنسی میں ہونے والی جھڑپ کے دوران دس دہشت گرد مارے گئے جن کی لاشیں سیکیورٹی فورس نے تحویل میں لے لی ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے شن کرئی میں گزشتہ رات ڈیڑھ بجے کے قریب دس سے پندرہ دہشت گردوں نے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی جن کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔

    دونوں جانب سے ایک گھنٹے سے زائد تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ جس کے دوران دس دہشت گرد مارے گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں کسی سیکیورٹی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی لاشیں مقامی انتظامیہ کے حوالے کردی گئیں، جنہوں نے لاشیں اسپتال میں منتقل کر دیں۔