Tag: Murad Ali Shah

  • سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکمت عملی مرتب کرلی، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی (یکم ستمبر 2025) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صوبائی حکومت ممکنہ سپر فلڈ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    نجی نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت کی جانب سے پانی کے بہاؤ کے نتیجے میں گڈو بیراج پر پانی کی آمد12لاکھ سے13 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتی ہے، نو لاکھ کیوسک سے زائد پانی کو محفوظ طور پر گزارنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ گڈو بیراج پر 8لاکھ سے دس لاکھ اور حتیٰ کہ 12 سے13 لاکھ کیوسک پانی تک پہنچ سکتا ہے۔ تاہم سندھ حکومت نے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر رکھی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ دریائے چناب اور جہلم سے آنے والا سب سے بڑا ریلا تریموں بیراج پر کم ہو چکا ہے اور اسے پنجنند تک پہنچنے میں تقریباً تین دن لگیں گے۔ پنجنند کی صورتحال سے یہ واضح ہو جائے گا کہ گڈو بیراج پر چھ ستمبر تک کتنے بڑے ریلے کا سامنا ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چوبیس اگست کو پانچ لاکھ پچاس ہزار کیوسک پانی پہلے ہی گڈو بیراج سے گزر چکا ہے جو بعد میں سکھر اور کوٹری بیراج سے بھی بغیر کسی مسئلے کے گزر گیا۔

    ان کے مطابق ایک لاکھ کیوسک پانی کا اضافہ دریا کے پانی کی سطح کو تقریباً ایک فٹ بلند کرتا ہے۔ سندھ کے بیراج ایک ملین کیوسک تک کا بہاؤ برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور حکومت پر اعتماد ہے کہ آنے والا بڑا ریلا بھی محفوظ طور پر گزر جائے گا۔

    وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ سب سے پہلی ترجیح انسانی جانوں اور مویشیوں کو کسی بھی نقصان سے بچانا ہے۔ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر سندھ حکومت نے متاثرہ اضلاع کے دیہی علاقوں کو ہائی الرٹ پر رکھا ہے اور ضرورت پڑنے پر مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ اگرچہ بڑے پیمانے پر انخلا ابھی شروع نہیں کیا گیا، لیکن ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کے فیلڈ عملے نے نشیبی دیہات کے رہائشیوں کو واضح طور پر متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی وقت انخلا کے لیے تیار رہیں۔ حکام کے پاس کم از کم دو دن کا وقت ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر انخلا کو محفوظ بنایا جا سکے۔

    وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ کشتیوں اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کر لیا گیا ہے۔ حکومت کی اپنی کشتیاں تیار ہیں، بحریہ اور فوج نے بھی مدد فراہم کی ہے جبکہ بروقت انخلا یقینی بنانے کے لیے نجی کشتیاں بھی کرائے پر حاصل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بڑے سیلاب کی صورت میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔

  • پولیو کے قطرے، وزیر اعلیٰ نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے

    پولیو کے قطرے، وزیر اعلیٰ نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے

    سکھر: سندھ میں انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ یو سی نیو سکھر پہنچ گئے، جہاں انھوں نے خود گھروں کے دروازے کھٹکھٹائے اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کی ہدایت کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کے دوران سکھر کا دورہ کیا، یو سی نیو سکھر میں انھوں نے شہریوں سے مل کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی ترغیب دی۔

    انھوں ںے کہا پولیو کے قطرے آپ کے بچوں کو اپاہج ہونے سے بچاتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر والدین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا پولیو کے قطرے بچے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بناتے ہیں، والدین کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے میں نے آپ کے دروازے پر دستک دی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گھر گھر دستک دے کر بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے، انھوں نے کہا ہم نے پولیو کا خاتمہ کر کے دنیا کے شانہ بشانہ چلنے کا عہد کیا ہے، مہم میں شامل ہو کر اپنی انسداد پولیو ٹیموں کی محنت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے ساتھ صوبائی وزرا ناصر شاہ، مکیش چاؤلہ اور دیگر بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں پولیو ورکرز پر حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہو گیا تھا، صدر مملکت آصف زرداری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ دہشت گرد پاکستان کے عوام کو صحت مند اور خوش حال نہیں دیکھنا چاہتے، پاکستان کے عوام بڑھ چڑھ کر پولیو مہم میں حصہ لیں۔

  • مراد علی شاہ سے صحافی کا سوال، نواز شریف کے کیس معاف آپ کے کیوں نہیں ہو رہے؟

    مراد علی شاہ سے صحافی کا سوال، نواز شریف کے کیس معاف آپ کے کیوں نہیں ہو رہے؟

    اسلام آباد: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج جمعرات کو کرپشن ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کی تو ایک صحافی نے دل چسپ سوال کر دیا۔

    صحافی نے سندھ کے وزیر اعلیٰ سے سوال کیا کہ نواز شریف کے کیس معاف ہو رہے ہیں، لیکن آپ اور پی پی رہنماؤں کے نہیں ہو رہے، کیوں؟

    مراد علی شاہ نے سوال کا کوئی واضح جواب نہیں دیا، اور کہا کہ عدالت کا کام کیسز کی سماعت ہے، جب عدالت بلاتی ہے تو ہم آ جاتے ہیں، نیب کے بارے میں بہت کچھ کہہ چکا ہوں اور کیا کہوں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا یہ کیس بنتا ہی نہیں، اس کی 50 سماعتیں ہو چکی ہیں، اس پر آنے والا خرچہ نکال کر دیکھیں کہ کتنا خرچہ ہوا ہوگا۔ واضح رہے کہ مراد علی شاہ اور دیگر کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ میں مبینہ کرپشن ریفرنس پر آج ان کی احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی تھی۔

    وکیل ارشد تبریز نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ کے آرڈر کے بعد اس کیس کی کارروائی آگے نہیں چل سکتی، دوسری عدالت میں کیس منتقل ہوا تو واپس نیب کو آ گیا، سب نے کراچی سے آنا ہوتا ہے، اخراجات بھی زیادہ ہیں اس لیے لمبی تاریخ کی استدعا کی جاتی ہے۔

    احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کا انتظار کر لیتے ہیں، بعد ازاں جج ناصر جاوید نے ریفرنس پر سماعت 26 جون تک ملتوی کر دی۔

  • صدارت کیلئے آصف زرداری سے بہتر کوئی چوائس نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    صدارت کیلئے آصف زرداری سے بہتر کوئی چوائس نہیں، وزیراعلیٰ سندھ

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صدارت کیلئے آصف زرداری سے بہتر کوئی چوائس نہیں ہوسکتی۔

    دادو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری پہلے بھی جب صدر تھے تو سب کو ساتھ لیکر چلے تھے، صدارت کے لئے وہ بہترین چوائس ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر اور وزیراعظم کی مشاورت سے چاروں صوبوں میں گورنرز لگائیں گے،انہوں نے کہا کہ بلاول وزیرخارجہ تھے تو ان کی کوششوں سے سیلاب متاثرین کیلئے امداد حاصل کی۔

    صحافی نے وزیر اعلیٰ سندھ سے سوال کیا کہ سندھ میں اس بارایم کیو ایم کو17سیٹیں ملی ہیں؟جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں یہی کہ سکتاہوں ایم کیو ایم نے محنت کی ہوگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ایم کیوایم نے تیاری نہیں کی تھی،ایم کیوایم کوسیٹیں ملنے پرہمارے بھی کچھ لوگوں کواعتراضات ہیں۔

    صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کی ساری نشستیں بیچ دی ہیں، راجہ ریاض کا دعویٰ

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سسٹم خراب نہیں کرینگے جو قانونی طریقہ ہے وہ کرینگے۔

  • مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ آفس کا چارج سنبھال لیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ آفس کا چارج سنبھال لیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا

    کراچی: منتخب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صبح 7 بجکر 45 منٹ پر وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پہنچے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گزشتہ روز لگاتار تیسری مرتبہ اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا آج انہوں نے سلامی لینے کے بعد اپنے فرائض منصبی کا آغاز کر دیا۔

    ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ آفس پہنچنے کے بعد مرادعلی شاہ نے چیف سیکریٹری، آئی جی سندھ سے علیحدہ علیحدہ میٹنگز کیں۔

    واضح رہے کہ گورنر ہاؤس میں حلف اٹھانے کی تقریب منعقد ہوئی، گورنر کامران خان ٹیسوری نے مراد علی شاہ سے وزیراعلیٰ سندھ کا حلف لیا۔

    تقریب حلف برداری میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے ساتھ ساتھ سابق نگران وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر بھی شریک ہوئے۔

  • ’’طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اور بدین کو ہے‘‘

    ’’طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اور بدین کو ہے‘‘

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طوفان سے زیادہ خطرہ ٹھٹھہ اور بدین کو ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت سمندری طوفان آنے کا قوی خطرہ ہے، طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 8سے9ہزار فیملی رہائش پذیر ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنا پڑے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ ہم نے 3اضلاع کے کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں، طوفان کے پیش نظر ہم تمام تر اقدامات کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ کور کمانڈر کراچی اور جی او سی حیدرآباد سے بھی رابطے میں ہیں، ہوسکتا ہے کل ٹھٹھہ، بدین جاکر گراؤنڈ پر کام کا جائزہ لوں۔ بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی ہدایت ہے کہ عوام کی خدمت کرتے رہیں۔

    واضح رہے کہ سمندری طوفان بائپر جوائے جو تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے اس کے نتیجے میں کراچی میں موسلا دھار بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    طوفان اس وقت کراچی سے 770 کلومیٹر دور ہے تاہم تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ سمندری طوفان 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے جو آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی رمضان میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی رمضان میں مصنوعی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمضان میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ قیمتیں چیک کریں اور انہیں کنٹرول کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، ترجمان کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 19 نکات شامل ہیں جن پر غور اور فیصلے ہوں گے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے گزشتہ کابینہ اجلاس کے منٹس منظور کر لیے، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے رمضان میں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ پرائس چیک کریں اور اس کو کنٹرول کریں، سیلاب اور بارشوں کے باعث ملک میں غربت بڑھی ہے، رمضان کے بابرکت مہینے میں مخیر حضرات مدد کریں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت غریب لوگوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

  • مراد علی شاہ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل گئی

    مراد علی شاہ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری مل گئی

    کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مراد علی شاہ کو اعزازی ڈگری دینے کے لیے این ای ڈی میں خصوصی کانووکیشن منعقد کیا گیا، گور نرسندھ کامران ٹیسوری نے ان کو یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری دی۔

    گورنر سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی کے سابق طالب علم سید مراد علی شاہ کی پیشہ ورانہ، ذاتی اور انتظامی کامیابیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنے کے بعد تقریب سے خطاب میں کہا ’’مجھے یاد ہے کہ اس آڈیٹوریم کے کونے میں بیٹھا کرتا تھا، آج یہاں اسٹیج پر کھڑا ہوں، مجھے ڈگری تو دی گئی ہے لیکن میں ڈاکٹر کہلانا نہیں چاہوں گا، میں مراد ہی ہوں اور مراد ہی کہلاؤں گا۔‘‘

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ’’43 سال پہلے جب میں یہاں آیا تو میرے پہلے دوست سروش حشمت لودھی بنے، کچھ عرصہ قبل سروش حشمت لودھی نے کہا کہ وہ مجھے اعزازی ڈگری دینا چاہتے ہیں، میں نے منع کر دیا کہ ابھی میں اس قابل نہیں، کرونا وبا کے دوران بھی انھوں نے کہا میں نے منع کر دیا، لیکن اس بار انھوں نے مجھے ڈگری دے ہی دی، یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘‘

    مراد علی شاہ نے کہا کہ انھوں نے یونیورسٹی میں گزارا ہر دن بہت انجوائے کیا تھا، انھوں نے کہا ’’ان تمام اساتذہ کا شکریہ جن کی وجہ سے آج میں یہاں کھڑا ہوں۔‘‘

  • سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    سندھ میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا: مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلامک ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کی افتتاحی کانفرنس سے خطاب کیا۔

    کانفرنس میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی سائنس کا ادارہ تعارف کا محتاج نہیں، مسلم ممالک میں سائنس اور ٹیکنالوجی کو فروغ دینا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غربت، غذائی عدم تحفظ اور کلائمٹ چینج کے مسائل کا حل سائنس سے ممکن ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی سے ہم ان مسائل سے نمٹ سکتے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کے ساتھ شراکت داری کرنا ہوگی، صوبے میں یونیورسٹیز اور تحقیقی مراکز کے تحفظ کے عزم کا یقین دلاتا ہوں۔

  • ’عوام بلاول بھٹو کے علاوہ کسی کو وزیراعظم نہیں مانتے‘

    ’عوام بلاول بھٹو کے علاوہ کسی کو وزیراعظم نہیں مانتے‘

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس ملک کی عوام کسی اور کو نہیں مانتے، ان کے لیے اگر کوئی وزیراعظم ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے نشتر پارک میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو اس ملک کا وزیراعظم بنائیں گے، اگلے یوم تاسیس پر بلاول بھٹو وزیراعظم کی حیثیت سے خطاب کرینگے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگلا سال بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کا سال ہے، بلاول بھٹو سندھ کی تنظیم اور کارکنان کو ثابت قدم پائیں گے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کیلئے ہم پُرامید نظروں سے بلاول کی طرف دیکھ رہے ہیں۔