Tag: Murad Ali Shah

  • الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں، جو لوگ دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں۔

    یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ماضی میں شہر قائد دہشت زدہ تھا، ہرجگہ قتل عام ہوتا تھا، بھتہ خوری اور بوریوں میں لاشیں ملا کرتی تھیں، لوگ باہر نکلنے سے ڈرتے تھے لیکن آج کا کراچی اس سے پوری طرح مختلف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تین گھنٹوں پر محیط تقریر میں کوئی بات قابل ذکر نہ تھی، سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں، ہم نے سال09-2008 سے ابھی تک سندھ میں 833 بلین روپے خرچ کیے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میں الگ صوبہ بنانے کی مذمت کرتا ہوں اگر اب بھی کسی کے دل میں کوئی خلل ہے تو نکال دے، جس دھرتی کو ماں کہتے ہیں اسے اپنا تو کہیں، میں الگ صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنت بھیجتا ہوں۔

    واضح رہے کہ آج پورے ملک میں جنوبی پنجاب صوبے کی باتیں ہورہی ہیں جبکہ سندھ اسمبلی میں لعنتیں دی جارہی ہیں، عمران خان کا کہنا ہے کہ اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائیں گے، یہی باتیں بلاول اور زرداری بھی کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں۔

    قبل ازیں ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی بھی سندھ میں صوبہ بنانے کا اعلان کرچکے ہیں، ایم کیوایم حقیقی کے سربراہ آفاق احمد نے تو جنوبی سندھ صوبے کی تحریک بھی شروع کردی ہے، اب سندھ میں ایک اور صوبہ بنے گا یانہیں یہ تو وقت بتائے گا۔

  • تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے۔ بجٹ تصدیق 30 ستمبر تک کی ہے، نئی اسمبلی بعد میں پھر تصدیق کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کر رہا ہوں۔ اسمبلی 28 مئی کو تحلیل ہوجائے گی، پھر نگران سسٹم آئے گا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نگران حکومت 2 ماہ میں عام انتخابات کروائے گی۔ بجٹ کے دو حصے ہیں۔ ایک سپلیمنٹری حصہ ہے جس میں زیادہ اخراجات کی منظوری ہوتی ہے۔ دوسرے حصے میں پورے سال کا بجٹ ہے لیکن تصدیق 3 ماہ کی لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بجٹ تصدیق 30 ستمبر تک کی ہے، نئی اسمبلی بعد میں پھر تصدیق کرے گی۔ ’تعلیم کے بجٹ میں گزشتہ سال کی نسبت اضافہ کیا ہے، ملازمین کی بنیادی تنخواہوں میں 10 فیصد کا اضافہ کیا ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ وفاق سے کراچی کی تعمیر نو کے لیے بات کی مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔ 10 بلین سے کراچی میں سڑکیں، فلائی اوور، انڈر پاسز بنائیں گے۔ گورنر سندھ نے 7 بلین روپے کی اسکیم کا افتتاح کرنے کی بات کی۔ ’رواں سال وفاق نے پی ایس ڈی پی میں ایک ٹکا نہیں رکھا‘۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انڈس ہائی وے روڈ پر حادثات سے اموات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وفاقی حکومت منصوبے کی رقم ہونے کے باوجود کچھ نہیں کر رہی۔ منصوبے کا ٹھیکہ بھی دے چکے ہیں لیکن حاصل کچھ نہیں ہوا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کو صرف 300 ملین روپے کی 3 اسکیموں سے نوازا گیا۔ آبی شعبے میں سندھ کو 1.7 فیصد شیئر دیا گیا۔ ’کیا یہ ہمارے ساتھ انصاف ہو رہا ہے‘؟

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی 2013 کے بعد اور مضبوط ہوئی ہے۔ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر لوگ ن لیگ چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی سندھ میں کامیابی سے پورا پاکستان جیتے گی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے 3 ماہ کے لیے منی بجٹ پیش کیا تھا جو 30 ستمبر تک نافذ العمل ہوگا۔ ٹیکس فری بجٹ کا کل حجم 11 کھرب 44 ارب روپے ہے جبکہ اس میں کسی نئی اسکیم کو شامل نہیں کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ کے نئے مالی سال 19 – 2018 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    سندھ کے نئے مالی سال 19 – 2018 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

    کراچی : سندھ کے نئے مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا،وزیراعلیٰ مراد علی شاہ بجٹ تقریر کریں گے، سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں آج نئے مالی سال 19 – 2018 کا بجٹ پیش کیا جائے گا، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نئے مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے، سندھ اسمبلی میں پیش کئے جانے سے قبل صوبائی کابینہ بجٹ کی منظوری دے گی۔

    بجٹ کا کل حجم گیارہ کھرب تینتالیس ارب روپے رکھا گیا ہے، سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ ٹیکس فری بجٹ ہوگاکوئی نیاٹیکس نہیں لگایا جائے۔

    ذرائع کے مطابق آئندہ سال کا بجٹ خسارہ سترہ سے بائیس ارب روپے ہوگا، نئے بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے تین کھرب تینتالیس ارب اکانوے کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے، دو کھرب دوارب روپے جاری منصوبوں جبکہ پچاس ارب روپے نئے منصوبوں کیلئے مختص کئےجائیں گے۔

    تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کا فیصلہ کابینہ اجلاس میں کیا جائے گا، اس کے علاوہ تیس ارب روپے ضلعی ترقیاتی پروگرامزکیلئے رکھے جائیں گے، نئے مالی سال میں غیر ترقیاتی بجٹ کیلئے سات کھرب اٹھانوے ارب سے لیکر آٹھ کھرب تک ہوگا۔

    نئے مالی سال کے بجٹ میں ادویات کی خریداری کیلئے ساڑھے نو ارب روپے رکھیں جائیں گے، کراچی پیکج کے تحت تئیس نئی سڑکوں کی تعمیر کیلئے پیسے رکھے جائیں گے۔

    ملازمتوں کے سلسلے 22 ہزار نئی اسامیاں پیدا کی جائیں گی، کراچی کے جاری منصوبوں کیلئے 7ارب 30 کروڑ 23 لاکھ روپے رکھے جائیں گے، بیرونی امداد سے چلنے والے منصوبوں کا تخمینہ 46 ارب 76 کروڑ ہے۔

    وفاقی حکومت کی مدد سے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 15 ارب 16 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے، سندھ کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 31ارب 54 کروڑ کا اضافہ کیا جارہا ہے، محکمہ آبپاشی کیلئے 28 ارب، ذراعت کیلئے 5 ارب، محکمہ اوقاف کیلئے 42 کروڑ 50لاکھ رکھے جائیں گے۔

    سندھ کی 6بڑی درگاہوں کیلئے 27کروڑ رکھے جائیں گے، درگاہوں میں لعل شہبازقلندر، شاہ عبدالطیف بٹائی، سچل سرمست اور دیگر شامل ہیں۔

    امراض قلب کیلئے 25کروڑ، سولر ٹیوب اور واٹر سسٹم کیلئے 11کروڑ30لاکھ رکھے جائیں گے۔

    محکمہ صحت کے غیرترقیاتی پروگرام کیلئے 96ارب روپے اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے ساڈھے 12ارب روپے رکھے جائیں گے جبکہ محکمہ بلدیات اور صحت عامہ کے ترقیاتی پروگرام میں 27 ارب 90 کروڑ روپے کا اضافہ کیا جارہا ہے۔

    محکمہ تعلیم کے مجموعی پروگرام کیلئے 24 ارب 39کروڑ 85لاکھ رکھے جانے کی تجویز دی گئی ہے، اسکول ایجوکیشن کیلئے 15ارب، کالج کیلئے پانچ ارب اسپیشل ایجوکیشن کیلئے 20کروڑ رکھے جائیں گے، بورڈز اینڈ یونیورسٹیز کیلئے 3 ارب 24 کروڑ، محکمہ توانائی کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 23 کروڑ 44 لاکھ رکھے جائیں گے۔

    محکمہ داخلہ کے جاری منصوبوں کیلئے 2ارب روپے، محکمہ صنعت وتجارت کیلئے 1ارب 38 کروڑ 83 لاکھ روپے رکھے جائیں گے ، انفارمیشن اور آرکائیو 24 کروڑ 40 لاکھ، انفارمیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کیلئے 50 کروڑ رکھے جائیں گے۔

    لا اینڈ پارلیمانی امور کیلئے 2 ارب روپے، لائیواسٹاک اینڈ فشری کیلئے ڈھائی ارب روپے رکھے جائیں گے، محکمہ اقلیتی امور کیلئے ڈیڑھ ارب روپے، صوبائی سندھ اسمبلی کیلئے 1 ارب 83 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے اخراجات کیلئے 60 کروڑروپےمختص کیے جائیں گے۔

    وفاق سے جو اس سال رقم ملے گی، وہ 665 ارب اور صوبائی آمدنی کی مد میں140 سے 144ارب روپے کا تخمینہ ہے، ٹیکس شرع میں اضافہ کیے بغیر 35 سے 45 ارب روپے کی وصولی ہوگی۔

    سندھ ریونیوبورڈ کا ٹارگٹ اس سال 115 سے 120ارب روپے ہوگا، بورڈآف ریونیوکی اسٹیمپ دیوٹی کیپیٹل ویلیو اور رجسٹریشن فیس میں ساڑھے 18ارب روپے کا تخمینہ ہے جبکہ نان ٹیکس آمدنی میں20ارب روپے صوبائی حکومت کو ملنے کا تخمینہ ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم

    وزیر اعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لے لیا، تحقیقات کا حکم

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال کو شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سید مراد علیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت کو جلسہ کرنے سے روکنا نہیں چاہتے، شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دیں گے، قانونی تقاضوں کے مطابق جلسہ کرنے کی اجازت سب کو ہے، پیپلز پارٹی نے حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت لی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کی جانب سے قبضے کی کوشش کی گئی، کراچی میں شعوری طور پر امن خراب کرنے کی کوشش کی گئی، پیپلز پارٹی نے طریقہ کار کے مطابق جلسہ کے لیے اجازت مانگی، پی پی کے پاس جلسے کا اجازت نامہ موجود ہے۔

    کراچی، پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم، تین گاڑیاں نذرآتش، پتھراؤ

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے کہا گراؤنڈ پر ہمارا قبضہ ہے، تحریک انصاف نے باقاعدہ جلسے کی درخواست نہیں دی تھی، انا کا مسئلہ پی ٹی آئی نے بنایا اور گراؤنڈ پر قبضہ کیا، یہ جماعت قانونی طور پر جس جگہ پر جلسہ کرنا چاہتی ہے کرے انہیں کسی نے نہیں روکا۔

    ان کا کہنا تھا کہ گاڑیاں شہر کا ماحول خراب کرنے والوں نے جلائیں، آج کے واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت کی ہے، پی ٹی آئی مذمت کرتی ہے تو پھر حکومت بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی، پولیس والوں کو بھی بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش میں پتھر لگے، پولیس علاقے میں موجود نہیں تھی یہ کہنا درست نہیں ہے۔

    کسی کو بھی شہر کا امن تباہ کرنے نہیں دیں گے: وزیر داخلہ سندھ

    ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے میں کسی کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، تاہم انتظامی سطح پر صورت حال کا جائزہ لینے کی کوشش کررہے ہیں، حکیم سعید گراؤنڈ میں جلسہ وہ جماعت کرے گی جس کے پاس قانونی اجازت ہوگی، میں بھی پی ٹی آئی قیادت سے بات کرنے کو تیار ہوں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کے پاس لوگوں کو برا کہنے کے علاوہ کوئی پلان نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

    عمران خان کے پاس لوگوں کو برا کہنے کے علاوہ کوئی پلان نہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

    جامشورو: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے پاس لوگوں کو برا کہنے کے علاوہ کوئی پلان نہیں، ان سے ایک چھوٹا صوبہ خیبر پختونخوا نہیں سنبھالا گیا، پیپلزپارٹی واحد پارٹی ہے جو پاکستان کو سنبھال سکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ پیش کرنے کا حکومت کے پاس اختیار نہیں تھا، سیہون جامشورو روڈ پر حکومت نے سندھ سے دشمنی کی، روڈ کی دو لین بنی ہیں دو مزید بنانی ہیں، میں کہتا ہوں مجھے دیں میں تیزی سے مکمل کروں گا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کو سیاست کی مکمل اجازت ہے تاہم کسی کو بھی دہشت گردی نہیں کرنے دیں گے، آٗئندہ عام انتخابات میں عوام ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیں گے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، احسن اقبال پر حملہ دہشت گردی ہے، دہشت گردوں کی کوشش ہے اس امن کو سبوتاژ کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندر کے مزار پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیہون میلے میں بیرون ملک سے بھی لوگ آتے ہیں، سندھ صوفیوں کی دھرتی اور امن کا گہوارہ ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ

    واضح رہے کہ مراد علی شاہ کاکہنا تھا کہ کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا ہے، سیکڑوں لوگوں نے جانوں کی قربانی دے کر ہمیں چین سے جینے کا موقع دیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ

    کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا، مراد علی شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں امن بڑی قربانیوں سے آیا ہے، دہشت کا ماحول ختم ہوگیا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مراد علی شاہ نے کہا کہ پی پی شہیدوں کی پارٹی ہے، ان کا خون رائیگاں نہیں گیا، ٹنگی گراؤنڈ جلسے میں سارے شہر سے لوگ آٗئے تھے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کا ہر گلی محلہ پورے پاکستان کا ہے جسے جہاں جلسہ کرنا ہے کرے، پیپلزپارٹی جو کردیتی ہے ایم کیو ایم بھی کرنے لگ جاتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیں گے، جن لوگوں نے شہر کو یرغمال بنایا انہیں عوام عام انتخابات میں باہر کردیں گے، سیکڑوں لوگوں نے جانوں کی قربانی دے کر ہمیں چین سے جینے کا موقع دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے امن کے قیام میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، اُس وقت شہر میں کوئی خود کو محفوظ نہیں سمجھتا تھا، شہید اکبر ناگوری کو جب قتل کیا گیا اس وقت شہر میں خوف کا ماحول تھا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ شہید بھٹو کے وژن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے، لیاری میں پانی کی فراہمی کا مسئلہ ہے، ڈیڑھ سال سے یہ ایشو کوئی اور ڈیل کررہا ہے ہمیں تقریباً نکال دیا گیا، لیاری میں پلانٹس لگائے ہیں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

    ن لیگ کی جانب سے پیش کردہ بجٹ پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ بجٹ 3 مہینے کا ہے، 3 ستمبر تک، اس کے بعد بجٹ اگلی اسمبلی نے دینا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • الیکشن سے قبل صوبہ سندھ کے نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں: مراد علیٰ شاہ

    الیکشن سے قبل صوبہ سندھ کے نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں: مراد علیٰ شاہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل صوبہ سندھ کے نئے وارث پیدا ہوجاتے ہیں، اور ہر انتخابات سے پہلے ایسے لوگ کراچی آتے ہیں، پانچ سال تک انہیں خیال نہیں آیا اب کراچی کا چکر لگا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پیپلز پارٹی کے جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مراد علیٰ شاہ کا کہنا تھا کہ مخالفین کو تنقید کرنے کے بجائے کام پر توجہ دینی چاہیے، کچھ لوگوں کا کام کرکٹ کھیلنا ہے وہ سیاست کر رہے ہیں، لوگوں کی سیاست صرف بھٹو کا فلسفہ کر سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی میں پیدا ہوئے، یہ شہر بلاول بھٹو کا ہے، پاکستان کی قرارداد بھی سب سے پہلے سندھ اسمبلی میں پیش ہوئی، یہ صوبہ پاکستان بنانے والا صوبہ ہے، سندھ میں یہ خاصیت ہے جو بھی آتا ہے اسے یہ اپنی آغوش میں لے لیتا ہے۔

    سندھ سے دشمنی کی جارہی ہے، حق لے کر رہیں گے، مراد علی شاہ

    ان کا کہنا تھا کہ ہم خود سندھ میں آکر سندھی بن کر یہاں کی خدمت کرنے لگے، سندھ کے شہروں نے دیگر صوبوں کے لوگوں کو بھی خوش آمدید کہا، تعصب کے ذریعے لوگوں کو آپس میں لڑانے کی کوشش کی گئی، ماضی میں کراچی کی صورت حال سنگین تھی جسے پیپلز پارٹی نے ختم کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نام نہاد بجٹ میں کہا گیا 25 ارب روپے کراچی کے لیے رکھے گئے لیکن المیہ یہ ہے کہ کراچی کو صرف 5 ارب روپے دیے گئے ہیں، 5 ارب تو ہم 2 مہینے میں خرچ کرتے ہیں، نواز شریف پچھلے 5 سالوں میں ایک رات بھی کراچی میں نہیں ٹھہرے۔

    چاہے ن لیگ ہو یا کوئی کھلاڑی انہیں سندھ سے ووٹ نہیں ملے گا: مراد علی شاہ

    ان کا مزید کہنا تھا کہ قائم علی شاہ صاحب کے دور میں کراچی میں امن لانے کا فیصلہ کیا، کراچی آپریشن میں ایک بھی بے گناہ شخص کا خون بہائے بغیر امن لائے، 1980 سے کراچی میں ہزاروں لوگوں کا خون ہوا، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں میرے چچا کو شہید کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • تمام جماعتیں ساتھ دیں وزیراعظم ہاؤس کےسامنے دھرنا دیتےہیں‘ مرادعلی شاہ

    تمام جماعتیں ساتھ دیں وزیراعظم ہاؤس کےسامنے دھرنا دیتےہیں‘ مرادعلی شاہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کراچی میں شکست دیکھ رہی ہے اس لیے اسے یہاں کے لوگوں کی تکلیف کا احساس نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بجلی کی وجہ سے سندھ پریشان ہے اور کراچی سے بدلہ لیا گیا ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کا مسئلہ مفتاح اسماعیل کے حوالے کیا، بجلی کے معاملے پرآج بھی مفتاح اسماعیل سے بات کرنے کی کوشش کی پرنہ ہوسکی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا جاتا ہے کہ ایل این جی لے لیں، کیوں لے لیں سندھ کے عوام کا پہلا حق گیس پر ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نیپرا نے اپنی رپورٹ میں کےالیکٹرک کوبھی ذمہ دارقرار دیا، معاملات عوام کے سامنے رکھ دیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے کا فائدہ نہیں ہے سب جماعتیں مل کروزیراعظم ہاؤس کے سامنے دھرنا دیتے ہیں۔

    کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، دورانیہ16 گھنٹے تک پہنچ گیا

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہید بینظیرآباد میں 16 گھنٹے، مورو میں 22 گھنٹے، سکھرمیں 14 گھنٹے، میرپورخاص میں 12، لا ڑکانہ میں 16 گھنٹے، حیدرآباد میں 14گھنٹے اور کوٹری میں 16گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، یہ سندھ دشمنی نہیں تو اورکیا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا کوئی افسرغلط کام کرے گا تواس کے خلا ف کارروائی کروں گا، کرپشن میں جو بھی ملوث ہے نیب کےساتھ بھرپورتعاون کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • اٹھارویں ترمیم پر حکومتی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو

    اٹھارویں ترمیم پر حکومتی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا، بلاول بھٹو

    سانگھڑ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے 5 سال تک صوبے کو این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا اور اب وہ 18ویں ترمیم پر حملے کرتے ہوئے اسے واپس لینے کی سازش کررہی ہے جسے پیپلزپارٹی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔

    سانگھڑ میں پانی کی لائن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج میں نےیہاں اپنےگھرمیں 240کلومیٹرلمبی پانی کی لائن کاافتتاح کیا، عوام اپنی پیاس بجھانےکےلیےبارش کی دعامانگاکرتے تھے اور اسی سے اپنی پیاس بجھاتے تھے۔

    پیپلزپارٹی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ خوشی ہےکہ آج کے بعد سےیہاں کےعوام پیاسےنہیں رہیں گے کیونکہ پیپلزپارٹی نے گذشتہ 10 سالوں میں صرف عوامی خدمت کی سیاست کی جبکہ ن لیگ اورپی ٹی آئی نے صرف ایک دوسرے پر الزامات لگائے۔

    بلاول کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں نےعوام کےلیےکچھ نہیں کیا اور نہ ہی ان کے مسائل کو حل کرنے پر توجہ دی، الزامات لگانے والوں کے پاس نہ کوئی منشور ہے اور نہ ہی عوامی خدمت کی صلاحیت ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ہم نےعوام کےمسائل پرکام کیا،تعلیم کےشعبےمیں کام کیا، اسکول ،کالج اوریونیورسٹی کی سطح پرکام کیا،صحت کےشعبےمیں بھی کام ہوا جبکہ کراچی میں بےنظیربھٹوشہیدٹراماسینٹر اور عارضہ قلب کےلیےسندھ میں عالمی معیارکے5 اسپتال بنائے۔

    مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ جب بھی حکومت میں آتے ہیں تو امیر امیر تر اور غریب کی حالت بتدریج خراب ہوتی رہتی ہے، نوازشریف نے جب بھی اقتدار سنبھالا عوام کو پیاسا مارا، وزیراعلیٰ پنجاب لاہورمیں پھول لگا لیتے ہیں لیکن عوام کوپانی کو میسر نہیں ہے‘ ۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ  وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی غریبوں کے لیے انکم سپورٹ پروگرام جیساانقلابی اقدام شروع کیا مگر ن لیگ کو غریبوں کی مدد کا پروگرام پسند نہیں کیونکہ یہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب ہے، حکومت نے بے نظیر کی تصویر تو ہٹا دی مگر دلوں سے بے نظیر کو نہیں نکالا جاسکتا۔

    بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن امیروں کے قرضے معاف کرنے کے لیے ایمنسٹی اسکیمیں متعارف کراتی ہے مگر اسے غریبوں کی مدد کرنا بالکل پسند نہیں، کیان لیگی حکومت نہیں جانتی کہ غریبوں کی مددکرنافرض ہے؟۔

    اندرون سندھ میں اتنی ترقی ہوگی کہ کراچی سے لوگ یہاں رکنے آئیں گے، مراد علی شاہ

    وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنماء مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ پی پی اندرونِ سندھ کے علاقوں کو اتنا ترقی یافتہ بنائے گی کہ کراچی سے لوگ رہنے کے لیے یہاں آیا کریں گے۔

    سانگھڑ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سانگھڑکےلوگ اب یہ نہیں کہہ سکتےیہ پسماندہ علاقہ ہے، اللہ کاشکرہےعوام کے یلے میٹھا پانی میسرکیا اور آئندہ بھی پورے سندھ کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

    مراد علی شاہ نے دعویٰ کیا کہ پانی فراہم کرنے کی اسکیم کی پلاننگ 50 سال کے لیے کی گئی ہے، نئے منصوبے کی تکمیل 25 مئی سے قبل مکمل ہوجائے گی، سانگھڑ آنے والے لوگ یہ کہتے ہیں کہ ہمارے علاقوں میں ایسی سڑکیں بناکردیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنے فنڈز سے دہی علاقوں پر ترقیاتی کام کررہی ہے، سانگھڑترقی کرچکااب دیگر علاقوں میں عوام کو سہولیات فراہم کریں گے، جلد وہ وقت آئےگاجب لوگ کراچی چھوڑکرسانگھڑ آئیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں بھی کراچی آتی رہیں گی، مراد علی شاہ

    اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں بھی کراچی آتی رہیں گی، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ امن وامان کی صورتحال مکمل طور پر بہتر ہے، پی ایس ایل کا فائنل کامیابی سے کراچی میں کھیلا جائے گا، انشااللہ ویسٹ انڈیز کے بعد اب بین الاقوامی کرکٹ ٹیمیں بھی کراچی آتی رہیں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے گزشتہ سال کراچی کنگز کی تقریب میں فائنل میچ کروانے کا وعدہ کیا تھا، جسے اب پورا کرررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال مکمل طور پر بہتر ہوچکی ہے، گزشتہ ایک سال کے دوران شہر قائد میں دہشت گردی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    میں بھی بغیر کسی شیڈول کے نیشنل اسٹیڈیم کے انتظامات دیکھنے آیا ہوں، 25 مارچ کو پی ایس ایل فائنل کھیلا جائے گا اور اس کے لئے پورے شہر کو سجائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے مرمتی کام کا ایک مرحلہ مکمل ہوگیا، پی سی بی حکام سے نیشنل اسٹیڈیم کے مسئلے پربات ہوئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ غیرملکی مہمانوں نے جہاں بھی گھومنے کی خواہش ظاہرکی انہیں وہاں کی سیر کرائیں گے، غیرملکی کھلاڑی اور مہمان کراچی میں آزادانہ گھوم پھرسکتے ہیں کیونکہ شہرمیں سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں۔


    مزید پڑھیں : پی ایس ایل کی فاتح ٹیم کے ساتھ جشن منائیں‌ گے، عمران خان


    ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل تھری کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی کراچی آئے گی، انشاءاللہ دیگر عالمی کرکٹ ٹیمیں بھی اب کراچی آتی رہیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔