Tag: Murad Ali Shah

  • پی ایس ایل فائنل: وزیراعلیٰ سندھ نے شٹل سروس چلانے کا اعلان کردیا

    پی ایس ایل فائنل: وزیراعلیٰ سندھ نے شٹل سروس چلانے کا اعلان کردیا

    کراچی : وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پی ایس ایل تھری کے فائنل کے روز ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز مسترد کردی اور ساتھ ہی عوام کیلئے شٹل سروس چلانے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل سیزن تھری کے فائنل میچ کے موقع پرسندھ پولیس کی جانب سے دی گئی ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں نوجوانوں کو تفریح فراہم کرنی ہے انہیں مشکل میں نہیں ڈالنا۔

    یہ بات انہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقدہ پی ایس ایل تھری کے  فائنل کے انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

    مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل کے موقع پر 300گاڑیوں پرمشتمل شٹل سروس چلائی جائے گی، شٹل سروس کےسینتالیس سینٹرزہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ کراچی کے نوجوان پی ایس ایل فائنل کو انجوائے کریں میں ان سے تفریح کا موقع چھیننا نہیں چاہتا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ پارکنگ ایریاز میں واش روم اور پینے کے پانی کی سہولتیں ہونی چاہئیں۔

    اس موقع پر وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ، وزیر بلدیات جام خان شورو، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی اسپشل برانچ طاہر آزاد، بلدیاتی اداروں کے متعلقہ حکام و صوبائی سیکریٹریز نے شرکت کی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےسندھ میں خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کردیا، خصوصی افراد کو ملازمتیں رواں ماہ کے آخر یا اپریل کے شروع میں دی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے خصوصی افراد نےملاقات کی، اس موقع پر مرادعلی شاہ نے خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کا اعلان کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد کو ملازمتیں رواں ماہ کے آخر یا اپریل کے شروع میں دی جائیں گی۔

    مراد علی شاہ نے خصوصی افراد کو ملازمتیں دینے کیلئے تمام صوبائی سیکریٹریز اور چیف سیکریٹریز کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہوگا۔

    اجلاس میں خصوصی افراد کے سرکاری کوٹہ کو دو فیصد سے بڑھا کر پانچ فیصد کرنے کے فیصلے پرعملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی افراد کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کو خصوصی افراد کا احساس اور قدر ہے اور وہ خصوصی افراد کو اپنے پیروں پر کھڑے دیکھنا چاہتے ہیں لیکن جب حکومت آپ کا خودہی خیال کر رہی ہے تو احتجاج کرنا اچھی بات نہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں سندھ حکومت نے معذور افراد کا ملازمتوں میں کوٹہ 2 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کر دیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا تھا کہ صوبے میں خصوصی افراد کو جلد اور ترجیحی بنیادوں پر نوکریاں فراہم کی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سیہون شریف حملے کے ملزمان گرفتاراورجہنم رسید ہوچکے‘ مراد علی شاہ

    سیہون شریف حملے کے ملزمان گرفتاراورجہنم رسید ہوچکے‘ مراد علی شاہ

    جامشورو : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں دھاندلی، خرید وفروخت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیہون شریف شہدا کے ایصال ثواب کےلیے آیا ہوں۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سیہون شریف حملے کے ملزمان گرفتاراورجہنم رسید ہوچکے جبکہ درگاہ کی سیکیورٹی کے لیے مزید بہتراقدامات کیے ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سہیون شریف درگاہ کی تعمیرات کے لیے کام مکمل کیا گیا ہے۔

    انہوں نے سینیٹ الیکشن سے متعلق کہا کہ دھاندلی، خرید وفروخت سینیٹ الیکشن میں برداشت نہیں کی جائے گی۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کا ہرممبرجمہوریت پسند اورعوام دوست ہے، سندھ کا کوئی رکن کسی ایسے عمل کا حصہ نہیں بنے گا۔


    درگاہ لعل شہباز قلندر پر خودکش حملہ، 76افراد شہید، 250 زخمی


    خیال رہے کہ گزشتہ سال 16 فروری کو سیہون شریف کے مقام پرصوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار کے احاطے میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 76 افراد ہلاک جبکہ 250 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیر کواعزاز سے نوازے، وزیراعلیٰ سندھ کاوزیراعظم کوخط

    وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیر کواعزاز سے نوازے، وزیراعلیٰ سندھ کاوزیراعظم کوخط

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیرکو اعزاز سے نوازے اور سوگ میں سندھ حکومت کو قومی پرچم سرنگوں کرنے کی اجازت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے وزیراعظم شاہدخاقان کو خط لکھا ، جس میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت مرحومہ عاصمہ جہانگیر کو اعزاز سے نوازے۔

    خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ عاصمہ جہانگیرکے انتقال پر سندھ حکومت نےآج ایک روزہ سوگ کااعلان کیا ہے ، تدفین کے روز سوگ میں سندھ حکومت کو قومی پرچم سرنگوں کرنے کی اجازت دی جائے۔

    اس سے قبل عاصمہ جہانگیر کے انتقال پر سندھ حکومت نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا تھا اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر محکمہ سروسزاینڈجنرل ایڈمنسٹریشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کل سندھ میں سر کاری سطح پرسوگ منایا جائے گا، عاصمہ جہانگیر ہم سب کے حقوق کیلئےلڑتی تھیں، وزیراعلیٰ ہاؤس اور سندھ سیکریٹریٹ میں عاصمہ جہانگیر کیلئے دعاکی جائیگی۔


    مزید پڑھیں : معروف وکیل ‘ سماجی رہنما عاصمہ جہانگیر انتقال کرگئیں


    یاد رہے گذشتہ روز معروف وکیل اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں تھیں، ان کی ساری زندگی جمہوریت کے فروغ اور اعلیٰ انسانی اقدار کے تحفظ کی جدوجہد کرتے گزری۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • نوازشریف مسلم لیگ ن کی شکست کاالزام پیپلزپارٹی کونہ دیں، مرادعلی شاہ

    نوازشریف مسلم لیگ ن کی شکست کاالزام پیپلزپارٹی کونہ دیں، مرادعلی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم ایک سیاسی جماعت ہے ،ایم کیوایم اورپی ایس پی ایک ہوئےتھے تو خوشی ہوئی تھی، نواز شریف مسلم لیگ ن کی شکست کا الزام پیپلزپارٹی کو نہ دیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا  کہ ایم کیوایم اور پی ایس پی ایک ہوئے تھے توخوشی ہوئی تھی، ایم کیوایم کی جانب سے اپنے ہی ممبران پرعدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، مجھے نہیں معلوم کس دھڑے کو لندن کی حمایت حاصل ہے۔

    راؤانوار کے حوالے سے مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی بھی ملزم پر پیپلزپارٹی کا آشیرباد نہیں،راؤانوار خود کو بے قصور سمجھتے ہیں تو قانون کے حوالے کردیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں خفیہ بیلٹنگ ہوتی ہے اور امیدوار کا انتخاب ہوتاہے، نوازشریف مسلم لیگ ن کی شکست کا الزام پیپلزپارٹی کو نہ دیں۔

    انھوں نے کہا کہ کسی کوکراچی کاامن تباہ کرنےنہیں دیں گے، بڑی مشکل سےکراچی کاامن بحال کیاہے، کہتےہیں خیبرپختونخوامیں پولیس آزاد ہے کہاں ہے؟ کراچی میں حالیہ واقعات میں حکومت نےفوری ایکشن لیا۔

    نقیب اللہ قتل کے حوالے سے مراد علی شاہ کا کہنا تھا نقیب کیس میں کمیٹی بنائی تھی جس میں قابل افسران تھے، کمیٹی کی تحقیقات پرفوری عملدرآمد کیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • سندھ کابینہ نے جہیز پر پابندی کا بل مسترد کردیا

    سندھ کابینہ نے جہیز پر پابندی کا بل مسترد کردیا

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جہیز کے خاتمے اور خلاف ورزی کی صورت میں جرمانے اور سزا کا بل مسترد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج سندھ اسمبلی میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی‘ اجلاس میں انہیں اور کابینہ کو جہیز کے خاتمے سے متعلق بل پر بریفنگ دی گئی جسے کابینہ نے ناقابل عمل قرار دے کر دیگر اقدامات کرنے پر اتفاقِ رائے کیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ کی دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بل کے مطابق سندھ میں جہیز کی زیادہ سے زیادہ حد پچاس ہزار روپے ہونی چاہیے اور مہندی کے گفٹس یا اخراجات کا کل تخمینہ بھی 50 ہزار روپے ہونا چاہیے‘ اس حساب سے جہیز کی کل قیمت ایک لاکھ روپے کی حد مقرر ہونی چاہیے۔

    بل سے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا گیا کہ جہیزکسی بھی دباؤیاہراساں کرکے بھی حاصل نہیں کیاجاسکتا‘ یہ کلی طور پر لڑکی والوں کی صوابدید پر منحصر ہوگا اور دولہایااس کےاہل ِ خانہ کسی بھی طرح کی شے کا جہیز میں مطالبہ نہیں کریں گے۔دلہن اوردولہاکےاہل ِخانہ جہیزباراتیوں کودکھانےکےپابندہوں گے۔

    یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ جہیز لینے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں بھاری جرمانہ اور 6 ماہ کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بل کی تجاویز پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویزایسی ہےجسے لاگو کرنامشکل ہے‘ ہمیں ایسا قانون بنانا چاہیے جوتجویز لاگوہوسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جہیز کاخاتمہ یاغیرضروری مطالبات شعورپیداکرنےسےہوسکتاہے۔ ایساقانون بنائیں‘ جس میں جہیز لینابرالگے۔

    دوسری جانب بل پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ منظور وسان کا کہنا تھا کہ جہیزکے خلاف اس طرح کی سزادیناقانوناًمناسب نہیں ہے۔ میر ہزار خان بجرانی کا کہنا تھا کہ مجوزہ قانون کسی صورت قابل تحسین نہیں ہے۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کابینہ نے فی الحال جہیزسےمتعلق بل منظورنہیں کیا گیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • سید مراد علی شاہ  کی زیر صدات سندھ کابینہ کا اجلاس

    سید مراد علی شاہ  کی زیر صدات سندھ کابینہ کا اجلاس

    کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا گنے کی قیمت، آباد گاروں اور شوگر مل مالکان کے درمیان قیمت کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

     اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ زراعت کو اجازت دی جائے کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے قابل عمل حل تلاش کرنے کے لیے مزید کوشش کرے۔

    اجلاس کے دوران کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت و داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ شوگر کین کنٹرول بورڈ کی روشنی میں گنے کی قیمت 182 روپے فی 40 کلو گرام مقرر کی گئی تھی جسے مل مالکان نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جس کے متعلق عدالت نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی ہے کہ وہ آبادی گاروں اور مل مالکان کے مابین تصفیے کے حل کی کوشش کرے۔

    وزیر داخلہ سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ  انہوں نے آبادگاروں اور مل مالکان کے ساتھ متعدد اجلاس منعقد کیے، آبادگاروں کا مطالبہ216روپے فی 40 کلوگرام کا تھا جبکہ مل مالکان 132روپے فی 40کلوگرام پر کھڑے تھے، محکمہ زراعت نے کم سے کم قیمت 142 روپے فی40کلوگرام تجویز کی مگر دونوں پارٹیوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے درخواست کی ہے کہ وہ سندھ میں پبلک پرائیویٹ پارنٹر شپ کو بہتر کریں اور اسے مزید  توسیع دیں ۔

    وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت مزکورہ کابینہ نے  معاملے کا بغور جائزہ لیا اور بالآخر اس نتیجے پر پہنچی کہ  صوبائی حکومت سبسڈی کی اجازت نہیں دے سکتی۔

    محکمہ زراعت کو ہدایت کی گئی کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اور اجلاس منعقد کریں اور عدالت کے مشورے کے تحت مسئلے کا قابلِ عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کریں۔

     

  • انتظامیہ لینڈ مافیا کےآگے بے بس ہے مگر میں نہیں ، خود قبضہ ختم کراؤں گا، وزیراعلیٰ سندھ

    انتظامیہ لینڈ مافیا کےآگے بے بس ہے مگر میں نہیں ، خود قبضہ ختم کراؤں گا، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے افسوس کہ کراچی انتظامیہ لینڈ مافیا کے آگے بے بس ہے مگر میں بے بس نہیں، میں خودنکلوں گا اورقبضہ ختم کراؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈسے متعلق اجلاس ہوا۔اجلاس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کی زمینی معاملات پر غورکیا گیا، اجلاس میں وزیراعلیٰ کو آگاہی دی گئی کہ سولڈ ویسٹ مینیجمنٹ کو کورنگی و دیگر علائقوں میں گاربیج کی منتقلی اور لینڈ فل سائیٹ کے لیے زمین کے مسائل ہیں۔

    جام خان شورو نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک 4 لاکھ ٹن گاربیج وہاں ڈمپ کیا گیا ہے، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ نے 2 لاکھ ٹن گاربیج وہاں سے منتقل کیا ہے کیوں کہ یہ ندی نالوں میں جارہا تھا یہ علائقہ صاف کر رہے ہیں، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو جی ٹی ایس کے لیے کے ڈی اے نے سیکٹر 52 کورنگی میں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو زمین الاٹ کی ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ بھی دیکھیں کہ کیا کے ڈی اے اپنی زمین کسی کو الاٹ کرسکتی ہے بھی یا نہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کیا کے ڈی اے الاٹنگ اتھارٹی ہے کہ اس نے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ یا کسی اور ادارے کو زمین الاٹ کرسکتے ہیں، سہراب گوٹھ، ضلع ایسٹ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو جی ٹی اے کے لیے زمین دی گئی ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ نے ہدایت کی کہ علائقہ فوری طور پر کھالی کروا کر سالڈ ویسٹ میجنمنٹ کے حوالے کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ کراچی ہے کوئی علائقہ غیر نہیں کہ لوگ سہراب گوٹھ میں آپ کو کام کرنے نہیں دے رہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی سی ملیر و کمشنر کراچی کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آج ہی اس کا قبضہ چاہیے۔

    مراد علی شاہ کا لینڈ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    مراد علی شاہ کا لینڈ مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا افسوس کہ کراچی انتظامیہ لینڈگریبرزکےآگے بےبس ہے،میں بے بس نہیں، میں خود نکلوں گا اورقبضہ ختم کراؤں گا،آج آپ نے قبضہ نہ چھڑایا تو میں خود آؤں گا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کے ڈی اے سے قبضہ مافیاسےخالی کرائی گئی زمینوں پررپورٹ بھی مانگ لی، مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ زمین صحیح کاموں میں استعمال لائی جائے، خالی زمینوں پرپارکس ، اسکوائش اورٹینس کورٹس بنائیں۔

    انھوں نے زمینوں پرقبضہ ختم کرانےکیلئے کمیٹی تشکیل دیدی، کمیٹی میں کمشنرکراچی،ممبرایل یو،ڈی جی کےڈی اےاورایڈیشنل آئی جی کراچی شامل ہیں، کمیٹی زمین کا ریکارڈ ترتیب دےکرحفوظ اوراس پرتجاویز دی گئی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عمران خان کو صرف جلسوں سے ووٹ نہیں ملیں گے، مراد علی شاہ

    عمران خان کو صرف جلسوں سے ووٹ نہیں ملیں گے، مراد علی شاہ

    لاڑکانہ : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، نون لیگ پہلے فیصلہ کرے کہ اسے کون لیڈ کرے گا؟ عمران خان کو صرف جلسوں سے ووٹ نہیں ملیں گے، مصطفیٰ کمال کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں، ۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں بھٹو مزار کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں بینظیر بھٹو کی برسی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، اس موقع پر اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور قائم علی شاہ کے علاوہ صوبائی وزراء، ڈی آئی جی لاڑکانہ اور پی پی کے ارکان اسمبلی بھی موجود تھے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے چند ماہ قبل جلسے کرنے سے ووٹ نہیں ملتے اس کے لیے عوام کی خدمت کرنا پڑتی ہے، عوام کی خدمت کا خیال انہیں2013 میں آنا چاہیے تھا۔

    سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کی باتوں کو کوئی اہمیت نہیں دیتا اور نہ ہی میرے نزدیک اس کی کوئی اہمیت ہے، اس کے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    پیپلز پارٹی کے خلاف اتحاد بنتے رہتے ہیں، چند دن کی بات ہے مصطفیٰ کمال پھر واپس چلاجائے گا، مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں ہونے والے احتجاج میں اساتذہ کو کچھ سیاسی تنظیموں نے اشتعال دلانے کی کوشش کی تھی، پرامن احتجاج کرناہرکسی کاحق ہے، پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی۔

    مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جلسہ دن ایک بجے شروع ہو گا، بلاول بھٹو اور آصف زرداری جلسے سے خطاب کریں گے، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ٹریفک اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

  • پی ایس ایل: وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات

    پی ایس ایل: وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کی ملاقات

    کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نےنجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد سے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی ‘ دونوں اہم شخصیات کی ملاقات میں پاکستان سپر لیگ کےتیسرے ایڈیشن کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین پی سی بی کے درمیان ہونےو الی اس ملاقات میں آئی جی پی‘ سیکریٹری داخلہ‘ پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت‘ ایڈیشنل آئی جی کراچی‘ کمشنر کراچی‘ ڈی جی رینجرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ میں کراچی میں عالمی کرکٹ کو واپس لانا چاہتا ہوں ‘ کراچی کی عوام پی ایس ایل میچز اور فائنل دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔ ہر لحاظ سے ایونٹ کو تاریخی بنائیں گے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس اور ڈپٹی ڈی جی کو فل ڈریس سیکیورٹی ریہرسل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فل ڈریس ریہرسل سے بین الاقوامی سطح پر اعتماد پیداہوگا۔انہیں بتایا گیا کہ اگلے30 روز میں ریہرسل کی جائے گی۔

    اجلاس کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کی مرمت کے پہلے سے جاری شدہ کام میں سیکیورٹی تجاویز کے لیے ایس ایس پی سیکیورٹی کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد داخلی و خارجی راستوں کو سیکیورٹی نقطہ نظر سے مزید بہتر بنانا اور کسی بھی قسم کی صورتحال کو کنٹرول کرنےکے لیے رکاوٹیں تیار کرنا ہے۔

    سید مراد علی شاہ نے پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے بلٹ پروف بسوں کی خریداری کا حکم بھی صادر کیا ۔

    پی سی بی کی ٹیم نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا پاکستان سپرلیگ کے دو میچز لاہور میں ہوں گے جب کہ ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی میں منعقد ہوگا۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن 22 فروری سے 25 مارچ تک ہوگا اور اس دوران مختلف ٹیموں کے مابین 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

    ایونٹ کا افتتاحی میچ پشاور زلمی اور تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے والی نئی فرنچائز ملتان سلطان کے درمیان ہوگا جبکہ پلے آف 20 اور 21 مارچ کو لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

    یا درہے کہ سال دوہزار نو میں آخری مرتبہ بین الاقوامی کرکٹ میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلے میچ ڈرا رہا جبکہ ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کو کامیابی ملی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔