Tag: Murad Ali Shah

  • وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے، شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تمام فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

  • نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    نیا مالی سال ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا: وزیر اعلیٰ سندھ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے مالی سال میں پہلے سے جاری ترقیاتی کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے کہا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ ورکس اینڈ سروسز کا اجلاس ہوا، اجلاس میں نئے مالی سال 23-2022 کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

    اجلاس میں صوبائی وزیر ضیا عباس شاہ، چیف سیکریٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) حسن نقوی، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری ورکس عمران عطا سومرو، اسپیشل سیکریٹری رحیم سومرو اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔

    اجلاس میں نئے مالی سال میں پہلے سے جاری اسکیمیں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ جو کام چل رہے ہیں ان کو مکمل کرنے کے لیے بجٹ بنایا جائے۔

    وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سال آبپاشی کی 13.6 بلین روپے کی 152 اسکیمیں جاری ہیں، وزیر اعلیٰ نے آبپاشی کی نئی اسکیمیں شروع کرنے کی ہدایت کی جن میں بند کی مرمت، کینال لائننگ و دیگر کام شامل ہیں۔

    بریفنگ میں کہا گیا کہ ورکس اینڈ سروسز کی 530 اسکیمیں 27.9 بلین روپے کی لاگت سے جاری ہیں، 225 بلین روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ کی 425 اسکیمیں، 11.23 بلین روپے کی لاگت سے ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی 198 اسکیمیں اور 920 ملین روپے کی لاگت سے رورل ڈویلپمنٹ کی 42 اسکیمیں جاری ہیں۔

    اجلاس میں چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) کو جاری اسکیموں کے معیار اور کام کی رفتار چیک کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ نیا مالی سال زیادہ تر جاری اسکیموں کی تکمیل کا سال ہوگا۔

  • ڈیڑھ سال میں 5 سال کا کام کرنا ہے،مراد علی شاہ

    ڈیڑھ سال میں 5 سال کا کام کرنا ہے،مراد علی شاہ

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ امید کرتے ہیں نئی حکومت کے ہوتے ہوئے لوگوں کو ریلیف ملےگا، وقت کم ہے، ڈیڑھ سال میں 5 سال کا کام کرنا ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی وفاقی حکومت کو غریبوں کا احساس نہیں تھا، وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں 25ہزار تنخواہ کا اعلان کیا، موجودہ وزیراعظم کا شکرگزار ہوں کہ سندھ حکومت کی 25ہزار تنخواہ کو مانا کیونکہ سندھ حکومت نے سب سے پہلے 25 ہزار کم سے کم تنخواہ کی جو اب پورے پاکستان میں ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان برپا ہے، مزدوروں کیلئے گزارا مشکل ہے، جب سندھ حکومت نے مزدور کی کم سے کم نتخواہ 25 ہزار روپے کرنے کا اعلان کیا تو صنعتکاروں نے اس کی مخالفت کی، وہ میرے پاس آئے اور کہا کہ باقی صوبوں میں تو20 سے 21 ہزار تنخواہ ہے۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے کراچی، حیدرآباد اور دیگرشہروں میں رمضان بچت بازار شروع کیا ہے، کوشش کر رہے ہیں عوام کو بچت بازار میں آٹا 40 روپے کلو ملے، چینی 70سے75روپے فی کلو ملےگی،سندھ حکومت اشیا پر 46 کروڑ 20 لاکھ کی سبسڈی دےرہی ہے، 10سے 15دن سبسڈی دینے میں 50کروڑ روپے لگ رہے ہیں، اگر پورا سال سبسڈی دیں گے تو اندازا لگاسکتے ہیں کتنا پیسہ چاہیے ہوگا۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نوکریاں نہ ہونے سے بیروزگاری بھی بڑھ رہی ہے، ہم سب کو احساس ہے کہ لوگوں کو نوکریاں نہیں مل رہی ہیں، لوگوں کو بھرتی نہ کرنے سے حکومت بیٹھ گئی ہے، سندھ پبلک سروس کمیشن کو ایک ہفتے میں فعال کردینگے،

    میہڑ آتشزدگی واقعے پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گرمیوں میں آگ لگنے کے واقعات ہوتے ہیں، آتشزدگی کے آلات کو بہتر بنا رہے ہیں اور اقدامات کررہے ہیں کہ آئندہ ایسے واقعات پر فائربریگیڈ بروقت پہنچے۔
    انہوں نے بتایا کہ میہڑ میں جو واقعہ پیش آیا اس کے متاثرین کو 36گھنٹے میں چیکس تقسیم ہوگئے ہیں، آتشزدگی سے جو بھی نقصان ہوا ہے اس کو سندھ حکومت پورا کریگی۔

    وزیراعلیٰ نے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے اعتراف کیا کہ کراچی میں لوڈشیڈنگ پچھلے 4 سے 5دن میں بڑھ گئی تھی جس پر کےالیکٹرک ایم ڈی کو تنبیہ کی ہے اور ایم ڈی کے الیکٹرک نے یقین دلایا ہے لائن لاسز والے علاقوں کے علاوہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے بتایا ہے لوڈشیڈنگ کا سبب یہ ہے کہ پچھلی حکومت نے فیول ہی نہیں خریدا جو کہ سابقہ حکومت کی نااہلی ہے،فیول ہی نہیں ہوگا تو پلانٹ کیسے چلیں گے۔

    مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ عمران خان کبھی کہتے ہیں عالمی سازش ہے کبھی کہتے ہیں ادارے ساتھ نہیں، سابق وزیراعظم کو ان کی نااہلی اور بےحسی کی وجہ سے آئینی طریقے سے نکالا گیا۔

  • ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    ‘ہمارے کہے بغیر تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دیا’

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمارے کہے بغیر آج تحریک انصاف کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست کے لیے ہمیں ووٹ دے دیا ہے۔

    کراچی میں وزیر اعظم کے خطاب پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کہ میں کچھ دنوں پہلے آیا تھا، اگر میں بچ گیا تو کیا کچھ کر دوں گا، میں کہتا ہوں کھلی اجازت ہے، دو سے چار دن ہیں جو کرنا ہے کر لو بعد میں موقع نہیں ملے گا۔

    سینیٹ نشست کی ووٹنگ کے حوالے سے وزیر اعلیٰ نے کہا میرا کسی ایم پی اے سے رابطہ نہیں تھا، حلف لینے کو تیار ہوں کہ کسی سے فون پر رابطہ نہیں ہوا، واٹس ایپ پر بھی کسی سے رابطہ نہیں ہوا۔

    انھوں نے کہا وزیر اعظم کی مایوسی آج جھلک رہی تھی، عجیب و غریب زبان استعمال کر رہے تھے، میں یہی کہہ سکتا ہوں مایوس نہ ہوں عوام سے معافی مانگیں۔ خیال رہے کہ وزیر اعظم نے آج تقریر میں کہا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم کرنے کے حوالے سے کہا کہ میں نے عوام کے لیے پیٹرول اور فضل الرحمان کو کم کر دیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آپ نے آصف زرداری، فریال تالپور، سراج درانی، اور خورشید شاہ کو جیل میں ڈلوایا، آپ نے جو کچھ کرنا تھا وہ کر چکے، اب ہمارا عوام کی خدمت کا وقت آیا ہے۔

    مراد علی شاہ نے کہا ہمارے کہے بغیر آج پی ٹی آئی کے 4 ارکان نے سینیٹ نشست پر ووٹ دیا ہے، ہم تو آپ کو چھوڑ دیں گے لیکن اب جو کرنا ہے عوام آپ کے ساتھ کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا آئین نے فلور کراس کی اجازت دی ہے، الیکشن کمیشن کا ووٹ ہوتا تو وہ بھی عدم اعتماد میں ساتھ دیتے، کچھ دنوں سے یہ کارروائی چل رہی تھی، ہم سے زیادہ ان کے اپنے لوگ فلور کراس کر رہے ہیں، انھیں پتا ہے کہ ڈس کوالیفائی ہو جائییں گے پھر بھی رسک لیا۔

  • جن وزیروں کو ایوارڈ نہیں ملا وہ سندھ پہنچ گئے، مرادعلی شاہ

    جن وزیروں کو ایوارڈ نہیں ملا وہ سندھ پہنچ گئے، مرادعلی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے جن وزراء کو حکومتی ایوارڈ سے نہیں نوازا گیا انہوں نے سندھ کا رخ کرلیا۔

    پنجاب کے شہر صادق آباد میں جاری پیپلزپارٹی کے عوامی لانگ مارچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی وزراء ایوارڈ کے چکر میں سندھ میں اترے ہوئے ہیں۔

    پی ٹی آئی کے سندھ حقوق مارچ میں عوام کی شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وزراء عوام کے بجائے ایک دوسرے سے خطاب کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رکاوٹوں سے ہمارا مارچ رک نہیں سکتا، پی پی کے لانگ مارچ کا سمندر ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا۔

    سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کیں، وزیراعلیٰ پنجاب سے بات ہوئی، وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ کہ انہوں نے فوری ایکشن لیا۔

    سانگھڑ میں پی ٹی آئی ریلی میں گڑبڑ کی اطلاع آئی میں نے فوری ایکشن لیا، عدم اعتماد کی تحریک سے حکومت کا خاتمہ کردیں گے۔ پنجاب کے عوام بلاول بھٹو کے مارچ کا والہانہ استقبال کررہے ہیں، یہ مارچ کسی رکاوٹوں سے رکنے والا نہیں، حکومت کو ہٹا کر دم لیں گے۔

  • شیر شاہ دھماکہ : وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا

    شیر شاہ دھماکہ : وزیراعلیٰ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دے دیا

    کراچی : شیر شاہ پراچہ چوک کے قریب ہونے والے دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اہم احکامات جاری کردیے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو واقعے کی انکوائری کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ انکوائری میں ایک پولیس افسر بھی شامل کیا جائے تاکہ ہر پہلو سےچھان بین ہوسکے۔

    سید مرادعلی شاہ نے اپنے ایک بیان میں دھماکےمیں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

    اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت کو سول اسپتال میں ضروری سہولیات فوری دینےاور  انتظامیہ کو اسپتال اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر متاثرین کی ہرممکن مدد کرنے کی ہدایات بھی دی ہیں۔

    اب تک کی تازہ  ترین اطلاعات کے مطابق  ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال کیا جا چکا ہے۔

  • لوکل باڈیز کے قانون میں ٹاؤنز کی تجویز اپوزیشن نے دی تھی، مراد علی شاہ

    لوکل باڈیز کے قانون میں ٹاؤنز کی تجویز اپوزیشن نے دی تھی، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم اور صحت کے شعبے لوکل باڈیز سے چل نہیں رہے اس لیے یہ دونوں محکمے سندھ حکومت چلائے گی۔

    کراچی میں سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوکل باڈیز کے نئے قانون میں ٹاؤنز اپوزیشن کی تجویز ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبائی وزیر تعلیم ناصر شاہ نے تمام اپوزیشن اراکین کو اعتماد میں لیا، مخالفت اپوزیشن کو کرنی ہے تو بھلے کرے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ ہمارے خلاف اتحاد بنائیں، ہم لوکل باڈیز کو بااختیار کرینگے، لاہور کے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو زبردست ووٹ ملے۔

    سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ انشاءاللہ عام انتخابات میں پنجاب سے پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کریں گے۔

  • سید مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

    سید مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد

    کراچی : عدالت نے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی درخواست مسترد کردی۔

    سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی درخواست مسترد کردی، حلیم عادل شیخ نے اپنی آئینی درخواست میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو نااہل قرار دینے کی استدعا کی تھی۔

    عدالت نے درخواست کو ابتدائی سماعت میں ہی ناقابل سماعت قرار دے دیا، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے16ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر حلیم عادل شیخ اور ان کے وکلاء عدالت میں موجود نہیں تھے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سال2013میں مرادعلی شاہ کو دہری شہریت چھپانے پر اس وقت کی عدالت نے نااہل قرار دیا تھا۔

    درخواست گزار کے مطابق نااہلی کے باوجود مراد علی شاہ نے ضمنی انتخاب میں حصہ لیا اور کامیاب ہوئے ان کے اقدام کے بعد مراد علی شاہ صادق اور امین نہیں رہے۔

    حلیم عادل شیخ نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ سید مراد علی شاہ کو آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت مستقل طور پر نااہل قرار دیا جائے۔

  • اپیکس کمیٹی اجلاس: صوبے میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

    اپیکس کمیٹی اجلاس: صوبے میں سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم

    کراچی: وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اپیکس کمیٹی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کور کمانڈر کراچی،ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی،اجلاس میں صوبے کی مجموعی امن وامان اور اسٹریٹ کرائم کی صورتحال پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے سیف سٹی پراجیکٹ کی لاگت کو ریویو کرنے کےلیے کمیٹی قائم کردی، کمیٹی میں پولیس،پاک آرمی اور دیگرماہرین شامل ہوں گے،کمیٹی چھ ہفتوں میں رپورٹ جمع کرائےگی۔

    اپیکس کمیٹی میں ہونے والے دیگر اہم فیصلے

    کچے کے علاقے میں روڈ نیٹ ورک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس مقصد کے لئے کشمور برج سے نکلنے والی دیگر روڈز کو بھی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    کچے کے ڈاکوؤں کو اسلحے کی فراہمی روکنے کے لئے پولیس کو فوری طور پر سپلائی لائن ختم کرنے کا حکم

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں جاری قبائلی جھگڑوں کا خاتمہ قبائلی سرداروں کے ذریعے کیا جائے گا۔

    اسٹریٹ کرائم کیسز کے ٹرائلز کے لئے الگ جج تقرر کرنے کی منظوری، ساتھ ہی ہر ضلع کے اسٹریٹ کرائم کے کیسز الگ سے سننے کا فیصلہ۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے مائی بختاور ائیرپورٹ تھر پر انٹر نیشنل فلائٹس آپریشن شروع سے متعلق مشاورت کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلی سندھ کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی نے افغانستان میں کشیدگی کے باعث صوبے میں سیکیورٹی کے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا، وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو کالعدم تنظیموں اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں آئی جی سندھ نے کراچی میں گیارہ مختلف جگہوں پر احتجاج ، ریلیوں پر پابندی لگانے کی تجویز دی، ان جگہوں میں ہائی وے سے شہر کو آنے والے راستے، ریلوے ٹریکس ، انٹر سٹی بس ٹرمینل ،اہم شاہراہیں شامل ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کیخلاف نوری آباد پاور اورمنی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت

    وزیر اعلیٰ سندھ کیخلاف نوری آباد پاور اورمنی لانڈرنگ کیس میں اہم پیشرفت

    اسلام آباد : نیب نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف نوری آبادپاور اورمنی لانڈرنگ کیس میں شریک ملزم سابق سیکرٹری توانائی سندھ آغا واصف کے اکاؤنٹس اور جائیداد منجمد کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف نوری آبادپاور اورمنی لانڈرنگ کیس میں پیشرفت سامنے آئی ، نیب نے سابق سیکرٹری توانائی سندھ آغا واصف کے اکاؤنٹس اور جائیداد منجمد کردی۔

    احتساب عدالت اسلام آباد نے نیب کے فیصلے کی توثیق کر دی ، جس کے بعد آغا واصف نے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اعتراضات دائر کردیئے، آغا واصف کے اعتراضات پر عدالت نے نیب کونوٹس جاری کردیا ہے۔

    جج احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ نیب 15 جولائی تک اعتراضات پر جواب جمع کرائے۔

    خیال رہے آغا واصف کیس میں شریک ملزم کے حیثیت سے نامزد ہیں، نیب نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ آغا واصف نےمنصوبہ کے الیکٹرک سے ملانے کیلئے لائن بچھانے کی سمری بھیجی، سمری بھیجنے کامقصد منصوبے کو قانونی کوردیکر شریک ملزمان کو فائدہ پہنچانا تھا۔

    ، نیب کے مطابق آغا واصف کی اہلیہ کے نام پر رجسٹرکمپنی میں مشتبہ ٹرانزیکشن سامنے آئیں ،ان کو اور ان کی اہلیہ کووضاحت کا موقع دیا مگر وہ شامل تفتیش نہ ہوئے، ملزم کے اکاؤنٹس اور پلاٹ منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کی جائے۔

    بعد ازاں احتساب عدالت اسلام آباد نے کیس کی مزید سماعت 15 جولائی تک ملتوی کردی۔