Tag: Murad Ali Shah

  • وزیراعلیٰ سندھ ایک بار پھر بیرون ملک روانہ

    وزیراعلیٰ سندھ ایک بار پھر بیرون ملک روانہ

    کراچی: وزیراعلیٰ سندھ ایک بار پھر بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں، جہاں ان کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مراد علی شاہ ایک ہفتے کے نجی دورے پر امریکا روانہ ہوگئے ہیں، مراد علی شاہ آج امارات ایئرلائن کی پرواز ای کے607 سے روانہ ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا میں وزیراعلی ٰ سندھ کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع ہیں، اطلاعات ہیں کہ بلاول بھٹو زرداری چند دن بعدوزیراعلی سندھ سےامریکا میں ملیں گے۔

    واضح رہے کہ مراد علی شاہ کا امریکا کا یہ دوسرا نجی دورہ ہے، اس سے قبل جون کے وسط میں بھی وہ امریکا روانہ ہوئے تھے، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیجوہو بھی امریکا میں موجود ہیں ۔

    یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری امریکا اڑان بھرنے کو تیار، ذرائع

    دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما نبیل گبول نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں میزبان عادل عباسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول بھٹو کسی کی منت سماجت کرنے امریکا نہیں جارہے، بلاول کو امریکی سینیٹرز نے امریکا کے دورے کی دعوت دی، وہ پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے ہی جارہے ہیں۔

    قبل ازیں وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے دعویٰ کیا کہ بلاول بھٹو ڈیل کرنے امریکا جارہے ہیں، وہ اپنی سی وی لے کر ’میں ہوں نا‘ کی شوٹنگ پر جارہے ہیں۔

    معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ ’بلاول نے ایک گھنٹے کام نہیں کیا اور وہ وزیراعظم بننے چلے ہیں، کیاامریکا کو یہ پیش کش کی جائے گی کہ ہمیں اقتدار میں لائیں، پھر اڈے مانگ لیں‘۔ انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی ایسی ڈیل کو کامیاب نہیں ہونےدے گی‘۔

  • "جب تک میری قیادت چاہےگی،وزیراعلیٰ رہوں گا”

    "جب تک میری قیادت چاہےگی،وزیراعلیٰ رہوں گا”

    اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جب تک میری قیادت چاہےگی میں وزیراعلیٰ رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت کے بعد وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو میں سندھ اسمبلی میں جاری اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی سے متعلق کھل کر گفتگو کی۔

    مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ اسمبلی میں پندرہ جون کو بجٹ پیش کیاگیا، بجٹ پیش ہونےسے قبل اپوزیشن نےشور شراباکیا، اس کےبعد تین دن کوئی مسئلہ نہیں ہوا، چوتھےدن ایک اپوزیشن پارٹی نےشور شراباکیا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومتی ارکان کی تقاریر کےدوران اپوزیشن نے شورشراباکیا، ہم نے اپوزیشن اراکین کی تقاریر سکون سےسنیں، بجٹ پر احتجاج کرنے والی اپوزیشن نے بجٹ سےمتعلق کٹوتی کی ایک تحریک پیش نہ کی اور نہ ہی حکومت کےمطالبات زر پر کوئی اعتراض کیا، ساتویں دن بجٹ منظورہوگیا اس کے بعد اپوزیشن نےہنگامہ کیا۔

    سندھ اسمبلی میں پیش آئے واقعے پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان نےبدتمیزی کی اسمبلی میں گھسنےکی کوشش کی،رکن اسمبلی کا کام ہےکہ اسمبلی آئے قانون کےمطابق اپنی رائے دے، مجھے نہیں علم کہ کٹوتی تحریک دینا نہیں آتی تھی یاجان بوجھ کرنہ دی، اپوزیشن کا کیا مقصد ہےکہ ان سےہی پوچھیں؟

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجھے میری قیادت نے وزیراعلیٰ بنایا ہے، جب تک میری قیادت چاہےگی میں وزیراعلیٰ رہوں گا۔

    سابق صوبائی وزیر اعجاز جاکھرانی سے متعلق نیب اعلامیے پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اعجازجاکھرانی مشیرہیں ایم این اے رہ چکےہیں، نیب کی جانب سے اعجازجاکھرانی کےگھر پر چھاپےمارےجارہےہیں میرا خیال ہےکہ مہذب طریقےسے بھی یہ کام ہوسکتاتھا، چھاپےمار کرہراساں کرنا مناسب نہیں۔

    وزیراعلیٰ نے اعتراف کیا کہ ہمیں کچھ شکایات ملی تھیں،اینٹی کرپشن کام کررہی تھی، مجھےکل پتاچلا کہ شکایت کو چیئرمین نیب نےانکوائری میں تبدیل کردیا،
    میں کسی کیخلاف نہیں بلاتفریق احتساب ہوناچاہئے۔

  • وزیراعلیٰ سندھ کا شادی ہالز کھولنے سے متعلق بڑا اعلان

    وزیراعلیٰ سندھ کا شادی ہالز کھولنے سے متعلق بڑا اعلان

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ میں کوروناسےصحتیابی کی شرح بہت زیادہ ہے ، ہم نے دکانوں اور ریسٹورنٹس کھولے ہیں، اگلے 2 ہفتوں میں شادی ہالز بھی کھول دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے امریکن ایمبیسی اسلام آباد کے چارجڈافیئرزلیزلی سی ویگیوری کی ملاقات ہوئی ، امریکن قونصل جنرل، پولیٹیکل اکنامک کونسلر، یو ایس ایڈ ریجنل آفیس ڈائریکٹر، کلچرل افیئرزآفیسر دیگر ملاقات میں شریک ہوئے۔

    ملاقات میں کوویڈ19 صورتحال اور یو ایس ایڈکےجاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا پہلی لہرمیں سندھ میں زیادہ اثرنہیں ہواتھا، ہم نےاپنی اسپتالوں کوبہترکیا،سہولیات میں اضافہ کیا، ہماری یومیہ ٹیسٹنگ ملک میں سب سےزیادہ ہے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا سے صحتیابی کی شرح بہت زیادہ ہے ، ہم نے دکانوں اور ریسٹورنٹس کھولےہیں، اگلے 2 ہفتوں میں شادی ہالز بھی کھول دیں گے۔

    کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے انھوں نے بتایا کہ ہم یومیہ ایک لاکھ لوگوں کو ویکسین لگا رہے ہیں، بہت جلد ہم 2لاکھ ویکسین کا ہدف حاصل کرلیں گے۔

    ملاقات میں امریکن ایمبیسی اسلام آباد کے چارجڈ افیئر زلیزلی نے کہا امریکی حکومت کوویڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے پاکستان کی مددکر رہی ہے۔

  • کورونا صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں  سخت اقدامات کرنے ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو خبردار کردیا

    کورونا صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں سخت اقدامات کرنے ہوں گے، وزیراعلیٰ سندھ نے عوام کو خبردار کردیا

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں کوروناکےخلاف سخت اقدامات کرنے ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت کوروناوائرس ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، جس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجموعی طورپرکورونا کی تشخیص کا تناسب7فیصد ہے، 22 اپریل سے 28 اپریل کراچی میں کورونا کی شرح 10.75 فیصد ہے جبکہ حیدرآباد 20 فیصد، سکھر 9.48 فیصد اور باقی اضلاع میں 2.79فیصدشرح ہے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ صورتحال اچھی نہیں ہے ، ہمیں کوروناکےخلاف سخت اقدامات کرنے ہوں گے ، انتظامیہ کاروبارکی ٹائمنگ صبح 6 سے شام6 بجے یقینی بنائیں اور گزشتہ ٹاسک فورس اجلاس کےفیصلوں پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نےناصر شاہ،سعیدغنی اوراویس شاہ پرمشتمل کمیٹی قائم کردی اور کہا کمیٹی تاجروں اورٹرانسپوٹرز کو اعتماد میں لیکر سخت اقدامات کرے گی، اگرمکمل لاک ڈاؤن سےبچناہےتوایس اوپیزپرعمل کرناہوگا۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ کچھ نجی دفاترایس اوپیزاوراسٹاف کم کرنےکےفیصلےپرعمل نہیں کررہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ ایس اوپیزپرعمل نہ کرنےوالےدفاترکوسیل کیاجائے۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کل سے انٹرڈسٹرکٹ بس ٹرانسپورٹ پرپابندی ہوگی جبکہ دیگرصوبوں سے پبلک ٹرانسپورٹ کو سندھ میں داخلہ منع ہے۔

  • کورونا کی سنگین صورتحال،  سندھ حکومت کا دفاتر اور تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ

    کورونا کی سنگین صورتحال، سندھ حکومت کا دفاتر اور تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر سرکاری دفاتر اسکول، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرا علی سندھ مراد علی شاہ کی صدارت کورونا ٹاسک فورس کااجلاس ہوا، جس میں وزیر صحت ، وزیر تعلیم ، وزیر اطلاعات سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔

    وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرہ پیچوہو نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں 664 آئی سی یو بستروینٹ کے ساتھ ہیں اور کورونا وائرس کے 47 مریض وینٹی لیٹرز پرہیں جبکہ سندھ میں 453 بستروینٹ کے ساتھ خالی ہیں اور ڈاؤ اسپتال اوجھا،ٹراما سینٹر اور گمبٹ اسپتال کے اپنے آکسیجن پلانٹ ہیں۔

    وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کورونا کی صورتحال کےپیش نظر سندھ میں سرکاری دفاتر، اسکول اور کالجز بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ تمام آفس اسٹاف گھروں سے کام کرینگے، سیکریٹریز اپنے ضروری اسٹاف کو بلائیں گے۔

    سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا پھیلاؤ کے باعث تمام اسکول ، کالج،جامعات بند رہیں گی اور سندھ میں29اپریل سےانٹرسٹی پبلک ٹرانسپورٹ بندکردی جائےگی۔

  • وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق اہم  فیصلہ

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا صوبے میں لاک ڈاؤن سے متعلق اہم فیصلہ

    کراچی : وزیرا علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن سے متعلق این سی اوسی نے اقدامات نہیں کیے تو ہم اپنے طور پر کریں گے۔

    کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں میں نے کہا تھا کہ2ہفتے کیلئے انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بند کریں۔

    کورونا کی پہلی لہر میں اس لیے محفوظ رہے کہ ہم نے تمام ٹرانسپورٹ بند کردی تھی۔ وزیراعظم کی لاک ڈاؤن پر اپنی سوچ ہے، کل کورونا سے متعلق ٹاسک فورس کی میٹنگ بلائی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے ضروری اقدامات نہیں کیے تو ہم اپنے طور پر فیصلے کریں گے، ویکسی نیشن مہم کو مزید تیزکرنے کا کہا ہے۔

    ،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ چاہتا ہوں ہمیں پتہ چلے کہ درحقیقت کتنی ویکیسن کی ضرورت ہے، ہمیں قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی بھی ویکسی نیشن کرنی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب تک جتنی بھی ویکسین ملی ہے وہ مفت میں ملی ہے، لاک ڈاﺅن کا اقدام اتنا ہی برا تھا تو وفاق اور باقی صوبوں نے اس پر عمل کیوں کیا؟

    مرادعلی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس بلایا ہے پہلے بھی کسی آئی جی سے جھگڑا نہیں تھا نہ اب ہے، میری تجاویز این سی اوسی نے نہیں اخبارات نے مسترد کی، افسوس کےساتھ اخبار والوں کو شاید کسی نے فیڈ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وفاق کی جانب سے16کی بجائے6افسران ہیں،10کی کمی ہے، افسران کم ہوں گے تو ہم چیزوں میں توازن کیسے کریں گے،10افسران کی کمی ہے تو6افسران میں سے بھی واپس لیں گے، کورونا ویکسین نہیں لگی، رجسٹریشن کرا کر لگواؤں گا۔

  • اربوں روپے کی ہیرا پھیری، وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا

    اربوں روپے کی ہیرا پھیری، وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا

    اسلام آباد : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریفرنس میں وعدہ معاف گواہ سامنے آگیا، جس نے بیان دیا کہ مراد علی شاہ نے ہیرا پھیری سے ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف ریفرنس میں پیشرفت سامنے آئی، امجدحسین وعدہ معاف گواہ بن گئے ، مجموعی طور پر نوری آباد پاور پلانٹ ریفرنس میں 125 گواہان تیار ہے۔

    وعدہ معاف گواہ نے بیان میں کہا ہے کہ مراد علی شاہ نے ہیرا پھیری سے ٹرانسمیشن لائن کا ٹھیکہ دیا، وہ بولی کا عمل کنٹرول کر رہےہیں اور ممبر نیپرامحمود الحسن جانتے تھے، محمودالحسن نقوی کوہی ٹھیکہ دینےوالی پروکیورمنٹ کمیٹی کاممبر بنایاگیا۔

    یاد رہے نیب نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف ریفرنس دائر کیا تھا، نیب ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے خلاف توانائی منصوبوں پر خلاف ضابطہ فنڈز جاری کرنے اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں اختیارات کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا کہ سندھ میں توانائی منصوبوں میں خلاف ضابطہ فنڈز جاری کئےگئے، نوری آباد پاور کمپنی، سندھ ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی میں اربوں کی ہیرپھیر کی گئی ہے۔

    ریفرنس میں وزیراعلیٰ سندھ کے علاوہ اومنی گروپ کے سربراہ عبدالغنی مجید سمیت17ملزمان کوملزم نامزد کیا گیا ہے۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس : وزیراعلیٰ سندھ  کیخلاف نامکمل ریفرنس دائر ہونے کا انکشاف

    جعلی اکاؤنٹس کیس : وزیراعلیٰ سندھ کیخلاف نامکمل ریفرنس دائر ہونے کا انکشاف

    کراچی : احتساب عدالت نے مراد علی شاہ کیخلاف نامکمل ریفرنس نیب کو واپس کردیا اور تمام اعتراضات دور کر کے ریکارڈ دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف نامکمل ریفرنس دائر ہونے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد احتساب عدالت نے مراد علی شاہ کیخلاف نامکمل ریفرنس نیب کوواپس کردیا۔

    وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کیخلاف نیب ریفرنس پر اعتراضات عائد کردیے گئے ، احتساب عدالت نمبر 3نے ریفرنس میں صفحات کی ترتیب اورریکارڈکی بائنڈنگ پراعتراضات عائد کئے اور تمام اعتراضات دور کر کے ریکارڈ دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    خیال رہے مراد علی شاہ کیخلاف توانائی منصوبوں میں اختیارات کےغلط استعمال کا ریفرنس ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے من پسند کمپنی کو منصوبوں میں نوازا اور سندھ میں توانائی منصوبوں میں خلاف ضابطہ فنڈزجاری کئے گئے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ نوری آباد پاور کمپنی کے منصوبے اور سندھ ٹرانسمیشن اینڈڈسپیچ کمپنی منصوبےمیں اربوں کی ہیر پھیر کی گئی، ریفرنس میں مرادعلی شاہ، عبد الغنی مجید سمیت 17 ملزمان کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

  • سندھ کا پیسہ ملا تو کراچی پر خرچ کریں گے، مراد علی شاہ

    سندھ کا پیسہ ملا تو کراچی پر خرچ کریں گے، مراد علی شاہ

    کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے پاس سندھ کے پیسے ہیں، یہ پیسے ملیں تو 60فیصد کراچی پر خرچ کریں گے، تجاوزات ہٹانا سندھ حکومت نہیں بلکہ ڈی ایم سیز کا کام ہے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ وفاق کے نمائندے سندھ کے دشمن ہیں یہ لوگ سندھ حکومت کی برائی کرنے کیلئے میٹنگ بلاتے ہیں، مہنگائی کے طوفان سے کیسے جان چھڑانی ہے اس پر کوئی بات نہیں ہوتی۔

    مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے یہ کہا گیا کہ شاہراہ فیصل پر بہت کھڈے ہیں پتہ نہیں یہ کونسی شاہراہ پر گئے تھے؟،سپریم کورٹ کے پاس سندھ کے پیسے ہیں ، پیسے ملیں تو 60فیصد کراچی پر خرچ کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی پی دور میں1.75روپے پٹرول پر بڑھے تھے تو کہا گیا کہ طوفان برپا کردیا، یہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کی پلاننگ کرتے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تجاوزات ہٹانا سندھ حکومت کا نہیں بلکہ ڈی ایم سیز کا کام ہے، انکروچمنٹ ڈی ایم سیز والے خود ہیں اور ہٹانا بھی انھیں چاہیے، سندھ حکومت نے پچھلےسال سے 16فیصد زائد ٹیکس جمع کیا جبکہ وفاقی حکومت نے ہدف سے 5فیصد سے بھی کم ٹیکس جمع کیا، وفاق سے سندھ کو 63ارب روپے کم ملےہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نیبرہوڈ امپروومنٹ پراجیکٹ میں ککری گراؤنڈ کو بھی شامل کیا ہے، پچھلے 3،2ماہ میں جو پیسہ اس پر خرچ ہوا اس کا پورٹ فولیو بنائیں گے، ابراہیم حیدری ،عمر کالونی کے روڈ بھی نیبرہوڈ پراجیکٹ میں شامل ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ دسمبر تک مہران ہائی وے مکمل کرنے کی کوشش کریں گے مہران ہائی وے کیلئے پیسے منظور کرکے دیئے تاکہ اسی سال مکمل ہو، سڑکوں کی مرمت کیلئے5کروڑروپے دیے تھے۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    وزیر اعلیٰ سندھ نے گیس لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم کو خط لکھ دیا

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ پر وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ کر ان کی توجہ سندھ میں گیس کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی جانب مبذول کرائی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ غیر قانونی ہے، آئین کے تحت پہلے سندھ کوگیس فراہم کرنی چاہیے، وزیر اعظم عمران خان قانون پر عمل درآمد کو ممکن بنائیں۔

    خط کے متن میں وزیر اعلیٰ نے کہا بد قسمتی سے جس صوبے میں 68 فی صد گیس پیدا ہو رہی ہے اُسی صوبے کے گھریلو اور صنعتی صارفین گیس سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان کا گیس لوڈشیڈنگ کی شکایت پر فوری نوٹس، اہم فیصلہ

    خط میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گیس کی گھریلو بندش کی وجہ سے کھانا پکانے اور دیگر امور متاثر ہو رہے ہیں تو صنعتوں کی گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے یومیہ اجرت والے افراد بے روزگار ہو رہے ہیں۔

    خط کے مطابق سندھ سے 2500 سے 2600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا ہو رہی ہے، اور صوبے کو صرف 900 سے 1000 ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جا رہی ہے جو کہ آئین کے آرٹیکل 158 کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    خط میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کو 1500 سے 1600 ایم سی سی ایف ڈی گیس کی ضرورت ہے۔