Tag: murder

  • بھارت: مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص گرفتار

    بھارت: مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص گرفتار

    کرناٹکا(24 اگست 2025): بھارت میں مندر میں ’ریپ کے بعد قتل ہونے والی 100 سے زیادہ لڑکیوں کو دفن کرنے والا‘ شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹکا میں مندر میں جنسی ہراسی کے بعد قتل اور دفن کرنے کا معاملے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ متعلقہ شخص نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کو زبردستی ایسی درجنوں خواتین کی لاشیں دفن کرنے پر مجبور کیا گیا جن کو جنسی ہراساں کرنے کے بعد قتل کر دیا جاتا تھا۔

    ملزم کے ہوش ربا دعوؤں کے نتیجے میں بھارت کے سیاحتی اور مذہبی حوالے سے مشہور شہر دھرم شالا میں کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

    کرناٹکا میں شدید احتجاج کے بعد ریاستی حکومت نے اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی تھی تاکہ مذکورہ شہری کے الزامات کی تصدیق کی جاسکے، ایس آئی ٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ شہری کو جھوٹے بیان دینے پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    جولائی میں ایک شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی تھی اور مجسٹریٹ کے سامنے بیان بھی ریکارڈ کروایا تھا،  اس شخص نے کہا کہ وہ 1995 سے 2014 تک مندر میں صفائی کا کام کرتا رہا تھا۔

    اس شخص نے الزام لگایا کہ اس دوران اسے سینکڑوں لڑکیوں اور عورتوں کی لاشوں کو دفن کرنے کے لیے مجبور کیا گیا جنھیں ریپ کے بعد بے دردی سے قتل کیا گیا تھا، ملزم نے پانچ واقعات کی تفصیل دی اور کہا کہ اس طرح کے کئی اور واقعات بھی ہیں، ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ کچھ متاثرہ لڑکیاں نابالغ تھیں۔

    ملزم نے پولیس کو بیان میں کہا کہ وہ 2014 سے روپوش تھا لیکن اب اپنی ضمیر کی آواز پر اس نے واپس آ کر سب کچھ بیان کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • سوتیلے باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان کا پوسٹ مارٹم

    سوتیلے باپ کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان کا پوسٹ مارٹم

    کراچی: شہر قائد کے علاقے نور محمد گوٹھ سے 18 سالہ نوجوان کی ہاتھ پاؤں بندھی، اور گلا کٹی مدفون لاش ملی تھی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اسد کا پوسٹ مارٹم کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق مقتول نوجوان اسد کے قتل کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں اس کی ماں کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، جس میں مقتول اسد کے سوتیلے باپ کو نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق سوتیلے باپ اور مقتول اسد کے درمیان پلاٹ کا تنازعہ تھا، اور چند ماہ سے 60 گز پلاٹ پر جھگڑا چل رہا تھا، جس پرملزم باپ نے سوتیلے بیٹے کا قتل کیا۔

    سوتیلے باپ نے بیٹے کو قتل کرنے کے بعد گھر کے اندر ہی دفنا دیا تھا، اور ملزم اپنی تین بیٹیوں کو لے کر فرار ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق مقتول اسد سوتیلے باپ کو جائیداد اپنی ماں کے نام کرنے کا کہتا تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم باپ توقیر کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

    رائیڈر گینگ کی دن دہاڑے واردات کی فوٹیج سامنے آ گئی

    مقتول نوجوان اسد کی والدہ کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں بتاتی ہیں کہ گھر میں باپ بیٹے کے درمیان ہاتھا پائی کے کوئی نشانات نہیں ملے، تاہم چیزوں کا جائزہ لینے پر زمین میں کمبل کا ٹکڑا دفن نظر آیا تو بیٹے کی لاش برآمد ہوئی۔

  • لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن کی ڈبل ڈیکر بس میں ہولناک قتل

    لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں قتل کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، ڈبل ڈیکر بس کے اندر ایک 14 سال کے لڑکے کو چاقو کے وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق ساؤتھ ایسٹ لندن کے علاقے وُل وِچ میں ڈبل ڈیکر بس میں مسافروں کے سامنے ایک لڑکے پر چاقو کے وار کیے گئے، طبی عملے کی کوششوں کے باوجود لڑکا جاں بر نہ ہو سکا۔

    ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا، پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے، پولیس نے اسے ’ہولناک جرم‘ قرار دیا، دوسری طرف میئر صادق خان نے علاقوں میں پولیس کا گشت بڑھانے کا وعدہ کیا ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ لندن ایمبولینس سروس کے پیرامیڈیکس اور ایئر ایمبولینس کے پہنچنے کے فوراً بعد نوجوان موقع ہی پر دم توڑ گیا۔

    سپرنٹنڈنٹ لوئس سارجنٹ نے بیان میں کہا ’’میں تصور نہیں کر سکتی کہ متاثرہ لڑکے کے اہل خانہ اور دوست اس وقت کس کیفیت سے گزر رہے ہوں گے، ہماری تمام ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔‘‘

    یاد رہے کہ چاقو زنی کا یہ تازہ ترین واقعہ محض تین ماہ بعد پیش آیا ہے، جب ستمبر میں وُل وچ میں ایک اور نوعمر لڑکے 15 سالہ ڈیجون کیمبل کو چاقو کے وار کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس کی موت کے بعد اس کی ماں جوڈی ٹیلر نے بے حسی سے ہونے والے قتل کے اس سلسلے کو روکنے کی التجا کی تھی۔ کیوں کہ پچھلے سال لندن میں 11 نوعمر لڑکے اسی طرح قتل ہونے کی وجہ سے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

  • موزمبیق : خاتون کا اجتماعی ذیادتی کے بعد سفاکانہ قتل، خوفناک انکشاف

    موزمبیق : خاتون کا اجتماعی ذیادتی کے بعد سفاکانہ قتل، خوفناک انکشاف

    سوفالا : موزمبیق میں ایک خاتون کے ساتھ زیادتی اور اس کے بعد اسے قتل کرنے کے الزامات میں چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان نے تاوان کی رقم نہ ملنے پر خاتون کو مار ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹیٹے کی رہائشی خاتون ماتلد انسیلمو کو ایک مشتبہ شخص نے فیس بک کے ذریعے بہلا پھسلا کر ملاقات پر آمادہ کیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ ملک بھر میں صدمے کی لہر دوڑانے کا سبب بنا ہے۔ اس کہانی کا آغاز 15 تاریخ کو اس وقت ہوا جب ایک شخص نے سوشل نیٹ ورک فیس بک پر ایک پرتعیش لیکن جعلی طرز زندگی دکھا کر ایک خاتون سے دوستی کی۔

    کچھ دنوں بات چیت کے بعد دونوں نے اگلے دن ملاقات کا منصوبہ بنایا جس کے مطابق مذکورہ خاتون صوبہ سوفالا کے ضلع میں اس شخص سے ملاقات کے لیے گئی۔

    ڈونڈو میں ملزم اپنے تین ساتھیوں کے ساتھ خاتون سے ملا، ملزمان نے خاتون کے ہاتھ پیر باندھ کر قریبی جنگل میں لے گئے اور اس کے ساتھ زیادتی کی، ملزمان نے خاتون کی اسی حالت میں تصاویر بھی لیں۔

    بعد ازاں ملزمان نے مقتولہ کے خاندان سے 100لاکھ متکائش (کرنسی) کا مطالبہ کیا لیکن بات 80ہزار میں طے ہوئی۔ مجرموں نے تاوان کے مطالبے کو مضبوط کرنے کے لیے وہ تصاویر بھیج دیں جو انہوں نے اس کی لی تھیں، جب اہل خانہ مطلوبہ رقم فراہم نہ کرسکے تو اغواء کاروں نے خاتون کو قتل کردیا۔

  • پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر شاہد کا قتل کس نے کروایا؟ کیس میں اہم موڑ

    پی ٹی آئی کے رکن ڈاکٹر شاہد کا قتل کس نے کروایا؟ کیس میں اہم موڑ

    لاہور میں پولیس نے پی ٹی آئی کے بانی رکن ڈاکٹر شاہد کے قتل کے الزام میں ان کے بیٹے عبدالقیوم کو حراست میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے مقامی پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شاہد قتل کیس میں پولیس کی اہم پیش رفت سامنے آئی، عبدالقیوم کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹاؤن نے ٹھوس ثبوتوں کی بنیاد پر حراست میں لیا، ملزم نے مبینہ طور پر کرائے کے قاتل سے اپنے والد کو قتل کرایا۔

    پولیس کے مطابق ڈاکٹر شاہد کے قتل کا مقدمہ ان کے دوسرے بیٹے تیمور کی مدعیت میں درج کیاگیا تھا، قتل کے وقت ڈاکٹر شاہد کے ساتھ بیٹا قیوم اور بھائی ساجد بھی تھے۔

    ایف آئی آر کے مطابق ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کے بعد گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے اجرتی قاتل نے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، جبکہ اُس وقت بیٹا قیوم سامنے اپنی کار کے پاس موجود تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر شاہد کے قتل کی وجہ جائیداد کا تنازعہ بتایا جارہا ہے۔

    واضح رہے کہ جوہر ٹاؤن میں اقرا میڈیکل کمپلیکس کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق ویلنشیا ٹاؤن کی خضرہ مسجد کے باہر نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد کھڑے تھے کہ نامعلوم شخص نے ان کے قریب آکر فائرنگ کردی، ڈاکٹر شاہد صدیق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئے تھے۔

    مقتول پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما بھی تھے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو 4 گولیاں ماریں تھی۔

  • سفاک ماں نے 8 سالہ بچے کو جان سے مار ڈالا

    سفاک ماں نے 8 سالہ بچے کو جان سے مار ڈالا

    امریکا میں 8سالہ بچے کی موت کے بعد اس کی والدہ پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے، عدالت نے ملزمہ اور اس کے ساتھی کو جیل روانہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    امریکی ریاست اوہائیو میں ایک لاپتہ لڑکے کی تلاش افسوسناک انجام پر ختم ہوئی جب اس کی لاش گزشتہ روز گھر کی چھت سے ملی اور اب اس کی والدہ پر قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچے کی ماں نے انہیں بتایا تھا کہ مارٹونیو گھر سے بھاگ گیا ہے، پولیس نے ڈرون اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچے کی تلاش جاری رکھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اس کے گھر کا سرچ وارنٹ حاصل کیا اور لاشندا وائلڈر کے 8 سالہ بیٹے مارٹونیو وائلڈر کی لاش کو اس کے کولمبس کے گھر کی چھت پر ایک کمرے سے کچرے کے تھیلے سے برآمد کیا۔

    کولمبس پولیس کے مطابق ملزمہ لاشندا وائلڈر نے بچے کی تلاش کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی اور بعد ازاں گزشتہ شام اپنے دوست جوناہ لو اور دو دیگر بچوں کے ساتھ گھر سے فرار ہوگئی، تاہم، بچے بعد میں محفوظ حالت میں ایک خاندان کے رکن کے گھر سے ملے۔

    مارٹونیو وائلڈر کے کیس میں لاشندا وائلڈر پیر کو فرینکلن کاؤنٹی میونسپل کورٹ میں ویڈیو کے ذریعے پیش ہونے والی تھی لیکن جیل کے ایک افسر کے مطابق وہ عدالت میں پیش نہیں ہوئی۔

    بعد ازاں دونوں ملزمان لاشندا وائلڈر اور جوناہ لوو نے اگلے روز خود کو پولیس کے حوالے کیا اور ان پر انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

    عدالت نے مقدمہ کی آئندہ سماعت تک لاشندا وائلڈر کو 20 لاکھ ڈالر کے بانڈ جبکہ اس کے ساتھی جوناہ لوو کو 50 ہزار ڈالر کے بانڈ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے جیل روانہ کردیا۔

  • پسند کی شادی کرنے پر باپ اور سسر  نے مل کر لڑکی کو قتل کردیا

    پسند کی شادی کرنے پر باپ اور سسر نے مل کر لڑکی کو قتل کردیا

    حافظ آباد: تاجپورہ میں پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا، باپ اور سسر نے مل کر لڑکی کو بے رحمی سے قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ مبشرہ لاہور یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھی، مقتولہ نے 3روز قبل آئیرلینڈ میں مقیم اویس نامی لڑکے سے آن لائن نکاح کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ نکاح کے بعد مقتولہ سسرال کے گھر ٹھٹھہ قادر چلی گئی، سسر عابد نے مقتولہ کے والد سے کہا کہ وہ اسے اپنے گھر رکھنے پر راضی نہیں ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتولہ کے والد نے سسر عابد کو کہا کہ ہم اسے قتل کردیتے ہیں، جس پر والد نے سسر سے مل کر مبشرہ کو دھوکے سے اپنے گھر بلایا۔

    مقتولہ کے والد نے سسر عابد کے ساتھ مل کر لڑکی کا گلہ گھونٹ کر قتل کردیا، قتل کے بعد ملزمان ڈرامہ رچانے کیلئے مقتولہ کو کرنٹ لگاتے رہے۔

    پیپلزپارٹی کے کونسلر کو نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا

    پولیس نے مقتولہ کے والد اور سسر کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، ملزمان فرار ہوگئے، نعش کو پوسٹ مارٹم کے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • خاتون کو سر عام چھری کے 15 سے زائد وار کر کے قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    خاتون کو سر عام چھری کے 15 سے زائد وار کر کے قتل کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے مانسہرہ کالونی میں ایک خاتون کو سر عام چھری کے وار کر کے قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے مانسہرہ کالونی میں قبرستان کے نزدیک 36 سالہ زہرہ کو سر عام چھری کے وار کر کے قتل کرنے والے ملزم محمد ابراہیم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    قتل کا یہ واقعہ 26 اپریل کو صبح کے وقت پیش آیا تھا، جب خاتون زہرہ کام پر جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی، قتل کا مقدمہ شرافی گوٹھ پولیس اسٹیشن میں درج ہوا تھا، ایف آئی آر کے مطابق ملزم ابراہیم نے خاتون پر چھری کے 15 سے 18 وار کیے تھے۔

    ملزم ابراہیم واقعے کے روز ہی سے مفرور ہو گیا تھا، ایس ایس پی طارق الہٰی مستوئی کے مطابق انویسٹیگیشن پولیس کے ساتھ مل کر تیکنیکی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    مقدمے کے مطابق مقتولہ خاتون ملزم ابراہیم کی سابقہ بیوی تھی، جس نے انھیں 6 سال قبل طلاق دے دی تھی، اور ابھی ایک سال قبل خاتون نے فیکٹری مزدور محمد صدیق سے شادی کی تھی۔

    ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے 5 ملزمان گرفتار

    پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم نے ذاتی رنجش پر سابقہ بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کر کے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

  • شادی کی تقریب میں فائرنگ، ٹیپو ٹرکاں والے کا بیٹا امیر بالاج قتل

    شادی کی تقریب میں فائرنگ، ٹیپو ٹرکاں والے کا بیٹا امیر بالاج قتل

    لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی سوسائٹی میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والے کا بیٹا بالاج قتل کردیا گیا واقعے میں تین افراد زخمی ہوئے، جوابی فائرنگ میں حملہ آوار بھی مارا گیا۔

    پولیس کے مطابق چوہنگ میں فائرنگ کا واقعہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک رہائشی سوسائٹی میں شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا جب مسلح ملزم نے حال ہی میں پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کرنے والے بالاج ٹیپو پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    امیربالاج کو4 گولیاں لگیں جو جناح اسپتال میں دوران علاج جاں بحق ہوا، لاہور جناح اسپتال کے ڈاکٹرز نے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔

    مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئےجناح اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا گیا ہے، امیر بالاج کے ساتھ زخمی ہونے والے دیگر ساتھیوں کا علاج بھی جاری ہے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ن لیگی رہنما عطا تارڑ بھی جناح اسپتال پہنچ گئے۔

    پولیس کے مطابق بالاج ٹیپو کےگن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ وہ حملے کی وجہ بننے والے حالات اور اس کے پیچھے ممکنہ محرکات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔

    بالاج ٹیپو عارف عامر عرف ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا تھا جسے 2010سال میں علامہ اقبال ایئرپورٹ کی پارکنگ میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    بالاج کی موت خونی دشمنی کا ایک اور باب شروع کر سکتی ہے جس کا آغاز 1994 میں ان کے دادا بلا ٹرکاں والا کے قتل سے ہوا تھا۔

  • اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان قتل

    اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان قتل

    کراچی : شہر قائد میں بے لگام ڈاکوﺅں نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی، اورنگی ٹاؤن میں مسلح ڈاکو کی فائرنگ سے ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا قتل ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا سہیل ہاشمی ایک ریٹائرڈ پولیس اہلکار کا بیٹا تھا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اس کا بٹوہ چھینا تو پولیس کا کارڈ دیکھ کر گھبرا گئے، فرارہوتے ہوئے ملزمان نے مزاحمت کا خطرہ سمجھ کر فائرنگ کردی۔

    اہل خانہ نے پولیس کو دیے گئے بیان میں مزید کہا کہ مقتول سہیل نے ڈاکوؤں سےمزاحمت نہیں کی تھی۔ دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول سہیل خود پولیس اہلکار نہیں لیکن اس نے اپنا پولیس کارڈ بنا رکھا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے علاقے قائد آباد کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے گھر واپس جاتے ہوئےدو نوجوانوں کو راستے میں روک لیا اور اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کر دی اس دوران روکنے کی کوشش پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور دونوں زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، نوجوانوں کی شناخت اکمل اور عمر کے ناموں سے ہوئی۔