Tag: Muridke

  • ہوائی فائرنگ سے شادی کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی

    ہوائی فائرنگ سے شادی کے گھر میں صف ماتم بچھ گئی

    مریدکے : محلہ33 چک میں شادی والے گھر میں صف ماتم بچھ گئی، ہوائی فائرنگ میں گولی لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مرید کے کے علاقے 33چک میں شادی والے گھر میں ہونے والی مہندی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ جاری تھی۔

    اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مہندی کی تقریب میں دولہا کے دوستوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گردن پر گولی لگنے سے دولہا کا بھائی موقع پر ہی چل بسا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا اور قانونی کارروائی کیلیے لاش متعلقہ اسپتال پہنچا دی۔

    پولیس کے مطابق مقتول 35سالہ عمیر اپنے سگے بھائی کی شادی میں شرکت کیلئے بیرون ملک سے وطن واپس آیا تھا۔ صدر پولیس نے مزید قانونی کاروائی شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے لیاری موسیٰ لین میں گھر کی چھت پر کھیلنے والی ننھی بچی اندھی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفیہ بچی بلڈنگ کی ساتویں منزل پر رہائش پذیر اور چھت پر کھیل رہی تھی کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچی کے سر میں لگی جس سے جاں بحق ہوئی۔

    مزید پڑھیں : چھت پر کھیلتی بچی ہوائی فائرنگ سے جاں بحق، دولہا گرفتار

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ شادی میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ سے پیش آیا۔ ہوائی فائرنگ میں ملوث دولہا کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دولہا کے دوست بھی فائرنگ میں ملوث ہیں جنہیں گرفتار کرنے کیلیے کارروائی جاری ہے۔

  • باڈی بلڈر کے قتل کا ڈراپ سین، سگا بھائی ڈرامائی انداز میں گرفتار

    باڈی بلڈر کے قتل کا ڈراپ سین، سگا بھائی ڈرامائی انداز میں گرفتار

    مریدکے : چند روز قبل مریدکے کے رہائشی تن ساز نوجوان کے قتل کا معمہ حل ہوگیا پولیس نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قاتل کو پکڑ کر حوالات میں بند کردیا۔

    معروف تن ساز و پلے دار نفیس چیمہ کے اندھے قتل میں کوئی اور نہیں اس کا سگا بھائی ملوث نکلا ، گرفتار ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عتیق نے معمولی جھگڑے کے بعد اپنے بھائی نفیس کو گولی مار کر قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزم عتیق کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، ملزم نے قتل کے بعد بھائی کی لاش کھیتوں میں پھینکی۔

    قانون کو دھوکہ دینے کیلئے ملزم نے مقتول نفیس کے سسرال کو مقدمے میں بھی پھنسانے کی کوشش کی، ملزم پولیس کے ساتھ مل کر قاتل تلاش کرنے کا ڈرامہ کرتا رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مقتول کے چھوٹے بھائی عتیق چیمہ کو حراست میں لیکر تفتیش کی گئی تو ملزم نے اعتراف جرم کرتے بتایا اس نے اپنے بھائی کو معمولی جھگڑے کی وجہ سے قتل کیا۔

  • بہادر سیکیورٹی گارڈ نے زخمی ہونے کے باوجود ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

    بہادر سیکیورٹی گارڈ نے زخمی ہونے کے باوجود ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی

    مرید کے : بہادر سیکیورٹی گارڈ نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی، ایک ڈاکو زخمی کر دیا، سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں سے مار بھی کھائی لیکن کچھ لوٹنے نہ دیا، ڈاکو خالی ہاتھ فرار ہوگئے، زخمی سیکیورٹی گارڈ اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے علاقے مرید کے کی ایک دکان میں ڈاکو دیدہ دلیری کے ساتھ آئے، برقع پوش سمیت چار لُٹیروں نے الیکٹرانکس شاپ کے عملے کو یرغمال بنالیا اور دکان لوٹنے کی کوشش کی۔

    اس دوران دکان کے سیکیورٹی گارڈ نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کردی جس سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں کے ایک ساتھی کا ہاتھ زخمی ہوا۔

    ڈاکوؤں نے کچھ لوٹنے کے بجائے گارڈ پر بری طرح تشدد کیا اور دکان سے کچھ لوٹنے کے بجائے جان بچانے کیلئے گارڈ کی بندوق لے کر فرار ہوگئے۔

    ڈکیتی کے دوران دکان میں موجود خاتون بچے اور دیگر عملے نے میز کے پیچھے چھپ کر جان بچائی، ڈکیتی ناکام بنانے والے زخمی سیکیورٹی گارڈ کو طبی امداد کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

  • مرید کے: تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او فائرنگ سے جاں بحق

    مرید کے: تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او فائرنگ سے جاں بحق

    شیخوپورہ: صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں تھانہ رنگ محل لاہور کے ایس ایچ او پر نامعلوم افراد نے حملہ کردیا جس سے ایس ایچ او زاہد محمود، ان کا ڈرائیور اور گن مین جاں بحق ہوگئے۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق شیخو پورہ کے شہر مرید کے میں واقع تھانہ رنگ محل لاہور کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) زاہد محمود پر کار سوار افراد نے فائرنگ کردی۔

    فائرنگ سے انسپکٹر زاہد کا ڈرائیور اور گن مین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ ایس ایچ او کو اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر زاہد رہائشگاہ سے نکلے ہی تھے کہ کار سوار افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے، آئی جی پنجاب واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ دیں۔