Tag: Murry

  • مری : تجاوزات و غیرقانونی تعمیرات خلاف کارروائی میں تیزی

    مری : تجاوزات و غیرقانونی تعمیرات خلاف کارروائی میں تیزی

    مری : غیر قانونی تعمیرات تجاوزات اور پارکنگ کے بغیر ہونے والی زیر تعمیر عمارتوں کے خلاف مری میں آپریشن شروع کردیا گیا۔

    اس سلسلے میں مری ایکسپریس وے، مری روڈ، بھوربن روڈ اور پتریاٹہ کے علاقوں میں آپریشن جاری ہے اور علاقے سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر مری وقاص سکندری کی زیرنگرانی مری ٹی ایم اے پلاننگ کا عملہ آپریشن میں شریک ہے۔

    واضح رہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کیا جانے والا آپریشن گزشتہ دو ماہ سے نامعلوم وجوہات کی بنا پر رکا ہوا تھا۔

    ذرائع کے مطابق اے سی مری وقاص سکندری کا کہنا ہے کہ مری گلیات میں غیر قانونی تعمیرات تجاوزات کے خلاف مسلسل آپریشن جاری رکھا جائے گا، مری ٹی ایم اے میں موجود ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کی بھی چھان بین کی جارہی ہے۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مری ٹی ایم اے عملے کی ملی بھگت سے ہی مذکورہ غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات قائم ہوئی ہیں۔

  • مری میں سیاحوں کی ہلاکت افسوسناک ہے، ایم کیوایم پاکستان

    مری میں سیاحوں کی ہلاکت افسوسناک ہے، ایم کیوایم پاکستان

    مری میں ہونے والی حالیہ شدید برفباری کے بعد پھنسے والے سینکڑوں افراد میں سے کم از کم 20 سیاحوں کی ہلاکت پر پورے ملک میں غم اور افسوس کی فضا قائم ہے۔

    مری جانے والے تمام راستے بند کرکے وہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، اس حوالے سے مختلف سیاسی، مذہبی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے اظہار افسوس کا سلسلہ جاری ہے۔

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ مری میں سیاحوں کی ہلاکت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔

    رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کےخاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، گنجائش سے زیادہ سیاحوں کی آمد سے یہ افسوسناک صورتحال پیدا ہوئی۔

    اراکین نے کہا کہ بہت زیادہ رش کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مقامی انتطامیہ کو لوگوں سے وہاں نہ جانے کی اپیل کی جانی چاہیے تھی تاکہ یہ صورتحال درپیش نہ ہو۔

    رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ انتظامیہ مری میں ریسکیو آپریشن مزید تیز کرے اور پھنسے ہوئے سیاحوں کو بحفاظت نکالنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

  • مری : ہوٹل میں کمرہ نہ دینے پر منیجرکو گولیاں ماردی گئیں، ملزم فرار، مقدمہ درج

    مری : ہوٹل میں کمرہ نہ دینے پر منیجرکو گولیاں ماردی گئیں، ملزم فرار، مقدمہ درج

    مری : ہوٹل منیجر کو کمرہ بک نہ کرنے کے جرم میں گولیاں مار کر زخمی کردیا گیا، ملازم کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مری کے علاقے جی پی او چوک پر ہوٹل کے مینجر محمد آصف کو مری کے ہی مقامی رہائشی راجہ معصب خلیل ہوٹل میں کمرہ بک نہ کرنے پر غصہ میں آگیا اور گولیاں مار کر منیجر کو شدید زخمی کر دیا، زخمی کو پانچ گولیاں لگیں جسے تشویشناک حالت میں فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    پولیس نے ہوٹل مالک حافظ جاوید اختر کی مدعیت میں ملزم راجہ معصب خلیل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم ابھی تک ملزم کو پولیس گرفتار کرنے میں ناکام ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہوٹل میں منیجر اور کسی شخص میں تلخ کلامی ہوئی، لال جیکٹ والے نے منیجر کی طرف اشارہ کرکے کسی سے اس کی شکایت کی۔

    اتنے میں نیلا شلوار قمیض پہنے ایک شخص فوٹیج میں نظر آیا۔ اس نے کچھ بات کی اور پھر اپنی جیب سے پستول نکال لیا۔ بندوق دیکھ کر سب ہکا بکا رہ گئے۔ فائرنگ ہوئی۔

    پانچ فائر کیے جس سے منیجر گرپڑا۔ شکایت لگانے والا اور اس کے ساتھ کھڑا ہوا بوڑھا شخص بھی بھاگے۔ منیجر کو چار گولیاں لگیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔

    سوشل میڈیا پر واقعہ کے خلاف آواز بلند ہوئی، پولیس کا کہنا ہے کہ گولی چلانے والا ملزم مصعب خلیل دوسرے ہوٹل کے مالک کا بیٹا ہے جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

  • مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری میں خاتون سے بدتمیزی،نو ہوٹل گائیڈ گرفتار، دفعہ ایک سو چوالیس نافذ

    مری : پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرکے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی، اب کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکہ کوہسار میں مہمانوں کے ساتھ ایک بار پھر ناروا سلوک کے واقعات پیش آنے لگے۔ گزشتہ روز مری میں خاتون سیاح سے بدتمیزی کا واقعہ سامنے آنے کے بعد مقامی انتظامیہ بھی حرکت میں آ گئی۔

    پولیس نے خاتون سے بدتمیزی کرنے والے نو ملزمان کو گرفتارکرلیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر مری امتیاز احمد نےبتایا ہے کہ ہوٹلوں کے لیے دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کردی گئی ہے۔

    کوئی بھی ہوٹل گائیڈ یونیفارم اور نیم پلیٹ کے بغیر ڈیوٹی نہیں دے سکے گا۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز مری میں ہوٹل ایجنسی کے ملازموں نے تفریح کے لیے آئےجوڑے کو تشدد کا نشانہ بنایاتھا، پولیس نے ملزمان کیخلاف مقدمہ تو درج کرلیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔

    اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہوٹل ملازمین نے ایک فیملی کی خواتین پر آوازیں کسیں جس پر تلخ کلامی ہوئی اور ملزمان نے سیاح خاندان کو دھکے دیئے۔

    موقع پر موجود شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے معاملہ رفع دفع کرایا، سیاحوں کا کا کہنا ہے کہ مقامی افراد چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے کا بھی خیال نہیں کرتے، سیاحوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    مزید پڑھیں: مری میں خاتون سیاح پر ہوٹل مالکان کے تشدد کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ اس سے قبل مری میں اس طرح کے واقعات کیخلاف سوشل میڈیا پر کامیاب مہم کے بعد عوام نے مری کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے باوجود ایجنٹوں کا رویہ تبدیل نہیں ہوا ہے۔

  • مری میں خاتون سیاح پر ہوٹل مالکان کے تشدد کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

    مری میں خاتون سیاح پر ہوٹل مالکان کے تشدد کا واقعہ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

    مری : ملکہ کوہسار مری میں خاتون سیاح پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے ملزمان کو شناخت کرلیا، ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تلاش شروع کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ہوٹل ایجنسی مری کے ملازمین کی جانب سے سیاحوں پر تشدد کا سلسلہ جاری ہے، برفباری دیکھنے کیلئے مری آنے والے سیاحوں پرجی پی او چوک میں مارپیٹ کی گئی۔

    سوشل میڈیا ہر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد پولیس کو خیال آگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے خاتون پر تشدد کرنے والے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہوٹل ملازمین نے ایک فیملی کی خواتین پر آوازیں کسیں جس پر تلخ کلامی ہوئی اور ملزمان نے سیاح خاندان کو دھکے دیئے۔

     موقع پر موجود شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں نے معاملہ رفع دفع کرایا، سیاحوں کا کا کہنا ہے کہ مقامی افراد چھوٹی چھوٹی باتوں پر پریشان کرتے ہیں اور اہل خانہ کے ساتھ ہونے کا بھی خیال نہیں کرتے، سیاحوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ واقعہ کے ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی کی جائے،۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل مری میں اس طرح کے واقعات کیخلاف سوشل میڈیا پر کامیاب مہم کے بعد عوام نے مری کا بائیکاٹ کردیا تھا، جس کے باوجود ایجنٹوں کا رویہ تبدیل نہیں ہوا ہے۔

  • پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    پنجاب اور کے پی کے میں شدید بارشیں، سیلابی صورتحال، بند میں شگاف پڑگیا

    لاہور/پشاور: خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، جبکہ نالہ ڈیک کے بند میں شگاف پڑگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں رم جھم اور تیز بارشیں ہوئیں، جبکہ نالہ ڈیک میں سیلاب سے بند میں شگاف پڑگیا۔

    دوسری جانب مری میں شدید بارشوں کے باعث تین مقامات پرلینڈ سلائیڈنگ ہوئیں، اور ٹریفک کی روانی بھی بری طرح متاثر دکھائی دی۔

    علاوہ ازیں خیبرپختونخواہ میں بھی موسلا دھار بارشیں ہوئیں جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، مانسہرہ میں دریائے کنہار میں سیلاب اور طغیانی کے باعث درخت اکھڑ گئے۔


    پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بارشیں اور آندھی، 7 افراد ہلاک


    قبل ازیں خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں دو ماہ قبل باشیں ہوئی تھیں جس کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ پنجاب میں دو روز سے مسلسل جاری رہنے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی تھی، مختلف حادثات و واقعات میں 15 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوئے تھے۔

    مذکورہ بارش کے باعث شہر کی کئی اہم شاہراہیں اور گلیاں ندی نالوں کامنظر پیش کررہی تھیں، گھروں میں بھی تین تین فٹ پانی جمع ہوگیا تھا اور نکاسی آب کے مناسب انتظامات نہ ہونے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔