Tag: Murtaza Wahab

  • مرتضیٰ وہاب نے میئرکراچی کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    مرتضیٰ وہاب نے میئرکراچی کے عہدے کا حلف اٹھالیا

    کراچی : میئرکراچی اور ڈپٹی میئر کراچی کی پروقار تقریب حلف برداری پولوگراؤنڈ میں ہوئی، تقریب کا آغازتلاوت کلام پاک سے ہوا۔

    اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنرسندھ کامران ٹیسوری اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب حلف برداری میں موجود تھیں۔

    صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب سے ان کے عہدے کا حلف لیا، بعد ازاں تقریب حلف برداری میں ’’بلاول بھٹو وزیراعظم ‘‘کے نعرے بھی لگائے گئے۔

    بعد ازاں سلمان عبداللہ مراد نے ڈپٹی میئر کراچی کے عہدے کا حلف اٹھایا، مرتضیٰ وہاب حلف اٹھانے کے بعد بلاول بھٹو اور وزیراعلیٰ سندھ و دیگر سے گلے ملے۔

    یاد رہے کہ مرتضیٰ وہاب اور سلمان مراد 15 جون کو میئر اور ڈپٹی میئر کراچی منتخب ہوئے تھے، مرتضیٰ وہاب نے حافظ الرحمان کے مقابلے 173 ووٹ حاصل کیے جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 160 ووٹ مل سکے تھے۔

  • مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے امیدوار ہونگے، بلاول بھٹو زرداری

    مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے امیدوار ہونگے، بلاول بھٹو زرداری

    پیپلز پارٹی نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کیلئے اپنے امیدواروں کا نام فائنل کرلیا ہے، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کے ناموں کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام تجویز کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب میئر کراچی کے پی پی پی امیدوار جبکہ ڈپٹی میئر کے لئے سلمان مراد امیدوار ہوں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے بتایا کہ دو بڑے شہروں کے عوام کو پیپلزپارٹی کے میئر مایوس نہیں کرینگے، اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے تمام پی پی امیدواروں کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ دونوں نوجوان شہروں کی بہتری کیلئے دن رات محنت کریں گے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، میئر، ڈپٹی میئر اور ٹاؤنز کے لیے پی پی پی کے تمام نامزد امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عوام نے پیپلزپارٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    اب آئیے اگلا راؤنڈ جیتتے ہیں اور عوام کی خدمت کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ پہلی بار ہم پر اعتماد کرنے کے لیے حیدرآباد اور کراچی کا خصوصی شکریہ۔

    حیدرآباد کیلئے میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں کا اعلان 

    دوسری جانب کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن حیدرآباد کے لئے میئر کا نام کاشف شورو اور نائب میئر صغیر قریشی ہوں گے۔

    اس کے علاوہ ٹنڈوالہیار ڈسٹرکٹ کونسل کے لیے چیئرمین میر پپو تالپر اور دریا خان مری نائب چیئرمین ہیں، ٹنڈو الٰہیار میونسپل کمیٹی چیئرمین سید ثمر حسین شاہ سلیم خانزادہ امیدوار ہونگے۔

    واضح رہے کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کیلئے مرتضیٰ وہاب کا نام مراد علی شاہ اور شازیہ مری کی سفارش پر فائنل کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ میئر کراچی کے لیے 15 جون کو کے ایم سی بلڈنگ میں انتخابات ہوں گے۔ جماعت اسلامی کی جانب سے حافظ نعیم الرحمان میئر کراچی کے امیدوار ہیں اور پاکستان تحریک انصاف نے بھی میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔

  • "مہنگی اشیاء بیچنے والے دکانداروں کا مال نیلام کردیا جائے گا”

    "مہنگی اشیاء بیچنے والے دکانداروں کا مال نیلام کردیا جائے گا”

    کراچی : سندھ حکومت نے ناجائز منافع خوروں کو پکڑ کر اسی وقت سخت سزا دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ مہنگی اشیائے خوردو نوش بیچنے والوں کا مال ضبط کر کے فوری طور پر نیلام کردیا جائے گا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے سدباب کیلئے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جس کے تحت جو دکاندار یا ریڑھی والا سرکاری پرائس لسٹ کے زیادہ قیمت وصول کرے گا اس کیخلاف فوری کارروائی ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ اس کیلئے قانون سازی بھی کرلی گئی ہے، جس کے تحت خلاف ورزی کرنے والے دکاندار کا مال ضبط کرکے اسے سرکاری قیمت پر نیلام کردیا جائے گا اور مزید یہ کہ اس پر ہزاروں کی نہیں لاکھوں مالیت کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ صوبائی کابینہ اور گورنر سندھ کی منظوری کے بعد یہ قانون 23مارچ 2023سے نافذ العمل ہوچکا ہے، جس پر اب سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ دکاندار اور ریڑھی والے اشیاء کی قیمتوں میں ازخود اضافہ کرتے ہیں، گزشتہ روز میں نے بھیس بدل کر ایک ریڑھی والے سے کیلے کا ریٹ پوچھا تو اس نے 200 روپے درجن بتایا۔ پہلے تو اس نے مجھے نہیں پہچانا لیکن جیسے ہی اس نے میرے پیچھے کھڑے شخص کو دیکھا تو فوراً ہی اصل قیمت بتا دی لیکن میں نے اسی وقت متعلقہ افسر کو بلا کر سارا مال ضبط کروایا اور نیلام کرادیا۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے بعد منتخب عہدیداران تاحال حلف نہیں اٹھا سکے ہیں۔ میئر و ڈپٹی مئیر، ٹاؤنز کے چیئرمین و وائس چیئرمین کے انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر تفصیلات سے آگاہ کردیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا پہلا فیزجون اور دوسراجنوری میں ہوا، لیکن کامیاب بلدیاتی نمائندے ابھی تک حلف نہیں لے سکے ہیں۔

  • شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    شہر بھر کے دورے کرنے کے بعد مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر

    کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں جس کے بعد انہوں نے قرنطینہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں انہوں نے بتایا کہ کل سے کرونا وائرس کی کچھ علامات ظاہر ہوئی ہیں، خود کو قرنطینہ کرنے اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    خیال رہے کہ مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ دو روز سے بارش کے بعد نکاسی آب کے کاموں کا جائزہ لینے کے لیے شہر بھر کا دورہ کیا ہے اور اس دوران بڑی تعداد میں لوگوں سے بھی ملے ہیں۔

  • جماعت اسلامی کا مرتضیٰ وہاب کی برطرفی کا مطالبہ

    جماعت اسلامی کا مرتضیٰ وہاب کی برطرفی کا مطالبہ

    کراچی: جماعت اسلامی نے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ جب الیکشن کا اعلان ہوا ہے تو جواز نہیں بنتا کہ سیاسی طور پر ایڈمنسٹریٹر کا کام ہو، شہر میں غیر سیاسی ایڈمنسٹریٹر کا تقرر کر کے مرتضیٰ وہاب کو برطرف کیا جائے۔

    انھوں نے کہا سندھ حکومت الیکشن یرغمال بنانے کے لیے ایڈمنسٹریٹر کا استعمال کر رہی ہے، مجھے بتائیں الیکشن کمیشن کے کون سے رولز پر عمل درآمد ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن نوٹس لے ورنہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ اس کا نوٹس لیں۔

    حافظ نعیم نے پریس کانفرنس میں کراچی میں پینے کے پانی کے سنگین مسئلے کو بھی اٹھایا، انھوں نے نشان دہی کی کہ سندھ حکومت کی ایما پر ٹینکر مافیا کا راج بڑھتا جا رہا ہے، کتنے علاقے ایسے ہیں جہاں ایک سے 2 ماہ بعد جا کر پانی آتا ہے، اور بعض علاقے ایسے ہیں جہاں بجلی کے بعد 15 دن بعد پانی آتا ہے۔

    انھوں نے کہا جو پانی لائنوں میں نہیں آتا وہ بیچنے کے لیے ٹینکرز میں آ جاتا ہے، ٹینکر مافیا کا راج اسی صوبائی حکومت میں بڑھ رہا ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ پانی کا منصفانہ نظام قائم ہونا چاہیے۔

    امیر جماعت نے کہا کہ کے فور منصوبہ مکمل 650 ملین گیلن کا بننا ضروری ہے، اس وقت پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں موجود ہے، اس لیے اب وہ یہ نہیں کہ سکتی کہ وفاق سے بات کریں گے، کے فور منصوبہ اور کے الیکٹرک کی سہولت کاری ہو یا کے سی آر کا معاملہ، یہاں کوئی کام نہ ہوا۔

    نالوں کی صفائی کے حوالے سے انھوں نے سوال اٹھایا کہ گزشتہ بجٹ میں 1.2 ارب روپے رکھے گئے تھے، مرتضیٰ وہاب بتائیں وہ 120 ارب روپے کی صفائی کہاں ہوئی ہے؟ نالوں پر کرینیں کھڑی کر کے کہتے ہیں کام کر دیا، یہ جھوٹ اور دھوکا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اب شہریوں کے پاس صرف ایک 24 جولائی کا موقع ہے، پی پی، ایم کیو ایم، ن لیگ، جی ڈی اے متفق ہو کر ہائیکورٹ گئے کہ کسی طرح الیکشن آگے بڑھ جائیں، اب یہ سپریم کورٹ جا رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ الیکشن نہ ہوں، جماعت اسلامی کا ساتھ دیں گے تو ہمارا میئر آئے گا تو اپنے اختیار سے زیادہ کام کرے گا۔

    انھوں نے کہا جماعت اسلامی کا میئر اپنے اختیار کو لڑ کر حاصل کرے گا۔

  • ایم کیوایم سے معاہدہ  : پیپلزپارٹی کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

    ایم کیوایم سے معاہدہ : پیپلزپارٹی کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

    کراچی : پیپلزپارٹی نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ایم کیوایم کی مشاورت سے نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی حکومت سے علیحدگی اور متحدہ اپوزیشن میں شامل ہونے کے فیصلے کے بعد اپوزیشن اور ایم کیو ایم کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد پر پیش رفت کا آغاز ہوگیا۔

    پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم سے معاہدہ کے تحت ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پیپلزپارٹی ذرائع نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو تبدیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 2 سے 3 ہفتے میں ایم کیو ایم کی مشاورت سے نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات ہوگا۔

    یاد رہے پیپلزپارٹی اورایم کیوایم پاکستان کے درمیان معاہدے کے تحت سندھ کابینہ سے 2 وزرا کو فارغ کئے جانے کا بھی امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے 2 وزیر آئندہ چند دنوں تک مستعفی ہوسکتے ہیں ، جس کے بعد ایم کیوایم کو سندھ حکومت میں شامل کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایم کیو ایم کو سندھ کابینہ اور پبلک سروس کمیشن میں نمائندگی دینے پر بھی رضامند ہوچکی ہے۔

    پیپلزپارٹی نے بلدیاتی نظام میں ترمیم اور میئر کے اختیارات میں اضافے سمیت صوبےکےشہری معاملات میں مشاورت سے اتفاق رائے پیدا کرنے سے متعلق بھی توثیق کی تھی۔

  • اومیکرون کیسز میں اضافہ، مرتضیٰ وہاب  کا لاک ڈاؤن  کے حوالے اہم بیان سامنے آگیا

    اومیکرون کیسز میں اضافہ، مرتضیٰ وہاب کا لاک ڈاؤن کے حوالے اہم بیان سامنے آگیا

    کراچی : ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اومی کرون کراچی میں آچکا ہے تاہم حالات کنٹرول میں ہیں، فی الحال لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا، حکومت نہیں چاہتی کہ سخت فیصلےکئےجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کورونا کیسز کے حوالے سے کہا کہ کوروناکازورٹوٹ گیا تھا تو لوگوں نے سوچا ویکسین کی ضرورت نہیں، اب تک29ملین لوگ خودکوویکسین لگواچکےہیں، ہماری کل آبادی تقریباً5کروڑہے۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہری ایس اوپیزکاخصوصی خیال رکھیں، ڈاکٹرزنےکہااومی کرون سےبچنےکیلئےبہترطریقہ ماسک کااستعمال ہے، احتیاط کے ساتھ ویکسین بھی ضرور لگوائیں۔

    ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ سخت فیصلےکئےجائیں، عوام کوبھی حکومت کاساتھ دیناہوگا، عوام سماجی محفلوں میں ایس اوپیزکاخیال رکھیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اومی کرون کراچی میں آچکا ہے مگر حالات کنٹرول میں ہیں، فی الحال لاک ڈاؤن کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ، چاہتےہیں چیزیں نارمل انداز میں ایس او پیز کے ساتھ چلیں،مرتضیٰ

    وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئےایڈمنسٹریٹر کراچی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کےپی میں8سال سےاقتدارمیں ہے، پی ٹی آئی والےکہتےہیں دودھ شہدکی نہریں بہادی، صحت کارڈبہت بڑافراڈہےجوپی ٹی آئی شروع کررہی ہے، حکومتوں کاکام اسپتالوں کواحسن اندازسےچلاناہے، اسپتال اچھےسےچل رہےہوں تولوگ آسانی سےعلاج کراسکتے ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ خیرپور کی چھوٹی سی تحصیل میں کڈنی ، لیورٹرانسپلانٹ مفت ہوتا ہے ، پورے پاکستان سے لوگ ، اخراجات سندھ حکومت برداشت کرتی ، گمبٹ میں 11افرادکابون میروٹرانسپلانٹ کیاجاچکاہے، ٹرانسپلانٹ کےبعددواؤ ں کےاخراجات بھی حکومت سندھ برداشت کرتی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیامیں سائبرنائف آپریشن پر50ہزارسے90ہزارڈالرخرچ ہوتےہیں، جناح اسپتال میں تمام سائبرنائف آپریشن بلامعاوضہ کیےجاتےہیں، جناح اسپتال میں 13ہزار700سائبرنائف آپریشن کیےگئے۔

  • سپریم کورٹ نے مرتضیٰ وہاب کی معافی قبول کرلی، فیصلہ واپس

    سپریم کورٹ نے مرتضیٰ وہاب کی معافی قبول کرلی، فیصلہ واپس

    کراچی : سپریم کورٹ کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کو ہٹائے جانے کے حکم کے بعد عدالت نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو معاف کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گٹر باغیچہ اراضی کیس میں کچھ دیر قبل عہدے سے برطرف کیے جانے والے ایڈ منسٹریٹر کراچی کو عدالت نے دوبارہ بحال کردیا۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے گٹر باغیچہ کیس کی سماعت کی۔

    سپریم کورٹ نے مرتضیٰ وہاب کی معافی قبول کرتے ہوئے عہدے سے ہٹائے جانے سے متعلق فیصلہ واپس لے لیا۔ سپریم کورٹ کے بینچ کے روبرو مرتضیٰ وہاب نے دو بار معافی مانگی۔

    قبل ازایں ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت سے استدعا کی کہ مرتضی وہاب نوجوان ہیں انہوں نے اب اپنے رویے پر معافی بھی مانگ لی ہے لہٰذا ان کی معافی قبول کی جائے۔

    اے جی سندھ نے عدالت کویقین دلایا کہ اب یہ بطور ایڈمنسٹریٹرکراچی کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گے۔

    جسٹس قاضی امین نے کہا کہ اب وہ سابق ایڈمنسٹریٹر ہیں انہیں عہدے سے ہٹایا جاچکا ہے، جس پر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ میرا شہر ہے میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ آپ سیاسی ایجنڈا لے کر عدالت آتے ہیں، آپ کو کوئی پوچھنے والا نہیں آپ مائی باپ ہیں ، اےجی سندھ نے کہا کہ آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ انہیں معافی دے کر بحال کردیں۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کو سیاست سے دور رکھنے کا حکم دیتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کی غیرمشروط معافی قبول کرلی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے مرتضیٰ وہاب کو سیاسی تعلق سے بالاتر ہوکر اپنی ذمہ داری ادا کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کے سیاسی دباؤ اور تعلق سے بالاتر کر اپنے فرائض انجام دیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دیر قبل کمرہ عدالت میں کسی بات پر اشتعال میں آنے پر عدالت نے مرتضیٰ وہاب پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم جاری کردیا تھا۔

    ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، مرتضیٰ وہاب

    اس سسلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ میری اپنی عدالت ہے، ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی غلط کمنٹس نہیں کرسکتا، میرا اپنا شہر ہے جو میرے بس میں ہوگا وہ ضرور کروں گا، اس شہرکی خدمت کرنا میرے لئے باعث اعزاز ہے۔

    گیٹ آؤٹ : عدالت کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہٹانے کا حکم

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عدالت کچھ اور چیز سوچتی ہے تو میں احترام کروں گا، سپریم کورٹ کا جو بھی فیصلہ ہوگا صدق دل سے قبول کریں گے، جارحانہ رویہ ہوتا تو معافی مانگ لیتا ہوں ،ایسی کوئی بات نہیں۔

  • گیٹ آؤٹ : عدالت کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہٹانے کا حکم

    گیٹ آؤٹ : عدالت کا ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو ہٹانے کا حکم

    کراچی : سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گٹر باغیچہ اراضی کیس کی سماعت ہوئی اس دوران چیف جسٹس نے برہم ہوکر ایڈمنسٹریٹر کراچی کو عہدے سے ہٹادیا۔

    سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے گٹر باغیچہ کیس کی سماعت کی۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمرہ عدالت میں کسی بات پر اشتعال میں آنے پر عدالت نے مرتضیٰ وہاب پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کو فوری ہٹانے کا حکم جاری کردیا، چیف جسٹس نے شدید غصے کے عالم میں گیٹ آؤٹ کہتے ہوئے مرتضیٰ وہاب کو فوری باہر نکل جانے کا حکم دیا۔

    سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کراچی کے اہل نہیں ہیں، عدالت نے وزیراعلیٰ سندھ کو فوری طور پر دوسرا ایڈمنسٹریٹر تعینات کرنے کا حکم جاری کردیا۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کے بجائے سیاستدان کی طرح  ایکٹ کر رہے ہیں۔

  • بارش کے پیش نظر کراچی کی انتظامیہ متحرک ہے، مرتضی وہاب

    بارش کے پیش نظر کراچی کی انتظامیہ متحرک ہے، مرتضی وہاب

    کراچی : ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں متوقع طوفانی بارشوں کے پیش نظر تمام تر خدشات سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ متحرک ہے،

    اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضیٰ وہاب نے  ایک بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ کے ایم سی انتظامیہ نے شہر میں ضروری اقدامات کئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلدیہ کے تمام ادارے ٹریفک پولیس رین ایمرجنسی ڈیوٹی پر موجود ہے، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کابینہ ارکان کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں۔

    کراچی کے لیے جن وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ان میں مکیش چاولہ ساؤتھ ، سعید غنی ایسٹ ، تیمور تالپور کورنگی ، شہلا رضا سینٹرل ، ساجد جوکھیو ملیر، لیاقت آسکانی کیماڑی اور وقار مہدی ویسٹ شامل ہیں۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر کے نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے لئے واٹر پمپس لگا دئیے گئے ہیں، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہ آئیں۔

    ایڈمنسٹریٹرکراچی نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، شہری حکومت اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔