Tag: Musadik Malik

  • بھارت کی آبی جارحیت کے ثبوت ہمارے پاس ہیں، مصدق ملک

    بھارت کی آبی جارحیت کے ثبوت ہمارے پاس ہیں، مصدق ملک

    اسلام آباد : وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہمارے پاس بھارتی آبی جارحیت کے ثبوت موجود ہیں، اس نے کچھ پانی راجستھان کی نہر میں بھی چھوڑا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنگ کے بعد بھارت نے چھوٹے ڈیموں میں پانی روکا اور پھر چھوڑا۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے چھوٹے ڈیموں میں پانی چھوڑ کر فصل تباہ کرنے کی کوشش کرچکا ہے، بھارت میں اس بار بعض مقامات پر ساڑھے300فیصد زیادہ بارش ہوئی۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سرحد سے ملحقہ علاقوں میں ساڑھے600فیصد تک زیادہ بارش ہوئی، بھارت میں سیلابی ریلے نے ایک ڈیم کے4دروازے اڑا دیے۔

    بھارت نے کچھ پانی راجستھان کی نہر میں بھی چھوڑا ہے، تاہم اس وقت پانی کسی کے کنٹرول میں نہیں، پانی اس وقت ہمالیہ کے کنٹرول میں بھی نہیں تو بھارت کیا کرسکتا ہے،

    اس وقت سیلاب سے پاکستان سمیت بھارت میں بھی تباہی ہوئی ہے، بھارت کے پہلے طرح آبی جارحیت کے عزائم ہیں لیکن اس بار قدرتی آفت زیادہ ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سفر کے باوجود وزیر اعظم کی نظر سیلابی صورتحال پر ہے، روزانہ ہدایات دیتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں۔

    مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے پورا ملک یکجا ہوچکا ہے، وفاق صوبائی حکومتوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

  • کاربن کا 75 فی صد اخراج کرنے والے 10 ممالک ہی 85 فی صد گرین فنانس لے جا رہے ہیں، مصدق ملک

    کاربن کا 75 فی صد اخراج کرنے والے 10 ممالک ہی 85 فی صد گرین فنانس لے جا رہے ہیں، مصدق ملک

    اسلام آباد: وفاقی وزیر مصدق ملک نے عالمی سطح پر آنے والی موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کے شدید متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے وہ ممالک جو سب سے زیادہ کاربن اخراج کے لیے ذمہ دار ہیں، وہی ممالک گرین فنانس کا زیادہ تر حصہ لے جا رہے ہیں، جو نا انصافی ہے۔

    قدرتی آفات کے خطرے میں کمی لانے کے موضوع پر منعقدہ پاکستان کے دوسرے ایکسپو کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر موسمیات اور ماحولیات مصدق ملک نے کہا پاکستان میں گرمی بڑھتی جا رہی ہے، گلاف (برفانی جھیل میں آنے والے سیلاب) کے واقعات کی تعداد زیادہ ہو گئی ہے،قدرتی آفات آتی ہیں لیکن ہم تیار نہیں ہوتے۔

    انھوں نے اپیل کی ہے کہ آفات سے لوگوں کی اموات کے بارے میں سوچیں، سندھ کا بڑا حصہ سیلاب میں بہہ گیا، ہمیں ان سب مسائل کو ختم کرنا ہوگا۔


    پاکستان اور امریکا کا دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے عزم کا اظہار


    مصدق ملک نے کہا دنیا میں صرف 2 ممالک 45 فی صد کاربن کا اخراج کرتے ہیں، 1 ملک تمام ماحولیاتی معاہدوں سے نکل گیا ہے، اور یہ ملک دنیا میں اپنی اجارہ داری بنا کر بیٹھا ہے، یہ جتنی بھی آلودگی پھیلا لیں کوئی ان سے نہ پوچھے، جب کہ دنیا کے دیگر 10 ممالک 75 فی صد کاربن کا اخراج کرتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اس ساری صورت حال میں انصاف کا فقدان نظر آتا ہے، یہ وہی 10 ممالک ہیں جو 85 فی صد گرین فنانس لے جاتے ہیں، اس سب میں افریقی جنوبی ایشیائی ممالک کہاں ہیں؟ پاکستان گلوبل ولیج میں نظر نہیں آتا۔

    انھوں نے کہا چین دنیا کی 70 فی صد سولر ٹیکنالوجی بیچتا ہے، فن لینڈ نے جنگلات بچانے کے لیے اقدامات کیے، ایسے میں دنیا بھر کے لیے گرین پاکستان کے دروازے کھلے ہیں، ہمیں بھی پاکستان میں گرین جابز پیدا کرنا ہوں گی۔

     

  • پی ٹی آئی سے مزاکرات میں بانی کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا: مصدق ملک

    پی ٹی آئی سے مزاکرات میں بانی کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا: مصدق ملک

    لاہور: وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے مگر مذاکرات میں عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا۔

    وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر فوجداری نوعیت کے مقدمات ہیں، جرائم کا گفتگو و شنید سے کیا تعلق؟ مذاکرات معاشی، سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی بحالی کیلئے ہوں گے۔

     مصدق ملک نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پی ٹی آئی سے بات چیت میں میں بانی عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا، بات چیت ہوگی تو کوئی راستہ نکلےگا، اب آپ آئے ہیں تو سر آنکھوں پر، آئیں بیٹھ کر تعمیری بات کریں، ہماری دشمنی نہیں ہم سیاسی حریف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کو سیاسی تناؤ کی نذر نہ کریں، پی ٹی آئی سے مذاکرات خوش آئند ہیں، معیشت کی بات کریں ملک کو آگے بڑھانے کی بات کریں، ہم تو پہلے بھی آپ سے بات کیلئے تیار تھے، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سزائیں ہو رہی ہیں ٹرائل ہو رہے ہیں، شواہد سامنے آ گئے فرد جرم عائد ہو چکی ہے، 9 مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہورہی ہیں، واقعات کے شواہد پیش کردیے گئے کیوں کہ سزائیں ہورہی ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مجرمانہ سرگرمیوں کا مذاکرات سے کیا تعلق؟ کبھی ہم پریشان ہوتے ہیں 2018 میں کبھی وہ 2024 میں، آئیں کوئی حل نکالیں، سعد رفیق اور خرم دستگیر الیکشن ہار گئے لیکن دھاندلی کا رونا نہیں رویا، انہوں نے کہا الیکشن میں دھاندلی ہوئی، ہم نے کہا آپ آئیں حکومت بنائیں۔

    ’’ ہم نے کہا حکومت بنا کر خود دیکھیں کون سا فارم 45 یا 47 ہے تلاش کریں، امریکی قراردادیں ن لیگ یا پی پی کے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف پاس کروائی گئیں، 30 سال سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف مہم چلانے والے کو آپ نے لابسٹ ہائر کیا ‘‘

    وزیر پٹرولیم نے محکموں میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ے بجلی و پانی میں کرپشن ہوتی ہے اس کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

  • سستا پٹرول اسکیم : مصدق ملک کا اہم بیان آگیا

    سستا پٹرول اسکیم : مصدق ملک کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سستے پٹرول اسکیم پر آئی ایم ایف کے اعتراضات کی سمجھ نہیں آئی ، اسکیم کو ری شیپ کردیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے گیس قیمتوں کے نئے سلیبز کو سراہا ہے لیکن سستے پٹرول اسکیم پر آئی ایم ایف کے اعتراضات کی سمجھ نہیں آئی ، آئی ایم ایف کے اعتراضات پر سستا پٹرول اسکیم کو ری شیپ کردیں گے۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روسی تیل کو مکس کرکے استعمال کرنے کا تجربہ کیا جاچکا ہے، ریفائننگ میں دس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،چالیس سال میں دو ریفائنریاں بنائی گئیں۔

    ریفائننگ سیکٹر کے حوالے سے وزیر مملکت پیٹرولیم نے بتایا کہ ریفائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے کئی ممالک نے دلچسپی ظاہر کی ہے، نئی ریفائنری کی جگہ کوسپیشل اکنامک زون کا درجہ دیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ تین لاکھ بیرل صلاحیت سے بڑی اور کم والی ریفائنری کے لئے الگ الگ مراعات ہیں، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق اس سال کے آخر تک انرجی ایگریمنٹ مرتب کرنا ہے۔

    مصدق ملک نے کہا کہ نجی شعبے کو ایل پی ائیر مکس پلانٹ کی اجازت دے رہے ہیں، ایل پی جی ائیر مکس پلانٹس مسابقتی بنیادوں پر لگائے جائیں گے، موجودہ آئل ریفائنریوں میں بھی جدت لائی جارہی ہے۔

  • وزیر اعظم کا ریلیف پیکج:  موٹر سائیکل والوں کو ایک دن میں کتنا سستا پیٹرول ملے گا؟

    وزیر اعظم کا ریلیف پیکج: موٹر سائیکل والوں کو ایک دن میں کتنا سستا پیٹرول ملے گا؟

    اسلام آباد : وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل والوں کو ایک دن میں دو سے تین لیٹر سستا پٹرول ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم کے مجوزہ پیٹرول پیکچ پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا، آئی ایم ایف کواعتراض تب ہوگا جب ہم سبسڈی دیں گے، ہم کوئی سبسڈی نہیں دے رہے۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہے کہ سبسڈی نہیں دیں گے وزیراعظم کے پٹرول پیکچ پر سبسڈی زیرو ہوگی، جتنا غریب کیلئے پیٹرول سستا اتنا ہی امیر کیلئے مہنگا کریں گے۔

    وزیر مملکت نے بتایا کہ وزیر اعظم کے مجوزہ پٹرول ریلیف پیکج کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے فی لیٹر پر 50 روپے ریلیف کی تجویز ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ موٹر سائیکل 21 اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے ماہانہ پٹرول کی حد 30 لیٹر تجویز ہے، امیر اور غریب کے پٹرول میں 100 روپے فی لیٹر کا فرق ہوگا۔

    مصدق ملک نے بتایا کہ ہر 15روزبعدامیر اور غریب کے پٹرول کے فرق کا اعلان ہوگا، موٹرسائیکل کیلئے 24 گھنٹے میں 2 سے 3 لیٹر سستا پٹرول خریدنے کی اجازت ہوگی جبکہ چھوٹی گاڑیوں میں سستا پٹرول 24 گھنٹےمیں 5لیٹرڈالاجاسکے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سستے پٹرول کیلئے وزیراعظم نے چھ ہفتے کا وقت دیا ہے، یہ پروگرام غریب کیلئے ہے، ریلیف پیکج پر 6 ہفتوں میں عمل درآمد کرائیں گے۔

  • اگلی سردیوں کے لیے روس سے گیس کا معاہدہ کریں گے: مصدق ملک

    اسلام آباد: وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ مارچ کے مہینے میں روس کے ساتھ تیل کا معاہدہ طے پائے گا، اگلی سردیوں کے لیے بھی روس سے ایل این جی کا معاہدہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے روسی تیل کے حوالے سے کہا کہ مارچ میں تمام کمرشل ڈیلز پر دستخط ہو جائیں گے، اور پاکستان میں سستا تیل آنا شروع ہو جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ مستقبل میں اگلی سردیوں کے لیے بھی روس سے گیس کے لیے طویل المدتی معاہدے کریں گے۔

    مصدق ملک کا کہنا تھا کہ روس نے اپنی 2 کمپنیوں کو پاکستان سے معاہدہ کرنے کا کہا ہے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایس ایس جی سی اور پی ایس او کے ذریعے کم سے کم 20 ہزار ٹن ایل پی جی منگوائی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے ہفتے کے روز بھی کہا تھا کہ مارچ میں روس سے معاہدہ ہو جائے گا، جس کے بعد جلد از جلد خام تیل کی درآمد شروع ہو جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہم نے روس کے ساتھ تمام بنیادی چیزیں طے کر لی ہیں، روس کے ساتھ بینیفشل ٹرم پر معاہدہ ہوگا، اور روس پاکستان کو دوسرے ملکوں سے زیادہ رعایت پر تیل دے گا۔