Tag: Mushaal Hussein Mullick

  • یاسین ملک کی جیل میں بھوک ہڑتال: اہلیہ کی نریندر مودی کو وارننگ

    یاسین ملک کی جیل میں بھوک ہڑتال: اہلیہ کی نریندر مودی کو وارننگ

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط لکھتے ہوئے انہیں وارننگ دی ہے کہ اگر جیل میں یاسین ملک کو کچھ ہوا تو اس کی ذمے دار بھارتی حکومت ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط تحریر کیا ہے۔

    خط میں مشعال ملک نے لکھا ہے کہ میرے شوہر یاسین ملک اس وقت بھارتی جیل میں ہیں، یاسین ملک کے خلاف ٹرائل ناانصافی اور جمہوری نظام کے برعکس ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ مسلسل قید، تشدد اور ٹارچر کے باعث یاسین ملک کو کئی بیماریاں لاحق ہوچکی ہیں۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک نے متعدد بار عدالت میں پیش ہونے کی درخواست کی، بھارتی حکام نے یاسین ملک کی غیر موجودگی میں جرح کی، بظاہر لگتا ہے کہ یاسین ملک کے خلاف یکطرفہ ٹرائل کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے مودی کو وارننگ دی ہے کہ اگر جیل میں یاسین ملک کو کچھ ہوا تو اس کی ذمے دار بھارتی حکومت ہوگی۔

    خیال رہے کہ رواں برس مئی میں بھارتی عدالت نے حریت رہنما یاسین ملک کو دہشت گردوں کی فنڈنگ کے جھوٹے الزام میں 2 بار عمر قید اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

    یاسین ملک نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ کئی برسوں سے قید ہیں، سزا سنائے جانے کے بعد یاسین ملک نے جیل میں بھوک ہڑتال کردی ہے۔

  • بھارتی فوج نے کشمیری عزاداروں پر بھی تشدد کیا: مشعال ملک

    بھارتی فوج نے کشمیری عزاداروں پر بھی تشدد کیا: مشعال ملک

    سرینگر: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نہ صرف عزاداروں پر تشدد کیا بلکہ اپنے کالے کرتوت چھپانے کے لیے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عزاداروں پر بھارتی فوج نے تشدد کیا، دہشت گرد بھارتی فوج مذہبی رسومات میں بھی رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کا نظریہ مسلمان مخالف نظریہ ہے، کشمیری 73 سال سے باطل کے خلاف کھڑے ہیں۔ بھارتی فوج نے کالے کرتوت چھپانے کے لیے صحافیوں پر بھی تشدد کیا۔

    انہوں نے کہا کہ کربلا ہمیں ظلم اور جبر کے خلاف مذمت سکھاتی ہے، بھارتی حکومت نے کشمیر میں وردی میں دہشت گرد تعینات کر رکھے ہیں۔ بھارتی دہشت گرد فوج مذہبی تہوار میں بھی رکاوٹیں ڈالتی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے سنہ 1989 میں محرم کے جلوسوں پر پابندی عائد کی، حق اور باطل کی لڑائی میں جیت ہمیشہ حق کی ہوئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بھارت باطل ہے اور باطل کی شکست کربلا سے لکھی جا چکی ہے، ظلم، جبر اور بربریت کے باوجود کشمیری اپنے محاذ پر ڈٹے ہیں۔

  • ‘یاسین ملک سے شادی کرنا انقلابی قدم تھا’

    ‘یاسین ملک سے شادی کرنا انقلابی قدم تھا’

    اسلام آباد : حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ یاسین ملک سےشادی کرناانقلابی قدم تھااور ان کے ساتھ زندگی گزارناآسان نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے بیان میں کہا یاسین ملک سےاسی جگہ پرپہلی بار آٹو گراف لیا تھا، یاسین ملک سے شادی کرناانقلابی قدم تھا، پہلی بار سری نگرگئی توچیخناشروع کردیا، یاسین ملک نےکہا بہت خوبصورت جگہ ہےمگردردسےبھری ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ یاسین ملک کے ساتھ زندگی گزارناآسان نہیں، وہ آدھاوقت جیل،آدھا وقت لوگوں میں رہتے ہیں، ان کی بیوی ہونےکی وجہ سےجیل میں تلاشی لی جاتی تھی، میری بیٹی کی عجیب طرح سے تلاشی لی جاتی رہی۔

    حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ پاکستانی ہونےکی وجہ سے کشمیر کی جیل میں براسلوک ہوتارہا، میری بچی کےبال نوچے جاتےرہے،دودھ پھینکا جاتا رہا، سری نگر میں اپنے آپ کو بہت بے بس محسوس کیا، کشمیرمیں کالج اورگھروں کے باہر بھارتی  فوج ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ میری ماں نےکہاکہ تم کشمیرکی آواز بنو، باہر نکلو اور بھارت کا اصل چہرہ دنیاکودکھاؤ۔

    مزید پڑھیں : کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مشعال ملک

    یاد رہے لاہور میں مشعال ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو تو ہوتا رہتا تھا اب تو ظلم  کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کرایا جائے، پاکستان کا سب سے بڑا ایشو کشمیر ہے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں، کشمیری حریت رہنماؤں کو سیولین ایوارڈز دیے جائیں، شاہراؤں کے نام کشمیریوں کے نام پر رکھے جائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں ایک طرف اسلحہ بردارافواج اور دوسری طرف نہتےعوام ہیں، مشعال ملک

    مقبوضہ کشمیرمیں ایک طرف اسلحہ بردارافواج اور دوسری طرف نہتےعوام ہیں، مشعال ملک

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کریک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ کشمیرمیں کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اے آروائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ساری توجہ سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے پر ہونی چاہیے۔

    مشعال ملک نے کہا کہ مسئلہ کشمیرسے متعلق مقدمہ پہلے ہی سلامتی کونسل میں موجود ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ایک طرف اسلحہ بردار افواج اوردوسری طرف نہتےعوام ہیں، نہتےعوام نے اسلحہ بردار افواج کا مقابلہ اب تک بڑی بہادری سے کیا ہے۔

    مشعال ملک نے کہا کہ عالمی دنیا سے پوچھنا ہے کہ ان کا نوٹس لینے کے لیے کشمیریوں کوکتنا خون بہانا پڑے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کریک ڈاؤن کے باعث مقبوضہ کشمیرمیں کسی سے کوئی رابطہ نہیں ہوپا رہا، جو اطلاعات مل رہی ہیں ان کے مطابق لوگوں کو باہر نکلنے نہیں دیا جا رہا۔

    مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی طبیعت بہت خراب ہے انہیں ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، ان کی جان کوخطرہ ہے، ہمارا مطالبہ ہے انہیں فوری اسپتال منتقل کیا جائے۔

    واضح رہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے، شہریوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

  • آرٹیکل 370 کا خاتمہ جنگی جرم ہے،مشعال ملک کا معاملے کو اقوام متحدہ میں لے جانے کا مطالبہ

    آرٹیکل 370 کا خاتمہ جنگی جرم ہے،مشعال ملک کا معاملے کو اقوام متحدہ میں لے جانے کا مطالبہ

    اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ بھارت دنیا کا مافیا اورقبضہ گروپ ہے، آرٹیکل 370 کا خاتمہ جنگی جرم ہے ، معاملے کو اقوام متحدہ میں لے جایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیرکی تحریک میں آج سیاہ ترین دن ہے، مقبوضہ کشمیرکی جداگانہ حیثیت بھی ختم کردی گئی۔

    مشعال ملک نے کہا کہ بھارت دنیا کا مافیا اور قبضہ گروپ ہے جس نے کوئی قانون نہیں مانا، بھارت نے آج تک کشمیریوں کا خون چوسا ہے۔ مقبوضہ کشمیرسے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، کوئی بھی غیرمقامی قانون مقبوضہ کشمیرمیں زمین نہیں لے سکتا۔

    آرٹیکل 370 کیا تھا؟ مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو کیا نقصان ہوگا؟

    حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجی نفری بڑھا رہا ہے، مسئلے کو فوری طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل لے جایا جائے۔

    مشعال ملک  کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنی فوجی نفری بڑھا رہا ہے، جنگی ہیلی کاپٹروں سے مقبوضہ کشمیرمیں نگرانی کی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 1947 میں بھارت نے ہزاروں کشمیریوں کوقتل کیا، وہی گیم پلان اب پھرسے دہرایا جا رہا ہے۔

    بھارت نےمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی

    یاد رہے کہ آج بھارت نے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی ، بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط بھی کردیے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پربھارتی پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا تھا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔

    بھارتی وزیرداخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا،بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کرکے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔