Tag: mushtaq ghani

  • اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی بھی کورونا وائرس  میں مبتلا

    اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی بھی کورونا وائرس میں مبتلا

    پشاور: اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی بھی کورونا وائرس میں مبتلاہوگئے، جس پر انھوں نے خود کو اپنی رہائش گاہ میں قرطینہ کرلیا ہے جبکہ ان کی بیٹی اور داماد میں بھی کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر خیبر پختونخواہ اسمبلی مشتاق غنی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی، جس کے بعد مشتاق غنی نے خود کو اپنی رہائش گاہ میں قرطینہ کر دیا گیا۔

    انچارج کورونا سیل کے مطابق مشتاق غنی کی بیٹی کرن اور داماد واصف میں بھی کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے، مشتاق غنی میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسپیکر بجٹ اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

    خیال رہے پی ٹی آئی کے ایم این اے ڈاکٹررمیش کمار، فرخ حبیب کورونا وائرس کی زد میں آچکے ہیں جبکہ ن لیگ کے سردارایازصادق، شہبازشریف ، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال کورونا وائرس کا شکار ہیں۔

    ایم کیوایم پاکستان کےرکن قومی اسمبلی اسامہ قادری اور خواجہ اظہارالحسن بھی کوروبا وائرس میں مبتلا ہیں جبکہ سینیٹ کے اراکین سینیٹر عطا الرحمان، سینیٹر فدا محمد، مرزا آفریدی اور ثنا جمالی کا بھی کورونا مثبت آیا۔

  • مصباح کی موت کینو کھانے کی وجہ سے ہوئی، مشتاق غنی

    مصباح کی موت کینو کھانے کی وجہ سے ہوئی، مشتاق غنی

    کراچی: تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی اور خیبرپختونخواہ کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی نے کہا ہے کہ بھائی کے گھر میں جاں بحق ہونے والی بچی ملازمہ نہیں تھی بلکہ وہ فیملی کا حصہ تھی، مصباح کی موت کینو کھانے کی وجہ سے ہوئی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ بھائی کے گھر پر کام کرنے والی بچی ملازمہ نہیں تھی بلکہ مصباح اور اُس کے اہل خانہ کے اخراجات میرا بھائی خود اپنی جیب سے ادا کرتا تھا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’بچی نے 27 سپارے بھائی کے گھر میں ہی پڑھے تھے، اُس کی موت کینو کھانے کے دوران طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ہوئی مگر افسوسناک واقعے کو میری وجہ سے سیاست کی نظر کیا گیا‘۔

    وزیر ہائیر ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ ’مصباح جب کینو کھا رہی تھی تو اس دوران بیچ اُسکی سانس کی نالی میں پھنس گیا تھا، بچی اپنے گھر جاکر سوئی جس کے بعد اُس کی اچانک طبیعت خراب ہوئی اور پھر وہ اسپتال پہنچنے تک جانبر نہ ہوسکی‘۔

    مشتاق غنی کا کہنا تھا کہ ’ڈی آئی جی ہزارہ نے ابتدائی میڈیکل رپورٹ جاری کردی جس میں یہ بات سامنے آئی کہ اُس کی سانس کی نالی میں کچھ پھنسا تھا جو موت کا سبب بنا‘۔

    تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’بچی کی موت پر فیکس فائنڈنگ کمیٹی بنادی ہے جس نے لواحقین سے پوچھ گچھ بھی کی، والدین نے اب تک کوئی مقدمہ درج نہیں کروایا، متاثرہ خاندان کو ماہانہ وظیفہ دیے جانے کی خبریں بے بنیاد ہیں‘۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مشتاق غنی کے بھائی کے گھر کام کرنے والی ملازمہ اچانک سے انتقال کرگئی تھی جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ مقتولہ پر تشدد کیا گیا ہے۔


     

  • پشاور ڈوبنے کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے غلطیوں کا اعتراف کرلیا

    پشاور ڈوبنے کے بعد تحریک انصاف کی حکومت نے غلطیوں کا اعتراف کرلیا

    پشاور: پشاور ڈوبنے کے بعد تحریکِ انصاف کی حکومت نےغلطیوں کا اعتراف کرلیا، آئندہ بہتر منصوبہ بندی کا وعدہ کرلیا۔

    پشاور کے بڈھنی نالے نے نصف شہر کو ڈبا دیا، صوبائی وزیرِاطلاعات مشتاق غنی متاثرہ علاقوں میں پہنچے تو حالت زار اپنی آنکھوں سے دیکھی تو نااہلی کا اعتراف کرنا ہی پڑا۔

    مشتاق غنی اداروں کے انتظامات سے نالاں نظرآئے اور کہا کہ وزیراعلٰی سے شکایت کریں گے۔

      تحریک انصاف کی رہنما عائشہ گلالئی نے بھی اعتراف کیا کہ صوبائی حکومت پہلے سے تیار نہیں تھی، خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت دو سال سے قائم ہے، دو سال بعد بھی حکومت کو نوٹس لینے کا ہی خیال آیا۔

  • کنٹونمنٹ انتخابات : پی ٹی آئی کے وزیر نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادیں

    کنٹونمنٹ انتخابات : پی ٹی آئی کے وزیر نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادیں

    ایبٹ آباد : کنٹو نمنٹ انتخابات ایبٹ آباد میں وزیر اطلاعات خیبر پختو نخواہ مشتاق احمد غنی نے الیکشن کمیشن کے جاری ضابطہ کی دھجیا ں بکھیردیں۔

    مشتاق احمد غنی  نے کنٹو نمنٹ بورڈ کی حدودمیں پانی کے ٹیوب ویل کا افتتاح کر ڈالا، تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات  خیبر پختونخواہ کی جانب سے الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی۔

    وزیراطلاعات پی ٹی آئی کے قافلہ کی صورت میں جلسہ گاہ کے قریب پہنچے۔کنٹو نمنٹ ایبٹ آباد کی حدود میں الیکشن سے ٹھیک دو دن قبل وزیر اطلاعات خیبر پختو نخواہ مشتاق احمد غنی نے اسی حدود میں جاکر نا مکمل ٹیوب ویل کا افتتاح کر ڈالا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیردیں، وزیر اطلاعات نےالیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

    وزیر اطلاعات پی ٹی آئی کے قافلہ کی صورت میں جلسہ گاہ کے قریب گئے تاہم میڈیا کو وہاں پا کر مختصر گفتگو کر کے راہ فرار اختیار کرلی۔