Tag: muslims

  • امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    امریکا میں اسلام مخالف دہشت گردانہ حملے کے منصوبہ سازوں کو قید

    واشنگٹن:امریکا میں گھریلو ساختہ بم کے ذریعے مسلمان شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو افراد کو سزائے قید سنا دی گئی۔ جج نے دونوں مجرموں کو امریکی جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیس سالہ برائن کولانیری اور انیس سالہ اینڈریو کریسل نامی دونوں شدت پسندوں کو نیویارک کی مسلم کمیونٹی کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے الزام میں چار اور بارہ برس قید کی سزا سنائی گئی،دونوں افراد نے جون کے مہینے میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے جرم کا اعتراف کیا تھا۔

    مونرو کاؤنٹی کی عدالت کے جج سیموئل ویلیریانی نے سزا سناتے وقت مجرموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارا دہشت گردانہ منصوبہ صرف اس کا شکار بننے والوں کی طرز زندگی کے خلاف ایک بیہمانہ دھمکی نہیں تھا بلکہ یہ ہمارے جمہوری معاشرے کے تمام افراد کے لیے خطرہ تھا،دونوں مجرموں نے جج کے سامنے اپنے جرم پر ندامت کا اظہار کیا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق کولانیری نے کہاکہ میں کبھی بھی اس حد تک نہیں جانا چاہتا تھا،ان دونوں اور دو دیگر افراد پر اسلام برگ میں دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا، اسلام برگ نیویارک کے نواحی قصبے ٹومپکنز کی دیہاتی مسلم کمیونٹی ہے۔

    امریکی سکیورٹی حکام نے ان افراد کو رواں برس جنوری میں گرفتار کیا تھا اور ان کے قبضے سے تئیس آٹومیٹک بندوقوں کے علاوہ تین گھریلو ساختہ بم بھی برآمد ہوئے تھے۔

    دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے حوالے سے پولیس کو عام شہریوں نے اطلاع دی تھی۔ مقامی کمیونٹی کو ان کے رویوں کے بارے میں شبہ ہوا تھا۔

    ابتدائی معلومات ملنے کے بعد تفتیش کاروں نے گزشتہ برس کے اختتام تک انہیں نظر میں رکھا ہوا تھا لیکن ایک نوجوان نے پولیس کو بتایا کہ اس نے لنچ کے دوران ان لوگوں کی کچھ گفتگو سنی جس میں وہ حملے کے منصوبے پر آپس میں بات چیت کر رہے تھے۔

    جس کے بعد ان چاروں کی گرفتاری ممکن ہوئی،مجرموں کو سزا سنائی گئی تو اسلام برگ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد بھی عدالت میں موجود تھے۔

    ایک مقامی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اسی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون طاہرہ کلارک نے بتایا کہ اس منصوبے کا علم ہونے کے بعد سے علاقے کے لوگوں کی زندگیاں معمول کے مطابق نہیں رہیں۔

    دہشت گردی کے تیسرے منصوبہ ساز بیس سالہ وینسنٹ ویٹرومائل بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم کا اقرار کر چکا ہے اور اس کے بارے میں فیصلہ ممکنہ طور پر انتیس اگست کے روز سنایا جائے گا۔

    چوتھے مجرم کی عمر سولہ برس ہے اور اسے دہشت گردی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں سات برس قید کی سزا سنائی جا چکی ہے جس میں سے پہلے دو برس وہ کم عمروں کی جیل میں گزارے گا۔

  • سماجی رہنماؤں کا میانمار فوجیوں کے خلاف امریکی اقدامات کا خیرمقدم

    سماجی رہنماؤں کا میانمار فوجیوں کے خلاف امریکی اقدامات کا خیرمقدم

    ڈھاکا: سماجی رہنماؤں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے فوجیوں کے خلاف امریکی اقدامات کا خیرمقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے میانمار فوج کے سربراہ سمیت تین عسکری عہدیداروں پر پابندی عاید کی ہے جس پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے فیصلے کو سراہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روہنگا مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے کسی فوجی کے خلاف میانمار میں کوئی کارروائی نہیں کی گئی، اس تناظر میں امریکی فیصلہ اہم ہے۔

    ادھر میانمار کی روہنگیا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی ایک سماجی کارکن وائی وائی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے میانمار کی اعلیٰ عسکری قیادت پر پابندیاں خوش آئند ہیں مگر ابھی رہنگیا مسلمانوں کو مزید مدد کی ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میانمار میں کئی دہائیوں سے جاری آمرانہ فوجی ادوار کے محاسبے کی سخت ضرورت ہے، میانمار میں موجود بہت سے افراد امریکا کی جانب سے جرنیلوں پر پابندی کے فیصلے کو سراہتے ہیں مگر ہمارا یہ ماننا ہے کہ اس پہلے قدم کے مزید پختہ اور ٹھوس اقدام کی ضرورت ہے۔

    روہنگیا نسل کشی، میانمار کے فوجی سربراہ پر پابندی عاید کردی گئی

    سماجی کارکن نے مزید کہا کہ میرا ماننا ہے کہ برما میں معاملات کے حل کے لئے جرائم ملوث افراد کو کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئیے ہے اور اقلیتوں کے خلاف نسلی اور مذہبی تعصب کو یکسر ختم کر دینا چاہئیے ہے۔

  • امریکی صدرٹرمپ اورخاتون اول میلانیا کی مسلمانوں کو عید پرمبارکباد

    امریکی صدرٹرمپ اورخاتون اول میلانیا کی مسلمانوں کو عید پرمبارکباد

    واشنگٹن : امریکی صدرٹرمپ اورخاتون اول میلانیا نے مسلمانوں کوعید الفطر پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا عید کاموقع مسلمانوں کا خدا سے تعلق مضبوط کرتا ہے ، مختلف کمیونیٹزکے درمیان،محبت،رواداری کے لئے دعا گوہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات سمیت کئی ملکوں میں عید الفطر جوش وخروش سے منائی جارہی ہے ، عید الفطر کے موقع پر عالمی رہنماوں کی جانب سے مسلمانوں کو مبارکباد کے خصوصی پیغامات پیش کئے جارہے ہیں ،

    امریکی صدر ٹرمپ اور انکی اہلیہ کی جانب سے عیدالفطر پر مسلمانوں کو مبارکباد کا پیغام دیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ عید الفطر کا دن زندگیوں میں خوشیاں ، امن لے کر آئے گا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا عید کا موقع دنیا بھرکے مسلمانوں میں غریبوں کی مدد کا جذبہ ابھارتاہے اور مسلمانوں کاخداسے تعلق مضبوط کرتا ہے، مختلف کمیونیٹزکے درمیان،محبت،رواداری کے لئے دعا گوہیں۔

    خیال رہے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالفطرمنائی جارہی ہے۔ مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں بھی نمازعید کا عظیم الشان اجتماع ہوا۔

    امریکا،یورپ ،افریقی ممالک سمیت جاپان اورملائیشیامیں بھی آج عید منائی جارہی ہے، تاہم انڈونیشیا،تھائی لینڈ،آسٹریلیااورایشیاکےکئی ممالک میں شوال کاچاندنظرنہیں آیا۔

  • روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکار سزا پوری کیے بغیر رہا

    روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکار سزا پوری کیے بغیر رہا

    ینگون: میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث سات فوجی اہلکاروں کو سزا پوری کیے بغیر ہی جیل سے رہا کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ برس نومبر میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام میں ملوث میانمار فوج کے 7 اہلکاروں کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم انہیں سزا پوری کیے بغیر ہی چند ماہ بعد جیل سے رہا کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں نے 2017ء میں میانمار کے گاﺅں دِن اِن میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کے دوران 10 بے گناہ اور معصوم دیہاتیوں کو محض مسلمان ہونے کی بناء پر بے دردی سے قتل کیا تھا اور ان کے گھروں کو آگ لگا دی تھی۔

    ان اہلکاروں کی ظلم کی داستان کو دنیا کے سامنے لانے والے برطانوی خبر رساں ادارے کے صحافیوں کیاو سوئے اور والون کو جھوٹے مقدمات میں گرفتار کرلیا گیا تھا اور سات سات سیل قید کی سزا سنائی گئی تھی تاہم 521 دن قید میں رہنے کے بعد حال ہی میں عالمی دباو پر صحافیوں کو رہا کیا گیا تھا۔

    ایک جیل حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر میڈیا کو بتایا کہ 10 روہنگیا مسلمانوں کے قتل میں ملوث 7 فوجی اہلکاروں کو 10 سال قید کی سزا کو فوج کی جانب سے گھٹا کر 2 ماہ کردیا گیا ہے اس لیے ان اہلکاروں کو فوری طور پر رہا کیا گیا۔

    روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کو بے نقاب کرنے والے روئٹرز کے دونوں صحافیوں کو رہائی مل گئی

    یاد رہے کہ 2017 اگست میں برما کی ریاست رکھائن میں ملٹری آپریشن کے نام پر برمی فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی تھی جس کے باعث مجبوراً لاکھوں روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش ہجرت کر گئے تھے۔

  • ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    ملک بھر میں آج سے معتکفین ربّ العالمین کی خوش نودی کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے

    کراچی : آج ملک بھر کی مساجد میں لوگ رضائے الہی حاصل کرنے کے لیے اعتکاف میں بیٹھیں گے، مساجد میں معتکفین کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، یہ عبادت جہاں روح کی پاکیزگی کا باعث ہے وہیں خوش نصیبوں کو لیلتہ القدر بھی مل جاتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام کیساتھ پاکستان بھر کی مساجد میں آج بعد نماز عصر لاکھوں اہل ایمان اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے اور شوال کا چاند نظرآنے تک مساجد میں قیام کریں گے، یہ عبادت فرض کفایہ کا درجہ رکھتی ہے، جو کسی بھی آبادی میں ایک فرد کے کرنے سے پورے محلہ کا فرض ادا ہوجاتا ہے۔

    اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنیٰ خود کو روک لینے یا ٹھہر جانے کے ہیں جبکہ شریعت کی رو سے اعتکاف رمضان المبارک کے آخری عشرے میں مسجد میں قیام کرنے کو کہا جاتا ہے۔

    شہر قائد سمیت ملک بھر میں آج سے لاکھوں مسلمان اعتکاف بیٹھیں گے جبکہ ساتھ ساتھ انتظامیہ کی جانب سے اعتکاف بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کیے جائیں گے۔

    اعتکاف بیٹھنے والے خوش نصیبوں کےلیے عموماً مساجد کی انتظامیہ اور مخیّر حضرات سحری و افطاری کا انتظام کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ اہل خانہ بھی معتکفین کےلیے سحری و افطاری کا بندوبست کرتے ہیں۔

    معتکفین ماہ مبارک رمضان کے آخری عشرے کی طاق رات میں خالق کائنات کے حضور اپنی مناجات و حاجات پیش کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوگا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف میں شرکت کریں گے۔

    محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

    شہر قائد میں اعتکاف کے بڑے بڑے اجتماعات نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، جناح مسجد برنس روڈ، رحمانیہ مسجد طارق روڈ، گلزار حبیب سولجر بازار، جامع مسجد کنزالایمان گرومندر، بہار شریعت مسجد بہادرآباد، جامع مسجد آرام باغ اور جامع مسجد بنوری ٹاؤن سمیت دیگر شامل ہیں۔

  • سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    سعودی عرب میں اذان اور تلاوت قرآن کے عالمی مقابلے کا اعلان

    ریاض : حکام کی جانب سے حسن تلاوت قرآن کریم کے عالمی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے خوش نصیبوں میں 12 ملین ریال کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام اذان اور حُسنِ تِلاوت قرآن کریم کے بین الاقوامی مقابلے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس مقابلے میں پوری مُسلم دنیا کے موذن اور قراءحضرات شرکت کرسکتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مقابلہ جیتنے والے خوش نصیبوں میں ایک کروڑ 20 لاکھ ریال کے نقد انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

    امریکی کرنسی میں انعامی رقم کی مالیت 32 لاکھ ڈالرسےزیادہ ہے۔ خیال رہے کہ سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی طرف سے رواں سال جنوری میں اس مقابلے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    عرب ٹی وی کے مطابق تفریحی ادارے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے حسن تلاوت و اذان مقابلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پوری دنیا میں تلاوت کلام پاک کے کلچر کوعام کرنا ہے کیونکہ قرآن پاک اپنے صوتی حسن، اپنے معنوی اور روحانی اثرات اور سامع پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے اپنی امتیازی خصوصیت رکھتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے انعقاد سےعالمی سطح پر قرآن پاک، علوم قرآن اور اس کتاب اللہ کی رشد وہدایت پرمبنی تعلیمات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق مقابلے میں پہلا انعام حاصل کرنے والے خوش نصیب کو 50 لاکھ ریال، دوسرے کو 20 لاکھ اور تیسرے کو 10 لاکھ ریال کی رقم جب کہ چوتھے نمبر پر آنے والے کو پانچ لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائےگی۔

    تلاوت کلام پاک کے ساتھ ساتھ اذان کے مقابلے کا مقصد دُنیا بھر میں اذان کی اہمیت اور حرم نبوی الشریف میں میں بلند ہونے والی اذان کی آواز کو دور دور تک پہنچانا ہے۔

    اذان کے مقابلے میں پہلے پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20 لاکھ ریال، دوسرے کو 10 لاکھ، تیسرے کو نصف ملین اور چوتھے درجے پرآنے والے موذن کو اڑھائی لاکھ ریال کی رقم بہ طور انعام دی جائے گی۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ تلاوت قرآن اور اذان کے عالمی مقابلے میں حصہ لینے کے لیے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔ دلچسپی رکھنے والے قراءحضرات (قرآن احسن ایوارڈ) پر اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

  • عام انتخابات، مسلمانوں پر تنقید کرنے والے سیاستدان کو عوام نے مسترد کردیا

    عام انتخابات، مسلمانوں پر تنقید کرنے والے سیاستدان کو عوام نے مسترد کردیا

    سڈنی : سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے سیاست دان و اس کی جماعت کو آسٹریلوی عوام نے مسترد کردیا، فریزر ایننگ کی جماعت کلین سویپ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں مساجد پر حملہ ہوا تو آسٹریلوی سیاست دان فریزر ایننگ نے مسلمانوں کو کڑی تنقیدکا نشانہ بنایا اور اس حملے کا ذمہ دار مسلمانوں ہی کو قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اب اس نے اپنی دریدہ دہنی کی کڑی سزا پالی ہے کہ آسٹریلوی انتخابات میں وہ خود تو کیا، اس کی پارٹی ہی کلین سویپ ہو گئی ہے اور ایوان بالا یا ایوان زیریں میں ایک بھی نشست نہیں جیت پائی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فریزر ایننگ جہاں سے آیا تھا وہیں واپس چلا گیا، اب وہ پارلیمنٹ میں نہیں ہو گا۔

    لبرل پارٹی کے ایم پی ٹرینٹ زیمرمین کا کہنا تھا کہ فریزر اور اس کی پارٹی کا کلین سویپ ہو جانا اس انتخابات کا سب سے بڑا نتیجہ ہے۔

    واضح رہے کہ مسلمانوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد ایک نوجوان نے بھی اس کے سر پر انڈا پھوڑ دیا تھا۔ اس 17سالہ نوجوان کا نام ’وِل کونیلی‘ تھا۔

  • سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    سری لنکا دہشت گردی، جرمن مسلمانوں کا اظہار یکجہتی کے لیے ملکی دورہ

    کولمبو: سری لنکا میں دہشت گردانہ حملوں کے بعد مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے جرمن مسلمانوں کی مرکزی کونسل آج سری لنکا کا دورہ کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن مسلمانوں کی مرکزی کونسل اظہار یکجہتی کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گا، اس دوران مسیحی، مسلم اور بدھ مت کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گی۔

    سری لنکا کے گرجا گھروں اور ہوٹلوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے دو ہفتے بعد جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی کونسل کے سرکردہ اراکین اس ملک کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ سری لنکن عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی میں مسلمانوں کی مرکزی تنظیم (زیڈ ایم ڈی) کے جنرل سیکریٹری عبدالصمد الیزیدی، ماہر علوم اسلامی عبدالمالک حبوئی اور زیڈ ایم ڈی کی علماء کونسل کے متعدد اراکین سری لنکا میں آئندہ جمعے تک سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ مسیحی، مسلم اور بدھ مت کمیونٹی کے اراکین سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

    سری لنکا میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کے بعد حالات آہستہ آہستہ معمول پر آرہے ہیں، جبکہ ملک بھر میں گرجا گھروں کو بھی کھول دیا گیا ہے، البتہ سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے۔

    خیال رہے کہ سری لنکن آرمی چیف کا برطانوی خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ حملے میں ملوث ملزمان بھارت کا دورہ کرچکے تھے، وہ بھارت کے زیرتسلط کشمیر، بنگلور اور ریاست کیرالا بھی گئے تھے۔

    سری لنکا دہشت گردی، دو ہفتے بعد بھی حالات معمول پر نہ آسکے

    سری لنکا میں ایسٹر کے روز ہلاکت خیز دھماکوں کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے نمٹنے کی کوششوں میں خواتین کے برقعہ پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

  • رمضان المبارک، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی مسلمانوں کو مبارک باد

    رمضان المبارک، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی مسلمانوں کو مبارک باد

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے بھی رمضان المبارک کی مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، میلانیا ٹرمپ اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت عالمی رہنماؤں نے امت مسلمہ کو رمضان کی مبارک باد پیش کرچکے ہیں۔

    پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ عبادتوں اور روحانی غوروفکر کا موقع دیتا ہے۔

    ان کا کہنا تھاکہ امریکا میں تیس لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں، جو امریکا کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

    قبل ازیں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ویڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی۔

    دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پوری دنیا بالخصوص امریکا کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کا نزول ہوا اور اس ماہ مسلمان روزوں کا اہتمام کرتے ہیں۔

    کینیڈین وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں کی امت مسلمہ کو رمضان کی مبارک باد

    خیال رہے کہ پاکستان میں مسلمانوں نے آج پہلے روزے کی سحری کی، جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں نے گذشتہ روز پہلا روزہ رکھا۔

  • جرمنی میں مسجد کی انتظامیہ کو مسلسل دھمکیاں، گولی بھی ارسال

    جرمنی میں مسجد کی انتظامیہ کو مسلسل دھمکیاں، گولی بھی ارسال

    برلن: جرمن میں مذہبی نسل پرستوں نے ایک بار پھر مسلمانوں کے خلاف منافرت کا پرچار شروع کردیا، مسجد کی انتظامیہ کو مسلسل دھمکی آمیز خطوط بھیجے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن میں غازی عثمان پاشا مسجد کو مسلسل دھمکی آمیز خطوط موصول ہونے لگے، ایک خط کے ساتھ اصلی گولی بھی بھیجی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد کی انجمن کے صدر علی شینیل نے میڈیا کو بتایا کہ دھمکیوں کے حوالے سے پولیس کو آگاہ کردیا ہے۔

    گزشتہ 3 ہفتوں سے دھمکی آمیز خطوط مل رہے ہیں، پولیس کی تفتیش سے مطمئن ہیں، مسجد کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    مسجد کے صدر نے کہا کہ دھمکیوں کی وجہ سے رمضان میں دعوت افطار کی منسوخی کے بارے میں غور کر رہے ہیں تاہم اس کا فیصلہ مسجد کی کمیٹی کے ارکان سے مشاورت سے کریں گے۔

    واضح رہے کہ رواں برس نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر انتہا پسند سفید فام نے جدید اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں 51 نمازی شہید اور 38 زخمی ہوگئے تھے۔

    جرمنی میں اس سے قبل بھی مسلمانوں پر حملوں کے واقعات روہنما ہوچکے ہیں، جبکہ مسلم تارکین وطن کے خلاف نسل پرست کھلے عام نفرت کا اظہار کرتے ہیں۔

    جرمنی: مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب میں اضافہ

    گذشتہ سال منظر عام پر آنے والی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ جرمنی میں ہونے والے جرائم میں زیادہ تر تارکین وطن ملوث ہوتے ہیں۔