Tag: Mustafa kamal

  • اے پی ایم ایل کی آسیہ اسحاق 16ساتھیوں سمیت پی ایس پی میں شامل

    اے پی ایم ایل کی آسیہ اسحاق 16ساتھیوں سمیت پی ایس پی میں شامل

    کراچی : آل پاکستان مسلم لیگ کی آسیہ اسحاق نے ساتھیوں سمیت پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، مصطفیٰ کمال کا کہنا ہےکہ کراچی میں اپنا مرکزی دفتراسی ہفتےکھول لیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی پارٹی آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سابق صدر پرویز مشرف کی ترجمان آسیہ اسحاق اپنے سولہ ساتھیوں سمیت مصطفیٰ کمال کے کیمپ میں چلی گئیں۔

    اس بات کا اعلان انہوں نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، مصطفیٰ کمال نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے پرآسیہ اسحاق اور ان کے ساتھیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کراچی میں رواں ہفتے مرکزی دفتر کھولنے کا بھی اعلان کردیا۔


    APML's Asia Ishaq joins Pak Sarzameen Party by arynews

    پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اب ایسا بھی نہیں ہے کہ ان کی جماعت کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جنہیں وہ اپنی جماعت میں جگہ نہیں دے سکتے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار پہلے یہ بتائیں کہ وہ را کے ایجنٹ ہیں یا نہیں ۔ انہوں نے کہا  کہ وہ ایم کیو ایم کے بھٹکے ہوئے لوگوں کے لیے عام معافی کی بات کرتے ہیں اور ان کو بہکانے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    پی ایس پی میں شامل ہونے والی اے پی ایم ایل کی آسیہ اسحاق کا کہنا تھا کہ ہم ملک و قوم کی ترقی کیلئے مصطفیٰ کمال کےشانہ بشانہ کھڑےہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کی پی ایس پی میں شمولیت کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کو علم ہے۔ پاک سرزمین پارٹی میں شاملہونے والوں میں آل پاکستان مسلم لیگ کے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اورسندھ کے قائدین بھی شامل ہیں۔

     

  • قائد ایم کیوایم 22سال سے ”را“ کیلئے کام کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    قائد ایم کیوایم 22سال سے ”را“ کیلئے کام کر رہے ہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد پر پھر سے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ را سے رقم کراچی کی بھلائی کے لئے نہیں بلکہ شہر کی تباہی کے لئے لیتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے پہلے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ میں سچ بتا رہا ہوں کہ قائد ایم کیوایم 22سال سے ”را“ کیلئے کام کر رہے ہیں۔

    کراچی کے مقامی ہوٹل میں پاک سرزمین پارٹی کے پہلے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی سمیت صوبے بھر سے خواتین بچوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    کنونشن سے خطاب میں مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ متحدہ کے پاس پچاسی فیصد مینڈیٹ اس لیے تھا کہ کوئی اس کو چیلنج کرنے والا کوئی نہیں تھا.

    قائد ایم کیو ایم کے پاسپورٹ کے لئے کارکنوں کو سڑکوں پر لایا گیا لیکن کسی عوامی مسئلے پر ایسا نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ شہر کو بربادی سے بچانے اور عوام میں خوشحالی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی ایک شہر کی نہیں پورے ملک کی جنگ لڑ رہے ہیں شہروں سے قبضہ ختم کرانا ہوگا اور لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جانا چاہئیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کو سیدھی راہ پر چلنے کے لیے ایک موقع دیا جائے

    انہوں نے کہا کہ حکومت سب حقیقت جاننے کے باوجود برائی روکنے کو کیوں تیار نہیں؟  قائد ایم کیوایم کے جرائم کی لسٹ حکومت کو سوٹ کرتی ہے۔

    صوبے کے نام پر مہاجر قوم کو ورغلا کر بے وقوف بنایا جارہا ہے سندھ میں اردو بولنے والوں کو سندھیوں سے لڑا کر اپنی سیاست کو چمکا کر اپنے گناہ چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو اقتدارکوطول دینے کیلئے ایسے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے، جنہیں مرضی کے مطابق استعمال کیا جائے، اپنے مفادات کیلئے حکومت ایم کیو ایم کے خلاف حتمی فیصلہ نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میں سچ بولتا ہوں توقائد ایم کیو ایم برے دکھتے ہیں، اور سچ بولوں گا تو وہ اوربرے دکھیں گے۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ اب اس قافلے کو کوئی نہیں روک سکتا، پتھر اور ٹماٹر کھانے کے باوجود کوئی ردعمل نہیں دینگے۔

    اختلاف کے باوجود تشدد کا راستہ نہیں اپنائیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ تین جون کو پارٹی کا مرکزی سیکریٹریٹ اور چھ ضلعی دفاتر کا افتتاح کیا جائے گا۔

     

  • مصطفیٰ کمال نے لندن میں دفترکھولنے کا اعلان کردیا

    مصطفیٰ کمال نے لندن میں دفترکھولنے کا اعلان کردیا

    حیدرآباد : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس ماہ کے آخر تک لندن میں پارٹی آفس کھول کر ایم کیوایم کے قائد کے گھر کے باہر مظاہرہ کیا جائیگا۔

    تفصیلات کے مطابق مصطفی ٰ کمال نے انیس قائم خانی کے ہمراہ حیدر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنی پارٹی کا اگلہ لائحہ عمل بیان کیا اور کہا کہ اس ماہ کے آخر میں لندن میں پارٹی کایونٹ آفس کھولا جارہا ہے اور پہلا پروگرام ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرے سے ہوگا، جس کے لئے پارٹی کے کچھ اہم رہنماؤں کو لندن بھیجا جائیگا۔

    سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے الزام عائد کیا کہ بھارت کو اپنی بیس سالہ سرمایہ کاری ڈوبتی ہوئی نظر آرہی ہے جس کو بچانے کے لئے بھارت چاہتا ہے کہ ملک میں خانہ جنگی اور خوں ریزی ہو ، اس کام کے لیے بھارتی خفیہ ایجنسی ایم کیو ایم کے قائد کو مہرے کے طو پراستعمال کررہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کے کارکنان کو اپنے اوپر ہونے والے حملوں پر شدید غصہ ہے اور وہ بدلہ لینے کے لیے ہم سے اجازت طلب کررہے ہیں مگر میں نے ان کو کہہ دیا کہ ہم لڑائی جھگڑا نہیں چاہتے ، ہم تمام لوگوں کو معاف کرتے ہیں کیونکہ سب ہمارے بھائی ہیں۔

    مصطفی کمال نے قائد ایم کیوایم پر کڑی تنقید کر تے ہوئے کہا کہ فاروق ستارکی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں، ان کی حفاظت کی جائے۔ اب ایم کیو ایم کی ہر بات کا جواب لندن میں دیا جائے گا۔

    واضح رہے گزشتہ روز حیدر آباد بھائی خان چوک کے قریب پاک سرزمین پارٹی کی ریلی کے بعد دو گروپوں میں تصادم کے بعد حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں حالات کشیدہ ہوگئے تھے۔

    دوسری جانب ایم کیو ایم کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ مخالف جماعت کی جانب سے اُن کے کارکنان پر حملہ کیا گیا ہے اور اُن کے دفتر کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

     

  • سندھ کے لوگ نفرتیں نہیں چاہتے، مصطفی کمال

    سندھ کے لوگ نفرتیں نہیں چاہتے، مصطفی کمال

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے لوگ نفرتیں نہیں چاہتے۔اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی سے پاکستان خوشحال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین کے سربراہ مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک کے خصوصاً سندھ کے عوام بہت تیزی سے پاک سرزمین پارٹی کا حصہ بن رہے ہیں۔

    سندھ کے لوگ قومیتوں، مسالک، پارٹیوں کی بنیاد پر نفرتیں نہیں چاہتے، لوگ ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارگی اور محبت سے رہنا چاہتے ہیں۔

    عام آدمی کو اس بات سے غرض نہیں کہ سعودیہ عرب کی جانب سے پاکستانی فوج لڑے گی یا نہیں، کشمیر کا مسئلہ کب حل ہوگا، ہر شخص کو پانی اور بنیادی سہولتوں سے غرض ہے اور وہ ان کے حصول کے لئے نمائندوں کو منتخب کرتا ہے،بدقسمتی سے چاروں صوبوں کی تقدیر کا فیصلہ اسلام آباد میں بیٹھ کر کیا جاتاہے۔

    اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہونے سے اس کے براہ راست ثمرات عوام کو حاصل ہوں گے اور اس کے ذریعے کرپشن پر بھی قابو کیا جاسکتا ہے۔ عوام کو بنیادی سہولیات ان کے گھروں تک پہنچانا حکومتِ وقت کی ذمہ داری ہے۔

    انہوں نے سندھ کے علاقے تھر کے علاقے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تھر میں پانی موجود نہیں ہے ایک ماں جس کے بچے پانی نہ ہونے کےباعث ماں کے سامنے سسکتے بلکتے مر جاتے ہیں اُس خاتون کو صرف پانی اور بنیادی سہولیات سے مطلب ہے۔

    اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کا مسئلہ ہے، افغانستان ، کشمیر اور خارجہ مسائل پر باقاعدہ پالیسی ترتیب دے کر باضابطہ اعلان کیا جائےگا۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے اپنے اوپر بھارتی خفیہ ایجنسی را سے متعلق فنڈنگ کے الزامات پر آج تک کوئی جواب نہیں دیا، اس کا واضح مطلب ہے کہ ان کے را سے تعلقات ہیں۔

    پاک سرزمین اپنے منشور کے مطابق نسلی اور مسلکی بنیادوں پر قائم نفرتوں کو ختم کر کے لوگوں میں محبتیں قائم کرنے کا جذبہ رکھتی ہے، عوام کی جانب سے ملنے والا رسپانس ہماری کامیابی کی نشانی ہے۔

  • کمال اینڈ کمپنی پر پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں، عبدالحسیب خان

    کمال اینڈ کمپنی پر پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں، عبدالحسیب خان

    سکھر : متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء عبدالحسیب خان نے سکھرمیں پیش آنے والے واقعے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں نئی بات نہیں، پہلے بھی اس طرح پریکٹسز کی گئی ہیں۔

    متحدہ قومی موومنٹ محب وطن لوگوں کی جماعت ہے، ہمارے اوپر لگائے جانے والے الزامات نئے نہیں ہیں، کمال اینڈ کمپنی نے قائد ایم کیو ایم کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی جس پر عوام نے اپنا رد عمل ظاہر کیا۔

    ان خیالات اظہار انہوں نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایم کیو ایم کے دیکر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔

    عبدالحسیب خان نے کہا کہ گزشتہ روز کمال اینڈ کمپنی پر سکھر میں ہونے والے پتھراؤ سے ایم کیو ایم کا کوئی تعلق نہیں ہے، پولیس نے بلا جواز ہمارے کارکنان پر تشدد کیا اور مقدمہ درج کیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے ہی کمال اینڈ کمپنی نے کروڑوں لوگوں کے محبوب قائد کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے ہیں جس کے خلاف عوام کا رد عمل سامنے آیا ہے۔

    ایم کیو ایم اگر را سے فنڈنگ لیتی ہے تو ہمارے مرکز 90 پر ملک صدور وزراء اعظم وزراء اعلیٰ وفاقی وزیر کیوں آتے ہیں؟

    انہوں نے سوال کیا کہ اگر ہم 22سالوں سے را سے فنڈنگ لے رہے ہیں تو مصطفیٰ کمال 20 سال ہمارے ساتھ کیوں رہے؟ اظہار رائے کی آزادی کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کے خلاف غلط الفاظ استعمال کئے جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مائینس ون فارمولا ختم کیاجائے اور متحدہ کے قائد سے بات کرکے ان کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ الزام لگانا آسان ہے ہمارے ہاں عدلیہ آزاد ہے مقدمات درج کرانا متحدہ کو ڈرانے کی کوشش ہے، ہم چیف آف آرمی اسٹاف وزیر اعظم ،وزیر داخلہ سمیت دیگر حکام سے مطالبہ کرتے ہیں  کہ متحدہ کے کارکنان پر درج ایف آئی ار ختم کی جائے۔

     

  • متحدہ کی را سے فنڈنگ: اہم نام جلد منظرعام پرلاؤں گا، مصطفیٰ کمال

    متحدہ کی را سے فنڈنگ: اہم نام جلد منظرعام پرلاؤں گا، مصطفیٰ کمال

    سکھر : پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے قائد ایم کیوایم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد ایم کیوایم کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر حکومت جواب دے۔ متحدہ کی را سے فنڈنگ اور تعلقات کے بارے میں ملک کی آٹھ اہم شخصیات کو بھی علم ہے ان کے نام جلد منظر عام پر لاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفی کمال کی توپوں کا رخ ایک بار پھر قائد ایم کیوایم کی طرف ہوگیا ہے۔

    سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد ایم کیوایم پر را کے الزامات ثابت ہونے کے باوجود کارروائی نہیں کی جارہی، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن ہوگیا تو قائد ایم کیوایم کی تنخواہ کم ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے کراچی ، حیدر آباد جیسے شہروں کی نئی نسل کو تعلیم کے میدان میں پیچھے کردیا آج را کی فنڈنگ نے کراچی کو تعلیم کے میدان میں 43 اور حیدرآباد کو 62 ویں نمبر تک پہنچا دیا ہے ۔

    قائد ایم کیوایم نے را سے متعلق کسی دستاویز کی تردید نہیں کی ایم کیوایم کے قائد نے چار بار را کے ایجنٹ سے ملاقاتیں کیں۔

    انہوں نے کہا کہ رحمان ملک کے علاوہ آٹھ دیگرپردہ نشینوں کو بھی را کی فنڈنگ کا پتہ ہے، ان کے نام جلد منظر عام پر لاؤں گا۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم کی رفاقت میں طویل وقت گزرا مجھے اندر اور باہر کی سب خبر ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ گزشتہ روز ہمارے قافلے پر پتھراؤ کیا گیا لیکن ہم نے کسی کے خلاف مقدمہ درج نہیں کرایا، اپنے ساتھیوں سے کہا ہے کہ ہمیں ان لوگوں سے لڑائی نہیں لڑنی اور جو لوگ گمراہ ہیں ان سے ہمدردی ہے، ہمیں ان ہی لوگوں کی اصلاح کرنی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متحدہ کے رہنما سلیم شہزاد سے کوئی رابطہ نہیں ہے نہ ہی وہ پاک سر زمین پارٹی میں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لندن آفس کھولنے کا مقصد متحدہ کو مزید ڈوز دینا ہے جو کہ ضروری ہے۔


    Mustafa Kamal once again turns his guns on… by arynews

  • سکھر: مصطفیٰ کمال کے قافلے پرایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان کا پتھراؤ

    سکھر: مصطفیٰ کمال کے قافلے پرایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان کا پتھراؤ

    سکھر : پاک سر زمین پارٹی کے سکھر میں ہونے والے جلسے کے بعد ایم کیو ایم کے کارکنان نے مصطفیٰ کمال کے قافلے پر متحدہ کے کارکنوں نے پتھراؤ کیا۔

    مصطفیٰ کمال کی تقریر کے بعد ایم کیو ایم کارکنان مشتعل ہوگئے، پا ک سر زمین پارٹی کا قافلہ متبادل راستہ اختیار کرکے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان اور پاک سر زمین پارٹی کے رہنما آمنے سامنے آگئے۔

    مصطفی کمال جلسے کے بعد دیگر رہنماؤں کے ساتھ پاک سر زمین پارٹی میں شرکت کرنے والے مقامی رہنما کے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں بندر روڈ کے قریب ایم کیو ایم کے کارکنوں نے روڈ کو بلاک کرکے مصطفیٰ کمال کے قافلے پر پتھراؤ شروع کردیا۔

    کارکنان نے مصطفیٰ کمال کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی، پتھراؤ کے نتیجے میں میڈیا کے دیگر نمائندے بھی زخمی ہوئے، اس کے علاوہ اے آر وائی نیوز کی ڈی ایس این جی وین کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

    مصطفیٰ کمال کے قافلے میں موجود پولیس اہلکار بھی مشتعل افراد پر قابو نہ پاسکے،تاہم بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مشتعل کارکنان کو منتشر کر دیا۔

    اس سے قبل مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی آمد پر بندر روڈ، میانی روڈ اور دیگر علاقوں میں لگائے گئے خوش آمدید کے بینرز نامعلوم افراد نے پھاڑ دیئے اور ان کے پینافلیکس پر بھی سیاہی بکھیر دی گئی تھی۔

    مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے سکھر میں پاک سرزمین پارٹی کے رابطہ آفسز کا افتتاح بھی کیا۔ بعد ازاں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے متحدہ کے قائد کا نام لے کر ان پر شدید تنقید کی۔

    ان کا کہناتھا کہ آج بھی را کے ایجنٹوں کی کارروائیاں ختم نہیں ہوئیں، ہزاروں لوگوں کا خون بہا کر بھی قائد ایم کیوایم کا دل نہیں بھرا۔

    علاوہ ازیں مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آج پتھر پکڑے ہوئے تھے وہ کل ضرور پھول اپنے ہاتھوں میں لئے ہوں گے، متحدہ کے قائد نے بچوں اور خواتین کے ہاتھوں میں پتھر اور کلاشنکوف پکڑا دی ہے۔

    میڈیا کے نمائندوں اور ان گاڑیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، ان کا کہنا تھا کہ آج میں آزاد ہوں اسی لئے سب کچھ کہہ رہا ہوں۔

    انہوں نے بتایا جلد ہی لندن کا دورہ بھی کریں گے اور وطن فروشی کی شرارتوں کا جواب بھی لندن جا کر دوں گا، مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پارٹی کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ،کوئٹہ میں لوگوں نے دفاتر بھی کھول لئے ہیں.

     

  • ایم کیو ایم کے ایک اوررکن سندھ اسمبلی پاک سرزمین پارٹی میں شامل

    ایم کیو ایم کے ایک اوررکن سندھ اسمبلی پاک سرزمین پارٹی میں شامل

    کراچی : پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے متحدہ قومی موومنٹ کی ایک اور پتنگ کاٹ دی، ایم کیو ایم کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی دلاور احمد خان نے کمال ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران متحدہ قومی موومنٹ سے تیس سال کی رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    دلاور حسین صدر ٹاؤن کے ناظم بھی رہ چکے ہیں، اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم پر پھر الزامات کی بوچھاڑ کی اور متحدہ کے قائد کو بھی ہدف تنقید بنایا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد سے کہتا ہوں مرنے مارنے کی سیاست چھوڑدیں۔ رکن صوبائی اسمبلی دلاور احمد خان نے کمال ہاؤس میں متحدہ قومی موومنٹ سے تیس سال کی رفاقت ختم کرنے کا اعلان کیا۔

    مصطفیٰ کمال نےکہا کہ انہیں معلوم ہے ایم کیوایم قائد ان کی باتیں سنتے ہیں ۔ان سےکہتا ہوں اب مرنے مارنے کی سیاست بند کردیں۔ کارکنوں کی جانیں بچائیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کا زخم پورے ملک میں کینسر بن کر پھیل سکتا ہے۔ اس موقع پرمصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے کارکن آفتاب احمد کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار بھی کیا۔

    انہوں نے کہا کہ متحدہ قائد کو کارکنوں کے لاپتہ ہونے اور مارے جانے سے پریشانی نہیں ہوتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماورائے عدالت ہلاکتوں نے 1992ء میں بھی متحدہ قائد کو مزید مضبوط بنا دیا تھا۔

    لوگ انہیں درست سمجھنے لگے تھے، اب بھی ایسا نہیں ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ دلاور احمد خان سے پہلے ایم کیوایم کے چاررکن سندھ اسمبلی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرچکےہیں۔

     

  • اپ ڈیٹ : ہم موجودہ جمہوریت کو نہیں مانتے، مصطفیٰ کمال

    اپ ڈیٹ : ہم موجودہ جمہوریت کو نہیں مانتے، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے، ہم ایسی جمہوریت کو نہیں مانتے کہ جو صرف اسلام آباد یا صوبوں کے ایوانوں میں ہوں.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مزارقائد کے قریب باغ جناح میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پی ایس پی رہنماؤں وسیم آفتاب، انیس قائم خانی ، رضا ہارون کے علاوہ دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے، اس کے علاوہ متعدد رہنماؤں کی بیگمات بھی جلسہ میں شریک تھیں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت ایسی ہو جو ہر پاکستانی کے گھر کے باہر ہو، ترقیاتی منصوبوں میں ایم پی اے یا ایم این اے کا عمل دخل نہ ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ایم پی ایز یا ایم این ایز کا کام اسمبلیوں میں بیٹھ کر قانون سازی کرنا ہوتا ہے گلی محلوں کی سڑکیں بنانا نہیں ہوتا. جب تک عام آدمی کو اختیار نہیں ملے گا ہم ایسی جمہوریت کو رد کرتے ہیں۔

    جو حکومت عوام کو پینے کا صاف پانی بھی مہیا نہیں کر سکتی اسے خود کو جمہوری حکومت کہنے کا کوئی حق نہیں۔ اگر عوام کو پینے کا صاف پانی نہ ملے، اگر عوام کے اختیار میں صحت، تعلیم اور سیوریج تک کا نظام نہ ہو تو ہمیں ایسی جمہوریت نہیں چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں اپنی تاریخ میں دیکھیں گی کہ ہمارے آباؤ اجداد نے کس طرح وقت کے فرعون کے سامنے آواز حق بلند کی، آج صرف تیس دن کی پارٹی نے اتنا کامیاب جلسہ منعقد کر کے تاریخ رقم کی ہے۔


    Karachi is not a city of RAW agents, says… by arynews

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آرمی اور رینجرز کے آپریشنز مسائل کا وقتی حل ہیں، مستقل حل کیلئے ہمیں اچھی حکمرانی لانی ہو گی، یونین کونسلز کو بااختیار بنانا ہو گا۔ اگر عوام کو اختیارات نہ دیئے گئے تو آپریشنز کے نتیجے میں کچھ دیر کیلئے قائم ہونے والا امن پھر ختم ہو جائے گا۔ گلی محلے کو اختیار دیئے بغیر، مقامی حکومتوں کو بااختیار بنائے بغیر جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں۔

    ملک بھر سے لوگ جوق در جوق پاک سر زمین پارٹی میں شامل ہورہے ہیں، دنیا دیکھ رہی ہے  کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا جلسہ ہے کہ جس میں سوائے پاکستان کے جھنڈے کے کوئی دوسرا جھنڈا نہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم آئندہ چند روز میں اپنی جماعت کا جامع منشور پیش کریں گے۔

    ان کا کہناتھا کہ کراچی کی پہچان ایک پڑھے لکھے لوگوں کے شہر کے نام سے ہوتی تھی، لیکن کچھ دہائیوں سے اسے بدنام کر دیا گیا، یہاں کا نوجوان ٹارگٹ کلر اور بھتہ خور کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ہمیں اس کو ختم کرنا ہوگا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم اپنا پیغام لے کر ایک ایک گلی جائیں گے۔ اب یہ شہر را کے ایجنٹوں کا نہیں، محب وطن اورتہذیب یافتہ لوگوں کاہوگا۔

    اس سے قبل جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاک سر زمین کے رہنما وسیم آفتاب نے کہا کہ یہاں تمام پاکستانیوں کےہاتھوں میں قومی پرچم ہے،عوام نےفیصلہ کرلیا ہے کہ پاکستان دشمنوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے لوگ جلسے میں شریک ہیں، کراچی میں اب خوف کاراج نہیں رہےگا، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت را کے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کرے، وسیم آفتاب کا کہنا تھا کہ اب پاکستان کے اچھے دن شروع ہوچکے ہیں۔

  • پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین پاک سرزمین پارٹی میں شامل

    پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین پاک سرزمین پارٹی میں شامل

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے تحریک انصاف کی پہلی وکٹ گرالی، پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

    ، تفصیلات کے مطابق کراچی کے باغ جناح میں پاک سر زمین پارٹی کی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے پی ایس تیرانوے کے رکن سندھ اسمبلی حفیظ الدین پی ٹی آئی کو خیر باد کہہ کر مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہوگئے۔

    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ حفیظ الدین کو پی ایس پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ 23 اپریل کی شام سات بجے باغ جناح میں فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا جائے گا، انہوں نے کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ فیسٹیول میں شریک ہوکر کراچی کی رونقیں بحال کر نے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حفیظ الدین نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ادارے نہیں بلکہ مافیاز کام کررہی ہیں شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوگیا، کراچی میں صفائی، پانی اور ٹرانسپورٹ کا نظام بہتر نہ ہونے سے شہری بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں سمجھتاہوں کہ مصطفیٰ کمال نے شہری معاملات میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے ۔ان کا کہناتھا کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ اور تعلیم جیسے مسائل ہیں جن پر کام کرناہے ۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی اور مہاجروں کی بات کرنا کوئی جرم نہیں ہے، اس موقع پر حفیظ الدین نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت اور سندھ اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔