Tag: Mustafa kamal

  • مصطفیٰ کمال کا لیاقت آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب

    مصطفیٰ کمال کا لیاقت آباد میں عوامی اجتماع سے خطاب

    کراچی : پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ مجھ پر مہاجروں سے غداری کا الزام لگایا جاتا ہے کیونکہ میں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کرتا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل لیاقت آباد ٹاؤن کی یوسی35 میں  عوامی رابطہ مہم  کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    اس موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی سمیت اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر عبداللہ شیخ کے علاوہ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

    لیاقت آباد ٹاؤن میں عوامی اجتماع سے اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کو مہاجروں کا غدار اس لیے کہا گیا کیوں کہ وہ مہاجروں کے ساتھ تمام زبانیں بولنے والوں کو گلے لگانے کی بات کرتا ہے۔

    اگر یہ کرنا جرم ہے تو میں مانتا ہوں کہ میں غدار ہوں انہوں نے بتایا کہ میں نے کراچی کے حلقے این اے 249 میں مفتاح اسماعیل کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

  • آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا: مصطفیٰ کمال

    آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں نے زبان کے نام پر قتل عام کروایا، آج کے بعد کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں پی ایس پی کے تحت منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا ملک کے دشمنوں نے زبان کے نام پر قتل عام کروایا، ماضی کے حکمرانوں نے بھائی کو بھائی سے لڑا کر شہدا قبرستان آباد کیا لیکن آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا میں نے کہا تھا کہ ظلم کی دیوار گرے گی، بہت عرصے سے کہتا رہا ہوں ظلم کی شہ رگ کٹےگی، اللہ نے مظلوموں کی آواز سن لی ہے، میری آواز پر سہراب گوٹھ کے پشتونوں نے لبیک کہہ کر نفرتیں ختم کر دیں۔

    پی ٹی آئی کے ظہرانے میں ایم کیو ایم کی شرکت سے اچانک معذرت نے ہلچل پیدا کر دی

    سابق ناظم کراچی نے کہا سیٹیں مصطفیٰ کمال کی جوتی کی نوک پر ہوتی ہیں، اگر کوئی بھائیوں کو لڑوائے گا تو مصطفیٰ کمال سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنے گا، کراچی سے خیبر تک ظلم کے نظام کو ختم کر دیں گے، آج بھائی کو بھائی سے لڑانے والا دشمن بھی دیکھ رہا ہوگا، ہم نے دشمنوں کی سازشوں کو نیست و نابود کر دیا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا بھارت نے افغانستان میں قونصلیٹ سفارت کاری نہیں دہشت گردی کے لیے بنائے، بھارت پاکستان میں افغانستان کے ذریعے دہشت گردی کراتا ہے، ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں، اور امن ہوگا تو پاکستان میں امن ہوگا۔

  • سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی بد ترین جگہ بن گئی، مصطفیٰ کمال

    سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی بد ترین جگہ بن گئی، مصطفیٰ کمال

    کراچی : پاک سر زمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ سندھ دنیا میں انسانوں کے رہنے کی بد ترین جگہ بن گئی ہے۔

    پارٹی مرکز سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں سفر کر کے خود دیکھ لیں کہ وہاں بجلی ہے نہ پانی ہے، یہ صوبہ یہاں کے مکینوں کیلئے رہنے کے قابل نہیں رہا۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم پاکستان کی عدالتوں کا احترام کرتے ہیں، ہماری عدالتیں روزانہ حکومت کے لوگوں کو بلا کرسرزنش کر رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایک تبصرہ ہوا کہ سندھ میں جو پیسہ جاتا ہے وہ ڈوب جاتا ہے اور کل کا تبصرہ ہے کہ نیب والے90 دن کاریمانڈ لیتے ہیں اور ضمانت نہیں ہوتی، یہ بلین ٹریز کہاں لگا دیے ہیں کیا بنی گالہ میں لگا دیے؟

    پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے وزیراعلیٰ کو مجبور کیا جائے کہ وہ اختیارات آگے منتقل کریں، صوبے کے اختیارات صرف وزیراعلیٰ ہاؤس تک محدود ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ آمر بن گئے ہیں، اختیارات منتقل نہیں کررہے، وفاق سے ملنےوالا پیسہ وزیراعلیٰ لے کربیٹھ جاتا ہے یہ پیسہ وزیراعلیٰ کانہیں ہے یہ عوام کاپیسہ ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اختیارات کی منتقلی کردیں ،علیحدگی کی تحریکیں دم توڑدیں گی، پی ایف سی ایوارڈ ان وسائل کی تقسیم کا بہترین طریقہ ہے، وزیراعظم اچھی باتیں کرنے کے باوجود عمل نہیں کرسکے جس سے عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 56ہزارکونسلرز کواس حکومت نے باہر نکال دیا، ن لیگ والے اپنےجلسوں میں یہ نہیں کہہ رہے کہ ہمارے نمائندوں کو کیوں نکالا، اتنی بڑی پی ڈی ایم ہے ایک لفظ کوئی کونسلرزسے متعلق نہیں کہتا۔

    مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے احتجاجی جلسوں میں وسائل کی منتقلی کی بات کریں، اگر وہ ایسا نہیں کریں گے تو اس کا مطلب ہے کہ ان کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں۔

  • غیر قانونی زمین الاٹمنٹ  کیس : مصطفی کمال سمیت  دیگر پر فردِ جرم عائد

    غیر قانونی زمین الاٹمنٹ کیس : مصطفی کمال سمیت دیگر پر فردِ جرم عائد

    کراچی : احتساب عدالت نے غیر قانونی زمین الاٹمنٹ کیس میں پاک سرزمین کے سربراہ مصطفی کمال سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت نے کلفٹن میں سرکاری زمین کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت عدالت نے مصطفی کمال اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی تاہم تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    دیگر ملزمان میں افتخار قائمخانی، ممتاز حیدر، سید نشاط علی ، محمد داؤو، محمد رفیق، محمد عرفان ، نذیرزرداری، محمد یعقوب، فضل الرحمان شامل ہیں۔

    :ملزمان کی جانب سے ٹرائل چلانے کی استدعا کی گئی ، جس پر عدالت نے ریفرنس کے گواہوں کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کردی۔

    عدالت کے باہر مصطفی کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نظام ختم ہوئے 14 ماہ گزرگئے مگرالیکشن نہیں ہوئے، اختیارات نچلی سطح پردینے میں حکومت کی جان نکلتی ہے، وزیراعظم کی الیکٹورل اصلاحات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

    مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو اختلافات ختم کرکے مذاکرات کرنے چاہئیں ، بلاول کوزیب نہیں دیتاپی ڈی ایم پلیٹ فارم سے انقلاب کی بات کریں۔

  • ایم کیو ایم کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو کرپشن چھپانے کا موقع مل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

    ایم کیو ایم کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو کرپشن چھپانے کا موقع مل رہا ہے، مصطفیٰ کمال

    کراچی : سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کسی کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں بس حکومت بچانے اور حکومت گرانے کی کوشش ہورہی ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین و سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے صوبائی حکومت و متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 12 سال سے سندھ پر حکمران ہے، اپوزیشن کیسے ہوسکتی ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو کرپشن چھپانے کا موقع مل رہا ہے، کراچی سے لیکر کشمور تک تباہی و بربادی پھیلی ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت بچانے اور حکومت گرانے کی کوشش ہورہی ہیں لیکن اس وقت کسی کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔

    سربراہ پاک سر زمین پارٹی نے کراچی اور حیدر آباد کے میئر سے کرپشن کا حساب بھی مانگ لیا۔

    کراچی و حیدرآباد کی صحیح گنتی ہوجائے تو وزیراعلیٰ بھی شہر سے ہوگا، مصطفیٰ کمال

    اس سے قبل چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ 3 کروڑ آبادی کے شہر کو پیپر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بتایا گیا، آپ ہمیں صحیح نہ گن کر ملکی نظام تباہ و برباد کررہے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی،حیدرآبادکےلوگوں کی صحیح گنتی کریں، ان دو شہروں کی ٹھیک گنتی ہوجائے تو سندھ کی آبادی کا 55 فیصد ہے اور ان 55 فیصد کے حساب سے ہمیں اسمبلی میں نشستیں ملیں تو وزیراعلیٰ بھی شہر سے ہوگا۔

  • کراچی و حیدرآباد کی صحیح گنتی ہوجائے تو وزیراعلیٰ بھی شہر سے ہوگا، مصطفیٰ کمال

    کراچی و حیدرآباد کی صحیح گنتی ہوجائے تو وزیراعلیٰ بھی شہر سے ہوگا، مصطفیٰ کمال

    کراچی : چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ملکی نظام ہینگ ہوگیا ہے اور اپنی افادیت کھو چکا ہے، فیصلے تو ہورہے ہیں لیکن انصاف نہیں ہورہا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین و سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ریفارمز کا نام لیکر آنے والی حکومت مصلحت پسندی کا شکار ہوگئی، کےپی حکومت کی مثال دی جاتی تھی، سیاسی انتقام کیلئے استعمال شروع کردیا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریفارمز کا ایجنڈا دھرے کا دھرا رہ گیا، ملک میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول جانے کی عمر میں تعلیم سے محروم ہیں اور یہ ڈھائی کروڑ بچے جب بڑے ہوں گے اور تعلیم یافتہ نہیں ہوں گے تو دہشتگرد نہیں بنیں گے تو اور کیا بنیں گے۔

    چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ 3 کروڑ آبادی کے شہر کو پیپر میں ایک کروڑ 60 لاکھ بتایا گیا، آپ ہمیں صحیح نہ گن کر ملکی نظام تباہ و برباد کررہے ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی،حیدرآبادکےلوگوں کی صحیح گنتی کریں، ان دو شہروں کی ٹھیک گنتی ہوجائے تو سندھ کی آبادی کا 55 فیصد ہے اور ان 55 فیصد کے حساب سے ہمیں اسمبلی میں نشستیں ملیں تو وزیراعلیٰ بھی شہر سے ہوگا۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ 125 ارب روپے خرچ کیے، ریکارڈ پیش کیا پھر بھی آج کچرا جمع کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطابہ ہے کل حادثے میں 15 افراد جاں بحق ہوئے ان کے ورثا کی داد رسی کریں۔

    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ دواؤں کی قیمتوں کو واپس اپنی جگہ پر لایا جائے۔

  • عوام کی خاطر ایم کیوایم سے بات کرنے، ساتھ بیٹھنےکو تیار ہوں، مصطفیٰ کمال

    عوام کی خاطر ایم کیوایم سے بات کرنے، ساتھ بیٹھنےکو تیار ہوں، مصطفیٰ کمال

    کراچی : سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 12 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو لاڑکانہ، حیدرآباد کو موہنجو دڑو بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین و سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے سابقہ حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف، بلاول اور آصف زرداری کا خطاب غور سے سنا، یہ سب لوگ اپنی حکمرانی کی بات کرتے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ دوسروں کی حکومت کیوں ہے، بلاول بھٹو آپ کی تو سندھ میں کئی سال سے حکومت ہے، آپ نے کراچی کشمور تک کیا عوام کو؟

    ان کا کہنا تھا کہ 12 سال میں پیپلز پارٹی نے کراچی کو لاڑکانہ، حیدرآباد کو موہنجوڈرو بنا دیا ہے،یہ کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، آپ پہلے ووٹرز کو تو عزت دیں، سندھ میں آپ حکمران ہو،18 ویں ترمیم کے بعد آپ مزید بااختیار ہو۔

    چیئرمین پی ایس پی کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مقامی سطح پر یونین کونسل کو اختیار نہیں دیتے، موجودہ اور پہلے لے حکمران، دونوں ہی اچھے نہیں، عوام کی خاطر ایم کیو ایم سے بات کرنے اور ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم والے اپنے مفادکے لیےصوبے کی بات کرتے ہیں، ایم کیو ایم صوبے کے نعرےکے پیچھے چھپ رہی ہے۔

    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کارڈ، ایم کیو ایم نے مہاجر کارڈ کھیلا، ان دونوں پارٹیوں سے اب جان چھڑانی ہے۔

  • کرپشن چھپانے کیلئے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں،مصطفیٰ کمال

    کرپشن چھپانے کیلئے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں،مصطفیٰ کمال

    کراچی : سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ شہر قائد کا مسئلہ فنڈز کی فراہمی نہیں انتظامیہ معاملات ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی والوں کوصوبائی حکومت سے کوئی امیدنہیں ہے، حالیہ اعلانات سے کراچی کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب نے کراچی والوں کے مسائل کو سمجھا، آرمی چیف مصروفیات چھوڑ کر کراچی والوں کیلئے یہاں آئے۔

    سربراہ پی ایس پی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کےلیے پیکج کا اعلان کیا، اب بھی شہر کےلیے کچھ نہ ہوا تو عوام کی مایوسی کہاں پہنچے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سیاسی عسکری قیادت کو 18 ویں ترمیم پر ملکر بات کرنی چاہیے، کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے۔

    سربراہ پی ایس پی مصطفیٰ کمال کا الگ صوبے کا مطالبہ کرنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرپشن چھپانے کےلیے صوبہ بنانے کی باتیں کی جارہی ہیں، یہ سلسلہ 6 ماہ اور چلا تو کراچی میں امن و امان کی صورتحال کیا ہوگی۔

  • وسیم اختراختیارات کا رونا کیوں روتے ہیں جو اختیار میں ہے وہ تو کرو، مصطفیٰ کمال

    وسیم اختراختیارات کا رونا کیوں روتے ہیں جو اختیار میں ہے وہ تو کرو، مصطفیٰ کمال

    کراچی : سابق میئر مصطفیٰ کمال نے شہر قائد کے حالات سے متعلق کہا ہے کہ میئر کراچی صرف ٹی وی پر آکر باتیں کرتے ہیں، اختیارات نہیں ملتے تو وزیر اعلیٰ کے گھر کے سامنے دھرنا دیتے۔

    ان خیالات کا اظہار پاک سرزمین پارٹی کے رہنما و سابق میئر مصطفیٰ کمال نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کہتی ہے میئر کراچی وسیم اختر کو 48 ارب دئیے ہیں جبکہ میئر کراچی کہتا ہے مجھے 15 ارب روپے ملے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2،2 کروڑ کے ساڑھے سات سو منصوبے بن سکتے ہیں لیکن کراچی کے چوکیداروں نے ہی کراچی کو لوٹا ہے۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اختیارات نہیں ملتے تو وزیراعلیٰ کے گھر کے سامنے دھرنا دیتے لیکن وسیم اختر کو صرف ٹی وی پر باتیں کرنا آتی ہیں۔

    سابق میئر کا کہنا تھا کہ وسیم اختر اختیارات کا رونا کیوں روتے ہیں جو اختیار میں ہے وہ تو کرو۔

    سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے کہا کہ کراچی میں مافیاز کو سندھ حکومت ختم کرے، کراچی کا حل باکردار قیادت ہے۔

  • 300 ارب روپے اپنے ہاتھ سے خرچ کیے، کوئی ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا: مصطفیٰ کمال

    300 ارب روپے اپنے ہاتھ سے خرچ کیے، کوئی ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا: مصطفیٰ کمال

    لاہور: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ میرا ماضی صاف ہے، میں نے 300 ارب روپے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، کوئی مجھ پر ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں، 45 لاکھ لوگ سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج کوئی شریف آدمی سیاست نہیں کر سکتا، شریف آدمی کے پاس بڑی بڑی لینڈ کروزر نہیں ہیں۔ حکمرانوں کو برا بھلا کہنے کے بجائے خود احتسابی کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا مسئلہ یہ ہے کہ اہم نشستوں پر کردار والے لوگ نہیں بیٹھے۔ سینیٹ کی کرسی کو چھوڑ کر چلا گیا تھا، میرا ماضی صاف ہے۔ 300 ارب روپے میں نے اپنے ہاتھوں سے خرچ کیے، کوئی مجھ پر ایک روپے کا الزام نہیں لگا سکتا۔

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی میں دونوں پارٹیاں ناکام ہوگئی ہیں، کوئی سندھ کارڈ تو کوئی مہاجر کارڈ استعمال کرتا ہے۔ سندھ کے عوام باشعور ہیں وہ سب سمجھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بانی ایم کیو ایم سے متعلق معلومات رکھنا چھوڑ دی ہیں، مجھے بہت سے کام ہیں، کوئی فنی کلپ کے طور پر بھیجتا ہے تو دیکھ لیتا ہوں۔