Tag: mustafa qureshi

  • مصطفیٰ قریشی نے کس کے پہلو میں اپنی قبر کی جگہ مختص کروائی؟

    مصطفیٰ قریشی نے کس کے پہلو میں اپنی قبر کی جگہ مختص کروائی؟

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی میں ہی اپنی قبر کی جگہ مختص کروالی ہے۔

    ایک یو ٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کی تدفین کراچی میں عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ہوئی تھی، محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے میری اہلیہ کی قبر کے لیے محکمہ اوقاف کو 5 لاکھ روپے کا معاوضہ بھی دیا تھا۔

    سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی نے خواہش ظاہر کی کہ میرے انتقال کے بعد میری تدفین بھی میری اہلیہ کی قبر کے قریب ہی کی جائے لہٰذا میں نے اپنے لیے قبر کی جگہ مختص کروادی ہے کیونکہ وہاں صرف ایک ہی قبر کی جگہ بچ گئی تھی۔

    سینئر اداکار کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بھی اپنی قبر کے لیے 5 لاکھ روپے دینے ہیں لیکن فی الحال میں نے پیسے نہیں دیے ہیں اور قبر کی جگہ پر پتھر رکھ دیا ہے، جس پر لکھا ہے کہ جگہ مختص برائے مصطفیٰ قریشی۔

    مصطفیٰ قریشی نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ محکمہ اوقاف مجھ سے قبر کا معاوضہ نہ لے بلکہ کسی بھی فنکار سے قبر کا معاوضہ نہیں لینا انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ ثقافت کو میری قبر کا معاوضہ دینے سے منع کردیا ہے۔

    انتقال کی خبر جھوٹ نکلی، پونم پانڈے نے ویڈیو بیان جاری کردیا

    یاد رہے کہ سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ گلوکارہ و اداکارہ روبینہ قریشی سال 2022 میں فانی دنیا کو خیر باد کہہ گئی تھیں۔

  • لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی اور اہلیہ کرونا وائرس کا شکار

    لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی اور اہلیہ کرونا وائرس کا شکار

    کراچی میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں، فلم اسٹار مصطفیٰ قریشی اوران کی اہلیہ کو کورونا سے متاثر ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی اور ان کی اہلیہ مہران روبینہ قریشی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    طبیعت ناسازی کے باعث اداکار مصطفیٰ قریشی نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا، جس کا نتیجہ مثبت آیا، رپورٹ مثبت آنے پر دونوں میاں بیوی نےخود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔

    مصطفیٰ قریشی نے اپنے پرستاروں اور اہل وطن سے کی دعائے صحت کی درخواست کی ہے۔اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی بھی آج کرونا وائرس کا شکار ہوئے، معزز جج نے طبیعت ناسازی کے باعث کرونا ٹیسٹ کرایا، جس کا نتیجہ مثبت آیا، رپورٹ مثبت آنے کے بعد جسٹس محسن اختر نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: جسٹس محسن اختر کیانی کرونا وائرس کا شکار

    واضح رہے کہ کرونا کے چوتھی لہر کے دوران سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی کرونا وائرس کا شکار ہوکر قرنطینہ میں ہیں، سپریم کورٹ کے معزز جج اور ان کی اہلیہ میں ڈیلٹا ویرئنٹ کی علامات پائی گئیں۔

    دو روز قبل مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہوں نے بھی خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔

  • "باہو بلی” دراصل "مولا جٹ” سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی: پاکستانی اداکار کا دعویٰ

    "باہو بلی” دراصل "مولا جٹ” سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی: پاکستانی اداکار کا دعویٰ

    کراچی: سینئر پاکستانی اداکار نے دعویٰ کیا ہے کہ ہندوستانی سنیما کی سب سے بڑی فلم دراصل مولا جٹ سے متاثر ہو کر بنائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف اداکار مصطفیٰ قریشی نے برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم میں جو مولا جٹ کا کردار تھا، وہی بھارت میں باہو بلی کا کردار تھا۔

    انھوں نے کہا کہ باہوبلی میں بڑے بڑے سیٹ لگائے، فلم کا بجٹ بھی کافی زیادہ تھا، البتہ ہماری فلم غریبانہ تھی۔

    مصطفیٰ قریشی نے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کے ٹریلر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریلر سے اندازہ ہوتا ہے کہ بڑی فلم بنائی گئی ہے، بلال لاشاری سمجھ دار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں، انھوں نے سوچ سمجھ کر  ہی فلم بنائی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس اتنا بجٹ نہیں تھا، ہماری مولا جٹ غریبانہ تھی، لیکن اس نے سب کو امیر کر دیا، البتہ موجودہ فلم کا بجٹ بہت زیادہ ہے۔

    مزید پڑھیں: ایک ارب 70 کروڑ کمانے والی باہوبلی 2 اب چین میں دھوم مچانے کو تیار


    خیال رہے کہ مصطفیٰ قریشی نے ماضی میں بلاک بسٹر فلم مولا جٹ میں نوری نت کا یادگار کردار ادا کیا تھا، جس کے ڈائیلاگ آج بھی ناظرین کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔

    انھوں نے فلم کے ری میک، ہدایت کار بلال لاشاری اور نوری نت کا کردار ادا کرنے والے حمزہ علی عباسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

  • بھارتی فلموں میں کام کرنا فخر کی بات نہیں، مصطفیٰ قریشی

    بھارتی فلموں میں کام کرنا فخر کی بات نہیں، مصطفیٰ قریشی

    کراچی:  پاکستانی اداکار مصطفی قریشی نے کہاہے کہ جو فنکار بھارتی فلموں میں کام کررہے تھے انھیں اس بات پر افسوس نہیں کرنا چاہیے کہ اب انھیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا موقع نہیں ملے گا بلکہ اس بات پر خوش ہونا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ہندو انتہاء پسندوں کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کو دھمکیوں اور فلموں میں کام نہ دینے کے معاملے پر معروف پاکستانی اداکار نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں پر عائد پابندی کے بعد اداکاروں کو پاکستانی فلموں میں کام کرنے کے بھرپور مواقع ملیں گے۔

    پڑھیں: فلم اے دل ہے مشکل کی ریلیز، بھارتی انتہا پسندوں نے 5 کروڑ مانگ لیے

     انہوں نے کہا  کہ بھارتی فلموں میں کام کرنا کوئی فخر کی بات نہیں، بھارت نے کبھی ہمارے فنکاروں کو دل سے تسلیم نہیں کیا بلکہ وہاں کے لوگوں نے ہمارے اداکاروں کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا کر صرف استعمال کیا اور فلموں میں کاسٹ کیا۔

    مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ پوری توجہ کے ساتھ اپنے ملک میں بنائی جانے والی فلموں میں کام کریں اور ہمارے ڈائریکٹرز و پروڈیوسرز کو بھی چاہیے کہ وہ ایسے فنکاروں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

    مزید پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی کے باوجود اداکارہ پوجا بھٹ پاکستان پہنچ گئیں

     معروف اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستانی فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں کو بھی شہرت اور عزت حاصل ہوئی ہے، ایسے فنکار فخر سے رہتے ہیں جنہیں مصنوعی نہیں بلکہ اپنے ملک میں حقیقی عزت سے نوازا جاتا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ بھارت جاکر کام کرنے والے فنکاروں کو مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ پاکستانی فلم انڈسٹری میں بھی تبدیلی آسکے۔
  • فلم اسٹار مصطفی قریشی نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی

    فلم اسٹار مصطفی قریشی نے پی ٹی آئی کی حمایت کردی

    لاڑکانہ: فلم اسٹارمصطفی قریشی نے لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے جلسے کی حمایت کردی۔

     مصطفی قریشی نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے قائد اعظم کا منشور اپنایا ہے، مصطفی قریشی نے بتایا کہ ان کو عمران خان میں بھٹو شہید کی روح نظر آتی ہے،انہوں نے کہا ملک کواب تبدیلی کی ضرورت ہے۔

    .فلم اسٹار مصطفی قریشی کا کہنا تھا کچھ مجبوریوں کی وجہ سے وہ لاڑکانہ جلسے میں شرکت نہیں کررہے