Tag: Muzaffarabad

  • باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

    باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے خواتین اور بچے سمیت 5 افراد جاں بحق

    مظفرآباد(10 اگست 2025):گاؤں اپر میرادبن کے مقام پر باراتیوں کی جیپ کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 5 افرد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں گزشتہ رات باراتیوں کی گاڑی کھائی میں گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حادثے میں 8 افراد زخمی ہیں۔

    پولیس کے مطابق ضلع باغ کے علاقہ سے جانے والی باراتیوں کی ایک گاڑی پونیو گلی کے مقام پر کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں ایک خاتون سمیت دو افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 3 شدید زخمی اسپتال میں دم توڑ گئے۔

    حادثہ میں ڈرائیور سمیت 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ جاں بحق افراد کی میتیں آبائی علاقہ روانہ کر دی گئی ہیں۔

    اس سے قبل بھی آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب ایک جیپ گہری کھائی میں جاگری تھی جس کے نتہجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

    مقامی پولیس کے مطابق جیپ دریائے نیلم کے کنارے کے علاقے میں 2 ہزار فٹ گہرائی میں گری، جاں بحق ہونے والوں میں 3 مرد،خواتین اور ایک بچہ شامل تھے، خیال رہے کہ آزاد کشمیر میں خطرناک راستوں کے باعث ٹریفک حادثات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔

  • خاتون مسافر نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مار کر بدلہ لے لیا

    خاتون مسافر نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مار کر بدلہ لے لیا

    مظفرآباد : پولیس کے اہلکار کو خاتون مسافر کے ساتھ بدتمیزی کرنا مہنگی پڑگیا، خاتون نے ایس پی کے کہنے پر اہلکار کو جوابی تھپڑ مار کر بدلہ لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مظفر آباد میں پولیس اہلکار کی خاتون مسافر سے بدتمیزی کے خلاف احتجاج پر پولیس افسران کے کہنے پر خاتون نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مار کر بدلہ لے لیا۔

    مظفرآباد میں پولیس حکام نے ’تھپڑ کے بدلے تھپڑ‘ کے مصداق خاتون کے ساتھ انصاف کردیا تھپڑ کے بدلے تھپڑ مارنے کے بعد مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق احتجاجی مظاہرے کے باعث مظفرآباد مانسہرہ شاہراہ کئی گھنٹے ٹریفک کیلئے بند رہی، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

    برار کوٹ انٹری پوائنٹ پر مسافر خاتون کو تھپڑ مارنے پر مقامی افراد نے شدید احتجاج کیا تھا، مقامی ایس پی نے ڈی ایس پی بالاکوٹ کے ہمراہ مظاہرین سے مل کر معاملات حل کرانے کی کوشش کی۔

    متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ نازیبا رویہ اختیار کرنے پر خورشید بانڈے کے ہمراہ خاتون کو تھپڑا مارا گیا، مظاہرین نے پولیس اہلکار سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق مظفرآباد کے رہائشی خورشید بانڈے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مظفرآباد سے گڑھی حبیب اللہ جا رہے تھے، گاڑی میں 4 خواتین میں سے ایک ان کی بہن بھی تھیں۔

    گڑھی حبیب اللہ چیک پوسٹ پر ٹریفک پولیس نے ان کو روکا اور شناختی کارڈ اور لائسنس مانگا جس پرانہوں نے شناختی کارڈ تو دکھایا لیکن لائسنس ان کے پاس موجود نہیں تھا کیونکہ لائسنس بائیو میٹرک کروانے کے لیے مظفرآباد جمع کروایا ہوا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کا 5000 روپے کا چالان کاٹا گیا جس پر ایک دوسرے اہلکار کی مداخلت پر چالان کی رقم میں کمی کی گئی اوریک ہزار روپے کا چالان ادا کیا لیکن اس کے باوجود پولیس اہلکار نے ان کے ساتھ بد تمیزی کی میری بہن نے کہا کہ آپ غلط کر رہے ہیں، اس بات پر پولیس اہلکار نے ان کی بہن کو تھپڑ مارا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی میں پولیس افسر کی خاتون سے بدتمیزی

    یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال کراچی کے سول لائنز تھانے میں تفتیشی افسر انسپکٹر عبدالرشید نے ایک خاتون سے بدتمیزی کی تھی، ویڈیو منظرعام پر آنے پر اسے معطل کردیا گیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تفتیشی افسر نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں خاتون سے بدتمیزی کی اور دھکے دے کر باہر نکالنے کی دھمکی دیتا رہا۔

  • آزاد کشمیر میں احتجاج ختم، اہلکاروں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، آج یوم سیاہ

    آزاد کشمیر میں احتجاج ختم، اہلکاروں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق، آج یوم سیاہ

    مظفرآباد: مطالبات تسلیم ہونے کے بعد آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی نے آج احتجاج ختم کر دیا ہے، گزشتہ روز مختلف علاقوں میں صورت حال شدید طور پر کشیدہ رہی، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کی فائرنگ سے 3 شہری جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں احتجاج ختم کر دیا گیا ہے، رینجرز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک اور نوجوان دم توڑ گیا، جس سے مظفرآباد میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے، متعدد افراد فائرنگ اور تشدد سے زخمی ہیں۔

    آج حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان تیسرے مطالبے پر بھی پیش رفت ہو گئی ہے، اشرافیہ کی مراعات میں کمی کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کا تعین بعد میں کیا جائے گا، یہ کمیشن بیورو کریسی، اعلی ٰحکومتی شخصیات کو حاصل مراعات کا از سر نو جائزہ لے گا۔

    آزاد کشمیر میں آج ہلاکتوں پر یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، گزشتہ رات قانون نافذ کرنے والے ادارے اور مظاہرین میں تصادم ہوا، مظاہرین پر فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔ مظاہرین نے لاشیں مرکزی شاہراہ پر رکھ کر دھرنا دیا، آج آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جب کہ جاں بحق 3 افراد کی نماز جنازہ دوپہر 2 بجے یونیورسٹی گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

    سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہونے والے واقعات سانحے سے کم نہیں ہیں، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ ہے، حکومت حکمت عملی تبدیل کرے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    مختلف علاقوں میں صورت حال تاحال کشیدہ ہے، شوڑاں کے مقام پر مظاہرین نے متعدد گاڑیاں جلا دیں، امبور میں بھی مظاہرین نے دھرنا دیا، سخت کشیدگی کے باعث مظفرآباد میں انٹرنیٹ سروس پھر معطل کر دی گئی ہے، لانگ مارچ کے بعض شرکا مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے سامنے پہنچ گئے، جہاں پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی۔

    ادھر لندن میں بھی آزاد کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے برٹش کشمیری تنظیموں کی کال پر پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین نے کہا ہم عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کرتے ہیں، پرامن احتجاج کرنے والے مظاہرین پر تشدد بند کیا جائے، اور کشمیری عوام کو پیداواری نرخوں پر بجلی فراہم کی جائے۔

    واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا احتجاج رنگ لے آیا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے 23 ارب روپے کی منظوری دے دی، سستی بجلی اور سسبسڈائزڈ آٹے کا مطالبہ بھی منظور کر لیا گیا ہے، آزاد کشمیر حکومت نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ وزیر اعظم پاکستان کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورت حال پر بڑی بیٹھک ہوئی، جس میں صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق اور وفاقی وزرا بھی شریک ہوئے۔

    آزاد کشمیر میں اب آٹے کا بیس کلو والا تھیلا 1000 روپے کا ملے گا، گھروں کا 100 یونٹ تک بجلی کا نرخ 3 روپے، جب کہ 101 سے 300 یونٹ تک 5 روپے یونٹ ہو گیا، 300 یونٹ سے اوپر 6 روپے یونٹ ہوگا، صنعتی صارفین کو 300 یونٹ تک بجلی کا 10 اور 300 سے زائد 15 روپے یونٹ کے حساب سے ملے گی۔

  • آزاد کشمیر: مذاکرات میں ڈیڈ لاک، بجلی قیمت میں 50 فی صد کمی کی پیشکش مسترد

    آزاد کشمیر: مذاکرات میں ڈیڈ لاک، بجلی قیمت میں 50 فی صد کمی کی پیشکش مسترد

    میرپور: آزاد کشمیر میں حالات بدستور کشیدہ ہیں، حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد دھیر کوٹ سے قافلے مظفر آباد کی طرف روانہ ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج آزاد کشمیر میں احتجاج کا پانچواں اور شٹر ڈاؤن کا چوتھا روز ہے، حکومت اور عوامی ایکشن کمیٹی کے مذاکرات میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ایکشن کمیٹی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 50 فی صد کمی مسترد کر دی۔ کمیٹی پیداواری لاگت پر بجلی کی فراہمی پر اصرار کر رہی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر حکومت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں پچاس فی صد کمی پر تیار ہو گئی ہے، حکومت آٹے کی قیمتوں میں سبسڈی کے لیے بھی تیار ہے، تاہم ممبر عوامی ایکشن کمیٹی عمر نذیر کا کہنا ہے کہ حکومت مطالبات پر سنجیدہ نہیں لگتی۔

    عوامی ایکشن کمیٹی کی اپیل پر مختلف شہروں سے جمع ہونے والے لانگ مارچ کے شرکا مظفر آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں، شرکا نے رات دھیر کوٹ میں گزاری۔ آزاد کشمیر میں گزشتہ روز بھی احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال رہی، آج بھی کاروباری مراکز بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے، مظفر آباد میں تمام تعلیمی ادارے اور ضلعی دفاتر آج بھی بند رہیں گے۔

    دھیر کوٹ سے روانہ ہونے والے قافلوں کو روکنے کے لیے مظفر آباد کوہالہ کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، ضرورت پڑنے پر رینجرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، موبائل انٹرنیٹ سروس مزید 2 روز کے لیے بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم کے نتیجے میں 80 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہیں، آزاد کشمیر کے دارالحکومت میں گلیوں بازاروں اور چوراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، 100 سے زائد افراد پہلے ہی گرفتار ہیں۔

  • آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    آزاد کشمیر مظاہروں میں پرتشدد واقعات، منفی پراپیگنڈا بے نقاب

    میرپور: آزاد کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے مظاہروں میں پُرتشدد واقعات سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز ہے۔

    اس دوران مظاہروں میں پرتشدد واقعات بھی رونما ہوئے، اسلام گڑھ کے مقام پر عوامی ایکشن کمیٹی اور پولیس میں تصادم کے دوران فائرنگ سے سب انسپکٹر عدنان قریشی کی جان چلی گئی، متعدد مظاہرین کے بھی پولیس تشدد سے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں۔

    مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    عوامی ایکشن کمیٹی کی مرکزی قیادت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پرتشدد واقعات سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے، کمیٹی کی مرکزی قیادت نے بھارت کے منفی پراپیگنڈے کو بھی بے نقاب کر دیا۔

    وزیر اعظم آزاد کشمیر نے عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی دعوت دے دی

    بیان میں کہا گیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام ارکان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہماری تحریک پُرامن تھی اور رہے گی، سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا قابل قبول نہیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔

    کمیٹی کے ارکان نے کہا کہ مکار دشمن بھارت کا میڈیا مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو دبانے کے لیے الزامات لگا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے، ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے۔

  • مظفر آباد میں آج سستی بجلی اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    مظفر آباد میں آج سستی بجلی اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز، انٹرنیٹ سروس بند

    مظفر آباد: آزاد کشمیر کے عوام اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظفر آباد میں آج سستی بجلی، اور آٹے پر سبسڈی کے لیے ہڑتال کا تیسرا روز ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند پڑے ہوئے ہیں، جب کہ انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کر دیا گیا ہے۔

    حکومت نے پونچھ ڈویژن میں انٹرنیٹ سروس بند کر دی ہے، میرپور سے شروع ہونے والا لانگ مارچ پونچھ کی حدود میں داخل ہو گیا ہے، دوسری طرف میرپور کوٹلی سمیت مختلف اضلاع سے قافلے مظفر آباد کے لیے آج روانہ ہوں گے۔

    اضلاع کے جلوس آج راولاکوٹ پہنچیں گے، جہاں استقبالیہ کیمپ لگا دیے گئے ہیں، مارچ کے شرکا کے لیے ہوٹلز ایسوسی ایشن نے مفت کھانے کا اعلان کر رکھا ہے، یہ مارچ دوپہر کو راولاکوٹ سے مظفر آباد کے لیے روانہ ہوگا۔

    پولیس کی بھاری نفری مظفر آباد کے داخلی اور خارجی راستوں پر موجود ہے، احتجاجی قافلوں کو روکنے کے لیے راستے میں رکاوٹیں بھی کھڑی کر دی گئی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/pm-azad-kashmir-awami-action-committee/

  • پیر چناسی میں برف باری میں پھنسے سیاحوں کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    مظفرآباد: آزاد کشمیر کے سیاحتی مقام پیر چناسی میں شدید برف باری میں سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جن کے لیے ریسکیو آپریشن کل رات سے جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد میں مشہور سیاحتی مقام پیر چناسی پر برف باری کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جنھیں ریسکیو کیا جا رہا ہے۔ ضلعی مجسٹریٹ کے مطابق 200 سے زیادہ سیاحوں کو گاڑیوں سے نکال کر ہوٹلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، گاڑیوں کو نکالنے کا عمل آج جمعہ کو بھی شروع کیا جائے گا۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شدید برف باری کے باعث سڑک پر پھسلن کے نتیجے میں سیاحوں کی 30 گاڑیاں پھنسنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، اطلاع ملتے ہی سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے مظفر آباد سے ریسکیو 1122 اور پولیس کو روانہ کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق پیر چناسی میں برف ہٹانے کے لیے صرف چین والی مشینری ہی دستیاب ہے۔

    ادھر گلیات میں بھی برف باری کے باعث انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے، ایبٹ آباد پولیس سیاحوں کی خدمت میں پیش پیش ہے، ڈی پی او عمر طفیل کی خصوصی ہدایت پر پولیس اہل کاروں نے نتھیا گلی، ایوبیہ، ڈونگا گلی میں برف باری کے باعث گاڑیوں میں محصور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

    مری، گلیات میں برف باری شروع، پچھلے برس 23 سیاحوں کی ہلاکت کے خوف کی بازگشت

    پولیس اہل کاروں نے برفباری میں پھنسی گاڑیوں کو بھی نکال کر ٹریفک کو رواں رکھا، دوسری طرف سوات میں آج دوسرے روز بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پی ٹی آئی کا آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ ، عمران خان کی عوام سے شرکت کی اپیل

    پی ٹی آئی کا آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ ، عمران خان کی عوام سے شرکت کی اپیل

    مظفرآباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان آج مظفرآباد آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے، عوام سے جلسے میں شرکت کی اپیل کردی۔

    تفصیلات کے مطابق : پاکستان تحریک انصاف آج مظفرآباد آزادکشمیر میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، جہاں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔

    عمران خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں عوام سے جلسے میں شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا آج حقیقی اورمقبوضہ کشمیرکی آزادی پربات کروں گا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیرسردارتنویر الیاس نے جلسہ گاہ کا دورہ کرکے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پررہنما پی ٹی آئی علی امین گنڈاپور سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں ، ایل او سی کے پار بھی کشمیری عمران خان سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جلسہ کشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا، لانگ مارچ سے قبل جلسے اختتام پذیر ہونے والے ہیں، آزاد کشمیر سے بھی لانگ مارچ میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

  • دریائے جہلم میں مظفر آباد سے بڑا ریلا آزاد پتن کی طرف بڑھ رہا ہے

    دریائے جہلم میں مظفر آباد سے بڑا ریلا آزاد پتن کی طرف بڑھ رہا ہے

    راولپنڈی: پولیس کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم میں مظفر آباد سے ایک بڑا ریلا آزاد پتن کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کنٹرول روم سے ممکنہ سیلابی ریلے کی اطلاع ملی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دریائے جہلم میں مظفر آباد سے بڑا ریلا آزاد پتن کی طرف بڑھ رہا ہے۔

    ترجمان ریسکیو کے مطابق سیلابی ریلے کی وجہ سے آزاد پتن روڈ اور کنند، گوڑہ راجگان گاؤں زیر آب آنے کا خدشہ ہے، اس لیے نشیبی علاقوں کے مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے پیش نظر مختلف مقامات پر ایمرجنسی گاڑیوں کو پہنچا دیا گیا ہے، تاہم نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ریسکیو ترجمان کے مطابق پنجاڑ چوک سے کشمیر کی طرف جانے والی سڑک تاحال بند ہے۔

    واضح رہے کہ پری مون سون کے دوسرے اسپیل میں بلوچستان اور خیبر پختون خوا میں طوفانی بارش سے تباہی مچ گئی ہے، کئی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا سامنا ہے، گھروں کی دیواریں اور کچے مکان گر گئے، سڑکیں بہہ گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں سی پیک موٹر وے زیر آب آ گیا ہے، متعدد گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، ایک گاڑی میں سوار افراد کو بچا لیا گیا، جب کہ ڈرائیور ریلے میں بہہ گیا۔

    لکی مروت میں ندی نالے بپھر گئے، سیلابی ریلے نے سڑکیں بہا دیں، ہرنائی میں بھی سیلابی صورت حال ہے، جس کی وجہ سے فلڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، 2 خواتین اور ایک بچی سمیت 4 افراد ریلے میں بہہ گئے، جن میں سے مرد کو بچا لیا گیا تاہم دیگر کی تلاش جاری ہے۔

    دکی کی ترکھان ندی میں سیلابی ریلہ خاتون کو بہا لے گیا، کوہلو کے ندی نالوں میں بھی طغیانی آئی ہوئی ہے، نشیبی علاقے ڈوب چکے ہیں، کوہلو کوئٹہ قومی شاہراہ پل ریلے کی نذر ہوگیا، ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں چھت گر گئی جس سے بچے سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔

    پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی چھتیں، دیواریں ڈھ گئیں، پتوکی میں گھر کی خستہ حال دیوار گرنے سے 4 بچے ملبے تلے دب گئے، اوکاڑہ میں دیوارگرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، قصور میں مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی ہو گئے۔

  • مظفرآباد میں کورونا پھیلنے کی شرح 40 فیصد پر پہنچ گئی

    مظفرآباد میں کورونا پھیلنے کی شرح 40 فیصد پر پہنچ گئی

    اسلام آباد : ملک بھر میں کورونا کے وار جاری ہے ، مظفر آباد میں ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح چالیس فیصد ہوگئی جبکہ اسلام آباد میں 7.98فیصد اور لاہورمیں 8.81 فیصد رہی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں بڑے شہروں میں کورونا کی شرح کے اعدادو شمار جاری کردیئے گئے ، جس میں بتایا گیا کہ کورونا کیسز کی قومی شرح 7.45 فیصد پر آگئی جبکہ کورونا کی بلند ترین20.62 فیصد شرح آزاد کشمیر میں ریکارڈ کی گئی اور مظفر آباد میں شرح 40.32 پر پہنچ گئی۔

    ذرائع نے کہا کہ کراچی میں کورونا کی یومیہ شرح 11.15، حیدرآباد16.30فیصد ، اسلام آباد میں 7.98فیصد اور راولپنڈی میں شرح6.17فیصدریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران لاہورمیں کوروناکی شرح8.81فیصد ، بہاولپورمیں شرح5.46، گجرات 7.63،ملتان11.33فیصد ، سرگودھامیں یومیہ کوروناشرح7.64،فیصل آباد2.72فیصد رہی۔

    کوئٹہ میں کوروناکیسزکی یومیہ شرح12.70 فیصد ، مردان میں 20.14،ایبٹ آباد میں 8.37فیصد ، صوابی میں 4.91، بنوں میں 2.55فیصدریکارڈ کی گئی۔

    گلگت،دیامر،اسکردومیں کوروناکی یومیہ شرح صفر جبکہ میرپور آزادکشمیرمیں کوروناکی یومیہ شرح 15.23 فیصدرہی۔