Tag: Muzaffarabad

  • مظفرآباد  میں کورونا کیسز کی بلند ترین شرح ریکارڈ

    مظفرآباد میں کورونا کیسز کی بلند ترین شرح ریکارڈ

    اسلام آباد : ملک بھر میں کورونا کیسز میں اضافہ جاری ہے، مثبت کیسز کی بلند ترین شرح مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں میں کورونا کیسز کی شرح کے حوالے سے اعدادو شمار جاری کردیئے گئے ، کوروناکی بلند ترین 34.33 فیصد یومیہ شرح مظفر آباد میں ریکارڈ کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کراچی میں کورونا کی شرح 18.60 فیصد اور حیدرآباد میں شرح 21.59 فیصد رہی۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں یومیہ کورونا کی شرح 7.04 فیصد، راولپنڈی میں 8.72فیصد اور لاہور میں 10.99 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    دیگر شہروں بہاولپور میں شرح 7.82، گجرات 3.03،ملتان7.34فیصد ، سرگودھامیں یومیہ کوروناشرح7.27،فیصل آباد 4.02 فیصد رپورٹ پوئی۔

    کوئٹہ میں کورونا کیسز کی یومیہ شرح 8.04 فیصد ، مردان میں 19.51، ایبٹ آباد میں 9.59فیصد ، صوابی میں شرح22.75،بنوں میں 6.94 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    گلگت میں 18.18، دیامر میں 2.78، اسکردو میں صفر اور میرپور آزادکشمیر میں کورونا شرح 14.05 فیصد رہی۔

  • کورونا کا پھیلاؤ، مظفرآباد میں تمام اسکولز بند

    کورونا کا پھیلاؤ، مظفرآباد میں تمام اسکولز بند

    کورونا کیسز میں اضافے کے باعث مظفرآباد میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تیزی سے بڑھتے کورونا کیسز کے باعث احتیاطی اقدام کے طور پر مظفرآباد میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے سیکریٹری تعلیم مظفرآباد نے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسکولز یکم سے سات فروری تک بند رہیں گے اور اس کا اطلاق تمام نجی اسکولوں پر بھی ہوگا۔

    واضح رہے کہ کورونا کی پانچویں لہر نے ملک بھر میں پنجے گاڑ لیے ہیں اور روزانہ کئی اموات جب کہ ہزاروں افراد کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔

    کورونا کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت کئی صوبوں میں تعلیمی اداروں کی بندش کا سلسلہ جاری ہے اور کئی تعلیمی اداروں نے آن لائن تعلیمی سلسلہ شروع کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: پشاور میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز ، مزید 4 اسکول اور ایک ہاسٹل بند

  • وزیراعظم آج مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے

    وزیراعظم آج مظفر آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے

    مظفرآباد: آزاد کشمیر الیکشن میں سیاسی گہما گہمی جاری، وزیراعظم عمران خان آج یونیورسٹی گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بھمبر اور میرپور میں کامیاب جلسوں کے بعد آج وزیراعظم عمران خان یونیورسٹی گراؤنڈ مظفرآباد میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے۔

    اطلاعات کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، شیخ رشید اوردیگررہنما بھی مظفر آباد روانہ ہونگے۔

    گذشتہ روز وزیراعظم نے بھمبر اور میرپور میں کامیاب جلسے کئے، وزیراعظم عمران خان نے بھمبر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑ رہے ہیں،قوم حق اور سچ کے نظریئے کے ساتھ بنتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کیخلاف کھڑے ہیں ہمیں ان پر فخر ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم ظلم اورپرانے نظام کےخلاف جہادکر رہےہیں، عوام کی طاقت سے مافیا کو شکست دوں گا اور نیاپاکستان بناکر دکھاؤں گا، کپتان کو مقابلہ کرنا آتا ہے، آنے والے دنوں میں مقبوضہ کشمیر کو آزاد دیکھیں گے‘۔

    وزیراعظم نے جلسہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا ختم نہیں ہوا، اس لئے سب ماسک لازمی پہنیں، کیونکہ صرف ماسک پہن کر ہی کرونا سے بچا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ پچیس جولائی کو آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے لئے پولنگ ہونے جارہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کا پی ٹی آئی سے کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

  • کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے: بلاول بھٹو

    مظفر آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف سیاست کرتے ہیں لیکن مودی جیسی حرکت نہیں کریں گے، ہم انسانیت کے دائرے میں رہ کر سیاست کریں گے، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار وہ یومِ یک جہتی کشمیر کے موقع پر مظفر آباد آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا ہمارا وزیر اعظم اور مودی ایک پیج پر ہیں، مودی نے کشمیر میں اپنے مخالفین کوگرفتار کرایا، پاکستان میں ن لیگ اور پی پی کی معصوم قیادت کوگرفتار کرایا گیا۔

    بلاول بھٹو نے کہا پی ڈی ایم اجلاس میں فیصلہ ہو چکا ہے کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، مارچ کے لیے عوام ملک کے ہر کونے سے نکلیں گے، آزاد کشمیر کا قافلہ یہاں سے نکلے گا اور اسلام آباد ضرور جائے گا، کشمیر الیکشن سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے، عمران خان وزیر اعظم نہیں رہےگا۔

    انھوں نے کہا پیپلز پارٹی اور کشمیر کے عوام کا آج کا نہیں، 3 نسلوں کا ساتھ ہے، ذوالفقار بھٹو نے کہا تھا کشمیر کی آزادی کے لیے ہزار سال بھی جنگ لڑیں گے، بی بی شہید نے کہا تھا جہاں کشمیریوں کا پسینہ وہاں ہمارا خون گرے گا۔

    پی پی چیئرمین نے کہا ماضی کے وزرائے اعظم نے کشمیر کی آواز دنیا بھر میں پہنچائی، آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی ہو رہی ہے، موجودہ وزیر اعظم کے دور میں کشمیر پر تاریخی حملہ ہوا، ہم جانتے ہیں مودی کے مظالم کا جواب کیسے دینا ہے، یہ حکومت جواب نہیں دے سکتی، مودی کو عوام کا منتخب کردہ وزیر اعظم ہی جواب دے سکتا ہے، مودی کو ہرانا ہے تو جمہوریت قائم کرنا ہوگی۔

    بلاول نے کہا کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کے فیصلے کی اجازت دی جائے، ہم آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بات پر کھڑے ہیں، ہمارا نعرہ آپ کا نعرہ ایک ہی ہے کہ رائے شماری ہونی چاہیے۔

  • کشمیریوں سے اظہار یک جہتی، وزیر اعظم آج مظفر  آباد  میں جلسہ سے خطاب کریں گے

    کشمیریوں سے اظہار یک جہتی، وزیر اعظم آج مظفر  آباد میں جلسہ سے خطاب کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کشمیری عوام سے اظہار یک جہتی کے لیے آج مظفر  آباد میں جلسہ کریں گے.

    تفصیلات کے مطابق بھارتی کے غیر قانونی اقدام کےخلاف کشمیری عوام کے شانہ بہ شانہ کھڑا ہونے کے لیے آج مظفر آباد میں فقید المثال جلسے کا اہتمام کیا گیا ہے. وزیر اعظم کشمیروں کی آواز بنیں گے.

    مقبوضہ کشمیریوں کے عوام سے اظہاریک جہتی کے لئے منعقد کیے جانے والے اس جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، عوام کی بڑی تعداد اس میں شرکت کرے گی.

    زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اس کا حصہ بننے کا عزم ظاہر کیا ہے. اسپورٹس اور شوبزکی معروف شخصیات نے بھی مظفرآباد جانے کا اعلان کیا.

    معروف اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ دنیا کو دکھانا ہوگا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں، گلوکار اور موسیقار ساحرعلی بگا کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانے پر وزیراعظم کا ساتھ دیں۔

    مزید پڑھیں: کشمیر پر خاموشی عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث ہوگی: صدر پاکستان

    اداکارہ مایاعلی نے بھی ٹویٹ کیا تھا، جس میں انھوں نے کہا کہ آئیں وزیراعظم کا ساتھ دیں اور کشمیریوں سے یک جہتی کامظاہرہ کریں.

    خیال رہے کہ پانچ اگست کو بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی. 39دن سے وادی میں کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے انسانی المیہ جنم لے چکا ہے.

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ کشمیر کا سفیر بنیں گے اور ہر فورم پر اس مسئلے کو اٹھائیں‌گے.

  • وزیراعظم  عمران خان کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے آج مظفرآباد جائیں گے

    وزیراعظم عمران خان کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے آج مظفرآباد جائیں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے آج مظفرآباد جائیں گے اور کشمیری شہداء کی یاد میں تقریب سے خطاب کریں گے، عمران خان نے 6 ستمبر کو یوم دفاع کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے کےلئے آج آزاد کشمیر مظفر آباد جائیں گے اور مظفرآباد میں کشمیری شہداءکی یاد میں تقریب سے خطاب کریں گے۔

    وزیراعظم نے 6 ستمبر کو یوم دفاع کے ساتھ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی بھی کہ ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیا جائے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبائی دارلحکومتوں میں خصوصی تقریبات منعقد کر کے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے۔وزیراعظم نے بتایاکہ پاکستان بھر کے عوام یوم دفاع پر شہداءکے خاندانوں کے پاس پہنچیں۔

    مزید پڑھیں : یوم دفاع پر وزیراعظم پاکستان کا قوم کے نام پیغام

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ قوم دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، دنیا کو بتا دیا ہے کہ پاکستانی جنگ نہیں چاہتے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپنی سلامتی اورخودمختاری پرسمجھوتا نہیں کریں گے، دشمن کو بھر پورردعمل دینے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

  • کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے: صدر مملکت

    مظفر آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جس دن بھی مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی جاتی ہے انٹرنیٹ بند کیا جاتا ہے، کب تک چھپائیں گے ظلم کو مزید نہیں چھپا سکتے۔ بھارت میں جب الیکشن آتے ہیں، کشمیر اور مسلمانوں پر ظلم ڈھاتے ہیں۔

    صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوشش کی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدلا جائے، جتنی کوشش کر لے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی رہے گی۔ جب بھی نئی حکومت آتی ہے ہاتھ بڑھانے کا اچھا موقع ہوتا ہے، عمران خان نے بھی ہاتھ بڑھایا مگر جس طرح انکار کیا گیا دنیا نے دیکھا۔

    خیال رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔

    یوم کشمیر کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، پیلیٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے، بھارت کے خلاف 70 سال سے کشمیری جدوجہد آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کاش لوگ سنگینوں کے نیچے آزادی کے نعرے نہ لگا رہے ہوتے، کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا، یہ واضح ہوچکا ہے کشمیریوں کی تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔

  • مظفرآباد: جیپ کھائی میں گرنےسے 8 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: جیپ کھائی میں گرنےسے 8 افراد جاں بحق

    مظفرآباد: آزاد جموں وکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جیپ گھائی میں گرنے سے خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے سیری درہ جانے والی جیپ کھائی میں گرنے سے خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    اسسٹنٹ کمشنرمظفرآباد کے مطابق حادثے کے فوری بعد ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچے اور کھائی میں سے 8 افراد کی لاشیں نکال لیں۔


    آزاد کشمیرمیں مسافروین گھائی میں گرگئی‘ 5 افراد جاں بحق

    خیال رہے کہ 5 نومبر 2017 کو میرپور آزاد کشمیر میں پنجواڑا کے قریب مسافر وین تیزرفتاری کے باعث کھائی میں جا گری تھی، حادثے میں پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 5 مئی 2017 کو آزاد کشمیر میں مسافروین کھائی میں گرنے سے 8 افراد جاں بحق جبکہ 4 شدید زخمی ہوگئے تھے۔


    آزاد کشمیر: باراتیوں‌ کی بس کھائی میں جاگری، 22 افراد جاں‌ بحق

    واضح رہے کہ 15 اگست 2016 کو آزاد کشمیر کے ضلع پلندری میں باراتیوں‌ سے بھری ایک بس کھائی میں‌ جاگری تھی جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • یوم یکجہتی کشمیر ، مسلم لیگ ن کا مظفرآباد میں جلسہ، مریم نواز اور نوازشریف خطاب کریں گے

    یوم یکجہتی کشمیر ، مسلم لیگ ن کا مظفرآباد میں جلسہ، مریم نواز اور نوازشریف خطاب کریں گے

    مظفر آبا د: یوم یکجہتی کشمیر پر ن لیگ مظفرآباد میں سیاسی قوت دکھائے گی، جلسےکی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں ، نوازشریف اور مریم نواز سمیت آزادکشمیر کے وزیراعظم خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) آج مظفرآباد میں جلسہ کرنے جارہی ہے، یونیورسٹی گراؤنڈ میں پنڈال سج گیا، جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔

    یونیورسٹی گراؤنڈ میں بڑی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ جلسہ گاہ میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے اور بڑے بڑے پینافلیکس آویزاں کر دیئے گئے۔

    اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔

    مسلم لیگ ن کے صدر نا اہل وزیراعظم نواشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر مرکزی قائدین جلسے عام سے خطاب کریں گے۔


    مزید پڑھیں : عوامی عدالت نے طلال اور دانیال کے حق میں فیصلہ سنا دیا، نوازشریف


    یاد رہے کہ پشاور میں مسلم لیگ ن کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز پر توہین عدالت کا الزام لگا کر طلب کرلیا گیا مگر عوامی عدالت نے میری نااہلی سمیت تمام نوٹسس کا فیصلہ سنا دیا، انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ پارلیمنٹ کو مضبوط کر کے عدالتی فیصلہ ختم کرسکیں۔

    ان کا کہناتھا کہ مجھے ہمیشہ کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔ کیا آپ کو یہ فیصلہ منظور ہے؟ کیا اس طرح کے فیصلے سے آپ کا اور میرا تعلق ختم ہوسکتا ہے؟‘، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں تاکہ پارلیمنٹ میں قوانین بناکر عدالتی فیصلے کو ختم کیا جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔ 

  • اگلے سال تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوجائے گی: وزیر اعظم

    اگلے سال تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوجائے گی: وزیر اعظم

    مظفر آباد: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ اگلے سال کے اوائل تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔ 70 سال میں اتنی بجلی سسٹم میں شامل نہیں کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مظفر آباد آزاد کشمیر میں نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ کے دورے اور سرنگوں کی تکمیل سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔

    انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کے نیچے سرنگیں بنانا ایک عجوبہ ہے۔ نیلم جہلم منصوبہ تعطل کا شکار تھا۔ لگتا تھا 20 سال میں بھی مکمل نہیں ہوگا۔

    وزیر اعظم نے مخالفین کو سخت سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی بے پناہ قلت تھی۔ آپ جانتے ہیں کہ قوم کواس عذاب میں کس نے مبتلا کیا۔

    مخالفین پر وار

    انہوں نے کہا کہ یہ لوگ روز ٹی وی پر آتے اور گالیاں دیتے ہیں۔ قوم کو عذاب میں مبتلا کرنے والے احتجاج کی بات کر رہے ہیں۔ روز گالیاں دینا اور الزام تراشی کرنا ان کا شیوہ بن چکا ہے۔

    نواز شریف نے مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا ایجنڈا اور منشور ہی گالیاں دینا اور الزام تراشی ہے۔ ’اگر آپ بد زبانی پر مجبور ہیں تو اپنا شوق پورا کرتے رہیں، مگر منصوبوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں‘۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مخالفین نے گندی زبان استعمال کی، لیکن ہم نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ہم اپنے کام میں مصروف رہے۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے برس کے اوائل تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔ ان کے مطابق 70 سال میں اتنی بجلی سسٹم میں شامل کی گئی جتنی ہم نے اپنی ایک حکومت میں کردی۔

    وزیر اعظم نے کہا، ’ماضی میں اسیکنڈلز کی بھر مار تھی، کیا ہمارے دور میں ایک بھی اسکینڈل آیا‘؟ انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ 10 ماہ تاخیر کا شکار ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں شیر ایک بار پھر کبوتر کو اڑا کر لے جائے گا۔

    یاد رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پرجیکٹ کا 92 فیصد تعمیری کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا پہلا یونٹ اگلے سال فروری کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔

    پروجیکٹ کا دوسرا یونٹ مارچ کے مہینے میں بجلی بنانا شروع کر دے گا جبکہ تیسرے اور چوتھے یونٹ کو اس سے اگلے سال اپریل تک مکمل کرلیا جائے گا جس کے بعد یہ بھی فعال ہوجائیں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔