مظفرگڑھ: جنوبی پنجاب کے شہر مظفر گڑھ کے علاقے لنگر سرائے میں ایک بس اور ٹریلر میں خوف ناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
مظفر گڑھ پولیس کا کہنا ہے کہ لنگر سرائے کے علاقے میں بس اور ٹریلر میں افسوس ناک تصادم کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 18 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، افسوس ناک حادثے میں بس ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بس جھنگ سے علی پور جا رہی تھی۔
ریسیکیو 1122 کے تعاون سے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ترجمان پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر، ڈی ایس پی و ایس ایچ او نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے تھے، جب کہ حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہ کا تعین کیا جا رہا ہے۔
وادی نیلم میں سیاحوں کی کار دریا میں جاگری، 6 جاں بحق، بچہ لاپتہ
یاد رہے کہ گزشتہ روزچلہانہ کے مقام پر وادی نیلم میں سیاحوں کی کار دریا میں جا گری تھی، جس میں 5 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ ایک بچہ لاپتا ہو گیا تھا، راستے دشوار گزار اور کھائی کے باعث لاشیں نکالنے میں مشکلات پیش آئیں۔
گزشتہ ماہ بھی وادی نیلم میں جیپ حادثہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں درجن سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ ایس ایس پی وادی نیلم خواجہ صدیق کا کہنا تھا کہ جیپ میں 23 افراد سوار تھے، چار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔