Tag: muzahira

  • کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : پانچ خواتین کے قتل کیخلاف پریس کلب کے باہر مظاہرہ

    کوئٹہ : گزشتہ روز کوئٹہ میں ہونے والی پانچ خواتین کے قتل کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردارتک پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں گزشتہ روز بس میں 5 خواتین کوفائرنگ کرکے قتل کئے جانے کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے کوئٹہ پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا،۔

    مظاہرین میں مردوں کے ساتھ خواتین بھی شریک ہوئیں، شرکاء نے دہشت گردی کے واقعات اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور خواتین کی ٹارگٹ کلنگ پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔

    مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردارتک پہنچایا جائے، واقعہ کے خلاف حرمت نسواں فاﺅنڈیشن کے عہدیداروں کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی، جس میں انہوں نے خواتین کے قتل کو صوبے کے روایات کے منافی اوردشمن کی جانب سے سازش قرار دیتے ہوئے حکومت کی جانب سے سیکورٹی اقدامات پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

    مزید پڑھیں : کوئٹہ میں بس پر فائرنگ، چار خواتین جاں بحق

     کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے پودگلی چوک فائرنگ واقعہ میں جاں بحق خواتین کے لواحقین اور ہزارہ عمائدین سے امام بارگاہ نیچاری میں ملاقات کی اور مقتول خواتین کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

    کمانڈر سدرن کمانڈ کا کہنا تھا کہ واقعہ ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘دشمن ہم میں نفاق ڈالنا چاہتا ہے اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیں گے۔

     

  • سول سائٹی کے نمائندوں کا قائد ایم کیوایم کے بیان کیخلاف مظاہرہ

    سول سائٹی کے نمائندوں کا قائد ایم کیوایم کے بیان کیخلاف مظاہرہ

    کراچی : برطانوی قونصل خانے کے قریب سول سائٹی کے نمائندوں نے ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مذمتی قرارداد قونصل خانے میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق سول سائٹی کے نمائندوں نے برطانوی قونصل خانے کے قریب ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تین تلوار کے قریب ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی مذمت کی اور اے آر وائی نیوز پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    مظاہرین نے قونصل خانے میں ایک یاد داشت جمع کرائی جس میں قائد ایم کیو ایم کے گذشتہ روز کے بیان پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرے کے دوران برطانوی قونصل خانے جانے والے راستے کو سیل کرکے ٹریفک کیلئے بند کیاگیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کلب پر ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں قائد ایم کیو ایم نے اپنے خطاب میں پاکستان مخالف نعرے لگائے تھے۔

    اس کے علاوہ ان کی جانب سے ٹی وی چینلز کے حوالے سے غصہ کا اظہار کرنے کے بعد کارکنان نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔

     

  • پاکستانی نوجوان نے اپنے دلائل سے بھارتی مظاہرین کو لاجواب کردیا

    پاکستانی نوجوان نے اپنے دلائل سے بھارتی مظاہرین کو لاجواب کردیا

    لندن : پاکستان کیخلاف لندن میں مظاہرہ کرنے والے بھارتی مظاہرین ایک پاکستانی کی دلیلوں کا جواب نہ دے سکے اورراہ فراراختیارکرلی۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم پوری دنیا پرعیاں ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں لاٹھی، گولی، ہلاکتیں اوربھارتی فوج کے مطالم جاری ہیں لیکن بھارتی شہری اپنی روایتی ہٹ دھرمی چھوڑنے پرتیار نہیں۔


    One Pakistani wins over tens of Indians by arynews

    لندن میں بھارتی مظاہرین ایک پاکستانی کے سامنے اس وقت بے بسی کی تصویر بن گئے جب ایک پاکستانی نے بھارتی آئین کا حوالہ دے کرکشمیریوں کا حق ثابت کردیا۔

    دلائل کے سامنے بھارتیوں کو کوئی جواب بن نہ پڑا تو وہ آئیں بائیں شائیں کرنے لگے۔ دلیل کی زبان میں بات کرنے والے پاکستانی نے بھارتیوں کو گھٹنےٹیکنے پرمجبور کردیا۔

    اس موقع پرکچھ افراد نے راہ فرار اختیارکی تو کچھ امن کی بات کرنے لگے۔ مذکورہ پاکستانی انہیں بات چیت کی دعوت دیتا رہا لیکن بھارتی حکومت کی طرح اس کے شہری بھی مقبوضہ کشمیر پربات چیت سے بھاگتے نظر آئے۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    متحدہ قومی موومنٹ کا وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

    واشنگٹن : متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے زیرا ہتمام واشنگٹن ڈی سی میں پنسلوانیا اسٹریٹ، وہائٹ ہاؤس کے سامنے مظاہرہ کیا گیا۔

    مظاہرے کے شرکاء نے کراچی میں جاری آپریشن کے دوران غیر قانونی چھاپوں، گرفتاریوں، سرکاری عقوبت خانوں میں وحشیانہ تشدد، سیاسی وفاداریوں کی تبدیلی کے لئے دباؤ اورایم کیو ایم کے خلاف جاری مجرمانہ متعصبانہ آپریشن کے خلاف اپناپرامن اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ۔

    MQM1

    مظاہرے میں ایم کیو ایم کے کنوینر ندیم نصرت، ایم کیو ایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف، اراکین سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی شمیم صدیقی، عارف صدیقی، کامران حیدر محفوط حیدری، جنید فہمی، گل محمد، عدنان نقوی اور فرحین رضوی، کمیونیکیشن اینڈ میڈیا سیل سمیت امریکہ کی بیس سے زائدریاستوں کے مختلف شہروں سے کارکنان وذمہ داران سمیت واشنگٹن کے قرب وجوار کی ریاستوں سے ہمدردوں بشمول بزرگ، خواتین اور بچوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ٓ

    MQM4

    مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز تھامے ہوئے تھے جس پر ماورائے عدالت ہلاکتوں، مہاجر کارکنان کی جبری گمشدگیوں، ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر و بیانات پر پابندی کے خلاف نعرے درج تھے۔

    MQM3

    مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ندیم نصرت نے کہا کہ جب جب ایم کیو ایم پر برا وقت آیا کارکنان نے ہی تحریکی جدوجہد کو جاری رکھا ہے اور اپنی جانیں بھی قربان کردیں ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ وائٹ ہاؤس کے سامنے عظیم الشان مظاہرے نے ثابت کردیا ہے کہ قوم نے اپنا واضح فیصلہ کرلیا ہے اور وہ حق پرستانہ جدوجہد کی راہ میں آنے والی ہر مشکل سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

    MQM5

    مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینٹرل آرگنائزر متین یوسف نے کہا کہ پاکستان اور اسکے وسائل پر قابض قوتوں نے اپنی ذاتی منفعت کیلئے پاکستان کے مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی مخصوص پالیسیوں سے پاکستان کو تباہ و برباد کردیا ہے۔

    MQM6

    انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی واحد حقیقی سیکولر، لبرل اور ترقی پسند جماعت ہے جو پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کا حقیقی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔

     

  • متحدہ قومی موومنٹ آج وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی

    متحدہ قومی موومنٹ آج وہائٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریگی

    واشنگٹن : کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف آج امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وہائٹ ہاؤس کے سامنے بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری آپریشن کے دوران ایم کیوایم کے کارکنان کی گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر و بیانات پرپابندی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آج امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں وہائٹ ہاؤس کے سامنے ایم کیو ایم کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    مظاہرے سے ایم کیوایم کے دیگررہنماوٴں کے علاوہ قائد ایم کیوایم بھی لندن سے بذریعہ ٹیلیفون خطاب کریں گے۔

    احتجاجی مظاہرہ امریکہ کے ایسٹرن ٹائم کے مطابق دوپہربارہ بجے اور پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے ہوگا۔ احتجاجی مظاہرے میں واشنگٹن کے علاوہ امریکہ کی دیگرریاستوں اورشہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنان بھی شرکت کریں گے۔

    واضح رہے کہ واشنگٹن میں ایم کیوایم امریکہ کاتین روزہ سالانہ کنونشن جاری ہے اورآج کنونشن کادوسرا روز ہے۔

    ذرائع کے مطابق قائد ایم کیوایم ستمبر میں امریکا کا دورہ بھی کریں گے، واضح رہے کہ واشنگٹن میں ایم کیوایم امریکہ کاتین روزہ سالانہ کنونشن جاری ہے اورآج کنونشن کادوسرا روز ہے۔

     

  • رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف ایم کیو ایم کا پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ

    رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف ایم کیو ایم کا پریس کلب پراحتجاجی مظاہرہ

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) نے نامزد مئیر وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی گرفتاری کے خلاف پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا۔ مطاہرے میں مرد و خواتین کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    MQM1

    اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے سوال کیا کہ آئین کی خلاف ورزی پر سوموٹو کیوں نہیں لیا جارہا، انہوں نے کہا کہ وسیم اختر کو مئیرکی نامزدگی سے دستبردار نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے سامنے نامزد مئیر وسیم اختر اور ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کی گرفتاری کے خلاف ایم کیو ایم نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    MQM2

    مظاہرے میں گرفتاررہنماؤں کے اہل خانہ، منتخب بلدیاتی نمائندوں، رہنماؤں اور کارکنان نے بینرز اٹھائے رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

    ایم کیو ایم رہنماؤں نے اپنے خطاب میں وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر وسیم اختر کو رہا نہ کیا گیا تو ایم کیو ایم اپنے فیصلے کرنے میں آزاد ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کی ضمانت کے لیے اعلیٰ عدالتوں سے رجوع کر لیا ہے۔ نامزد ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ نے کہا کہ ہمیں عدالتوں پر اعتماد ہے، دونوں رہنما جلد عوام کے درمیان ہوں گے۔

    MQM3

    اس موقع پر رؤف صدیقی کی صاحبزادیوں اور دیگراہل خانہ نے بھی ارباب اختیار سے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر رہنماؤں کی رہائی نہ ہوئی تو ایم کیو ایم احتجاج کے دائرے کو وسیع کردے گی۔

     

  • اسحاق ڈار کو کلین چٹ : پی ٹی آئی نے نیب کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا

    اسحاق ڈار کو کلین چٹ : پی ٹی آئی نے نیب کیخلاف احتجاج کا فیصلہ کرلیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کیسز بند کرنے پر نیب کے خلاف احتجاج کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ خان نیازی کی زیر صدارت راولپنڈی، اسلام آباد کے پارٹی عہدیداروں ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور کارکنان کا اجلاس منعقد کیا گیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کیسز بند کرنے پر نیب کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ اسحق ڈار کو نیب کی جانب سے کلین چٹ دے کر ان کا کیس بند کرنا نیب کی نا اہلی اور جانبداری کی زندہ مثال ہے۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ نیب حکومتی دباؤ میں آکر فیصلے کر رہا ہے جس پر تشویش ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہفتے پیر کے روزاسلام آباد میں نیب کے دفتر سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔

    احتجاج سے متعلق تمام ذمہ داریاں راولپنڈی میں قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی جبکہ اسلام آباد میں یونین کونسلوں کے چئیرمین اور امید واروں کو سونپ دی گئی ہیں۔

     

  • ایم کیو ایم کا کارکنان کی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل کیخلاف مظاہرہ

    ایم کیو ایم کا کارکنان کی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل کیخلاف مظاہرہ

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی پریس کلب کے باہر اپنے کارکنان کی گرفتاریوں اور ماورائے عدالت قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    MQM1

    تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ میں رابطہ کمیٹی کے اراکین سمیت کارکنان اور خواتین نےبڑی تعداد میں شرکت کی۔ مظاہرین ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے،جن پعر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔

    MQM2

    مطاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ تین سال میں ایم کیو ایم کے اکسٹھ کارکنان کو ماورائے عدالت قتل جبکہ ایک ہفتے میں آٹھ سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اور بیشتر کارکنان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے

    MQM3

    مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرایا جائے اور لاپتہ کارکنان کو بازیاب کرایا جائے۔

    MQM4

    مظاہرے سے کنورنوید جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت کے خلاف ایم کیو ایم نے فوجی آپریشن کا مطالبہ کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مجرم ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے نہ کہ اسے لاپتہ کردیا جائے۔

     

  • ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور مظاہرین کے احتجاج سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے

    ڈاکٹر کی مبینہ غفلت اور مظاہرین کے احتجاج سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے

    ایبٹ آباد : ایوب میڈیکل کمپلکس کے ڈاکٹرکی مبینہ غفلت کے باعث دو افراد جاں بحق ہو گئے، مظاہرین نے اسپتال انتظامیہ کیخلاف زبردست مظاہرہ کیا، شاہراہ بلاک کرنے کی وجہ سے ایمبولینس میں موجود ایک بچہ بھی جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے علاقے چونا کاری کا رہائشی نوجوان احمد علی افطاری سے تھوڑی دیر قبل گھر میں پھسلنے سے گرا اور اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔

    مذکورہ نوجوان کو کو اس کے لواحقین ایوب ٹیچنگ ہسپتال لائے، جہاں ڈاکٹر حیدر علی نے مریض کو انجکیشن لگایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان احمد علی کے ورثاء اور اہل علاقہ نے لاش شاہراہ ریشم پر رکھ کر ایک گھنٹے تک شدید احتجاج کیا۔

    ورثاء اسپتال انتظامیہ کیخلاف اور انصاف کے حصول کیلئے شدید نعرے بازی کرتے رہے، اس دوران شاہراہ ریشم پر ٹریفک جام ہوگیا۔

    احتجاج کے باعث شنکیاری سے تشویشناک حالت میں منتقل کئے جانے والا تین سالہ بچہ بھی احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش کے باعث ایمبولینس میں ہی جاں بحق ہو گیا۔

    ایوب میڈیکل کمپلکس میں آئے روز ڈاکٹر اور نرسز کی غفلت سے مریضوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے۔

     

  • گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث چار ماہ کی بچی جاں بحق ہو گئی, ورثاء نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقہ کولہو والا کے رہائشی محنت کش شمائل کی چار ماہ کی بیٹی ابیحہ کو معمولی بخار کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا ، جہاں پر ڈاکٹرز کی جانب سے مبینہ غفلت اور لا پرواہی برتنے پر بچی جاں بحق ہو گئی۔

    بچی کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرز اورسیکیورٹی کے عملہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    لواحقین کا کہنا تھا کہ معمولی بخار میں مبتلا بچی کو ہسپتا ل لایا گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ایک انجکشن لگا کر تمام اہل خانہ کو کمرے سے باہر نکال دیا ۔

    دو گھنٹے بعد جب بچی کا والد کمرے میں داخل ہوا تو بچی جاں بحق ہو چکی تھی، جس کے بعد ہسپتال کے عملہ نے سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے انہیں دھکے دے کر ہسپتال سے باہر نکال دیا ۔

    دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ باغبانپورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔