Tag: Muzahiry

  • کشمیرمیں بھارتی بربریت کیخلاف کراچی سے خیبر تک عوام سراپا احتجاج

    کشمیرمیں بھارتی بربریت کیخلاف کراچی سے خیبر تک عوام سراپا احتجاج

    کراچی / لاہور / پشاور / کوئٹہ : مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کراچی سے خیبر تک شدید احتجاج کا سلسلہ ملک کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔ کہیں بھارتی وزیراعظم کے پتلے جلائے گئے تو کہیں شہداء کشمیر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کی شہادت پر کراچی سے خیبر تک عوام سراپا احتجاج ہیں۔ آزاد کشمیر کے عوام نے ریلی نکالی اور یو این مبصر مشن کو یاد داشت پیش کی گئی۔

    1

    کراچی کے مختلف مقامات پر بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا، بھارتی مظالم اورمدینہ منورہ میں حالیہ دہشت گردی کے خلاف اور حرمین شرفین کے تحفظ کے لئے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئی۔جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

    2

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خلاف اور برہان مظفروانی سمیت 40افراد کی شہادتوں اور خواتین سمیت عوام تشدد کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا اورکراچی کے پانچوں اضلاع میں 38اہم مقامات پر مظاہرے کیے گئے جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بھارتی حکمرانوں اور غاصب افواج کے ظلم و ستم کی شدید مذمت کی گئی، اس سلسلے میں ایک بڑا مظاہرہ میمن مسجد بولٹن مارکیٹ پر کیا گیا جس سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا ۔
    3

    اہل سنت والجماعت پاکستان کے سربراہ مولانا محمد احمد لدھیانوی کی اپیل پر مدینہ منورہ میں دہشت گردی اور کشمیر میں جاری بھارتی درندگی کیخلاف مرکز اہل سنت جامع مسجد صدیق اکبر ناگن چورنگی پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر اہل سنت والجماعت پاکستان علامہ اورنگزیب فاروقی ، علامہ رب نوازحنفی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا مدینہ منورہ میں دہشت گردی ناقابل قبول ہے۔

    4

    انہوں نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائی سینے پر گولی کھا کربھی کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا تے ہیں چنانچہ ہم بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں لیکن افسوس کہ ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے ان نام نہاد حکمرانوں پر جنہوں نے مودی سے اپنی دوستی اور تجارتی تعلقات قائم رکھنے کیلئے کشمیری بھائیوں کیلئے ہمدردی کے دو بول بولنا بھی گوارا نہ کئے۔

    جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی اپیل پر جے یو آئی کے زیر اہتمام مدینہ میں دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف یوم احتجاج کے موقع پر کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صوبائی رہنماء قاری محمد عثمان، مولانا عبدالکریم عابد مولانا ناصر خالد محمود سومرو اور دیگر نے خطاب کیا۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ مدینہ منور ہ میں ہونے والی دہشت گردی نے اہل اسلام کے دلوں کو زخمی کردیا ہے۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز مظالم میں اضافہ ہو رہا ہے۔بھارت بزور طاقت تحریک آزادی کو کچل کر کے کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

    جماعۃ الدعوۃ کی اپیل پر کراچی میں بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ شہر میں 15 سے زائد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، بڑے مظاہرے نمائش چورنگی، حسن اسکوائر، ناگن چورنگی، میمن مسجد بولٹن مارکیٹ، پنجاب چورنگی اور شارع فیصل پر ہوئے۔ نمائش چورنگی پر مظاہرین سے جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسؤل ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر میں ظلم و جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کرسکا۔ اگر اقوام متحدہ مسلم مقبوضہ خطوں پر دہرا معیار برقرار رکھتی ہے تو مسلم ممالک اپنی الگ یونین بنائے۔ کشمیر کی آزادی کشمیریوں کا حق ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

    پیپلز پارٹی کے تحت کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرے میں مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو ،پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر سعید غنی، پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر تاج حیدر، وقار مہدی، راشد ربانی ،شاہدہ رحمانی،سردار نزاکت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    جمعیت علماء پاکستان (نورانی)کراچی کے تحت یوم احتجاج کے موقع پر اجتماعات اور مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کراچی ڈویژن کے کنوینر علامہ عقیل انجم قادری ،علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی ودیگر نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے کردار ادا کرے،

    لاہور میں بھی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالیں ۔۔ مظاہرین نے بھارت کے ساتھ تجارتی روابط ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے تجارتی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ جمعیت علما اسلام کے کارکنوں نے کشمیر یوں سے اظہار یکجہتی کے ساتھ مدینہ منور ہ میں دھماکے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور او آئی سی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کردیا۔ مظاہرین نے امریکی پرچم نذر آتش کیا اور نعرے بازی کی۔

    فیصل آباد، کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم پر فیصل آباد کے شہری آگ بگولہ ہوگئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پُتلا جلایا گیا، لوگوں نے مودی کے پتلے پر ڈنڈے برسا کر دل کی بھڑاس نکالی۔

    اسلام آباد کے شہری بھارتی مظالم کے خلاف بینرز اٹھائے سڑکوں آگئے۔ بینرز پر بھارت کشمیریوں پر مظالم بند کرے۔ کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے درج تھے۔

    پشاور میں شہداء کشمیر کے لئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی، ملتان کی وکلاء برادری نے بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اور نریندر مودی کیخلاف نعرے لگائے۔

    مکران میں سبز ہلالی پرچم اٹھائے شہریوں نے احتجاجی ریلی نکالی تو چمن بھی کشمیر زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

    نوابشاہ میں سیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے شہداء کشمیر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی۔

    سانگھڑ میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھائی۔ سکھر میں نہتے اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرہ کیا گیا۔

     

  • امریکا میں سیاہ فام برادری کے مظاہرے جاری

    امریکا میں سیاہ فام برادری کے مظاہرے جاری

    واشنگٹن : امریکا میں سیاہ فام افراد کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت پر مختلف ریاستوں میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، تجزیہ کاروں کے مطابق مظاہروں کی غیر معمولی میڈیا کوریج بھی امریکا میں تعصب کو مزید فروغ دے رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ڈیلس میں ایک سیاہ فام نوجوان کے ہاتھوں پانچ پولیس اہلکاروں کے قتل کے واقعہ بھی امریکا بھر میں سیاہ فام افراد کے مظاہروں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔

    گزشتہ ہفتے مینیسوٹا اور لوزیانا میں پولیس گردی کا نشانہ بننے والے دو سیاہ فام نوجوانوں کی ہلاکت کے سلسلے میں ہونے والے مظاہروں میں اب تک سینکڑوں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔

     

    مینیسوٹا میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں جبکہ گورنر مارک ڈیٹن مظاہرین سے پر امن رہنے کے اپیل کرتے رہے۔

    لوزیانا کے دارالحکومت بیٹن روگ میں گزشتہ دنوں میں احتجاج میں شدت آتی جا رہی ہے جبکہ ڈیلس میں پانچ پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد صورتحال اب بھی کشیدہ ہے۔

     

    دوسری جانب امریکی میڈیا میں ان مظاہروں کی غیر معمولی کوریج پر بھی کچھ حلقے تعصب کو مزید ہوا دینے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

    ناقدین کے مطابق توجہ تعصب پر مبنی رویوں کو تبدیل کرنے پر ہونی چاہئیے نہ کہ مظاہروں کی چوبیس گھنٹے کی کوریج پر۔

     

  • متحدہ رہنماء باؤانوارکے قتل کیخلاف سندھ بھرمیں مظاہرے

    متحدہ رہنماء باؤانوارکے قتل کیخلاف سندھ بھرمیں مظاہرے

    کراچی : ایم کیو ایم کے عہدیدار باؤ انوارکے قتل کے خلاف سیالکوٹ اور سندھ کے کئی شہروں میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے احتجاج کیا ہے۔سیالکوٹ میں ایم کیوایم کے عہدیدارباؤمحمدانور کے قتل پر شہر میں سوگ کاسماں ہے۔

    کارکنان نے قتل کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے کارکنوں نے باؤ انور کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا۔میر پور خاص میں ایم کیوایم کے عہدیدار کے قتل کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا ۔

    مظاہرے کی قیادت ایم کیوایم میرپورخاص کے زونل انچارج مجیب الحق و اراکین زونل کمیٹی نے کی۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باؤانوار کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔

    کارکنان نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر باؤ انوار کے قاتلوں کی گرفتاری کے مطالبات درج تھے۔دادو،سانگھڑ،ٹنڈو محمد خان سمیت کئی شہروں میٕں ایم کیو ایم کے رہنما باؤ انور کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں۔

  • سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    سندھ کی تقسیم کے خلاف احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری

    حیدرآباد: سندھ کی تقسیم کے خلاف صوبے بھر میں سندھ ترقی پسند پارٹی کی اپیل پر احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں انتظامی یونٹس کے قیام کے مطالبے کیخلاف حیدر آباد سکھر ودیگر شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں ماند پڑ گئیں ۔

    احتجاج اور ہڑتال کے باعث حیدرآباد کے کئی علاقوں قاسم آباد، حسین آباد، گل سینٹر، اوردیگرعلاقوں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں ۔ ہڑتال کی کال پر سی این جی اسٹیشنزاور پیٹرول پمپس بند رہنے سے عوام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔بعض علاقوں میں ٹائرنذر آتش کر کےاحتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

    سکھرکے عوام نے سندھ کی تقسیم کو نامنظور قراردیا ، سکھر میں بھی کاروباری مراکز بند رہے،سرکاری دفاتر اور اسکولوں میں حاضری بھی کم رہی، جبکہ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنزبند رہے ۔

    نوشیرو فیروز میں ایس ٹی پی پی کی کال پر ہڑتال میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں،نواب شاہ میں سڑکوں پر ٹریفک کم جبکہ دکانوں پر تالے لگے رہے ۔ سندھ کی تقسیم کے خلاف سانگھڑ کے عوام نے زبردست احتجاج ریکارڈ کرایا ،سڑکوں پرپولیس کا گشت دیکھنے میں آیا ۔

    ٹنڈو الہ یار میں عوام نے سڑکوں پر پتھراؤ کیا اور ٹائر نذر آتش کئے، جبکہ کاروباری مراکز بند رہے ،مٹیاری میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا سماں رہا ،سکیورٹی کے لئے پولیس سڑکوں پر موجود رہی، لاڑکانہ میں بھی ہڑتال کامیاب رہی اورعوام نے سندھ کی تقسیم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔