Tag: MWM

  • کن علاقوں میں دھرنے ختم اور کن میں جاری ہیں؟

    کن علاقوں میں دھرنے ختم اور کن میں جاری ہیں؟

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تاحال دھرنے جاری ہیں، جس سے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے، تاہم کئی مقامات پر پولیس نے دھرنے ختم کرا دیے ہیں۔

    عباس ٹاؤن میں پولیس نے دھرنا ختم کرا دیا ہے، سرجانی کے ڈی اے فلیٹس پر بھی احتجاجی دھرنا ختم ہو گیا ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق فائیو اسٹار چورنگی، گلستان جوہر میں دھرنا ختم کرا دیا گیا ہے۔

    نواب صدیق علی خان روڈ چورنگی ناظم آباد نمبر 1 اور 2 کو کھول دیا گیا ہے، شاہراہ پاکستان مین عائشہ منزل چورنگی کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، انچولی شاہراہ پاکستان، سہراب گوٹھ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنا جاری ہے، جہاں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی بند ہونے پر متبادل راستے سے ٹریفک گزارا جا رہا ہے، گرو مندر سے سولجر بازار، گارڈن جانے والے راستوں کو استعمال کیا جائے، کوریڈور 3 سے گرومندر اور لسبیلہ جانے والا روڈ کھلا ہوا ہے، یونیورسٹی روڈ، سفاری پارک کے قریب دھرنا دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔

    ویڈیو رپورٹ: دھرنوں کے خلاف کراچی پولیس نے کارروائی شروع کر دی، عباس ٹاؤن میں زبردست شیلنگ

    کراچی کے دیگر علاقوں کامران چورنگی، جوہر موڑ، یونیورسٹی روڈ، اور شمس الدین عظیمی روڈ پر دھرنا جاری ہے، دھرنوں کے اطراف سڑکیں بدستور بند ہیں، ٹریفک پولیس کے مطابق دھرنوں کے کئی مقامات پر سڑکوں کے ایک ٹریک پر ٹریفک چل رہا ہے، اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر گزارا جا رہا ہے۔

    کئی مقامات پر سڑکوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک کا رش ہے، ٹریفک پولیس کا کہنا تھا کہ مسافر حضرات سے گزارش ہے کہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اور احتجاجی مظاہروں کے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔

    ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں، اور رہنمائی کے لیے ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔

    واضح رہے کہ 2 دن وقفے کے بعد کوہاٹ میں آج کرم مسئلے پر دوبارہ گرینڈ جرگہ شروع ہو گیا ہے، جرگے میں اسلحہ اکٹھا کرنے، بنکرز مسمار کرنے، اور راستے کھولنے پر بات ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 قبائل کے عمائدین ایپکس کمیٹی فیصلے کے مطابق معاہدے پر دستخط کے لیے آمادہ ہیں، جب کہ طوری قبیلے کے عمائدین پہلے راستے کھولنے کی بات کر رہے ہیں۔ شرکا مطالبہ کر رہے ہیں کہ بگن بازار میں 6 قبائل کا دھرنا گزشتہ 5 روز سے جاری ہے، راستے کھول کر اشیائے خورد و نوش کی قلت کو دور کیا جائے۔

  • فرقہ واریت کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے، آل پارٹیزکانفرنس

    فرقہ واریت کی ہرسازش کو ناکام بنائیں گے، آل پارٹیزکانفرنس

    کراچی: مجلس وحدت المسلمین کے تحت منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس میں شامل مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ فرقہ واریت کے نام پر ملک توڑنے والی ہر عالمی سازش کو ناکام بنائیں گے قوم کل بھی متحد تھی ہے اور رہے گی۔

    ان خیالات کا اظہار مقررین نے کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کے تحت ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آل پارٹیز کانفرنس میں ملک کی مختلف مذہبی وسیاسی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔

    شرکا کا کہنا تھا کہ ملک میں کہیں بھی فرقہ واریت اور لسانیت کا وجود نہیں ہے قوم آج بھی متحد ہے عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور عالمی سطح پر ہونے والی تبدلیوں کو بھی نظر میں رکھنا ہوگا۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ کل جن کو جہاد کے نام پر اسلحہ تھمایا گیا اج وہی ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے ہوئے ہیں، ۔

    فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے حکومت کو سنجیدگی سے کام لینا ہوگا آج قوم کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے۔ بیرونی طاقتیں ہمیں آپس میں لڑا کر ہمارے وسائل پر قابض ہونا چاہتی ہیں آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نبی اکرم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ آج ہمیں کسی لیڈر کی ضرورت نہیں ہے ہمارے پاس ہمارے لیڈر کی سنت موجود ہے بس اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے اور ہمیں ایک دوسرے کے فرقے کے خلاف فتوے دینے سے گریز کرنا ہوگا۔

    اس موقع پر پارا چنار .کوئٹہ احمد پور شرقیہ اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی گئی اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

  • شیعہ رہنماء مرزا یوسف کی ضمانت منظور

    شیعہ رہنماء مرزا یوسف کی ضمانت منظور

    کراچی: لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کے مقدمے میں گرفتار شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنماء غلام مرزا یوسف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں شیعہ ایکشن کمیٹی کے مولانا مرزا یوسف کی ضمانت سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے مرزا یوسف حسین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انھہں 50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔

    خیال رہے شیعہ ایکشن کمیٹی کے رہنماء کے خلاف شریف آباد تھانے میں لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کے تحت  مقدمہ درج کیا گیا تھا جن میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل تھیں تاہم تفتیشی افسر کی درخواست پر ایف آئی آر میں سے دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے ختم کردی گئی تھی۔


    پڑھیں: ’’ مرزا یوسف عدالتی ریمانڈ پر جیل منتقل ‘‘


    تفتیشی افسر کی درخواست پر دہشت گردی کی دفعہ ختم ہونے کے بعد مولانا یوسف کے خلاف مقدمے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت سے مقامی عدالت منتقل کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے گزشتہ دنوں کراچی میں فرقہ وارانہ قتل کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معروف مذہبی شیعہ رہنماء اور پی پی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کو دو افراد کے قتل کے الزام میں اُن کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔


    مزید پڑھیں: ’’ پٹیل پاڑہ قتل کیس: پی پی رہنما فیصل رضا عابدی گرفتار ‘‘


    بعد ازاں شیعہ رہنماء کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا، فیصل رضا عابدی کی گرفتاری کے بعد شیعہ مسلک کی تنظیموں نے نمائش سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاجی دھرنے دیے تھے۔
  • ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا

    ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا

    کراچی / لاہور / نواب شاہ : ملک بھر میں یوم القدس مذہبی جوش وجذبے سے منایا گیا، اس حوالے سے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف یوم القدس رمضان کے آخری جمعے کو منایا جاتا ہے، کراچی میں مجلس وحدت المسلیمن کی جانب سے نمائش چورنگی سے ریلی نکالی گئی، جس میں خواتین، بچے اور بزرگوں کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ ریلی تبت سینٹر پر اختتام پذیر ہوئی۔

    لاہور میں بھی القدس ریلی نکالی گئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور فلسطین کے حق میں نعرے لگائے۔

    فیصل آباد میں بھی یوم القدس کی ریلی نکالی گئی ۔ریلی امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار پر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی۔

    سانگھڑمیں یوم القدس کے موقع پر شاه پورچاکر میں ریلی نکالی گئی شرکاء نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگاۓ۔

    نواب شاہ میں مرتضوی امام بارگاہ موہنی بازار سے پریس کلب تک یوم القدس ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جس پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

     

  • مجلس وحدت المسلمین کا یوم علیؓ پرفول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ

    مجلس وحدت المسلمین کا یوم علیؓ پرفول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ

    اسلام آباد: مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہالاقانونیت اورٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو مفلوج کر رکھا ہے، حکومتی نااہلی اور دہشت گردوں کی کاروائیوں نے اس مادر وطن کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے۔انھوں نےامجد صابری کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

    مجلس وحدت المسلمین کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ حکومت یوم علی و القدس کے روزفل پروف سیکورٹی انتظامات کرے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی لاقانونیت اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے امن و امان کی صورتحال کو مفلوج کر رکھا ہے۔ حکومتی نااہلی اور دہشت گردوں کی کاروائیوں نے اس مادر وطن کو جہنم بنا کر رکھ دیا ہے، دنیا بھر میں پاکستان کو شناخت دینے والے امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی اور چیف جسٹس کے بیٹے کااغوا کے معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

    ان خیالات کا اظہار علامہ مبشر ،علامہ علی انور،علامہ احسان دانش،مولانا صادق جعفری،آصف صفوی،ناصر الحسینی سمیت دیگر نے پردیسی ہائٹس کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

    مرکزی رہنما علامہ مبشر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے اس ملک کو تختہ مشق بنا رکھا ہے آئے دن بے گناہ مظلوم شہریوں کو دن دیہاڑے قتل کر دیا جاتا ہے حکومت اور قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں کراچی جیسے پررونق شہر کودہشت گردوں نے اپنی محفوظ پناہ گاہ بنایا ہوا ہے اسی طرح پنجاب بھر میں لشکر جھنگوی سمیت دیگر دہشت گرد جماعتیںآ زادانہ طور پر اپنی کاروائیوں میں مصروف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کی مسلح کاروائیوں کی پیچھے کالعدم مذہبی جماعتوں کا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کراچی میں جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادہ اویس شاہ کااغوا اور امجد صابری کا قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔ خلاف مجلس ووحدت مسلمین کے قائد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے گزشتہ 43 دن سے بھوک ہڑتال کی ہوئی ہے اوراحتجاجی کیمپ کی طرف حکومت کی کسی مقتدر شخصیت کا رْخ نہ کرنا اس امر کی دلیل ہے کہ اس ملک میں صرف دہشت گردوں کے مطالبات تسلیم کیے جاتے ہیں۔

    رہنماؤں نے امجد صابری کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور یوم علی علیہ السلام و یوم القدس کے موقعہ پر ملک بھر میں ہونی والی مجالس اور جلوسوں احتجاجی مظاہروں و ریلیوں کو فول پروف سیکورٹی مہیا کرے تمام جلوسوں کے روٹس کی بھرپور نگرانی کی جائے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں۔

  • طاہرالقادری کا15جون کوواپسی،17جون کو لاہورمیں دھرنے کااعلان

    طاہرالقادری کا15جون کوواپسی،17جون کو لاہورمیں دھرنے کااعلان

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے پندرہ جون کو وطن واپسی اور سترہ جون کو سانحہ ماڈل ٹاون کو دو سال مکمل ہونے پر مال روڈ پر دھرنا دینے کا اعلان کردیا ہے۔

    کینیڈا سے وڈیولنک پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے 17 جون 2014ءکو کارکنوں کی شہادت کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے حکومتی رویے اور تحقیقاتی عمل پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف سے انصاف دلانے کی اپیل بھی کی۔

    عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ حکومت حالت نزاع میں ہے،حکمران اپنی مدت اقتدار پوری نہیں کرسکے گی۔

    لند ن میں قیام کے دوران وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے بتایا کہ دھرنے میں دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوں گی۔

    واضح رہے کہ گذشتہ برس 17 جون کو پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا تھا جس میں عوامی تحریک کے 11 کارکن ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے، اس واقعہ کی عدالتی تحقیقات بھی کرائی گئیں اور یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ کے فل بنچ کے روبرو زیر سماعت ہے۔

  • تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز کے ذریعے انصاف ممکن نہیں، راجہ ناصرعباس

    تحقیقاتی کمیشن کے ٹی او آرز کے ذریعے انصاف ممکن نہیں، راجہ ناصرعباس

    کراچی : مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر تحقیقاتی کمیشن کیلئے حکومتی ٹی او آرز کے ذریعے سات نسلوں تک بھی انصاف نہیں مل سکے گا۔

    لاہور میں صوبائی شورٰی کے انتخاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ عوام پانامہ لیکس کے حوالے سے تحقیقاتی کمیشن کیلئے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اعتماد میں لئے بغیر ٹی او آرز بنائے گئے تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

    علامہ راجہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹی او آرز کے ذریعے سات نسلوں تک بھی انصاف نہیں مل سکے گا، وزیراعظم اپنے اخلاقی اور سیاسی دیوالیہ پن کے باعث حق حکمرانی کھو چکے ہیں۔

    اس موقع پر علامہ اصغر عسکری کو مجلس وحدت مسلمین پنجاب کا جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔

     

  • ایم کیو ایم کی ہڑتال کی کال ناکام ہونے سے ثابت ہوگیا کہ کراچی تبدیل ہوچکا ہے، راجہ ناصر عباس

    ایم کیو ایم کی ہڑتال کی کال ناکام ہونے سے ثابت ہوگیا کہ کراچی تبدیل ہوچکا ہے، راجہ ناصر عباس

    لاہور : مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات بھرپور انداز سے لڑیں گے، ایم کیو ایم کی ہڑتال کی کال ناکام ہونے سے ثابت ہو گیا کہ کراچی تبدیل ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ممتاز سماجی شخصیت حیدر علی مرزا کی برسی میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ مومن پورہ قبرستان تاریخی میراث ہے، اسے اورنج لائن منصوبہ کیلئے مسمار نہیں کرنے دینگے۔

    انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی۔

    مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی ہڑتال کی کال ناکام ہونے سے ثابت ہوگیا کہ کراچی تبدیل ہو چکا ہے، نیشنل ایکشن پلان پر حقیقی معنوں میں عمل ہونا چاہیئے۔ حکومت پولیس کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی بجائے امن و امان بہتر بنانے پر توجہ دے۔

    انہوں نے علامہ ساجد نقوی سے ملاقات کے حوالے سے کہا کہ اتحاد اور وحدت کے راستے نکلیں گے۔

  • حکومت سانحہ پشاور پر کمیٹی بنا کر ڈھونگ نہ مچائے، راجا ناصرعباس

    حکومت سانحہ پشاور پر کمیٹی بنا کر ڈھونگ نہ مچائے، راجا ناصرعباس

    کراچی: مجلس وحدت المسلمین پاکستان مرکزی سیکریٹری جنرل راجا ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات ملک کیلئے بہت بڑا سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔

    کراچی میں مجلس وحدت المسلمین کے مرکز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راجا ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ پشاور پر کمیٹی بنا کر ڈھونگ نہ مچائے۔

    کمیٹی میں بھی دہشت گردوں کیلئے ہمدردی رکھنے والے لوگ موجود ہے،انھوں نے کہا کہ وزیر داخلہ عوام کو لالی پاپ دیکر چپ نہیں کراسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف سیاست دانوں اور حکمرانوں کو ایک پیج پر ہونا ہوگا، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو مذاکرات کے ذریعے پچھلے سال والا کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو نظریاتی شکست دینے کیلئے علمائے کرام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،علامہ راجا عباس جعفری نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف نظریاتی ضرب عضب شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فوج ضرب عضب کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلائے کیونکہ ملک بھر کے حصے چھوٹے چھوٹے وزیرستان میں تبدیل ہوچکے ہیں ،انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ سزائے موت کے مجرموں کو ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جلدی کرے ۔

  • عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاون کیخلاف بدھ کو ہونے والا احتجاج منسوخ

    عوامی تحریک کا سانحہ ماڈل ٹاون کیخلاف بدھ کو ہونے والا احتجاج منسوخ

    لاہور: پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاون کے خلاف بدھ کو ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا، مرکزی سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور کہتے ہیں کہ ان کی جماعت تین روزہ سوگ منائے گی۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور کا کہنا تھا کہ بعض حکومتی وزراء کا تحریک انصاف کو ہدف تنقید بنانا قابل مذمت ہے، سکول پر حملہ پاک فوج پر حملہ ہے، سانحہ پشاور کے شہداء کے لواحقین کے غم برابر کے شریک ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک، طالبان کے اس حملے کی پرزور مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم کا کے پی کے کا دورہ اسی صورت بامعنی ہوگا کہ اگر اس میں بہتر اقدامات اٹھالئے جائیں، انہوں نے کہا کہ کل عوامی تحریک کے زیر اہتمام دعائیہ تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔