Tag: Mysterious disease

  • بلوچستان میں پُراسرار بیماری، اونٹ  مرنے لگے

    بلوچستان میں پُراسرار بیماری، اونٹ مرنے لگے

    لسبیلہ : بلوچستان کے پہاڑی اورریگستانی علاقوں میں اونٹوں میں پُراسرار بیماری پھیل گئی، جس کے باعث اب تک کئی اونٹ مرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے پہاڑی اورریگستانی علاقوں میں اونٹوں میں پُراسراربیماری پھیل گئی۔

    مقامی غلہ بانوں نے بتایا کہ پر اسرار بیماری سے اب تک کئی اونٹ مرچکے ہیں، جس سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

    بیماری سے پہلےاونٹوں کی جلد شدید متاثرہوتی ہے، پھر اونٹ کمزور ہو کر مرجاتے ہیں، اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ویٹنری آفیسرڈاکٹرعاقل کا کہنا ہے کہ اونٹوں کی بیماری سے متعلق ٹیم تشکیل دے کرمتاثرہ علاقے میں روانہ کردی ہے جو صورتحال کا جائزہ لے گی۔

    اونٹوں کی پراسرار ہلاکت صوبائی حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے بیمار اونٹوں کے گوشت کی فروخت روکنے، فوڈ اتھارٹی اور لائیو سٹاک کو معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔

  • غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار

    غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار

    ڈسکہ : پنجاب میں ایک غریب درزی پراسرار بیماری کا شکار ہوگیا جس کے باعث اس کے جسم کے مختلف حصوں کی ہڈیاں بڑھ گئیں، غربت کے باعث وہ اپنا علاج کروانے سے قاصر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر ڈسکہ میں غریب محنت کش پراسرار بیماری میں مبتلا ہوکر دہری اذیت کا شکار ہوگیا، ڈاکٹروں نے بھی ملک میں اس بیماری کے علاج نہ ہونے کی تصدیق کردی۔

    ڈسکہ کے نواحی گاؤں دھدھے والی کا رہائشی درزی محسن علی جسم کی ہڈیاں بڑھ جانے کے سبب انتہائی پریشانی کا شکار اور بیرون ملک علاج کیلئے کسی مسیحا کا منتظر ہے۔

    ڈسکہ سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے رانا غلام مصطفیٰ کی رپورٹ کے مطابق محسن علی دن رات محنت کرکے اپنا اور اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔

    فٹبال سی کر گزارا کرنے والا شہری ایک کمرے کے گھر میں رہائش پذیر ہے جو اس بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد شدید مالی مشکلات میں گھر گیا ہے۔

    محسن علی کے جسم کی مختلف ہڈیاں مختلف زاویوں سے بڑھنا شروع ہوگئیں جس کے باعث وہ کام کرنے سمیت صحیح طرح چلنے پھرنے سے بھی قاصر ہے۔

    کئی ڈاکٹروں کو دکھانے کے باوجود معالجین اس پراسرار بیماری کی تشخیص اور علاج کرنے سے انکار کررہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس مرض کا علاج بیرون ملک ہی کیا جاسکتا ہے۔

    محسن علی کی اہلیہ لوگوں کے گھروں کا کام کرکے اپنے گھر کا خرچہ چلانے کی کوشش کررہی ہے، اس کا کہنا ہے کہ بچوں کو کھلانے کے لیے پیسے نہیں اسکول کی فیس بھی نہیں دے سکتے۔

    ہڈیوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا محسن علی وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے امید لگائے بیٹھا ہے کہ حکومتی سطح پر اس کا علاج کرایا جائے گا۔

  • بھارت میں ایک اور وبا پھوٹ پڑی، پراسرار بیماری سے خوف و ہراس پھیل گیا

    بھارت میں ایک اور وبا پھوٹ پڑی، پراسرار بیماری سے خوف و ہراس پھیل گیا

    سری نگر : شمالی کشمیر کے دو دیہاتوں میں 100 سے زائد افراد عید کے فوراً بعد اچانک نامعلوم بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں,  ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ابھی انفیکشن کی وجہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے، تاہم ممکن ہے کہ اس انفکشن کا تعلق پانی سے ہو۔

    شمالی کشمیر ضلع بانڈی پورہ کے حاجن سوناواری علاقے میں نامعلوم انفیکشن کی وجہ سے 100 سے زائد افراد بیمار ہوگئے ہیں۔ تمام متاثرین اس وقت بخار اور معدے سے متعلق دیگر بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مریضوں کی تعداد بڑھنے کی صورت میں انہیں ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے، ہیلتھ سینٹر میں جگہ کی قلت کے سبب ایک مقامی مدرسے میں بھی کچھ مریضوں کو منتقل کر دیا گیا ہے۔

    مدون علاقے میں ایک سرکاری ہیلتھ سنٹر میں بطور میڈیکل آفیسر تعینات ڈاکٹر مظفر نے بتایا کہ اطلاع ملنے کے بعد ہیلتھ ٹیم فوراً وہاں پہنچی، اس دوران 120 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا تاہم ان میں سے سے 20 سے زائد مریضوں میں معدے سے متعلق انفیکشن ہے  جبکہ دیگر لوگوں میں معمولی علامات پائی گئی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ بیماری کی اصل وجہ علاقے میں گندے پانی کی پلائی ہوسکتی ہے، علاقے میں پانی کی سیمپلنگ کی گئی ہے اور اسے ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا ہے تاکہ یہ پتہ کیا جاسکے کہ کیا بیماری پانی کی وجہ سے پھیلی ہے۔

    دوسری جانب ڈاکٹروں کا ماننا ہے کہ ابھی انفیکشن کی وجہ کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا ہے، تاہم ممکن ہے کہ اس انفکشن کا تعلق پانی سے ہو۔اس ضمن میں جب صحافیوں نے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر بشیر احمد سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس سلسلے میں کوئی جواب دینے سے صاف انکار کر دیا۔