Tag: Mysterious Lights

  • آسمان پر رات کے وقت پُراسرار روشنی، لوگ خوفزدہ، ویڈیو وائرل

    آسمان پر رات کے وقت پُراسرار روشنی، لوگ خوفزدہ، ویڈیو وائرل

    استنبول : ترکیہ کے شہر استبول میں آسمان پر ایک حیران کن اور پُراسرار روشنی نے لوگوں کو شدید خوف میں مبتلا کردیا، وہاں موجود لوگ مختلف چہ مگوئیاں کرتے رہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق استبول کے شہریوں نے رات کو آسمان پر اس پراسرار روشنی کو دیکھ کر دعویٰ کیا کہ انہیں دم دار ستارے جیسی کوئی روشن چیز آسمان پر سفر کرتی نظر آئی ہے۔

    تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی ہے۔ مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مختلف قیاس آرائیاں گردش کرنے لگیں۔

    کسی نے کہا کہ یہ ایک میزائل تھا جب کہ کچھ کا خیال تھا کہ یہ سٹیلائٹ ہے۔ اکثر لوگوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ کسی خلائی مشن کا ملبہ تھا جب کہ کسی نے اسے ٹوٹا ہوا ستارہ قرار دیا۔

    ترکیہ کی خلائی ایجنسی نے سوشل میڈیا پر عوام کو پُرسکون رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ممکنہ طور پر ایک شہابیے جیسی کوئی چیز تھی لیکن اس کی فی الوقت تصدیق نہیں کی جاسکتی۔ اس حوالے سے ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل بھی ایک ایسی ہی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر کینیڈا سے تعلق رکھنے والے جوڑے کی جانب سے شیئر کی گئی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے مقامی دریا کے اوپر دو چمکتے ہوئے ایلینز کے پراسرار جہاز دیکھے ہیں۔

    اس وائرل ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی خوفزدہ دکھائی دیئے تو کچھ نے کہا کہ یہ ڈرون ہوسکتے ہیں جبکہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ یہ سورج کی روشنی ہوسکتی ہے۔

  • رات کے وقت آسمان پر پراسرار روشنی، کیا وہ اڑن طشتری تھی؟ ویڈیو وائرل

    رات کے وقت آسمان پر پراسرار روشنی، کیا وہ اڑن طشتری تھی؟ ویڈیو وائرل

    امریکا میں ایک بار پھر آسمان میں اڑتی پراسرار روشنیوں نے لوگوں کو اڑن طشتری کے بارے میں گفتگو کرنے پر مجبور کردیا، ایک خاص ترتیب سے حرکت کرتی ان روشنیوں نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا۔

    امریکی ریاست ٹیکسس میں ایک بار پھر آسمان پر پراسرار روشنیاں دیکھی گئیں۔ ٹیکسس کے شہر ڈیلس اور اس کے آس پاس کے رہائشی متعدد افراد نے ان روشنیوں کو دیکھا اور اس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔

    ان ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 4 روشنیاں ایک مخصوص ترتیب سے حرکت کرتی ہوئی آگے بڑھ رہی ہیں، بعد ازاں چاروں روشنیاں الگ الگ ہوتی ہیں اور پھر آسمان میں گم ہوجاتی ہیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک خاتون نے اس کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ روشنیاں دیکھ کر ڈر نہیں لگا بلکہ یہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں جنہوں نے انہیں مسحور کردیا۔

    ایک صارف نے لکھا کہ ان روشنیوں کو دیکھ کر انہیں پہلا خیال ہی اڑن طشتریوں اور خلائی مخلوق کا آیا، انہوں نے کہا کہ وہ خلائی مخلوق کے زمین پر آنے کو بالکل ناپسند نہیں کریں گے لیکن خلائی مخلوق کو یاد رکھنا چاہیئے کہ اگر وہ امریکا میں اترے تو ہم پہلے ان پر حملہ کردیں گے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ روشنیوں کو کم ازکم 8 مختلف مقامات سے رپورٹ کیا گیا۔ تاحال ان روشنیوں کے بارے میں کسی جانب سے کوئی وضاحت نہیں آئی۔