Tag: Mysterious murder

  • کراچی میں ہونے والا ایک پراسرار قتل ’آنٹی‘ نامی خاتون کی تلاش

    کراچی میں ہونے والا ایک پراسرار قتل ’آنٹی‘ نامی خاتون کی تلاش

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ہونے والے ایک پراسرار قتل کے سلسلے میں ’آنٹی‘ نامی خاتون کی تلاش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 میں ایک گھر سے 50 سالہ خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ مقتولہ کی لاش اسپتال منتقل کی گئی ہے، اور اس کی شناخت رضیہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق رضیہ نامی خاتون کو سر اور جسم پر وزنی چیز کے وار کر کے مارا گیا تھا۔

    پولیس حکام نے ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ مقتولہ رضیہ غیر شادی شدہ اور گھر کے گراؤنڈ فلور پر اکیلی رہتی تھی، ابتدائی معلومات کے مطابق اسی گھر میں پنجابی آنٹی کے نام سے ایک خاتون بھی رہتی تھی۔

    پولیس حکام کے مطابق اس واقعے کے بعد سے ’آنٹی‘ غائب ہے، جس کے نام اور پتے کے بارے میں کسی کو معلوم نہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ جائیداد تنازعے کا کیس بھی ہو سکتا ہے۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق مقتولہ کو سر پر بلاک مار کر قتل کیا گیا تھا، جو کہ جائے وقوعہ سے پولیس کو مل گیا ہے، پولیس حکام نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ نے موقع واردات پر پہنچ کر شواہد بھی جمع کر لیے ہیں۔

  • دو سعودی خواتین کا پراسرار قتل : خوف وہراس پھیل گیا

    دو سعودی خواتین کا پراسرار قتل : خوف وہراس پھیل گیا

    سڈنی : آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں سعودی عرب کے قونصلیٹ نے اپنی رہائش پرمردہ پائی جانے والی دو سعودی خواتین کی موت کی تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔

    مرنے والی سعودی خواتین کی شناخت اور موت کے اسباب کے حوالے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

    سعودی قونصلیٹ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا ہے کہ آسٹریلیا کی وزارت خارجہ و تجارت اور سڈنی پولیس نے ایک رپورٹ میں اپنی رہائش پر دو سعودی خواتین کی موت کے حوالے سے قونصلیٹ کو آگاہ کیا ہے۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سڈنی میں سعودی قونصلیٹ نے ملک کی قیادت کی ہدایت کے مطابق فوری طور پر آسٹریلیا کے متعلقہ اداروں سے رابطے کرکے افسوسناک واقعے کے اسباب جاننے کی کوشش کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام سے درخواست کی گئی کہ پہلی فرصت میں سعودی خواتین کی موت کے اسباب کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیا جائے۔

    آسٹریلیا میں سعودی قونصلیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آسٹریلیا کے متعلقہ حکام کے ساتھ سعودی خواتین کی موت کے معاملے کے حقائق جاننے کے لیے رابطے میں رہیں گے۔

    سعودی قونصلیٹ نے سعودی خواتین کی موت پر ان کے خاندان سے رنج و ملال اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔