Tag: NA 122

  • الیکشن کمیشن نے این اے 122، پی پی 147 اور این اے144 کے غیرحتمی نتائج جاری کردیے

    الیکشن کمیشن نے این اے 122، پی پی 147 اور این اے144 کے غیرحتمی نتائج جاری کردیے

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نےاین اے ایک سو بائیس لاہور ،ایک سو چوالیس اوکاڑہ اور پی پی ایک سو سینتالیس کے غیر حتمی نتیجے کا اعلان کر دیا۔

    ریٹرننگ افسرزاہداقبال نے این اےایک سوبائیس میں مسلم لیگ ن، پی پی ایک سوسینتالیس میں تحریک انصاف اور این اے ایک سو چوالیس میں آزاد امیدوار کی کامیابی کا اعلان کیا۔

    ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ انتخابات شفاف طریقے سے ہوئے، این اے ایک سو بائیس لاہور میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد تین لاکھ سینتالیس ہزارسات سو باسٹھ ہے، ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ انچاس ہزارآٹھ سو پچاسی ہے، ان میں سے ایک لاکھ اڑتالیس ہزار ستائیس ووٹ درست قرار پائے۔

    غیرحتمی نتائج کےمطابق ن لیگ کے ایازصادق چوہتر ہزار پانچ سو پچیس ووٹ لیکر کر کامیاب ٹہرے، تحریک انصاف کےعلیم خان باہتر ہزار بیاسی ووٹ لیکر دوسرےنمبر پر رہے۔

    پنجاب اسمبلی کے حلقہ ایک سو سینتالیس میں پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی نےاکتیس ہزارنو سو چونسٹھ ووٹ حاصل کرکے ن لیگ کے محسن لطیف کو شکست دی۔ محسن لطیف اٹھائیس ہزار سات سو دو ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، ایک ہزار پینسٹھ ووٹ مسترد ہوئے۔

    این اےایک سوچوالیس اوکاڑہ میں آزاد امیدوار ریاض الحق نے پچاسی ہزارسات سو چودہ ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوئے ، ن لیگ کےعلی عارف چوہدری پینتالیس ہزارسات سو ننانوے ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے.

  • ضمنی انتخابات: نتائج کی فوجی نگرانی میں ترسیل کا فیصلہ

    ضمنی انتخابات: نتائج کی فوجی نگرانی میں ترسیل کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں آج ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج کی ترسیل فوج کی نگرانی میں کرانے کافیصلہ کیا ہے۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب نے پولنگ ختم ہونے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا کوبتایا کہ نتائج میں تبدیلی کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پنجاب ضمنی انتخاب کیلئے ریٹرننگ افسران دوسرے صوبوں سے لئے گئےجو کہ الیکشن کمیشن کے اپنے افسران ہیں۔

    ان کا یہ بھی کہناتھا کہ انتخابی عمل پرامن رہا، جس کو یقینی بنانے کے لئے تقریبا سات ہزارفوجی اورآٹھ ہزارپولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔

    انتخابی عمل کے دوران معمولی نوعیت کی صرف پینتس شکایات موصول ہوئیں ہیں۔

    ایک سوال پر سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان کاخط انھیں موصول ہوگیا ہے جس پرقانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    انھوں نے کہا کہ عمران خان کی ویڈیوریکارڈنگ پرالیکشن کمیشن نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔

  • این اے 122 : ماہر نجوم نے ایاز صادق کی جیت کی پیش گوئی کردی

    این اے 122 : ماہر نجوم نے ایاز صادق کی جیت کی پیش گوئی کردی

    لاہور : ماہرعلم نجوم اے ایس چوہدری عرف ماموں نے این اے 122 میں سردار ایاز صادق کی جیت کے امکان کو ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے ایک سوبائیس کے ضمنی انتخاب میں جہاں نواز لیگ کے سردار ایاز صادق اور پی ٹی آئی کے علیم خان کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

    ماہرنجوم اے ایس چوہدری عرف ماموں نے ستاروں کی چال دیکھ کر ایاز صادق کو فیورٹ قراردیا ہے۔ اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر متوالے ایاز صادق اور کھلاڑی علیم خان کے جیت کی پیشگوئی کررہے ہیں۔

    حلقے میں پی ٹی آئی اور ن لیگ میں کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، جبکہ ماموں کا کہنا ہے کہ ستارے تو ایاز صادق کے حق میں ہیں، لیکن کیا پتہ کب ستاروں کا موڈ تبدیل ہو جائے۔

    دوسری جانب سوشل میڈیا پر ٹیوٹر اور فیس بک پر دونوں جماعتوں کے حامی اپنے اپنے امیدواروں کے جیتنے کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

    ایک منچلے نے ٹوئٹ کیا کہ ووٹ فار نیا پاکستان ۔ ووٹ فار علیم خان۔ اس جواب میں ٹوئٹ آیا کہ ایاز صادق ہی جیت کے اصل حقدارہیں ۔

    اب دیکھنا یہ ہے کہ وقت کیا فیصلہ کرتا ہے، اس بڑے معرکہ میں کس کے سر جیت کا تاج ہوگا اور کون شکست سے دوچار ہوگا۔

  • بھارتی شہری کل تک بھارت روانہ ہوجائیں گے، سعد رفیق

    بھارتی شہری کل تک بھارت روانہ ہوجائیں گے، سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوےخواجہ سعد رفیق نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اورسمجھوتہ ایکسپریس کے ذریعے بھارت نہ جا پانے والے مسافروں سے ملاقات کی۔

    لاہور ریلوے اسٹیشن پر رکنے والے بھارتی شہریوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بیس بھارتی اور بیس پاکستانی شہری بھارت نہ جا پانےکے باعث لاہور ریلوے اسٹیشن پر موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کو اپنے شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے اقدامات کرنے چاہیں ہم نے بھارتی شہریوں کو یہاں برادرانہ جذبے کے تحت رکھا ہواہےاور انہیں علاج معالجے کی تمام سہولیات میسر ہیں۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہامید ہے کہ بھارتی شہری کل تک بھارت روانہ ہوجائیں گےسمجھوتہ ٹرین آپریشن معطل ہونے کا فیصلہ وزارت داخلہ کی سطح پر ہوگا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نےاس موقع پر ریلوے اسٹیشن پر موجود گاڑیوں کے کچن کا بھی جائزہ لیا۔

  • ضمنی انتخابات کل ہونگے، فوج کی زیرنگرانی انتخابی سامان کی ترسیل

    ضمنی انتخابات کل ہونگے، فوج کی زیرنگرانی انتخابی سامان کی ترسیل

    لاہور : حلقہ این اے 122 اور پی پی 147 میں ضمنی انتخاب کا معرکہ کل ہو گا،اتوار کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے فوج کی نگرانی میں انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔

    این اے ایک سو بائیس سےچار سیاسی جماعتوں کے بارہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔پی پی ایک سو سینتالیس کے معرکےمیں بھی گیارہ امیدوارممبر اسمبلی بننے کے خواہشمند ہیں،دونوں نشستوں پر نون اور جنون کے درمیان سخت اور کانٹے کا مقابلہ ہو گا۔

    حلقہ این اے 122 میں کپتان نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو کلین بولڈ کر کے ضمنی انتخاب کی راہ ہموار کی۔ الیکشن میں مسلم لیگ نون نے اپنے اسی گھوڑے پر ٹھپہ لگایا تو کپتان اپنے گیارہویں کھلاڑی عبدالعلیم خان کو میدان میں لے آئے۔

    حلقے میں انتخابی سامان کی ترسیل کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، فوج ، پولیس اورپولنگ سٹاف خزانہ گیٹ ہائی اسکول پہنچ گیاہے جہاں ان کی حاضری مکمل کرنے کے بعد انتخابی سامان کی ترسیل کی جائے گی، جبکہ اس موقع پرسیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    اسکول کی عمارت کو چاروں اطراف سے خاردار تار لگا کر بند کردیا گیا ہے۔ سامان کی ترسیل کے دوران پاک فوج کے جوان اور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہوگی ۔

    پولنگ کے وقت پولنگ سٹیشنز کے اندراور باہر بھی پاک فوج اور پنجاب پولیس کے جوان تعینات ہونگے اور انتخابی نتائج آنے تک پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز پر تعینات رہیں گے۔

    ضمنی الیکشن کے معرکے میں پیپلز پارٹی کے بیرسٹر عامر حسن بھی قسمت آزمائی کر رہے ہیں جبکہ کئی اور امیدوار بھی اس نشست سے فتح مند ہونے کے خواہاں ہیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ یہاں مقابلہ نون اور جنون کے درمیان ہو گا۔

    این اے 122 میں 284 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جبکہ 3 لاکھ 47 ہزار 762 رجسٹرڈ ووٹرز نواز شریف کے سردار اور عمران کے خان کی قسمت کا فیصلہ کرینگے۔

    پولنگ کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور فوج کی نگرانی میں پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔

  • این اے 122:عمران خان میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں، حمزہ شہباز

    این اے 122:عمران خان میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں، حمزہ شہباز

    لاہور: مسلم لیگ ن نے این اے 122 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سمن آباد میں آخری جلسے کا انعقاد کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان ایاز صادق کے مقابلے میں میدان چھوڑ کربھاگ گئے ہیں۔

    پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 122 کے علاقے سمن آباد کے ڈونگی گراوٗنڈ میں آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا جلسے سے خواجہ سعد رفیق، ایازصادق اور حمزہ شہباز نے خطاب کیا۔

    حمزہ شہبازکا خطاب


    پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز کا کہنا ہے ایازصادق دوبارہ میدان میں اترے ہیں لیکن عمران خان میدان چھوڑکربھاگ گئے، ایاز صادق کی نگاہیں عمران خان کو ڈھونڈ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ این اے 122 کےمعرکے میں جذبے کی جیت اورقبضے کی ہارہوگی۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب ججز کی بحالی کے لئے نکلے توان کے والد نواز شریف کی جان کو شدید خطرات لاحق تھے لیکن وہ میدان چھوڑ کرنہیں گئے، اس وقت عمران خان کہاں غائب تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی جاری ہے جبکہ عمران خان پاکستان میں طالبان کا دفتر کھلواناچاہتے تھے، عمران خان ان ماوٰٗں کو کیا جواب دیں گے جن کے بچے مارے گئے۔

    حمزہ شہباز نے انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویزمشرف نے آٹھ سال تفتیش کے بعد انہیں بلا کرکہا کہ نیب میاں برادران کے خلاف کرپشن کا کوئی کیس ثابت نہیں کرپائی۔

    حانہوں نے کہا کہ عمران خان شہر بند کراتے ہیں دھرنے دیتے ہیں جبکہ نواز شریف کراچی میں امن قائم کررہے ہیں۔

    ایازصادق کاخطاب


    حلقہ این اے 122میں مسلم لیگ ن کے امیدوارسابق اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے مسلم لیگ ن کے حامیوں سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ این اے 122 نہیں بلکہ وزیراعظم نہ بن پانا ہے۔

    سردارایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے عوام اب عمران خان کے جھوٹے جھانسوں میں نہیں آئیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کی کوششوں سے آج ملک میں امن قائم ہورہا ہے جوعمران خان کو پسند نہیں آرہا۔

    سعد رفیق کا خطاب


    مسلم لیگ ن کے رہنماء اوروزیرِریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کوئی مائی کا لعل ’’شیر‘‘ کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنا چھوڑدیں اوراب بڑے ہو جائیں۔

    سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، یہ کیسے لیڈر ہیں جو ملک کی خوشحالی کے آگے دھرنا شروع کردیتے ہیں

  • این اے 122 : نواز شریف صرف دھاندلی کرسکتے ہیں، عمران خان

    این اے 122 : نواز شریف صرف دھاندلی کرسکتے ہیں، عمران خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف آج این اے 122 کی انتخابی مہم کا آخری جلسہ کررہی ہے جس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف صرف دھاندلی کرسکتے ہیں۔

    تحریک انصاف نے آج لاہورکے علاقے مزنگ میں اپنی سیاسی طاقت کا اظہارکیا اس موقع پرپارٹی کارکنان کی کثیرتعداد موجود تھی۔

    مزنگ کے علاقے قرطبہ چوک پرانتخابی جلسے میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے علاوہ شاہ محمود قریشی، جہانگیرترین، چوہدری سروراورعلیم خان موجود ہیں۔

    این اے 122 کی نشست پر ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن کی جانب سے ایازصادق کے انتخاب کوکالعدم قراردینے پر ہورہے ہیں۔

    عمران خان کا خطاب


    تحریک انصاف کے سربراہ نے زندہ دلانِ لاہور سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جنون ہے جس کا مقابلہ ایک ایسی جماعت سے ہے جس کا سورج غروب ہورہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب پولیس مسلم لیگ ن کاعسکری ونگ ہے جسے وہ سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرتی ہے۔

    انہوں نے این اے 122 کے امیدوارعلیم خان کو خراجِ تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے لاہورمیں تحریک انصاف کا منشورعام کرنے میں دن رات محنت کی۔

    عمران خان نے لاہور کے شہریوں سے کہاکہ وہ این اے 122 میں مسلم لیگ ن کو ہر صورت دھاندلی سے روکیں کیوں کہ حکمران جماعت دھاندلی کے بغیرنہیں جیت سکتی۔

    انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر وہ واقعی شیر ہیں تو گیدڑوں کے پیچھے چھپتے کیوں ہیں اگر ہمت ہے تو سامنے آکر مقابلہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ غدار وہ ہوتا ہےجو ملک کی دولت لوٹ کر باہر لے جائے میں نے 18 سال باہرکما کرپاکستان میں رقم لایا اور نواز شریف پاکستان کی دولت لوٹ کر باہر لے گئے۔

    تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ نواز شریف نے اسامہ بن لادن سے بیسے لئے جس کااعتراف خالد خواجہ نے عدالت میں کیا۔

    عمران خان نے یہ بھی کہا کہ برا وقت آنے پر جدہ نہیں جاوٗں گا، شیخ رشید گواہ ہیں کہ نواز شریف خلیجی ممالک سے پیسے لیتے رہے ہیں۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب پولیس آج کرپٹ ترین ادارہ ہے ہم اقتدار میں آئیں گے تو اسی پولیس کی حالت سدھاریں گے ، اہلکاروں کی تنخواہیں بڑھائیں گے اور مناسب ٹریننگ دیں گے کہ ماڈل ٹاوٗن جیسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔

    علیم خان کا خطاب


    این اے 122 سے تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت مسلم لیگ ن کولاہور کی گلیوں میں لے آئی ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کس نے اسپیکر شپ کے مزے لئے اور کون عوام کے ساتھ رہا۔

    شاہ محمود قریشی کا خطاب


    تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 کا الیکشن عوام کی کچہری ہے جس میں فیصلہ ہونا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے انتخابی مہم آگے بڑھی مسلم لیگ ن کا گراف گرتا گیا۔

    شیخ رشید کا خطاب


    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایازصادق نے دو سال اسمبلی

    میں میرا مائیک بند رکھا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ علیم خان کا مقابلہ سرکاری اداروں سے ہے 11 اکتوبرکوعوام ایازصادق کو مسترد کردیں گے۔

    انہوں نے پرویز رشید سمیت مسلم لیگ ن کے رہنماوٗں کو مخاطب کرکے کہا کہ عنقریب عمران خان سب کا احتساب کرے گا۔

    انہوں نے نواز شریف امریکہ جارہے ہیں لیکن ان کے پیچھے کوئی اور بھی امریکہ جارہا ہے۔

    انہوں نے اہلیانِ لاہور کو مخاطب کرکے کہا کہ میں واحد سیاستدان ہوں جو کہ اپنی لاش کندھے پرڈالے گھومتا ہے۔

  • لیگی کارکن گلو بٹ کا بھائی گلہ بٹ بھی میدان میں آگیا

    لیگی کارکن گلو بٹ کا بھائی گلہ بٹ بھی میدان میں آگیا

    لاہور : نواز لیگ کے جلسے میں گلو بٹ کا بھائی گلہ بٹ بھی میدان میں آگیا۔ مونچھوں کا تاؤ دیتا اسٹائل مارتا گلہ بٹ توجہ کا مرکزبنا ہوا ہے،۔

    این اے ایک سو بائیس کے حلقے میں انتخابی مہم کے دوران آنکھوں پر سیاہ چشمہ لگائے اور ہاتھ میں ڈنڈا لئے امونچھوں کو تاؤ دینے والا گلو بٹ کا بھائی گلہ بٹ میدان میں آگیا۔

    جلسہ گاہ میں ہاتھ میں پاکستانی پرچم لئے ہوئےسیلوٹ مارتا ، مونچھوں کا تاؤ دیتا اور اسٹائل میں تصویریں کھنچواتا گلہ بٹ لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

    گلو بٹ کا بھائی گلہ بٹ اپنے قائد کو سپورٹ کرنے کیلئے گرین ٹی شرٹ زیب تن کئے ہوئے جلسہ گاہ میں کارکنوں کا جوش بڑھاتاہے۔

    گلہ بٹ کا کہنا تھا کہ مونچھیں اس لئے نہیں رکھیں کہ بدمعاشی کروں اور ہاتھ میں جو ڈنڈا پکڑا ہے اس پر امن کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ گلہ بٹ کا مزید کہنا تھا کہ وہ امن پسند شہری ہے اور قانون کا احترام کرتا ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل ماڈل ٹاؤن سانحہ کے موقع پر گلو بٹ نامی شخص کو میڈیا میں وہاں کھڑی گاڑیوں پر ڈنڈے برساتے اور ان کے شیشے توڑتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    جسے بعد ازاں عدالت سے قید کی سزا بھی سنائی گئی تھی، گلو بٹ کی اب ضمانت منظور ہوچکی ہے۔

  • این اے 122،جماعت اسلامی کا تحریک انصاف کی واضح حمایت کا اعلان

    این اے 122،جماعت اسلامی کا تحریک انصاف کی واضح حمایت کا اعلان

    لاہور:‌جماعت اسلامی نے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی واضح حمایت کا اعلان کردیا ہے.

    جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی گیارہ اکتوبر کو تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کرے گی.

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں مقصود کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کی حمایت کا فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی شوری نے کیا ہے اور علیم خان کی حمایت پر جماعت اسلامی میں کوئی اختلاف نہیں.

    ان کا کہنا تھا کہ علیم خان کی حمایت نہ کرنے کی افواہیں ووٹ لینے کی ناکام کوشش ہیں، سردار ایاز صادق وضاحت کریں کہ جماعت اسلامی کے کس ذمہ دار نے ان کی حمایت کی ہے۔

    میاں مقصود نے کہا کہ سیاست میں جھوٹی افواہیں یا غلط بیانی نہیں ہونی چاہیے.

  • این اے 122:  انتخابی مہم آج رات ختم ہوجائے گی

    این اے 122: انتخابی مہم آج رات ختم ہوجائے گی

    لاہور : لاہور کے اہم حلقے این اے 122 میں انتخابی مہم کا وقت آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے حلقہ این ایک سو بائیس کی سیٹ صرف سیٹ نہیں بلکہ دونوں جماعتوں کا سیاسی امتحان بھی ہے۔

    این اے ایک سو بائیس کے بڑے معرکے کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی۔

    تحریک انصاف آج قرطبہ چوک میں آخری جلسے کامیدان سجا رہی ہے۔ تو نون لیگ بھی آج ڈونگی گراؤنڈ میں اپنا پورا زور دکھارہی ہے۔

    سیاسی پارہ بھی اپنی بلندیوں کو چھو رہا ہے، حلقے کےگلی کوچوں میں میلےکاسا سماں ہے۔ن لیگ کے رہنما کارکنوں کا خون گرما رہے ہیں ۔

    پی ٹی آئی کے حامیوں کا جوش بھی کسی سے کم نہیں۔ کپتان بھی کھلاڑیوں کےساتھ میدان میں ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی گڑھی شاہومیں انٹری دے کر اپنی موجودگی کا احساس جگایا ہے۔

    اب کون رستم لاہور بنےگا اس کا فیصلہ گیارہ اکتوبر کی شام کو ہوگا۔ لیکن صرف این اے ایک سو بائیس ہی نہیں پورے لاہورکا سیاسی درجہ حرارت عروج پرپہنچ گیا ہے۔

    علاوہ ازیں این اے ایک سو بائیس کے ضمنی انتخابات میں پاک فوج کے تین ہزار سے زائد جوان انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق پاک فوج کے جوان کل شام پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ جائیں گے اور پولنگ کے روز ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات ہوگی تاکہ انتخابی عمل کو شفاف بنایا جاسکے۔

    پولنگ کے دوران فوج تعینات کرنے کا مطالبہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا تھا۔ جبکہ ضمنی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپوائی بھی فوج کی نگرانی میں کی گئی تھی۔