Tag: NA-127

  • NA-127 لاہور سے ن لیگ کے عطا تارڑ کامیاب

    NA-127 لاہور سے ن لیگ کے عطا تارڑ کامیاب

    ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ساتھ ہی غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ برقرار ہے۔

    غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 127 لاہور سے مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ 98210 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے، جبکہ انڈیپنڈنٹ امیدوارملک ظہیر عباس نے 82230 ووٹ حاصل کئے۔ بلاول بھٹو زرداری 15005ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے۔

    ق لیگ کے چوہدری سالک حسین نے گجرات سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر پرویز الہٰی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کو شکست دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین نے گجرات سے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 پر اپنے ماموں اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو شکست دے دی ہے جب کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 سے پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کو بھی ہرا دیا ہے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 گجرات سے ق لیگ کے چوہدری سالک حسین ایک لاکھ 5 ہزار 205 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جب کہ ان کے مدمقابل پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار قیصرہ الہٰی 80 ہزار 946 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔

    NA-44 ڈی آئی خان پر بڑا اپ سیٹ، علی امین گنڈاپور نے فضل الرحمان کو ہرا دیا

    گجرات سے ہی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق چوہدری سالک حسین نے 55 ہزار 615 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر چوہدری پرویز الہیٰ نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے 44 ہزار 713 ووٹ حاصل کیے۔

  • پیپلز پارٹی کا این اے 127 میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ

    پیپلز پارٹی کا این اے 127 میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ

    لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے این اے 127 لاہور میں انتخابی دفتر پر حملے کی ایف آئی آر کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پی پی کے تین کارکنوں کو اغوا کیا، اس لیے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، اور الیکشن کے لیے نااہل کیا جائے۔

    انھوں نے کہا این اے127 میں عطا تارڑ کو اپنی شکست نظر آ گئی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف عطا تارڑ کو لگام ڈالیں، ووٹ کو عزت دو والے نوٹ کو عزت دے رہے تھے اور ان کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

    این اے 127 میں ووٹ خریدنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل

    انھوں ںے کہا ’’میں پوچھتی ہوں عطا تارڑ کو کیا ٹاسک ملا تھا، وہ ہمارے دفتر میں کس قانون کے تحت گھس آئے تھے، اس نے ہمارے تین لوگوں کو بھی وہاں سے اغوا کیا، اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

    پی پی رہنما علی بدر نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے دفتر میں توڑ پھوڑ کی گئی، سامان اٹھایا گیا، ن لیگ نے جو کچھ کیا اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، اس پر ایکشن نہیں ہوا تو کل کوئی بھی کسی کو بھی اٹھا کر لے جائے گا۔

  • این اے 127 میں ووٹ خریدنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل

    این اے 127 میں ووٹ خریدنے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل

    لاہور: پنجاب میں الیکشن 2024 کے لیے ووٹنگ کا دن قریب آتے ہی ووٹ کی خرید و فروخت شروع ہو گئی، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ووٹ خریدے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے انتخابی حلقے این اے 127 میں ووٹ خریدنے کی ایک فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ افراد ووٹ خرید رہے ہیں۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فی ووٹ 5 ہزار روپے میں خریدا جا رہا ہے، اور ووٹ خریدنے والوں کے پاس پانچ پانچ ہزار روپے کی گڈیاں ہیں، کئی افراد کو لائن میں لگ کر شناختی کارڈ جمع کراتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ لاہور کے حلقے این اے 127 سے مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری عطا اللہ تارڑ انتخاب لڑ رہے ہیں، جب کہ ان کے مقابل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود لڑ رہے ہیں، عطا اللہ تارڑ نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی پر حلقے میں ووٹ خریدنے کا الزام بھی لگایا تھا، اسی طرح ن لیگ پر بھی ووٹ خریدنے کے الزامات ہیں۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعت کی طرف سے ووٹوں کی مبینہ خرید و فروخت کا بھی نوٹس لے لیا ہے۔

  • مریم نواز کی سزا، حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر

    مریم نواز کی سزا، حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی سزا کے بعد حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی، جس میں کہا گیا کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کے ساتھ امتیازی سلوک برتا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں ایوان فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سزا ہونے کے بعد حلقہ این اے 127 کا الیکشن ملتوی کرنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست حلقہ این اے 127 کے ووٹر عمران بٹ کی جانب سے دائر کی گئی۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حنیف عباسی کو سزا کے بعد حلقہ این اے 60 سے الیکشن ملتوی کر دیئے ہیں۔ مریم نواز کو بھی سزا ہوئی مگر ان کے حلقہ کا الیکشن ملتوی نہیں کیا گیا۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے تحت تمام شہری برابر ہیں مگر الیکشن کمیشن نے مریم نواز کے ساتھ امتیازی سلوک برتا، عدالت این اے 60 کی طرح این اے 127 میں بھی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم دے۔


    مزید پڑھیں : ایفی ڈرین کوٹہ کیس، حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا


    یاد رہے کہ انسداد منشیات عدالت نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور امیدوار حنیف عباسی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

    ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی راولپنڈی این اے 60 سے الیکشن لڑ رہے تھے ، جہاں ان کا مقابلہ شیخ رشید سے تھا۔

    حنیف عباسی کی عمر قید کی سزا کے بعد الیکشن کمیشن نے این 60 پر انتخابات ملتوی کردیئے تھے اور کہا تھا کہ تمام جماعتوں کویکساں موقع دینا چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت نے رواں ماہ 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو 11، مریم نوازکو 8 اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔