Tag: NA 154 lodhran

  • ضمنی الیکشن لودھراں، مسلم لیگ (ن) فاتح، علی ترین ہار گئے

    ضمنی الیکشن لودھراں، مسلم لیگ (ن) فاتح، علی ترین ہار گئے

    لودھراں : جہانگیرترین کی نا اہلی کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست 154 لودھراں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں شیر نے بَلے کو پچھاڑ دیا جب کہ تیر فضا میں اُڑان بھرنے سے پہلے ہی زمین بوس ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے تحت مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پیراقبال شاہ ایک لاکھ 16 ہزار 590 ووٹ لے کر تحریک انصاف کی جیت لے اُڑے ہیں جب کہ تحریک انصاف کے علی ترین 91 ہزار 230 ووٹ ہی لے سکے.

    خیال رہے یہ نشست پی ٹی آئی کے سابق رکن قومی اسمبلی جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی جس کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے علی ترین، مسلم لیگ ن کے پیرسید اقبال شاہ، پیپلزپارٹی کے مرزا محمد علی بیگ اور ملک اظہر سندیلہ سمیت 10 امیدوار مدمقابل تھے۔

    ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے نوعمر علی خان ترین جو کہ جہانگیر ترین کے صاحبزادے بھی ہیں نے مسلم لیگ ن کے  سنیئر اور منجھے ہوئے امیدوار پیرسید اقبال شاہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا  اور حکومتی مشینری کو شکست دینے کے لیے کارکنان کو متحرک کیا اور سیاست میں نو وارد نوجوان علی ترین تجربہ کار سیاست دانوں کے مقابلے میں 91 ہزار سے زائد ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد مرکزی دفتر پر جمع ہو گئی اور ڈھول کی تھاپ و پارٹی ترانوں پر رقص کرکے اپنے خوشی کا اظہار کیا، اس موقع پر مٹھائی بھی تقسیم کی گئی جب کہ کچھ کارکنان نے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔

    ضمنی الیکشن کے لیے این اے 154 میں 4 لاکھ 31 ہزار ووٹرز رجسٹرڈ تھے جن کے لیے 338 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 6 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا، ضمنی الیکشن میں پولنگ کا عمل شفاف رکھنے کے لیے پولیس کے 2 ہزار اور پاک فوج کے جوانوں نے سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں۔


    جہانگیر ترین نا اہل قرار


    خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 15 دسمبر کو مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر جہانگیر ترین کو آف شور کمپنی اور اس کے اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دیا تھا۔


     خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لودھراں الیکشن :  جہانگیر ترین نے صدیق بلوچ کوشکست دے دی

    لودھراں الیکشن : جہانگیر ترین نے صدیق بلوچ کوشکست دے دی

    لودھراں : پاکستان تحریک انصاف کا کھلاڑی لودھراں کے ضمنی الیکش میں بازی لے گیا۔ ن لیگ کا شیرپیچھے رہ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی کو موصول غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 154 میں تحریک انصاف کے جہانگیرترین کو نون لیگ کےصدیق بلوچ پرواضح برتری مل گئی ہے۔

    لودھراں کے تمام پولنگ اسٹیشنزکےغیرحتمی غیر سرکاری نتائج  کے مطابق پی ٹی آئی کےجہانگیرترین1،13،480ووٹ لےکر جیت گئے ہیں جبکہ ن لیگ کےامیدوارصدیق بلوچ 72،110ووٹ لےکر شکست کھا گئے ہیں ۔

    لودھراں میں ضمنی انتخاب کے ضمن میں گھمسان کا رن پڑا۔ لودھراں شہر میں پی ٹی آئی کے حامی جشن منارہے ہیں۔

    علاوہ ازیں تحریک انصاف کے جہانگیرترین نے آج کے انتخابات کو قابل اطمینان قرار دیا ہے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پولنگ کے دن دھاندلی نہیں ہوئی لیکن پری پول دھاندلی ضرور ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک نتائج حوصلہ افزا ہیں، فوج کی تعیناتی سے کافی فرق پڑا، لیکن الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کرانے میں ناکام رہا ہے۔

  • این اے154کے ضمنی انتخاب، پاکستان تحریک انصاف کا فوج تعینات کرنے کا مطالبہ

    این اے154کے ضمنی انتخاب، پاکستان تحریک انصاف کا فوج تعینات کرنے کا مطالبہ

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کولکھے گئے خط میں این اے ایک سوچون لودھراں کے ضمنی انتخاب میں فوج تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا ہے، تئیس دسمبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئے تئیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔

    الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا ہے این ایک سوبائیس کے ضمنی انتخاب کی طرح این اے ایک سو چون کے ضمنی انتخاب میں بھی فوج تعینات کی جائے، پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو اس بارے میں تحریری درخواست بھی جمع کرادی۔

    جہانگیرترین کا کہنا ہے کہ لودھراں کا ضمنی انتخاب بھی فوج کی نگرانی میں ہونا چاہئیے، این اے ایک سوبائیس کا ضمنی انتخاب بھی فوج کی زیرنگرانی میں ہوا تھا، لودھراں کے ضمنی انتخاب کے لئے تئیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادئیے۔

    سپریم کورٹ نے لودھراں کے انتخاب کو کالعدم قراردیتے ہوئے دوبارہ انتخاب کرانے کا حکم دیا تھا۔ حکم ن لیگ کے صدیق بلوچ کی نااہلی قراردئیے جانے کے خلاف دائردرخواست پردیا گیا تھا۔

    لودھراں میں ضمنی انتخاب تئیس دسمبر کو ہوگا۔

  • سپریم کورٹ نے این اے 154میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا

    سپریم کورٹ نے این اے 154میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا

    اسلام آباد : عدالت نے این اے 154 لودھراں میں دوبارہ الیکشن کرانے کاحکم دے دیا، صدیق بلوچ کی نااہلی سے متعلق عدالت کا سابقہ فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے این اے 154میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیتے ہوئے صدیق بلوچ کی تاحیات نااہلی کا حکم کالعدم قراردیدیا ہے۔

    سپریم کورٹ میں این اے 154کی انتخابی عذرداری پر الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نواز لیگ کا الیکشن میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، چاہے مقابلے میں صدیق بلوچ ہوں یا ان کا بیٹا ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ جو شخص حروف تہجی نہیں پڑھ سکتا وہ بی اے پاس کیسے ہوسکتاہے۔ اس موقع پر صدیق بلوچ نے کہا کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ دونوں الزامات سے باعزت بری ہوا ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر میری ڈگری جعلی نکلی تو سیاست ہی چھوڑ دوں گا۔